دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

بلوچستان میں حالیہ شدید برف باری سے 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، حکومتی ترجمان

بلوچستان میں برفباری اور بارش سے متاثرہ مکانات اور دیگر نقصان کا تخمینہ لگایا جائے گا

بلوچستان میں حالیہ شدید برف باری سے 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، حکومتی ترجمان

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بارش اور برفباری کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹا ہے، ہم نے دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے لوگوں کو ریلیف دینےکی بھرپور کوشش کی۔

لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں برفباری اور بارش سے متاثرہ مکانات اور دیگر نقصان کا تخمینہ لگایا جائے گا،

متاثرین کی بھی بھرپور امداد کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ اب بھی کئی علاقوں میں رابطہ سڑکیں اور راستوں پر برف پڑی ہوئی ہے،

برفباری کی وجہ سے علاقوں میں رابطہ سڑکیں اور راستے بحال نہیں ہوسکے ہیں۔واضح رہے کہ آزاد کشمیر اور بلوچستان کے شمال مغربی علاقوں میں برفباری سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی ہے،

مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 83 ہوگئی۔آزاد کشمیر میں بارشوں اور برفباری کے دوران حادثات میں 62 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کے مطابق وادی نیلم میں برفباری اور تودے گرنے سے 59 افراد جاں بحق اور 47 زخمی ہوگئے، جبکہ 56 سے زائد مکانات مکمل تباہ ہوئے۔

بلوچستان میں مکانات، چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں 21 افراد جاں بحق ہوگئے، کان مہترزئی میں برفانی طوفان میں پھنسے چار سو سے زائد مسافروں کو ریسکیو کرنے کے بعد پھنسی گاڑیوں کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

کوئٹہ ژوب شاہراہ کان مہترزئی کے مقام پر ٹریفک کے لیے بند ہے۔پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق صوبے میں برفباری کے بعد مزید تین ہلاکتیں قلعہ عبداللّٰہ،

ژوب اور مستونگ سے رپورٹ ہوئی ہیں، قلعہ عبداللّٰہ میں پھسلن کے باعث ویگن الٹنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، قلعہ عبداللّٰہ میں ہی سردی کے باعث ایک شخص اور ژوب میں ایک بچی جبکہ مسلم باغ میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔

اس سے قبل صوبے میں پانچ مختلف واقعات میں 17 افراد جاں بحق اور 13 زخمی رپورٹ ہوئے تھے۔

دوسری جانب قلعہ سیف اللّٰہ کے علاقے کان مہترزئی، کوژک ٹاپ اور مستونگ کے علاقے لک پاس میں شاہراہوں کی بحالی کا کام جاری ہے،

ان علاقوں میں شاہراہوں کو چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھول دیا گیا ہے لیکن بھاری گاڑیوں کو اجازت نہیں دی جارہی ہے۔

About The Author