دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

29فروری2020:ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

ڈیرہ اسماعیل خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

گومل یونیورسٹی جنسی سکنڈل ،ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ کے کیفے ٹیریا میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان

گومل یونیورسٹی جنسی سکینڈل کے خلاف ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ کے کیفے ٹیریا میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیاگیا جس میں جماعت اسلامی ،پاکستان پیپلز پارٹی ،مسلم لیگ (ن) مسلم لیگ (ق)، عوامی نیشنل پارٹی ،پیپلز لائرز فورم ،ایم کیو ایم ،خاکسار تحریک ،

مرکزی انجمن تاجران ،تاجراتحاد ، یونیورسٹی کے طلباء،وکلاءاور صحافتی تنظیموں کے علاوہ سول سوسائٹی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی،اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنما زاہد محب اللہ ایڈووکیٹ ،عمر خان میانخیل ایڈووکیٹ ،قیضار خان میانخیل ایڈووکیٹ ،عمر خطاب شیرانی ایڈووکیٹ ،

روشن ضمیر لغاری ایڈووکیٹ ،شہاب خان ایڈووکیٹ ،عبدالقیوم قریشی ایڈووکیٹ ،شاہ فہد انصاری ایڈووکیٹ ، عدنان خان ایڈووکیٹ داوڑ کنڈی ،سہیل اعظمی ،محمد نواز خان ،اللہ ڈتہ ساجد ،ہیبت اللہ صدیقی ،شاہد الیاس مروت ،محمد اصغر چوہدری ، ابو معظم ترابی ،زبیر شاہین ،زبیر بلوچ اور وکلاءسمیت دیگر شرکاءموجود تھے ۔

آل پارٹی کانفرنس سے خطاب کے دوران مقررین نے کہا کہ گومل یونیورسٹی کے پروفیسر صلاح الدین جنسی سکینڈل کے واقعہ نے گومل یونیورسٹی اور ڈیرہ شہر کی بدنامی کوئی کسر نہیں چھوڑی ،اس کے لئے صرف گومل یونیوسٹی انتظامیہ ہی نہیں بلکہ ہم سب ذمہ دار ہیں ،

پروفیسر صلاح الدین کا واقعہ تو میڈیا کے ذریعے منظر عام پر آگیا لیکن بدقسمتی سے ایسے سینکڑوں کردار اورواقعات اب بھی گومل یونیورسٹی کے اندر موجود ہیں جنہیں بے نقاب کرکے یونیورسٹی کا پاک صاف کرنے کی اشد ضرورت ہے،

انہوںنے کہا کہ کرپٹ مافیا کو بے نقاب کرنے میں جو چشم پوشی اختیار کی گئی اس میںسابقہ وموجود گورنرزاور سیاسی عوامی نمائندے بھی برابر کے شریک ہیں ، نئے وائس چانسلر کے لئے انٹرویو ،ٹسٹ مکمل ہوکر نام شارٹ لسٹ ہونے کے باوجود گزشتہ چار ماہ سے نئے وائس چانسلر کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی جارہی

،موجودہ وائس چانسلر کے چار سال مکمل ہونے کے باوجود انہیں فارغ نہیں کیاگیا بلکہ ان کی مدت ملازمت میں مزید توسیع کردی گئی ،موجودہ وائس چانسلر ہی سارے کرپٹ مافیا کا سربراہ ہے۔ان کا کہناتھا کہ گورنر کے واضح احکامات کے باوجود پروفیسر صلاح الدین کو اہم تین عہدوں پر تعینات کیاگیا،

اب جب پانی سر سے گزر گیا اور ہمارے گھر ڈوب گئے تواب موجودہ گورنر جو کہ یونیورسٹی کے چانسلر ہیں کہہ رہے ہیںکہ جلد نیا وی سی آجائے گا ،

انہوںنے کہا کہ گومل یونیورسٹی صوبے کی دوسری بڑی یونیورسٹی ہے لیکن اس افسوسناک واقعہ سے پورے ڈیرہ کی بدنامی ہوئی ،عوامی نمائندوں ،بیورکریسی سمیت دیگر تمام اہم لوگوں نے حصہ وصول کیا اور خاموشی اختیار کیے رکھی۔

تھرڈ ڈویژن شخص کو رجسٹرار بنادیا گیا ،ہم حیران ہے ساری تحریکوں اور احتجاج کے باوجود اس کا کوئی بھی کچھ نہیں بناسکا ،پی ٹی آئی حکومت تبدیلی کے نام پر آئی ہے یہ تبدیلی ہے کہ ہماری ماﺅں بہنوں ،بیٹیوں کی عزت ہی محفوظ نہیں ،

ایک وقت تھا یہاں داخلہ نہیں ملتا تھا ، یہاں سے تعلیم حاصل کرنے والے لوگ بڑے بڑے عہدوں پر تعینات ہوئے ،اب یہاں کوئی داخلہ لینے کے لئے تیار نہیں ،نااہل کرپٹ لوگ جب یونیورسٹی کی اہم پوسٹوں پرتعینات ہوں گے تو یہ حال ہوگا،

گومل یونیورسٹی انتظامیہ کی ناقص پالیسیوں ،اقربا پروری اور من پسند افراد کو نوازنے کے لئے ادارے کے وقار کو داﺅ پر لگا دیا گیاہے،

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو متحد ہوناہوگا اور سب کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر یونیورسٹی کو بچانے کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھنی ہوگی ،ہم یونیورسٹی کو کرپٹ مافیا سے پاک کرنے تک چین سے ہرگز نہیں بیٹھیں گے اور ہر سطح پر صدائے احتجاج بلند کریں گے .


آل پارٹیز وفد کی وفاقی وزیر سے ملاقات ،ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی منگل کے روز اہم پریس کانفرنس

ڈیرہ اسماعیل خان

آل پارٹیز ڈیرہ اسماعیل خان کے وفد کی وفاقی وزیر علی امین خان گنڈہ پور کی رہائش گاہ میں ان سے ملاقات ،گومل یونیورسٹی جنسی سکنڈل پر اظہار افسوس ، یونیورسٹی سے کرپٹ مافیا کی فوری برطرفی اور نئے وائس چانسلر فوری تعیناتی کا مطالبہ ،وفاقی وزیر کی تمام مسائل کے جلد حل کی یقین دہانی ،

ہائی کورٹ بار ڈیرہ کی جانب سے منگل کے روز اہم پریس کانفرنس کا انعقاد ہوگا، گومل یونیورسٹی جنسی سکنڈل کے خلاف آل پارٹیز ڈیرہ کے وفد نے وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ،وفد میں جماعت اسلامی کے رہنما زاہد محب اللہ ایڈووکیٹ ،عمر خان میانخیل ایڈووکیٹ ،

قیضار خان میانخیل ایڈووکیٹ ،عمر خطاب شیرانی ایڈووکیٹ ،روشن ضمیر لغاری ایڈووکیٹ ،شہاب خان ایڈووکیٹ ،عبدالقیوم قریشی ایڈووکیٹ ،شاہ فہد انصاری ایڈووکیٹ ،سہیل اعظمی ،محمد نواز خان ،اللہ ڈتہ ساجد ،محمد اصغر چوہدری ، ابو معظم ترابی ،زبیر شاہین ،زبیر بلوچ اور دیگر شامل تھے ۔

شرکاءنے وفاقی وزیر کو بتایا کہ گومل یونیورسٹی کے موجودہ وائس چانسلر اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن حاجی دلنواز یونیورسٹی کی تباہی کے ذمہ دار ہیں ،یونیورسٹی کی تمام کرپٹ مافیا کو ان کی پشت پناہی اور آشیر باد حاصل ہے ،ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن سمیت دیگر اہم عہدوں پر تعینات افسران کے خلاف

گورنر کی جانب سے انکوائریز مکمل کرکے انہیں اپنے عہدوں سے ہٹانے کے احکامات پر عمل دآمدنہیں کیاگیا جس کی وجہ سے پروفیسر صلاح الدین جنسی سکنڈل جیسے انتہائی افسوسناک واقعات رونماہوتے رہیں گے

انہوںنے کہا کہ گومل یونیورسٹی جنوبی اضلاع کی قدیم اور عظیم علمی درسگاہ ہے جہاں پر ہماری ماﺅں بہنوں اور بیٹیوں کی عزت محفوظ نہیں جوکہ ہم سب کے لئے لمحہ فکریہ ہے ۔

اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران کے رہنما سہیل احمد اعظمی نے وفاقی وزیر کی توجہ مبذول کرتے ہوئے انہیں آگاہ کیا کہ جنوبی اضلاع کی ترقی کے سب سے اہم منصوبے سی پیک کو تاحال مکمل نہیں کیا جاسکاجس کے ثمرات سے ڈیرہ کے عوام مسلسل محروم ہورہے ہیں

جبکہ ڈیرہ اسماعیل میں بجلی کی لوڈشیڈنگ بھاری جرمانوں کا بھی کوئی سدباب نہیں ہوسکا جس کے لئے ڈیرہ سرکل کا قیام انتہائی ناگزیر ہوگیا ہے ،وفاقی وزیر علی امین خان گنڈہ پور نے آل پارٹیز کے وفد کو گومل یونیورسٹی میں جلد وائس چانسلر کی تعیناتی اور کرپٹ مافیا کی فوری برطرفی

سمیت سی پیک منصوبے کی جلد تعمیر اور ڈیرہ سرکل کے قیام کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا وہ ان مسائل سے غافل ہرگز نہیں ہے اور وہ اس سلسلے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرتے ہوئے عوام کو ہر گز مایوس نہیں کریں گے ۔

دوسری جانب گومل یونیورسٹی جنسی سکنڈل کے خلاف وکلاءبھی میدان میں آگئے ہیں ،ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ کی جانب سے ہائی کورٹ ڈیرہ میں منگل کے روز اہم پریس کانفرنس کا اعلان کردیاگیا ہے جس میں آل پارٹیز کمیٹی کے اراکین بھی موجود ہوں گے ۔


خاتون کے لئے شوہر کی جدائی کا تصور مشکل ،خودکشی کی کوشش

ڈیرہ اسماعیل خان

شوہر کی دوبئی جانے کی خواہش ،خاتون کے لئے شوہر کی جدائی کا تصور مشکل ، پچیس سالہ خاتون نے پسٹل کے فائر سے خودکشی کی کوشش کرتے ہوئے خود شدید زخمی کرلیا ،خاتون کو تشویشناک حالت میں ملتان ریفر کردیاگیا ،

ذرائع کے مطابق تھانہ صدر کی حدود علاقہ سگو میں پچیس سالہ خاتون (ش بی بی ) کے شوہر نے دوبئی جانے کی خواہش کا اظہار کیا لیکن منع کرنے کے باوجود اس کے شوہر کے نہ ماننے پر خاتون اپنے شوہر کی جدائی کا تصور برداشت نہ کرسکی اور گھر کے اندر موجود پسٹل کے فائر سے اپنی قیمتی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کرتے ہو ئے خود کو شدید زخمی کرلیا ،

خاتون کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں پر اس کی حالت انتہائی خطرناک ہونے کے باعث ملتان ریفر کردیاگیاہے۔

لواحقین کے مطابق خاتون کی دو سال قبل شادی ہوئی اور وہ ڈیڑھ سالہ بچے کی ماں ہے ،خاتون کا شوہر کام کے سلسلے میں دوبئی جانا چاہتا تھا لیکن خاتون کے اصرار کے باوجود شوہر کے راضی نہ ہونے پر اس نے خودکشی کی کوشش کرتے ہوئے فائرنگ سے خود کو زخمی کرلیا.


شدید بارش کے دوران مکان کی دیوار گر گئی

ڈیرہ اسماعیل خان

ڈیرہ اسماعیل خان میں شدید بارش کے دوران مکان کی دیوار گر گئی، نکاسی آب کے نالوں کی صفائی نہ ہونے سے گلیاں اور سڑکیں جھیل بن گئیں،متعدد علاقوں میں بجلی کے فیڈر ٹرپ کرگئے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شدید بارش کے دوران تھانہ صدر کے علاقہ چشمہ روڈ سی آر بی سی چوک پر واقع بے نظیر کالونی میں حبیب نامی شخص کے کچے مکان کی چھت گرنے سے اس کی بکری ملبے تلے دب کرہلاک ہوگئی۔

بارشوں کے حوالے سے محکمہ موسمیات کے الرٹس کے باوجود گزشتہ روز ہونے والی بارش نے واسااور ٹی ایم اے سمیت دیگر اداروں کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔ نکاسی آب کے نالوں کی صفائی نہ ہونے سے شہر کے چاروں بازاروں ، سرکلر روڈ، بنوں اڈا، نیو بنو چونگی، ڈیال روڈ ، درابن چونگی، ٹانک اڈا سمیت اکثر مقامات پر سڑکیں جھیل کا منظر پیش کرتی رہیں

جبکہ بارش کی بوندیں گرتے ہی کئی علاقوں میں بجلی گھنٹوں غائب رہی.


پڑوسی نے چاقوﺅ ں کے وار سے سولہ سالہ نوجوان کو قتل کردیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان

بچوں کی لڑائی پر قتل کی لرزہ خیز واردات ، پڑوسی نے چاقوﺅ ں کے وار سے سولہ سالہ نوجوان کو قتل کردیاگیا ، قاتل چاقو لہراتا ہوا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ،مقتول کی لاش پوسٹمارٹم کے بعدلواحقین کے سپرد کردی گئی ،پولیس نے مقتول کے بھائی کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا.

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود درابن چونگی کے قریب واقع الکرم سٹی میں بچوں کی لڑائی پر قتل کے ہولناک واقعہ میں سفاک قاتل نے مسجد کے باہر سولہ سالہ نوجوان عین اللہ ولد سردار خان سکنہ جنوبی وزیر ستان حال الکرم سٹی درابن چونگی کو چاقوﺅں کے پے در پے وار کرکے شدید زخمی کردیا اور چاقو لہراتا ہوا موقع سے فرارہوگیا,

نوجوان کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ ہسپتال پہنچنے سے پہلے راستے میں ہی جاں بحق ہوگیا ،

پولیس کے مطابق مقتول مسجد میں نماز پڑھ کو جونہی باہر نکلا تو وہاں مسجد کے باہر پہلے سے موجود ملزم جمشید گل ولد گل سلام قوم وزیر سکنہ الکرم سٹی نے چاقو سے اس پر حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا ،

وجہ عدوات بچوں پر لڑائی بتائی گئی ۔پولیس نے مقتول کے بھائی راقیب اللہ وزیر کی رپورٹ پر ملزم جمشید وزیر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔


منشیات فروش سے آدھا کلو سے زائد چرس، ہیروئن اور آئس برآمد

ڈیرہ اسماعیل خان

پولیس نے کاروائی کے دوران منشیات فروش سے آدھا کلو سے زائد چرس، ہیروئن اور آئس برآمد کرلی، منشیات فروش موقع سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق بند کورائی پولیس نے مقیم شاہ روڈ پرواقع کیچ اڈا کے قریب منشیات فروش مہر علی عرف نور ولی کنڈی سکنہ ٹانک کو روکنے کی کوشش کی لیکن وہ پولیس کو دیکھتے ہی منشیات پیکٹس پھینک کر وہاں سے بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگیاکر موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس نے پیکٹس میں چرس، ہیروئن اور آئس برآمد کر لی ،پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔


یونیورسٹیوں میں گرین یوتھ موومنٹ پروگرام جلد شروع

ڈیرہ اسماعیل خان

وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام کے تحت ملک بھر کی 110 یونیورسٹیوں میں گرین یوتھ موومنٹ پروگرام جلد شروع کیا جائے گا۔

وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام کے ذرائع کے مطابق گرین یوتھ موومنٹ وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام کا انتہائی اہم پروگرام ہے جس کے تحت پاکستان کے نوجوانوں کو ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلیوںکی روک تھام سے متعلق نہ صرف اگاہی فراہم کی جائے گی

بلکہ مختلف شعبوں میں جدت آمیز طریقوں سے بحرانوں پر قابو پانے کیلئے چھوٹے پیمانے پر گرانٹس بھی مہیا کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق پروگرام کے تحت ملک بھر میں ایچ ای سی سے منظور شدہ تقریباً 110 جامعات کا نیٹ ورک تشکیل دیا جائے گا

جہاں نوجوان ایجاد کاروں کی تربیت و رہنمائی کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر نمائش کے ذریعے ان کی نئی اختراعات کی مارکیٹنگ بھی کی جائے گی۔ اس پروگرام کا مقصد عوام میں ماحولیاتی تحفظ اور ماحول دوست رویے کو فروغ دینے کیلئے نوجوانوں کو متحرک کرنا، ماحولیاتی تحفظ اور آب و ہوا کی تبدیلی سے متعلق ترقی و تحقیق کو فروغ دینا ہے،

ملک میں ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے درکار وسائل میں نوجوانوں کی مالی اعانت کرنا، ماحولیاتی تبدیلیوں کی روک تھام کے عمل کو فروغ دینے کیلئے نوجوان ایجاد کاروں کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پلیٹ فارم فراہم کرنا بھی اس پروگرام کا حصہ ہے۔

پروگرام کے تحت ماحولیاتی تبدیلی کی روک تھام سے منسلک نوجوانوں کیلئے علاقائی اور بین الاقوامی مارکیٹ کو بروئے کار لانا، قابل تجدید طریقوں سے توانائی کا حصول، ٹھوس اور مائع کچرے کو ٹھکانے لگانے کے مناسب انتظامات، پانی کے تحفظ، زراعت، جنگلات اور سیاحت کے فروغ کیلئے بہترین طریقوں کو رائج کرنے کیلئے مثالی گرین کیمپس اور لیبز قائم کی جائیں گی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان کا کہنا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنا کر انہیں اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کیلئے پرعزم ہے، حکومت نے وزیراعظم یوتھ انٹرپرینیورشپ کے تحت نوجوانوں کو قرضے فراہم کرکے نہ صرف مالی طور پر خود مختار بنایا ہے بلکہ ہنرمند پاکستان کے تحت انہیں مختلف شعبوں میں تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے.


یکم مارچ سے پیڑولیم مصنوعات سستی کرنے کی سمری حکومت کو ارسال کر دی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان

اوگرا کی جانب سے یکم مارچ سے پیڑولیم مصنوعات سستی کرنے کی سمری حکومت کو ارسال کر دی گئی ہے۔ارسال کردہ سمری میں سمری میں مٹی کاتیل اورلائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی کمی کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل ساڑھے 7روپے سستاکرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق اوگرا نے سمری میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ساڑھے 7 روپے تک کمی کی تجویز دی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بھی کمی کی سفارش کی گئی ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سے کرے گی۔

گزشتہ ماہ اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں 6 پیسے فی لیٹر کمی کی سفارش کی تھی تاہم وفاقی وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔


موٹاپے سے بچنے کے لیے روزانہ 30 منٹ ورزش کرنا ضروری ہے, ماہرین

ڈیرہ اسماعیل خان

موٹاپے سے بچنے کے لیے روزانہ 30 منٹ ورزش کرنا ضروری ہے, ماہرین ،بیماریوں کی جڑ موٹاپے سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر کرنا لازمی ہیں اور اس سے بچاﺅکا حل صرف ورزش ہے،

جو افراد مصروف ترین روٹین کے سبب ورزش کے لیے وقت نہیں نکال سکتے وہ ان تجاویز پر عمل کر کے خود کو فٹ رکھ سکتے ہیں۔موٹاپے سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے بچنے کے لیے سب سے کارآمد احتیاط روزانہ کی بنیاد پر30 منٹ ورزش کرنا ہے، روزانہ ورزش نہیں کر سکتے تو ہفتے میں 5 دن 45 منٹ سے 1 گھنٹہ ورزش خود پر لازم کر لیں،

اس سے آپ خود کو تندرست، صحت مند ، ہلکا اور متحرک محسوس کریں گے۔آج کل کی بھاگتی دوڑتی زندگی میں روزانہ اتنا وقت ورزش کے لیے مختص کرنا مشکل ہے تو غذائیت اور فٹنس کی ماہر ڈاکٹر کی تجویز کردہ ’ نیٹ ‘ ( NEAT) روٹین کو اپنا لیں جس سے آپ کو فٹ رہنے میں مدد ملے گی۔

معروف فٹنس ٹرینر ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ نیٹ یعنی ’نان ایکسر سائز ایکٹیوٹی تھرمو جنیسز‘ کو اپنانے سے آپ خود کو بے ڈھنگے خدو خال سے چست اور سیڈول جسامت میں ڈھال سکتے ہیں۔دن میں 10 سے 12 گھنٹے کمپیوٹر کے آگے بیٹھنے کے بعد صرف ایک گھنٹہ ورزش کرنا فائدہ مند ثابت نہیں ہوتا ،

نیٹ کے مطابق ورزش کا وقت مختص کرنے کے بجائے خود کو سارا دن متحرک رکھتے ہیں، وزن کم کرنا چاہتے ہیں تو کیلوریز کا کم سے کم استعمال کریں۔سب سے پہلے اپنی غذامیں تبدیلی لائیں اور فاسٹ فوڈ چھوڑ کر گھر کا بنا ہوا کم نمک، تیل اور والا کھانا استعمال کریں

اور دن میں 2 وقت کھانا اور ایک وقت صرف پھل کھائیں، شکر کا استعما ل کم سے کم کر دیں۔اگر آپ دفتر میں ہیں تو اس دوران ہر ایک گھنٹے کے بعد اپنی نشست سے اٹھیں اور اپنے بازو، ٹانگیں کمر گردن کو اسٹریچ کریں ( انگڑائی لیں)۔ٹھوس غذا کے بجائے زیادہ پانی اور سوپ وغیرہ کا استعمال کریں۔

چہل قدمی کو اہمیت دیں، اگر آپ کے پاس کو ئی پالتو جانور ہے تو اسے گھمانے باہر لے کر جا ئیں۔فون پر بات کرتے ہوئے کھڑے ہو جائیں اور چہل قدمی کریں، پانی پینے خود اٹھیں۔

دفتر گھر کے قریب ہے تو گاڑی کے استعمال کے بجائے پیدل چل کر دفتر جائیں۔گھر کے صاف ستھرائی کے کام خود انجام دیں، کچن کا سامان لانے کے لیے خود باہر جائیں، آن لائن شاپنگ سے پر ہیز کریں۔


احساس کفالت پروگرام کے تحت 9ہزار روپے کی قسط جاری

ڈیرہ اسماعیل خان

حکومت نے احساس کفالت پروگرام کے تحت 9ہزار روپے کی قسط جاری کر دی۔ مذکورہ رقم دو ماہانہ اور ایک سہ ماہی قسط کی مد میں جاری کی گئی ہے۔

سہ ماہی قسط جولائی ،ستمبر2019ءکے 5ہزار روپے ،جنوری 2020ء کی ماہانہ قسط 2ہزار روپے اور فروری کی ماہانہ قسط 2ہزار روپے شامل ہیں۔

پروگرام میں رجسٹرڈ مستحق افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی پوری رقم وصول کریں.


ہفتے کی رات کو بارشیں برسانے والا سسٹم کمزور پڑ جائے گا

ڈیرہ اسماعیل خان

ڈیرہ اسماعیل خان اور اس کے گرد ونواح میں ہفتہ کو بھی بادل جھائے رہے اور بعض مقامات پر ہلکی بوندہ باندی کا سلسلہ جاری رہا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کی رات کو بارشیں برسانے والا سسٹم کمزور پڑ جائے گا,

اتوار سے بدھ تک ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کے مطابق تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک بھی ہو گی جبکہ مارچ میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان اور اس کے گردونواح میںجمعہ کی صبح شروع ہونے والی بارش اور ہلکی بوندا باندی سے موسم قدرے سرد ہوگیا۔

گزشتہ چند روز سے دھوپ کی شددت میں تیزی آگئی تھی جس کے باعث لوگوں نے گرم کپڑوں کا استعمال ترک کردیا تھا

لیکن جمعہ کو ہونے والی ہلکی بارش کے ساتھ چلنے والی تیز ہواسے موسم ایک بار پھر قدرے سرد ہوگیا، محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔


پیازکی پنیری کھیتوں میں منتقل کرنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان

ترجمان محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پیازکی پنیری کھیتوں میں منتقل کرنا شروع کردیں نیز پنیری کی منتقلی سے قبل پانی کی فراہمی روکنے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں

تاکہ نرسری سخت جان ہوجائے تاہم پودے آسانی سے نکالنے کے لئے پنیری کو کھیت میں منتقل کرنے سے 2گھنٹے قبل اچھی طرح پانی دے دیناچاہئیے۔

انہوں نے بتایا کہ پنیری کی جڑیں ٹوٹنے سے بچانا بھی اشد ضروری ہے کیونکہ جڑ ٹوٹنے کی صورت میں پنیری کے پھلنے پھولنے کے امکانات انتہائی معدوم ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کاشتکارزمین کی تیاری کے لئے پہلے مٹی پلٹنے والا ہل چلائیں اور بعدمیں 2مرتبہ گلٹی ویٹرچلاکر زمین کو کھلاچھوڑدیاجائے۔


پھلوں کے باغبان ماہ مارچ کے دوران نئے پودے لگانے کا عمل مکمل کر لیں

ڈیرہ اسماعیل خان

ترجمان محکمہ زراعت نے باغبانوں کو ہدایت کی ہے کہ ترشادہ پھلوں کے باغبان ماہ مارچ کے دوران نئے پودے لگانے کا عمل مکمل کرلیں اور مسمی‘ مالٹا‘ کینو‘کاغذی لیموں‘ میٹھا‘ ولنشیا‘ گریپ فروٹ کے باغات لگانے کے لئے صحتمند بیجوں کا انتخاب کریں

اس کے لئے اچھی نرسریوں سے اعلیٰ نسل کے پودوں کا حصول بھی یقینی بنایاجائے تاکہ باغات بہترین پھل فراہم کرسکیں۔

انہوں نے بتایا کہ اگریہ عمل مارچ کے مہینہ کے اندر اندر مکمل کرلیاجائے تو پودوں کی بڑھوتری زیادہ بہتر اندازمیں ہوسکتی ہے۔


ماسک کے استعمال سے متعلق گائیڈ لائینز جاری کردی گئیں

ڈیرہ اسماعیل خان

طبی ماہرین نے کورونا وائرس سے بچاوﺅ کے لیے ماسک کے استعمال سے متعلق گائیڈ لائینز جاری کردی ہیں۔

گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ صحت مند افراد کوچہرے پر حفاظتی ماسک پہننے کی کوئی ضرورت نہیں۔ ماسک پہننے کی ضرورت صرف ان افراد کو ہے جو کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کی دیکھ بھال کر رہے ہوں۔

پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما ) کے مطابق ان افراد کو بھی ماسک استعمال کرنا چاہیے جو نزلہ، زکام میں مبتلا ہوں یا جنہیں کھانسی یا چھینک آرہی ہو۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ اس موسم میں عمومی طور پر بہت سے لوگوں کو کھانسی یا نزلہ زکام ہوتا ہے، انہیں کسی بھی تشویش میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے۔

ان علامات کے ساتھ سب سے بنیادی و بڑی وجہ کسی کا چین، ایران یا کسی دوسرے کورونا وائرس سے متاثرہ ملک کا سفر کرنا ہے۔

پیما کے مطابق اگر کسی شخص نے گزشتہ دو ہفتوں میں چین، ایران یا کسی ایسے ملک کا سفر کیا ہو اور پھر وہ نزلہ زکام کھانسی میں مبتلا ہوا ہو تو اسے چاہیے کہ وہ ماہر ڈاکٹر سے رجوع کرے.


بینکوں میں مجموعی طورپر51307 حج درخواستیں وصول

ڈیرہ اسماعیل خان

سرکاری سکیم کے تحت 4 دنوں میں ملک بھر سے 13 نامزد بینکوں میں مجموعی طورپر51307 حج درخواستیں وصول ہوئیں۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق حج درخواستوں کی وصولی 6 مارچ تک جاری رہے گی۔

درخواست گذار بینک سے دستخط اور مہر شدہ رسید لازمی طلب کریں۔کوائف میں غلطی کی صورت میں فورا بینک سے تصحیح کروائیں۔

About The Author