دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

14فروری2020:آج ضلع ڈیرہ غازی خان میں کیا ہوا؟

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تبصرے اور تجزیے۔

ڈیرہ غازیخان :

کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن نسیم صادق نے شہر کو صاف ستھرا رکھنے کا عزم کرلیا۔مٹی اور ریت اڑانے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے12 ٹرالیاں بند کردی گئیں۔

غیر قانونی پارکنگ پر 8 رکشے بھی بند کردئیے گئے کمشنر نے سیکرٹری آر ٹی اے اور دیگر افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ

شہر میں ٹریکٹر ٹرالیوں اور رکشوں کی غیر قانونی پارکنگ پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان شہر میں داخل ہونے والی مٹیریل کی ہر ٹرالی پر چاروں طرف ایک ایک فٹ کا پھٹہ لگایا جائے۔

ٹرالیوں پر ترپال کے ساتھ مٹی،ریت پر چھڑکاؤ کرایاجائے تمام ٹرالیاں کچھی کینال اور ڈی جی کینال کی درمیان مخصوص جگہ پر کھڑی ہوں گی۔شہر میں داخل ہونے والی ٹرالی کی شناخت کیلئے مخصوص رنگ کرایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرالیوں پر حفاظتی اقدامات کا مقصد عوام کو دھول اور گرد غبار سے بچانا ہے۔گرد وغبار سے انسانی صحت متاثر ہورہی ہے۔گاڑیوں سے مٹی، ریت او دیگر عمارتی مٹیریل گرنے سے شاہراہیں بھی مٹی میں دفن ہورہی ہیں۔


ڈیرہ غازیخان :

مانکاکینال کی خوبصورتی اور عوام کی سہولت کیلئے مزید اقدامات کا فیصلہ کرلیا گیا تعلیمی اداروں اور مصروف مقامات پر پیدل چلنے کیلئے مزید چار پل تعمیر کرنے کے ساتھ موجودہ پل کو خوبصورت بنایا جائیگا۔

کمشنر نسیم صادق نے معائنہ کرکے ہدایات جاری کردیں۔ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق اور دیگر افسران ہمراہ تھے. کمشنر نے چوک چورہٹہ کا دورہ کرتے ہوئے مانکا کینال پر موجود پل اور کینال کی ڈی سیلٹنگ کا جائزہ لیا۔

کمشنر نے کہا کہ مانکا کینال کے پل ڈاٹ،پل پیارے والی اور پل چورہٹہ کو کشادہ کرنے کیلئے ری۔ڈیزائن کیا جارہا ہے۔

مانکا کینال کی ڈی سیلٹنگ کے ساتھ ڈریسنگ،گرین بیلٹس تیار کئے جارہے ہیں۔چوک چورہٹہ پر چھوٹے چھوٹے پارکس بناکر جھولے،بنچز اور سلائیڈ بنائی جائیں گی۔


ڈیرہ غازیخان:

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان طاہر فاروق نے عوامی سہولت سنٹر کی تاخیر کا نوٹس لیتے وجوہات طلب کرلیں انہوں نے غازی پارک اور دیگر مقامات کا بھی دورہ کیاڈپٹی کمشنرنے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر سہولت سنٹر میں عوام کو ایک ہی چھت کے نیچے مختلف محکموں کی بیس سے زائد سروسز فراہم کی جائیں گی

نادرا،ڈرائیونگ لائسنس، ڈومیسائل،کریکٹر سڑٹیفکیٹ اور دیگر دستاویزات فراہم کی جائیں گی۔منیجر رومان شاہد نے بتایا کہ منصوبہ پر 12 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ کی جارہی ہے

پانچ کروڑ روپے سے کمپیوٹر،فرنیچر،کیمرا اور دیگر آلات خریدے جائیں گے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ عبدالغفار،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر جتوئی،ایکسئین ہمایوں مسرور اور دیگر افسران موجود تھے

علاؤہ ازیں ڈپٹی کمشنر نے غازی پارک کا بھی دورہ کیا۔پارک کی بحالی،لانز کی تیاری اور دیگر عمل کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے ڈی ایس پی ٹریفک مہر محمد اسحاق کو بلاکر چوک چورہٹہ اور دیگر مقامات پر ٹریفک کی روانی کی ہدایات جاری کیں۔


ڈیرہ غازیخان :

جنرل بس سٹینڈ کے نزدیک 80 کنال پر پارک کیلئے رقبہ تیار کرلیا گیا۔کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے پارک کے رقبہ پر جوگنگ ٹریکس کیلئے ہدایات جاری کردیں کمشنر نے کہا کہ بہت جلد اسی جگہ پر عوام کو معیاری تفریح مہیا کی جائے گی۔

ڈیرہ غازیخان شہر کے ماتھے پر موجود کئی سالوں کا لاکھوں ٹن کوڑا درد سر بنا ہوا تھا۔کوڑا کرکٹ کی تلفی عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا کوڑا اٹھانے اور مٹی ڈالنے کیلئے ایک ارب روپے مانگے جارہے تھے

کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ وہ مخیر شخصیت کے مشکور ہیں کہ انہوں نے مشینری کے اخراجات برداشت کئے اور دو ماہ کے قلیل وقت میں لاکھوں ٹن کوڑا کو محفوظ تلف کردیا گیا۔

اس موقع پر چیف آفیسر کارپوریشن اقبال فرید،ایکسئین زراعت انجینئرنگ چوہدری محمد ندیم،افضل جتوئی اور دیگر موجود تھے.

کمشنر نسیم صادق نے کارپوریشن کے وئیر ہاؤس کا بھی دورہ کیا انہوں نے پارکس کیلئے جھولے،بنچز،سلائیڈ،گارڈن لائیٹس اور دیگر اشیاء کی تیاری کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایات جاری کیں.


ڈیرہ غازیخان :

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان طاہر فاروق نے قصبہ سمینہ میں ہفتہ وار کھلی کچہری لگائی۔سائلین کے مسائل سنے اور درخواستوں پر احکامات جاری کئے.ڈپٹی کمشنر نے کھلی کچہری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ہفتہ وار کھلی کچہری کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا اور ان کی کوشش ہوگی کہ

دیہی علاقوں کا رخ کیا جائے تاکہ سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لینے کے ساتھ عوام کے مسائل موقع پر دیکھ کر ان کا ممکنہ حل تلاش کیا جائے.

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدگی سے کام کررہی ہے۔عوام کی رہنمائی سے مسائل کم وقت میں حل ہوسکتے ہیں

ڈپٹی کمشنر نے سائلین کی تحریری اور زبانی درخواستوں پر احکامات جاری کئے۔اس موقع پر اے سی صدر محمد اسد چانڈیہ اور دیگر افسران موجود تھے.


ڈیرہ غازیخان :

چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی و ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف ڈیرہ غازیخان سردار احمد علی دریشک نے کہا ہے کہ

حکومت عوام کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے. ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر نہیں ہونے دی جائے گی.

عوام منصوبوں پر نظر رکھیں اور خامیوں کی فوری طو رپر نشاندہی کی جائے. انہوں نے یہ بات اپنے ڈیرہ پر کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہو ئے کہی.

اس موقع پر انہوں نے عوام او رحلقہ کے لوگوں کے مسائل سنے. تحریری و زبانی درخواستوں پرہدایات جاری کیں.

سردار احمد علی دریشک نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا فوکس ہے کہ ڈیرہ غازیخان سمیت صوبہ میں صفائی اور شجرکاری کو بہتر کیا جائے اور اس کیلئے عوام کوبھی تعاون کرنا ہو گا.


ڈیرہ غازیخان:

کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن نسیم صادق نے کارپوریشن کے علاقہ میں واٹر سپلائی کے نادہندگان، منقطع کیے گئے غیر قانونی کنکشن، فیس اور واجبات کی وصولی کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے.

شہریوں اور عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر نے کہاکہ کارپوریشن کے واجبات ادا کرنے کیلئے مہم چلائی جائے جس میں عوام کا فعال کردارسود مند ثابت ہو سکتا ہے.

کمشنر سے ہائی کورٹ بار کی ایگزیکٹو باڈی کے اراکین سمیت مختلف علاقو ں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے ملاقات کی.

ڈیرہ غازیخان شہر میں صفائی،تجاوزات اور دیگر شعبوں میں کیے گئے کمشنر کے اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا.


ڈیرہ غازیخان :

ایس پی پٹرولنگ ڈیرہ غازیخان ریجن ملک طاہر مصطفی نے کہا ہے کہ پٹرولنگ ملازمین اپنے فرائض منصبی دیانتداری سے ادا کریں اور لوگو ں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں. انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی.

اجلاس میں آزمائشی پیرڈ مکمل کرنے والے ریجن بھر کے 41 سب انسپکٹرزایس پی کے روبرو پیش ہوئے جن کی پڑتال کے بعد انہیں اے ایس آئی رینک میں کنفرم کرنے کے سفارشات ارسال کر دی گئیں.

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کیپٹن (ر)ظفر اقبال اعوان کے احکامات پر پٹرولنگ پولیس ریجن میں اے ایس آئی کنفرمیشن کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی

جس کی سربراہی ایس پی ملک طاہر مصطفی نے کی۔ کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں ڈی آئی جی پنجاب انکسار خان کی سربراہی میں صو بہ پنجاب کے اے ایس ائیز کی کنفرمیشن کے احکامات جاری کیے جائیں گے.

ایس پی ملک طاہر مصطفی نے ڈیرہ غازی خان ریجن کے چاروں اضلاع کے اے ایس آئیز کو تاریخ پروموشن و بھرتی سے انکے عہدوں پر کنفرمیشن کے احکامات کیلئے سفارشات جاری کر دیں.


ڈیرہ غازیخان :

پنجاب ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن اور ڈیرہ غازیخان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر انتظام انڈ سٹریل اور تاجروں کے صنعتی کارکنوں،ملازمین ان کے لواحقین اور فیملی کی فلاح کیلئے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے آفس میں ایک فیسلیٹیشن ڈیسک کا قیام عمل میں لایا گیا

جس کا افتتاح چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان نصوحہ نے کیا افتتاح کے موقع پر غلام سجاد خان ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل سیکورٹی پنجاب ڈیرہ غازیخان، غلام یٰسین خان اسسٹنٹ کانٹری بیوشن سوشل سیکورٹی، شیخ محمد طاہر معراج اور محمد مجاہد ملک سیکریٹری جنرل چیمبر موجود تھے۔

اس موقع پر صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سردار ذوالفقار علی خان نصوحہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیمبر کے ممبرز اور کاروباری لوگوں سے کہا ہے کہ پنجاب ایمپلائز سوشل سیکورٹی کے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے چیمبر کے دفتر سے دفتری اوقات کار میں رابطہ قائم کرسکتے ہیں،

ورکرز کے مسائل کے حل اور دیگر سہولیات حاصل کرنے کیلئے چیمبر کے دفتر سے رجوع کریں چیمبر ممبر ان اور کاروباری برادری کے مسائل کے حل کیلئے ہروقت آپ ساتھ ہے۔


ڈیرہ غازیخان :

مساجد اللہ کے گھر ہیں اورمسلمانون کیلئے سلامتی کا ذریعہ ہیں جس ملک میں مساجد ویران ہوں وہ ملک اجڑ جاتے ہیں جامع مسجد انوارات مجید جامعہ قاسمیہ قاسم ٹاؤن میں جمعہ کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمیعت علماء اسلام کے مرکزی رہنما صدر متحدہ مجلس عمل ضلع ڈیرہ غازی خان مولانا قاری جمال عبدالناصر نےکہا کہ

اعمال صالحہ سےانسان کا چہرہ نورانی ہوجاتا ہے برے اعمال سے انسان کے چہرے کے ساتھ گھر بھی بگڑ جاتے ہیں اللہ والوں کی صحبت سے برے انسان اچھے بن جاتے ہیں ملک میں کرپشن سود جوا شراب زنا کے عام ہوجانے سے بدکردار حکمران ہم پر مسلط ہیں

آج پوری قوم گناہوں سے توبہ کرے ملک میں مہنگائی کاخاتمہ اور خوشحالی کا آغاز ہوجائیگا قران وسنت سے روح گردانی کی وجہ سے ملک خسارے میں جارہاہے 72 سال سے ملک پر انگریز کا نظام مسلط ہے انہوں نے کہا تعلیم عدلیہ انگریزی نظام پھلارہے ہیں ملک میں یہودی ایجنٹ قادیانیوں سے یارانہ رکھنے والے غنڈہ ٹیکس لینے والے انڈیا اور اسرائیل سے فنڈ لینے والے

پٹرول بجلی مھنگی کرنے والے حکمران اللہ تعالی کے عذاب کی صورت میں ہم پر مسلط ہیں قوم حکمرانوں کو گالیاں دیکر نجات حاصل نہیں کر سکتی اصلاح ضروری ہے اصلاح معاشرہ اسلامی نظام سے تشکیل پاسکتا ہے افرادی طور پر اپنی زندگی پر اسلام نافذ کرنے سے اللہ کی رضامندی نصیب ہو سکتی ہے

نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت گھر شہر ملک کیلئے اسوہ حسنہ ہے ہم بحیثیت قوم نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی غلامی والی زندگی چھوڑ کر خوار ہورہے ہیں مسجد مدرسہ خانقاہوں کی دعوت وتبلیغ کی زندگی ہی سے انسان کامیابیاں حاصل کرسکتا ہے

شیخ الحدیث استاذ العلماء ولی کامل مولانا محمد قاسم استاد العلماء ولی کامل مولانا محمد عبدالمجید مولانا حفیظ اللہ رحمھم اللہ کا فیض جامعہ قاسمیہ جامع مسجد انوارات مجید کی صورت میں ایک تحفہ اللہ تعالی نے اہل علاقہ کو عطا فرمایا ہے

اللہ تعالی ہم سب کو ملکر اس گلشن قاسم کو آباد کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین اس موقع پر جمعیت علماء اسلام ضلع ڈیرہ غازی خان کے سیکرٹری جنرل حافظ انعام اللہ بھٹی،

حاجی احمد حسن کھلول ،مولانا محمد عثمان گوندل، جمیل خان سومرو، میاں الہی بخش حجبانی ،شھزاد خان سہرانی، ملک سجاد خان کھلنگ، غلام عباس خان تونسوی ،امان اللہ خان پٹھان، قاری محمد عمر ،غلام حیدر خان چنگوانی ،

پروفیسر سیف اللہ چنگوانی ،میاں عبدالعزیر حجبانی ملک ربنوازارائیں، امان اللہ خان پتافی، قاری خلیل احمد اور کثیر تعداد میں شہر بھر کےمعززین وکلاء ڈاکٹر ز تاجر برادری کے ساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی کے اشخاص نے شرکت کی۔


ڈیرہ غازیخان

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان خان بزدار سے مشیر صحت محمد حنیف خان پتافی کی ڈیرہ غازیخان کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ملاقات، وزیر اعلی نے صحت کے منصوبوں کے لئے ایک ارب پندرہ کروڑ روپے کی سکیموں کی منظوری دے کر سمری پلاننگ اینڈ ڈویژن ڈیپارٹمنٹ کو بھیج دی ہے

ان منصوبوں میں نئی سی ٹی اسکین مشین کی خرید کے لئے 95 ملین ،ایم آرآئی مشین کی خرید کے لئے 200 ملین،انجیو گرافی مشین کی خرید کے لئے 150 ملین اورموڈیولر آپریشن تھیٹر6عدد کے لئے 560 ملین روپے شامل ہیںجبکہ ٹیچنگ ہسپتال کے آئی سی یو اور مختلف وارڈز کی مشینری کے لئے رقم بھی مختص کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے

جبکہ مشینری کی تنصیب کے بعد مریضوں کو ہسپتال کے اندر ٹیسٹوں کی سہولت نہ صرف میسربلکہ انجیو گرافی مشین کی تنصیب کے بعد کارڈیالوجی ہسپتال بننے سے قبل امراض قلب کے مریضوں کو انجیو گرافی،

انجیو پلاسٹی اور سٹنٹس ڈالے جا سکیں گے ملاقات میں مشیر صحت محمد حنیف خان پتافی نے صحت کے لئے خطیر گرانٹ کی منظوری پر وزیر اعلی سردار عثمان خان بزدارکاشکریہ ادا کیادریں اثناخواتین میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص کے لئے میمو گرافی مشین اور بلڈ سکریننگ کے لئے پی سی آر مشین ٹیچنگ ہسپتال پہنچا دی گئی ہیں

اور آئندہ چند روز میں ایک سٹیٹ آف دی آرٹ لیب پرانے ڈائیلسز وارڈ میں اسے فنکشنل کردیا جائے گااب خواتین مریضوں کو چھاتی کے کینسر کی تشخیص کے لئے ملتان یا پھر مریضوں کے خون کے سیمپل نہ صرف دوسرے شہر نہیں بھیجے جائیں گے بلکہ تمام ٹیسٹ (کمپلیٹ بلڈ سکریننگ) ہسپتال میں ہی جائیں گے۔


ڈیرہ غازیخان:

پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری محمد لطیف پتافی نے ضلعی صدر سردار احمد علی خان دریشک کی مشاورت سے پارٹی کا اہم اجلاس آج 15فروری کوضلعی سیکرٹریٹ میں طلب کر لیا جبکہ ضلعی سیکرٹری اطلاعات ملک محمد حنیف کا استعفیٰ مشاورت کے بعد منظورکر لیا ہے

ضلعی جنرل سیکرٹری لطیف خان پتافی نے کہا کہ سابق سیکرٹری اطلاعات نے مخالفین کے ہاتھوں کھلونا بن کر جو الزامات پارٹی کی اعلیٰ اور ضلعی قیادت پر لگائے ہیں

انکی سختی سے تردید اور مذمت کرتے ہیںانہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف چاروں صوبوں کی نمائندہ جماعت ہے اور اس پہ الزام تراشی اور بہتان بازی کسی طور بھی قابل قبول عمل نہیں ہے۔


ڈیرہ غازیخان :

ٹیکنیکل الاﺅنس کے حصول تک احتجاج کاسلسلہ صوبہ بھر میں جاری رہیگا حکومت بی ایس سی انجینئرز کو دیاجانیوالاٹیکنیکل الاونس سب انجینئرز کوبھی دیاجائے جوانکا حق ہے اور اپنے حق کے حصول کیلئے آخری تک تک جائینگے

یہ بات محکمہ ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کے سب انجینئرز سٹاف کے زونل صدر غلام محی الدین نے یہاں احتجاجی کیمپ کے دوران خطاب میں کہی انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر ووٹ لیکر برسراقتدار آنے والی سرکار نے غریب کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھیننے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی

اور مہنگائی کے طوفان میں لوگ خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں موجودہ دور پاکستان کی تاریخ کابدترین دور ہے اور اس سے قبل اتنی مہنگائی اور بے روزگاری کبھی 70سالوں میں نہیں دیکھی انہوں نے کہاکہ جب ملک کے پرائم منسٹر کادولاکھ ماہانہ میں گزارہ نہیں ہوتا

تو پھر ہزاروں روپے تنخواہ لینے والے ٹیکنیکل سٹاف سب انجینئرز کاکیسے ہوسکتاہے انہوں نے کہا کہ جیسے حکومت نے ایگزیگٹیو انجینئرز اور سب ڈویژنل آفیسرز (بی ایس سی)انجینئرز کو ٹیکنیکل الاونس کی منظوری دی ہے

تو ہمیں بھی یہی ٹیکنیکل الاﺅنس دیاجائے ورنہ ہمارا یہ احتجاج شدت اختیار کریگا اور آخری مراحل میں دفاتر کی مکمل تالہ بندی کی جائیگی انہوں نے کہاکہ

چیف منسٹر پنجاب کارتعلق چونکہ اسی ضلع ڈی جی خان سے ہے تو انہیں چاہئے کہ وہ چھوٹے ٹیکنیکل ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کریں واضح رہے کہ پنجاب بھر میں سب انجینئرز کی ٹیکنیکل الاونس کے حصول کیلئے دوفروری سے ہڑتال کاسلسلہ جاری ہے۔

About The Author