مئی 11, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

18فروری 2020:آج ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تجزیے اور تبصرے

بااثر بیکری مالکان مٹھائی فروشوں ،ضلعی انتظامیہ اور محکمہ فوڈ کے حکام کا گٹھ جوڑ سامنے آنے کا انکشاف

ڈیرہ اسماعیل خان : بااثر بیکری مالکان مٹھائی فروشوں ،ضلعی انتظامیہ اور محکمہ فوڈ کے حکام کا گٹھ جوڑ سامنے آنے کا انکشاف ،ڈسٹرکٹ پرائس ریویو کمیٹی کا کارکردگی زیرو، حکومتی ادارے مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کوریلیف دینے میں ناکام،

بااثر بیکری مالکان اور مٹھائی فروش دکانداروں نے نرخ نامہ میں اشیاءخوردونوش کے ریٹوں میں مسلسل اضافے کے لئے ایک بارپھردباﺅ بڑھانا شروع کردیا ،شہریوں میں شدید تشویش کی لہر ،

حکومت کے خلاف شدید احتجاج ،وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔ ڈیرہ شہر اور اس کی چاروں تحصیلوں میں قائم دکانوں پر اشیاءخوردونوش کے نرخ زائد ہونے کےساتھ ساتھ ہر دکان پر مختلف نرخ وصول کئے جارہے ہیں،

پرائس ریویو کمیٹی کی جانب سے فراہم کئے جانے والے سرکاری نرخ نامے صرف کاغذی حیثیت تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں جس پر عمل درآمد نہ ہونے سے شہری مجبوراً مہنگے داموں اشیاء ضروریہ خریدنے پر مجبور ہو چکے ہیں،

مہنگائی زیادہ ہونے سے متعدد گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں، چھوٹے سرکاری ملازمین اور محنت مزدوری کرنے والے شہری مصنوعی مہنگائی سے سخت پریشان ہیں اس حوالے سے پرائس کنٹرول کمیٹیوں، پرائس مجسٹریٹس اور ضلعی حکومت کے متعلقہ افسران کی کارکردگی ایک سوالیہ نشان بن کررہ گئی ہے،

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ڈیرہ کے بااثر بیکری مالکان ،مٹھائی فروش دکانداروں ،ضلعی انتظامیہ اور محکمہ فوڈ ڈیرہ کے حکام میں گٹھ جوڑ ہوگیا اور دکاندار ایک با رپھر اپنا اثر ورسوخ استعمال کرکے نرخ نامہ میں مٹھائی اور بیکری سامان کے ریٹوں میں اضافے کے لئے اپنا دباﺅ بڑھانے لگے ہیں،

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے مہنگائی کنٹرول کرنے کے لئے وزراءاعلی کو موثر اقدامات کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں لیکن ڈیرہ اسماعیل خان ضلع بھر میں ان احکامات پر کہیں عمل درآمد نظر نہیں آرہا۔

کچھ عرصہ قبل ہی بیکری مالکان ،مٹھائی فروش اور حلوائیوں کے پرزور مطالبہ پر مٹھائی اور حلوے کے ریٹ بڑھائے گئے لیکن اب ان میں مزید اضافہ کرنے کے لئے ڈسٹرکٹ پرائس ریویو کمیٹی اور محکمہ فوڈ کے حکام پر دباﺅ ڈالا جارہا ہے جو کہ انتہائی قابل مذمت اورتشویش کا باعث ہے۔ ،

شہریوں نے وزیر اعظم پاکستان وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ،کمشنر ڈیرہ اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے مطالبہ کیاہے کہ ڈیرہ میں مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں اور اس حوالے سے غفلت لاپرواہی کے مرتکب ملازمین اور افسران کے خلاف بھی سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے

تاکہ شہریوں کو ارزاں نرخوں پر اشیاءخوردونوش فراہم ہو سکیں۔
٭٭٭
مڈی میں پولیو ڈیوٹی پر سٹاف کو لے جانے والی پولیس وین کے قریب ریموٹ کنٹرول بم کا زور دار دھماکہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) تحصیل کلاچی کے علاقہ مڈی میں پولیو ڈیوٹی پر سٹاف کو لے جانے والی پولیس وین کے قریب ریموٹ کنٹرول بم کا زور دار دھماکہ ،دھماکے کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل ریاض شہید جبکہ ڈرائیور اور کانسٹیبل سمیت دو ہلکار شدید زخمی ہوگئے ،

، دھماکہ کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری فوری موقع پر پہنچ گئی ، علاقہ کو گھیرے میں لے کر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کردیاگیا،شہید پولیس اہلکار کلاچی ہسپتال جبکہ زخمیوں کو سی ایم ایچ ڈیرہ ہسپتال منتقل کردیاگیا ،زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ،

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کلاچی کی پولیس وین پولیو سیکورٹی ڈیوٹی کے لئے پولیس اہلکاروں کو مقررہ مقامات پر لے جارہی تھی کہ تحصیل کلاچی کے علاقہ مڈی کے قریب پہنچنے پر سڑک کے کنارے نصب ریموٹ کنٹرول دیسی ساختہ بم زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا ۔

دھماکہ کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل محمد ریاض سکنہ پروا موقع پر ہی شہید ہوگیا جبکہ کانسٹیبل شکیل دھپ سکنہ بستی دھپانوالی ڈیرہ اور پولیس وین کا ڈرائیور عطااللہ سمیت دو پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

واقعہ کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری فوری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لیکر امدادی سرگرمیاں شروع کردیں۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دیسی ساختہ آئی ای ڈی بم سڑک کنارے نصب کیا گیا جسے پولیس وین کے قریب آنے پر نشانہ بناتے ہوئے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکہ کیاگیا۔

شہید پولیس اہلکار کو کلاچی ہسپتال جبکہ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر سی ایم ایچ ڈیرہ منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

دھماکہ سے پولیس وین کو بھی نقصان پہنچا ،سی ٹی ڈی پولیس نے نامعلوم دہشتگردوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے،پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کرکے متعدد مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
٭٭٭
میلہ ڈیرہ جات کے انتظامات کے سلسلے میں اجلاس کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی زیر صدارت میلہ ڈیرہ جات کے انتظامات کے سلسلے میں اجلاس کا انعقاد۔ تمام متعلقہ محکموں کو اپنی ذمہ داریاں احسن طور پر سرانجام دینے کے ہدایت۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر دفتر کے کانفرنس ہال میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی زیر صدارت میلہ ڈیرہ جات کی تیاریوں اور انتظامات سے متعلق اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈیرہ، اسسٹنٹ کمشنرز، ٹی ایم اوز، محکمہ سپورٹس، لائیو سٹاک،صحت، تعلیم، پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ،

خوراک، ریسکیو 1122، فشریز، لوکل گورنمنٹ، ڈبلیو ایس ایس سی و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ہر سال منعقد ہونے والے میلہ اسپان و جشن بہاراں کو میلہ ڈیرہ جات کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ میلہ ڈیرہ جات کے دوران مختلف کھیلوں سمیت 26سرگرمیاں ترتیب دی گئی ہیں جن میں کیٹل شو، نیزہ بازی، گھڑ دور، کتا ریس، گدھا گاڑی ریس، کشتی سمیت روایتی رقص جھومر، اتنڑو دیگر سرگرمیاں شامل ہیں۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ میلہ ڈیرہ جات کے لیے جو مقاما ت زیر غور ہیں ان میں رتہ کلاچی، ٹاو¿ن ہال، حقنواز پارک اور بیساکھی گراونڈ شامل ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ میلے میں شامل سرگرمیوں کو اسطرح سے ترتیب دیا جائے جس سے کسی قسم کی بدمزگی کا اندیشہ نہ رہے اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ تفریح میسر آ سکے۔

انہو ں نے کہا کہ ہر سال منعقد ہونیوالا یہ میلہ ڈیرہ اسماعیل کیلئے کافی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس میں دور دراز کے لوگ بھی شرکت کرتے ہیں اور اس طرح کی تقریبات سے علاقے کی ثقافت کو اجاگر کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
٭٭٭
شہید ہیڈ کانسٹیبل کی نماز جنازہ مکمل سرکاری اعزاز کیساتھ ادا کردی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) تحصیل کلاچی کے علاقے مڈی میں پولیس وین کے قریب بم دھماکے میں شہید ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل محمد ریاض کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں مکمل سرکاری اعزاز کیساتھ ادا کردی گئی۔

نماز جنازہ میں اسٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر شمریز خان،ریجنل پولیس آفیسر فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) سید امتیاز شاہ،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود،ایس پی انوسٹی گیشن امان اللہ خان،ایس پی ایف آر پی توحید خان گنڈہ پور،

اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ محسن صلاح الدین،ڈی ایس پی ایلیٹ،سٹی، ہیڈکواٹر سمت پاک آرمی ،دیگر پولیس و سول انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی ۔نماز جنازہ کے بعد شہید پولیس اہلکار کی میت پر پھول چڑھائے اور سلامی پیش کی گئی۔

جنازے کے موقع پرڈی پی او ڈیرہ شہید پولیس کانسٹیبل محمد ریاض کے لواحقین سے بھی ملے اوران سے اظہار تعزیت کی۔ بعدازاں شہید اہلکار کی میت ان کے آبائی علاقے روانہ کر دی گئی جہاں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد پورے سرکاری اعزاز کیساتھ تدفین کردی گئی ہے۔
٭٭٭٭٭٭
گھر کا نوکر مکان کا صفایا کرگیا ،لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان لے کر غائب

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) تھانہ کینٹ کی حدود قیوم نواز کالونی میں اہل خانہ کے ایبٹ آباد جانے کے دوران گھر کا نوکر مکان کا صفایا کرگیا ،لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان لے کر غائب ہوگیا ،

پولیس نے مالک مکان کی رپورٹ پر نوکر کے خلاف خیانت مجرمانہ کا مقدمہ درج کرلیا۔قیوم نواز کالونی ڈیرہ کے رہائشی نصیب اللہ نے تھانہ کینٹ میں رپورٹ درج کرائی کہ ملزم حبیب الرحمٰن سکنہ گرڈ روڈ ان کے گھر میں ملازم ہے ۔

تمام اہل خانہ سیر وتفریح کے لئے ایبٹ آباد گئے ہوئے تھے جب وآپس گھر پہنچے تو ملازم غائب تھا سامان چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ گھر سے چھ تولہ طلائی زیورات اور دیگر سامان چوری کرکے لے گیا ہے۔

پولیس نے مالک مکان کی رپورٹ پر نوکر کے خلاف خیانت مجرمانہ کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
٭٭٭
پولیو ورکرز کی سیکورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے محمد عمیر

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے واقعہ کے باوجود علاقہ میں پولیو مہم جاری ہے اور پولیو ورکرز کی سیکورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس، ضلعی انتظامیہ اور عوام کے حوصلے بلند ہیں اور عوام کے ساتھ ملکر ملک سے پولیو کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے عوام سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ اپنے 5سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کی ویکسین کے دو قطرے پلا کر عمر بھر کی معذوری سے بچائیں۔

تحصیل کلاچی کے علاقہ میں پولیس موبائل وین پر دہشتگردوں کے حملے کے باوجود علاقہ میں پولیو مہم جاری ہے ،

وہ تحصیل کلاچی کے علاقہ مڈی میں پولیو سیکورٹی کیلئے جانے والی پولیس موبائل پر دہشتگردوں کے حملے میں شہید پولیس ہیڈ کانسٹیبل محمد ریاض کے نماز جنازہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکررہے تھے
٭٭٭
دلبرداشتہ جوانسال شادی شدہ خاتون نے زہرپی کر زندگی سے منہ موڑ لیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) تھانہ پہاڑ پور کے علاقہ بگوانی شمالی میںگھریلو پریشانیوں سے دلبرداشتہ ہوکر جوانسال شادی شدہ خاتون زہرپی کر زندگی سے منہ موڑ لیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ پہاڑ پور کے علاقہ بگوانی شمالی میں جوانسال شادی شدہ خاتون نے زہر پی کر اپنی قیمتی زندگی کا چراغ گل کرلیا ،

متوفی کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کردی گئی ، مقامی ذرائع کے مطابق خاتون ایک بچے کی ماں تھی۔
٭٭٭
مردڈاکوﺅں کے بعد اب شہر میں ڈاکوحسینہ سامنے آگئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) مردوں کے بعد اب شہر میں ڈاکوحسینہ سامنے آگئی ، ڈاکوحسینہ نے چنگ چی ڈرائیور سے قیمتی موبائل فون چھین کر مزاحمت پر ڈرائیور کو چاقوکے وار سے شدید زخمی کردیا ،خاتون فرار ہونے میں کامیاب ،چنگ ڈرائیور کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیاگیا ،

پولیس نے خاتون کے خلاف اقدام قتل اور ڈکیتی کا مقدمہ درج کرکے اس کی تلاش شروع کردی ،ڈیرہ شہر میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کے بعد اب ڈاکوحسینہ بھی سامنے آگئی ،

بستی درکھانوالی ڈیرہ کے رہائشی 32 سالہ سالہ منیر عباس اعوان ولد حقنواز نے پولیس کو بتایا کہ وہ چنگ چی چلاتا ہے ،وقوعہ کے روز خاتون چنگ چی میں سوار ہوئی اور بنوں آڈہ کے قریب پہنچنے پر اس نے کال کرنے کے لئے میرا موبائل فون مانگا اور بعدازاں موبائل زبردستی چھین لیا ،

مزاحمت کرنے پر اس نے چاقوکے وار سے مجھے شدید زخمی کردیا اور موقع سے فرا رہونے میں کامیاب ہوگئی ،زخمی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا ،

پولیس نے زخمی کی رپورٹ پر خاتون ڈاکو حسینہ سکنہ آڑہ کے خلاف اقدام قتل اور ڈکیتی کامقدمہ درج کرکے اس کی تلاش شروع کردی ہے۔
٭٭٭
منشیات فروش سےگرام ہیروئن برآمد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) کلاچی پولیس کی کاروائی، محلہ زرنی خیل میں منشیات فروش سے گرام ہیروئن برآمد۔ تفصیلات کے مطابق محلہ زرنی خیل میں کلاچی پولیس نے کاروائی کے دوران منشیات فروش اسماعیل ولد عبدالوہاب سے گرام ہیروئن اور ایک ہزار روپے کی نقدی برآمد کرلی۔ پولیس نے منشیات فروش کیخلاف مقدمہ درج کرکے اس کو گرفتار کرلیا ہے۔
٭٭٭
گیس کے ہزاروں روپے کے بلوں نے صارفین کی چیخیں نکلوا دیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ میں گیس کے ہزاروں روپے کے بلوں نے صارفین کی چیخیں نکلوا دیں ، صارفین نے وزیر اعظم عمران خان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اضافی بلوں کو فی الفور واپس لینے کے احکامات جاری کئے جائیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں عوام کو گزشتہ سال موسم سرما کے مقابلے میں امسال موسم سرما میں کئی گنا اضافے سے ہزاروں روپے کے بل بھجوائے گئے جس سے ان کی چیخیں نکل گئی ہیں۔

دو سے تین مرلے کے گھر میں رہائش پذیر فیملیوں کو بھی گیس کے 7سی10ہزار روپے تک بل بھجوائے گئے ہیں۔ صارفین نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کا فی الفور طور پرنوٹس لیا جائے اور اضافی بھجوائے گئے بل واپس لینے کا حکم دیا جائے۔
٭٭٭
گندم کی فصل کو دوسرا پانی بوائی کے 80 تا 90 دن بعد یعنی گوبھ کے وقت لگائیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ترجمان محکمہ زراعت نے بتایا ہے کہ گندم کی فصل کو دوسرا پانی بوائی کے 80 تا 90 دن بعد یعنی گوبھ کے وقت لگائیں۔

اس وقت سٹہ پودے کے اندر بن کر باہر نکلنے کے مراحل میں ہوتا ہے اگراس مر حلے پر پانی نہ دیا جائے یا تاخیر سے دیا جائے تو سٹے چھوٹے رہ جاتے ہیں اور سٹوں میں دانوں کی تعداد کم ہو جاتی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ گندم کی فصل پر کنگی کا حملہ مختلف اضلاع میں مشاہدہ میںآیا ہے۔یہ مرض پھپھوندی کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے۔ زرد کنگی کا حملہ پتوں پر ہوتا ہے اور انتہائی شدید حملہ کی صورت میںسٹے بھی متاثر ہوتے ہیں۔

پودے کے پتوں پر زرد رنگ کے چھوٹے چھوٹے دھبے متوازی قطاروں میں پوڈر کی صورت پائے جاتے ہیں۔

بھوری کنگی کا حملہ عام طور پر نچلے پتوں سے شروع ہوتا ہے جس کی وجہ سے پتے کے اوپر بھورے رنگ کا زنگ نما پوڈر دکھائی دیتا ہے جبکہ سیاہ کنگی کا حملہ میں پتوں اور تنوں پر بیضوی دھبے نمودار ہوتے ہیںجو کہ شروع میں بھورے رنگ کے ہوتے ہیں

اور بعد ازاں ان کا رنگ سیاہ ہو جاتا ہے اور سائز میں بڑے ہو جاتے ہیں۔
٭٭٭
پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کو سیکورٹی فراہم کرنے کے فول پروف انتظامات

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان ضلع بھر میں جاری پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کو سیکورٹی فراہم کرنے کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، تمام پولیو ٹیموں کے ساتھ پولیس اہلکارتعینات ہیں ، پولیو مہم 17فروری سے 21فروری تک جاری رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیو کے خاتمے کے لئے 17فروری سے 21فروری تک پولیو مہم جاری ہے ، جس کے لئے محکمہ ہیلتھ کی طرف سے1506پولیو ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں ،

پولیس حکام کے مطابق ضلع بھر میں پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کے لئے فول پروف سیکورٹی پروگرام ترتیب دے دیا گیا ہے ، سیکورٹی پروگرام کے مطابق 01ہزار سے زائد افسران و جوان ڈیوٹی سرانجام دیں گے ،

شہر کے داخلی وخارجی اور مختلف مقامات پر ناکہ بندیاں قائم کر کے سخت چیکنگ کا عمل شروع ہے۔ ضلع کے حساس مقامات پر پولیس کمانڈوز اور سفیدپارچات میں پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں ، مشکوک اشخاص گاڑیاں ،موٹر سائیکل ، سائیکل ، لاوارث سامان پر نظر رکھی جائے گی،

کوئیک ریسپانس فورس اور ریپڈ ریسپانس فورس کے جوانوں کی کسی بھی ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کے لیے موبائل گشت ڈیوٹی سرانجام دیں گے ،ایس ایچ اوز سیکورٹی پر تعینات ڈیوٹی کوبروقت پوائنٹ پر بھجوانے کے ذمہ دار ہوں گے، اور اپنے اپنے علاقے میں گشت کے نظام کو موثر بنائیں گے ،

ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز سیکورٹی پروگرام میں لگائی گئی ڈیوٹی کو وقتا فوقتا چیک اور بریف کریں گے ، پولیو ٹیم کی گاڑی کے نزدیک کسی مشتبہ شخص کو نہیں آنے دیا جائے گا،

ڈیرہ پولیس پولیو مہم کو پر امن بنانے کے لئے اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائے گی۔
٭٭٭
بڑھتی ہوئی پتنگ بازی ، انتظامیہ کی خاموشی سمجھ سے بالا تر

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں بڑھتی ہوئی پتنگ بازی ، انتظامیہ کی خاموشی سمجھ سے بالا تر،قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بڑے حادثے کے منتظر، شہریوں کا ڈی پی او ڈیرہ سے کارروائی کرنے کا مطالبہ،

شہریوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے چند دنوں سے شہر سمیت ملحقہ آبادیوں میں پتنگ بازی عروج پر پہنچ چکی ہے،مگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے جس کی وجہ سے شہریوں میں خوف و حراس پھیل رہاہے،

قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بڑے حادثے کا انتظار کر رہے ہیں کہ کوئی جانی نقصان ہو اس کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہونگے۔

شہریوں نے ڈی پی او ڈیرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پتنگ فروخت کرنے والے دکانداروں سمیت پتنگیں اڑانے والے بگڑے نوجوانوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ کوئی بڑا حادثہ رونما نہ ہو۔
٭٭٭
بچوں کے جنسی تشدد پر سرعام پھانسی حکومت کا احسن اقدام ہے،پیر صدام حسین زکوڑی ایڈووکیٹ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ممتاز قانون دان پیر صدام حسین زکوڑی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بچوں کے جنسی تشدد پر سرعام پھانسی حکومت کا احسن اقدام ہے،

قوانین پر عمل پیرا ہونے سے ہی جرائم کی شرح میں کمی لائی جا سکتی ہے،کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ پر بھی کم از کم سزا عمر قید اور زیادہ سے زیادہ سزائے موت کا قانون ملک بھر میں لاگو کیا جائے،

ملک میں امن اور جرائم کی شرح میں کمی کے لئے پولیس اصلاحات کی بھی اشد ضرورت ہے ،جب تک پولیس کو سیاست سے پاک نہیں کیا جاتا تب تک بڑے لوگوں پر قانون کی گرفت مضبوط نہیں ہو سکتی۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گذشتہ روز اپنے چیمبر میں اخبارنویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
٭٭٭
شاپنگ بیگز پر عائد پابندی کو دکانداروں نے ہوا میں اڑا دیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ سمیت ضلع بھر میں شاپنگ بیگز پر عائد پابندی کو دکانداروں نے ہوا میں اڑا دیا ،

شاپنگ سنٹرز ، مارکیٹوں ، دکانوں پر کھلے عام شاپنگ بیگ فروخت کا سلسلہ جاری ، شاپنگ بیگز میں اشیاءخوردونوش، مصالحہ جات ،دودھ ، دہی،سمیت دیگر اشیاء وغیرہ ڈال کر دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال حکومت کی جانب سے شاپنگ بیگ کی فروخت اور ان میں اشیاء ڈال کر فروخت کرنے پر پابندی عائد کی گئی،اس پر عملدرآمد کا ٹاسک ضلعی انتظامیہ اور محکمہ انڈسٹریز اینڈانٹر پرائزز کو دیا گیا،

محکمہ انڈسٹری نے شاپنگ بیگ بنانیوالی فیکٹریوں کو سیل کرنا تھا جبکہ ڈپٹی کمشنر نے فروخت پر پابندی پر عملدرآمد کروانا تھا مگر کئی ماہ کا عرصہ گذرنے کے باوجود اس قانون پر عملدرآمد نہ کروایا جا سکا اور کھلے عام بازاروں میں شاپنگ بیگزکلو اور منوں کے حساب سے روزانہ فروخت کئے جارہے ہیں

جوکہ ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا سبب ہیں،
٭٭٭
افغان مہاجرین کے 40 سال مکمل ہونے پر یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) پاکستان پوسٹ نے پاکستان میں افغان مہاجرین کے 40 سال مکمل ہونے پر یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کر دیا۔

پاکستان میں اس حوالے سے دو روزہ اعلیٰ سطی بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد 17 اور 18 فروری کو کر رہا ہے۔

جاری کئے جانے والے ٹکٹ پر افغان مہاجرین کی تصویر پیش کی گئی ہے جو پیر سے تمام جنرل پوسٹ آفس (جی پی او) میں دستیاب ہوں گے۔ ڈاک ٹکٹ کی مالیت 20 روپے ہے۔

بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد پاکستان اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہا جرین نے مشترکہ طور پر کیا
٭٭٭
سوشل میڈیا پر اخبار شائع ہونے کی وجہ سے اخبار فروش پریشان،اخبارات کاکام چھوڑنے پر مجبور

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ سمیت ملک بھر میں فیس بک اور وٹس ایپ کے ذریعے اخبار شائع ہونے کی وجہ سے اخبار فروش پریشان،اخبارات کاکام چھوڑنے پر مجبور ، بے روزگاری میں اضافہ ہونے لگا ، ہاکر برادری بھی سخت پریشانی کا سامنا کرر ہے ہیں اور ان کے گھروں چولہے بجھ گئے ہیں

،اخبار فروشوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک زمانہ ہوتا تھا کہ جب اخبار مالکان فیس بک اور وٹس ایپ کے ذریعے اخبارات شائع نہیں کرتے تھے تو اخبارات بھی زیادہ فروخت ہوتے تھے جبکہ اب یہ سلسلہ پسماندہ علاقوںمیں بھی غیر فعال ہوگیا ہے

اس سلسلے میں محکمہ تعلقات عامہ نے بھی اخبارات کی پی ڈی ایف فائل بنانے اور بھیجنے کے عمل کو ضروری قرار دیدیا ہے جس کے بعد اخبار کے مالکان نے ویب سائٹ اور فیس بک پر اخبارات شائع کرنا شروع کردیئے ہیں

جسکی وجہ سے اخبار فروش ہاکر برادری کو سخت پریشانی کا سامنا ہے اور انہوںنے ڈی جی پی آر سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ اخباری مالکان کو ہدایت کریں کہ وہ اخبار کو سوشل میڈیا پر شائع نہ کریں

اور سوشل میڈیا کے بڑھتے رجحان کے باعث ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے بھر کے بڑے بڑے اخبارات کے سر کولیشن نہ ہونے کے برابر ہے جسکی بڑی وجہ انکے اپنے اخبارات سوشل میڈیا پر شائع کرنا ہے

اس سلسلے میں ہاکر برادری نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ متعلقہ حکام کو ہدایت دیں کہ وہ اخبارات سوشل میڈیا کے ذریعے وصول نہ کریں بلکہ اخبارات کو دفاتر میں طلب کریں۔
٭٭٭
معیشت میں بہتری آنے کے آثار، بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ہونا شروع

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ملکی معیشت میں بہتری آنے کے آثار، بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ہونا شروع، گزشتہ سال کے آخری ماہ دسمبر میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 9.66فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق دسمبر میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 9.66فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ نومبر میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 16.4فی صد کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

اعداد و شمار کے مطابق خوراک اور مشروبات سیکٹر میں 41.57فیصد، ٹیکسٹائل سیکٹر میں 50فیصد ، پیپر اینڈ بورڈ کی صنعت میں 33.4فیصد، چمڑے کی صنعت میں 16.1فیصد، فارما سیکٹر میں 2.83 فیصد جب کہ الیکٹرونکس میں 15.5 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری طرف آٹو سیکٹر میں 28، انجینئرنگ پروڈکٹس 10، آئرن اینڈ اسٹیل میں 3.7 فیصد کمی ہوئی، رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں صنعتی پیداوار میں 3.35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔جہاں ملک کی بڑی صنعتوں کی پیداوار میں کچھ اضافہ ہونا شروع ہوا ہے،

وہیں دوسری جانب آئی ایم ایف نے بھی ملکی معیشت کے حوالے سے مثبت خبر دی ہے۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مالیاتی خسارہ کم ہوگیا ہے۔

پاکستان کی معیشت میں بہتری توقعات سے بڑھ کرہے۔ پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوئے ہیں، پاکستان میں مہنگائی کم ہوجائے گی۔ مہنگائی میں ڈالر کے ایکسچینج ریٹ کے اثرات کم ہونا شروع ہوئے ہیں۔
٭٭٭
صرف ایک ہی دن میں درجہ حرارت میں ہوشربا اضافہ ہوگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) سردی کے موسم میں شدید گرمی، ڈیرہ میں صرف ایک ہی دن میں درجہ حرارت میں ہوشربا اضافہ ہوگیا، ڈیرہ شہر کا درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا

جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق رواں موسم سرما کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں ریکارڈ توڑ سردی پڑی،

تاہم کچھ روز سے موسم خشک ہو جانے کے باعث سردی کی شدت میں واضح کمی ہوئی ہے۔ناصرف سردی کی شدت میں کمی ہوئی، بلکہ کچھ علاقوں میں تو درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ کی سطح سے بھی اوپر چلا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک روز کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جس کے باعث شہر میں دوپہر کے وقت موسم کافی حد تک گرم ہو گیا ۔

صبح کے اوقات میں بھی ڈیرہ شہر کا موسم کچھ زیادہ سرد نہیں رہا اور کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ڈیرہ کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی سردی کی لہر تقریباً ختم ہوگئی ہے۔

اس وقت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک ہے اور آئندہ کچھ روز کے دوران بھی ایسا ہی موسم رہنے کی توقع ہے۔ تاہم ملک کے جنوبی علاقوں کے برعکس، شمالی علاقوں میں سردی کی شدت اب بھی برقرار ہے۔

خیبرپختونخواہ اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں برفباری کے باعث درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہ رہا ہے۔ جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح کے وقت خنکی سے درجہ حرارت کم جب کہ دوپہر میں زیادہ ہو جاتا ہے۔

ڈیرہ کا درجہ حرارت صبح کے وقت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو 26 تک جا سکتا ہے۔
٭٭٭
تحریک انصاف کی حکومت نے 3 ماہ کے دوران 522 ارب روپے کا قرضہ واپس کر دیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) تحریک انصاف کی حکومت نے 3 ماہ کے دوران 522 ارب روپے کا قرضہ واپس کر دیا، رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں قرضوں میں 522 ارب روپےکی کمی ہوئی، تاہم ملک پرقرضوں کا مجموعی بوجھ 40ہزار993ارب روپے ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے ملک کے کل قرضوں کے حجم کے حوالے سے رپورٹ جاری کی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈیڑھ سال میں ملکی قرضوں میں11ہزار114ارب روپےکا اضافہ ہوا جبکہ ملک پرقرضوں کا مجموعی بوجھ 40ہزار993ارب روپے ہوگیا۔ ملک پرقرضوں کا بوجھ جی ڈی پی کے94.1فیصد ہوچکا ہے۔

ڈیڑھ سال میں اندرونی قرضوں کےبوجھ میں 5ہزار260ارب روپےکا اضافہ ہوا جبکہ ڈیڑھ برس میں بیرونی قرضوں میں 3ہزار198ارب روپےکا اضافہ ہوا۔اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملک پردسمبر2019تک اندرونی قرضوں کا بوجھ 21ہزار676ارب روپےرہا جبکہ دسمبر2019تک بیرونی قرضوں کا بوجھ 10ہزار993ارب روپے رہا۔

مرکزی بینک کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کی دوسری سہہ ماہی میں قرضوں کے بوجھ میں کمی دیکھنے میں آئی۔ مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران قرضوں میں 522 ارب روپے کی کمی ہوئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے مرتب کی گئی رپورٹ وفاقی حکومت کے حوالے کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ سال میں ملکی قرضوں میں11ہزار114ارب روپے کے اضافے میں زیادہ تر حصہ روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے ہے۔

جبکہ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک پر واجب الادا قرضوں کا بوجھ خطرناک سطح پر پہنچ چکا ہے۔ حکومت مالی سال کے دوران جتنا بھی پیسہ اکٹھا کرتی ہے، وہ قرض اور اس کے سود کی ادائیگی میں خرچ ہو جاتا ہے،

یوں اب حکومت کو ہر سال تقریباً 4 ہزار ارب روپے کے خسارے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے
٭٭٭٭٭٭

%d bloggers like this: