دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلے

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تبصرے اور تجزیے

ڈیرہ غازیخان

کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن نسیم صادق نے سال نو کے موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ سال 2020 سکول، ہسپتال، ترقیاتی منصوبو ں کی بروقت تکمیل اور انتظامی معاملات بہتری کے حوالے سے یادگار بنانے کی کوشش کریں گے.

انہوں نے کہاکہ ڈویژن میں تحصیل سطح کے دوروں کا آغاز کر د یاگیاہے اور ہر تحصیل کے مسائل مقامی طو رپر حل کریں گے. کمشنر نسیم صادق نے کہاکہ سیوریج، صفائی،

ٹرانسپورٹ، تجاوزات، تعلیم، صحت اور دیگر مسائل کا حل ترجیحات میں شامل ہے. مرحلہ وار کام کا آغاز کر دیا گیا ہے.

انہوں نے کہاکہ ٹیم ورک سے عوام کے مسائل قلیل وقت میں حل کرنے کی کوشش کریں گے جس کیلئے عوام کا تعاون بھی درکار ہو گا.


ڈیرہ غازیخان

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر تحصیل تونسہ شریف کی آبادیوں کو ملانے کیلئے کارپٹڈ روڈزکا جال بچھایا جارہا ہے.

12سے زائد سڑکو ں کی تعمیر پر پونے دو ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں. ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان طاہر فاروق کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرتونسہ چودھری نوید حسین دیرتھ نے جھوک قاضی والا کا وزٹ کیا

اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی طرف سے ایک اور وعدے کی تکمیل کی طرف جا رہے ہیں.

چشمہ رائٹ بنک کینال تا جھوک قاضی والی کارپٹڈ روڈ کی تعمیر کا کام شروع کر دیاگیاہے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمدخان بزدار کے ترقیاتی کاموں کے ثمرات جلدہر گاؤں اور شہر تک پہنچیں گے

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی دلچسپی سے تونسہ شہر میں پانچ رابطہ سڑکو ں کی تعمیر پر 20کروڑ روپے، سستی بستی رابطہ سڑ ک کی تعمیر پر چار کروڑ روپے،

این 55تا بستی بزدار براستہ منگڑوٹھہ روڈ کی تعمیر و توسیع پر 27کروڑ روپے، این 55منگڑوٹھہ روڈ تا بستی بزدار متصل چشمہ رائٹ بنک، میرے والی،

بستی بنگر والی اور بستی موہانے والی رابطہ سڑک کی تعمیر پر 19کروڑ 90لاکھ روپے، انڈس ہائی وے بھائی موڑ تا سوکڑ بغلانی سڑک کی تعمیر و بحالی پر ساڑھے پچپن کروڑ روپے،

انڈس ہائی وے ناڑی جنوبی تا بستی میر کھر، بستی ہرنے والا اور بستی شجرا براستہ بستی کچالہ و بستی موتی والا رابطہ سڑ ک کی تعمیر و مرمت و توسیع پر 19کروڑ 20لاکھ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں.


ڈیرہ غازیخان

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے صوبہ بھر میں میرج ایکٹ پر عملدرآمد کے احکامات جاری کر د یئے ہیں.

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان طاہر فاروق نے ضلع کے تمام متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ میرج ایکٹ کی خلاف ورزی پر بھر پو رکارروائی کریں

میرج ہال کی انتظامیہ کو پابند کیا جائے کہ وہ تقریبات رات دس بجے سے قبل مکمل کرائیں. غیر ضروری لائٹنگ، ہوائی فائرنگ، آتشبازی، ون ڈش اور مقررہ اوقات کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے،

مقدمات اور دیگر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے. ڈپٹی کمشنرنے کہاکہ میرج ایکٹ پر کی گئی کارروائی کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جائے.


ڈیرہ غازیخان

ڈپٹی کمشنر ڈیر ہ غازیخان طاہر فاروق نے گزشتہ روز جنرل بس سٹینڈ کا دورہ کیا. انہو ں نے جنرل بس سٹینڈ کی اپ گریڈیشن کے تحت موقع کا جائزہ لینے کے ساتھ تعمیراتی کام کی ہدایات جاری کیں.

ڈپٹی کمشنر نے نقشہ کی مدد سے جنرل بس سٹینڈ کی جگہ کا معائنہ کیا. اس موقع پر پولیٹیکل اسسٹنٹ سید موسی رضا، ایکسیئن بلڈنگز ہمایوں مسرور، سیکرٹری آر ٹی اے کامران انور اور دیگر موجو دتھے.

ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب سردارعثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر جنرل بس سٹینڈ کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ منظور کر لیاگیاہے جس پر دس کروڑ روپے خرچ ہوں گے.


ڈیرہ غازیخان

بزدار حکومت کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازیخان میں پرائس کنٹرول ایکٹ پر عملدرآمد اور غریب عوام کو معاشی ریلیف دینے،

سرکاری نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ متحرک ہے. اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ نے سبزی منڈی میں نیلامی کے عمل کا جائزہ لینے کے ساتھ مارکیٹوں میں سرکاری نرخوں کے مطابق اشیاء کی دستیابی کو چیک کیا.

انہوں نے پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر 3500روپے جرمانہ بھی عائد کیا. اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ

ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق کی ہدایت پر تحصیل ڈیرہ غازیخان کی حدود میں سرکاری نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی جس کیلئے روزانہ کی بنیاد پر بلاامتیاز کارروائی کی جار ہی ہے.


ڈیرہ غازیخان

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر 5جنوری کو کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن منایا جائے گا. ضلع کی مرکزی تقریب 12بجے دن کچہری چوک پر منعقد ہو گی

جس میں ڈپٹی کمشنر طاہر فارو ق اور دیگر افسران خطاب کرنے کے ساتھ فیصل مسجد چوک تک واک او رریلی کی قیادت کریں گے.

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یوم کشمیر منانے کا مقصد بھارتی جارحیت کو بے نقاب کرنا ہے. مودی حکومت کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے ساتھ ظلم و ستم کر رہی ہے پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے.

کشمیر ریلی میں بھر پور شرکت کر کے اقوام عالم کو پیغام دیا جائے گا کہ کشمیریوں کو ان کی خواہش کے مطابق حق خودارادیت دیا جائے.


ڈیرہ غازیخان

وزیر اعلی پنجاب سردارعثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر بہبود آبادی کی موبائل ڈسپنسری کے ذریعے ضلع کے دور دراز علاقوں میں خواتین اور بچوں کو علاج معالجہ کی معیاری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں.

ضلعی آفیسر بہبود آبادی ہما مہدی لغاری نے بتایا کہ موبائل ڈسپنسری کے ذریعے لیڈی ڈاکٹرز خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے آگاہی دینے کے ساتھ بچوں او رخواتین کا علاج معالجہ بھی کرتی ہیں.


ڈیرہ غازیخان

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈیرہ غازیخان مہر عابد حسین نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت ٹڈی دل کے حملہ سے فصلو ں کو بچانے کیلئے اقدامات کر رہاہے

انہوں نے بتایا کہ ٹڈی دل کے حملہ سے بچاؤ کیلئے ضروری ہے کہ بڑے گروپس میں دھوپ نکلنے سے پہلے سپرے کیا جائے.

انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت زمینداروں کو ٹڈی دل کے حملہ سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر کے بارے مسلسل آگاہی دے رہا ہے.


ڈیرہ غازیخان

بار ایسوسی ایشن ڈیرہ غازیخان کے انتخابات11جنوری کو ہوں گے الیکشن میں 941ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے

جوائنٹ سیکرٹری اور فنانس سیکرٹری بلا مقابلہ منتخب ہو گئے یہ بات الیکشن بورڈ کے سربراہ سردار عبدالغنی خان کھوسہ ایڈووکیٹ نے یہاں بتائی انہوں نے بتایا کہ

صدارت کے عہدہ پر چار امیدواروں سلیم رضاخان کاکڑ،عظمت اسلام خان غلزئی،سردار محمد نسیم خان کھوسہ،میاں محمد فہیم اکبر،نائب صدر کے عہدہ پرتین امیدواروں آغا حسین احمد،محمد بشیر خان حجبانی،محمد طفیل ترین جنرل سیکرٹری کی نشست پراعجاز احمد کلاچی،

ملک بلال احمد بوہڑ،محمد جہانگیر شاہ جبکہ لائبریری سیکرٹری کی نشست پر تین امیدواروں محمد خالد ملانہ،ملک غلام عباس چنڑ اور محترمہ منورہ سلطانہ مہپال کے درمیان مقابلہ ہو گا

اسی طرح مجلس عاملہ کی دس نشستوں پر 27امیدوار ایک دوسرے کا مقابلہ کریں گے ان امیدواروں میں اعجاز حسین جتوئی،جنید ستار صدیقی،امیر حمزہ خان نیازی،حیدر کفایت عباسی،رانا عبدالستار،رفیق احمد خان لنڈ،محترمہ روبینہ ارشاد بھٹی،ریاض حسین قریشی،ریحان الحسن سیال،

سعد عمران خان نیازی،سلیم اختر راجہ،صداقت علی ناصر ملکانی،طارق شبیر لنڈ،غضنفر عباس خان جلبانی،محمد باقر شاہانی،محمد بخش میرانی،محمد ساجد خان،محمد طاہر خان راجپوت،محمد علی پتافی،محمود نواز خان بابر،مرزا محمد ادریس،مسرت علی خان دستی،مشتاق احمد تنویر،مظہر حسین کارلو،

مہتاب احمد احمدانی،مہتاب احمد علیانی اور نبی بخش خان رمدانی شامل ہیں جبکہ جوائنٹ سیکرٹری کے عہدہ پرمحمد طاہر گورمانی،فنا نس سیکرٹری کے عہدہ پر مس سندس رحیم بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں

سردار عبدالغنی خان کھوسہ نے بتایا الیکشن کے سلسلہ میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام راز داری سے شروع کردیا گیا ہے

اور پرامن و شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ انتخابات میں سید ممتاز شاہ ایڈووکیٹ اور جاوید اقبال خان لنڈ ایڈووکیٹ الیکشن بورڈ کے ممبران کی حیثیت سے اپنے فرائض سرانجام دیں گے.


ڈیرہ غازی خان

انجمن اسٹامپ فروشان وثیقہ نویسان کے نائب صدر حفیظ اللہ بزدار انتقال کر گئے مرحوم کا فی دنوں سے علیل تھے ان کی وفات پر صدر یونین محمد کلیم قریشی، حفیظ الرحمن، محمد علی،

محمد خالد، فیاض لغاری، نعیم انصاری، شیخ رمضان ندیم، ملک اعجاز احمد، محمد ظفر سلیم، ودیگر نے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کی مغفرت کے لئے دعا کی گئی۔


ڈیرہ غازی خان

کہکشاں آرٹس فلم پروڈکشن ضلع ڈیرہ غازی خان کی نئی باڈی کا اعلان کردیا گیا جس میں سرپرست اعلیٰ طور خان بزدار چیئرمین راؤفیاض،صدر عرفان خان بزدار،

سینئر نائب صدر اعجاز اکرم لشاری، نائب صدر اول توقیر شیخ، نائب صدر دوم ذوالفقار شیر و،جنرل سیکرٹری فیض رسول خان لکھوزئی،

جوائنٹ سیکرٹری ساون ماچھی، فنانس سیکرٹری ندیم طارق، پریس سیکرٹری ایاز اکرم لشاری کو نامزد کیا گیا جس پر ڈیرہ غازی خان کے فنکاروں نے نئے منتخب ہو نے والے عہدیداروں کو مبارک باد دی۔


ڈیرہ غازیخان

وزیر اعظم عمران خان نے سپیشل انی شیٹو پولیس سٹیشن (SPECIAL INITIATIVE POLICE STATION) پراجیکٹ کا پنجاب بھر میں افتتاح کردیا۔وزیراعظم پاکستان عمران خان پولیس میں انقلابی تبدیلیوں کا آغاز کرتے ہوئے

میانوالی سے آن لائن پنجاب بھر میں سپیشل انی شیٹو پولیس اسٹیشن پراجیکٹ کا افتتاح کردیا۔ضلع ڈیرہ غازیخان میں بھی اس پراجیکٹ کے تحت تھانہ صدر ڈیرہ اور تھانہ ریتڑہ کا وزیراعظم پاکستان عمران خان کیطرف سے آن لائن افتتاح کیا گیا

آن لائن افتتاحی تقریب تھانہ صدر ڈیرہ غازیخان میں منعقد کی گئی جہاں پر ڈی پی او اسد سرفراز کی طرف سے منعقدہ تقریب کو ٹیلی ویژن سکرین پر تھانہ صدر میں براہ راست دکھایا گیاتقریب میں ریجنل پولیس آفیسر عمران احمر،

ڈی پی او اسد سرفراز، ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق، مشیر صحت پنجاب محمد حنیف خان پتافی سمیت دیگر پارلیمنٹیرنیزاور معززین نے شرکت کی افتتاح ہونے والے سپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشن میں پنجاب پولیس میں پہلی مرتبہ آن لائن نظام متعارف کرا کے روائتی پولیسنگ سے دور رکھا گیا

جہاں فرنٹ ڈیسک تھانہ میں داخلے کے مقام پر بنایا گیا اور ہر وزٹر کیلئے انٹری کا نظام متعارف کروایا گیاجہاں ایک گائیڈ کانسٹیبل بھی تعینات کیا گیا جو ہر نئے آنے والے شہری کو گائیڈ کریگا

اور اس کی مطلوبہ سہولت کی فراہمی تک اس کی مدد کریگافرنٹ ڈیسک سٹاف میں اضافہ کر کے تین شفٹوں میں کام کا آغاز کیا گیا ہے

تاکہ ملازمین اور شہریوں کیلئے سہولت ہوبہترین طرز پر ویٹنگ روم، تفتیشی افسران کیلئے آڈیو وڈیو ریکارڈنگ رومز اور مصالحتی کیلئے علیحدہ ہال کمرہ بہترین فرنیچر کے ساتھ مزین کیا گیا ہے

سپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشن میں ہر آنے والے شہری کے وزٹس اور ان کے کام کو جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹر کیا جائیگا

تھانہ کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا فرنٹ اینڈ میں شہریوں کا داخلہ رکھا گیا جبکہ بیک اینڈ میں پولیس ملازمین کی بائیو میٹرک حاضری کے بعد داخلے کی اجازت دی جائیگی۔

فرنٹ ڈیسک میں سب سے پہلے استقبالیہ قائم کیا گیا جسکے بعد ویٹنگ روم پھر تفتیشی روم نمبر 1 پھر تفتیشی روم نمبر 2 پھر مصالحتی کمیٹی کا کمرہ پھر ایس ایچ او کا کمرہ اور آخر میں خواتین کے مسائل کے حل کیلئے ویمن ڈیسک بھی قائم گیا ہے

شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے ہر انٹری کو ٹائم لمٹ کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کے مسائل بروقت حل کئے جا سکیں۔


ڈیرہ غازیخان

پٹرولنگ پولیس ڈیرہ غازیخان ریجن نے سال 2019کے دوران ہائی ویز پر 10293لوگوں کو مدد فراہم کی اور غفلت، لاپرواہی اور تیز رفتاری سے ڈرائیونگ کرکے لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والے ڈرائیوروں کے خلاف 1112مقدمات درج کیے گئے.

ایس پی ملک طاہر مصطفی نے بتایا کہ اس عرصہ کے دوران ناجائز اسلحہ کے 396 جبکہ منشیات کے خلاف کارروائی کے دوران شراب برآمدگی پر 232مقدمات درج کیے گئے اور مجموعی طو رپرمنشیات چرس، افیون اورہیروئن کے 355مقدمات درج کیے گئے.

ملک طاہر مصطفی نے بتایا کہ گزشتہ سال کے دوران 501اشتہاری مجرمان اور 21عدالتی مفرور گرفتار کیے گئے.

ایس پی پٹرولنگ نے بتایا کہ اس دوران 107حادثات میں 257زخمیوں کو فرسٹ ایڈ کے بعد ایمرجنسی ریسکیو 1122کے حوالے کیاگیا. سال 2019کے دوران گمشدہ 104بچوں کو والدین تک پہنچایا گیا

1582عارضی اور 89مستقل تجاوزات کو ختم کرایاگیا. 32451غیر رجسٹرڈ، بغیر نمبر پلیٹ اور مشکوک موٹر سائیکلوں کو بند کیاگیا.

ایس پی ملک طاہر مصطفی نے بتایا کہ گزشتہ سال کے دوران شجرکاری مہم میں سات ہزار سے زائد پودے لگائے گئے.

1745مقامات پر سیفٹی لیکچرز دیئے گئے. فوگ، سموگ مہم سے متعلق آگاہی اور ٹریفک قوانین بارے ہزاروں پمفلٹس تقسیم کیے گئے.

ایس پی پٹرولنگ ملک طاہر مصطفی نے کہاکہ پٹرولنگ پولیس کے جوان 24گھنٹے شاہراہوں پر لوگوں کی خدمت میں مصرو ف عمل ہیں

اور پٹرولنگ پولیس کے قیام سے شاہراہوں پر 90فیصد جرائم میں کمی واقع ہوئی ہے اور کوئی بھی شخص شاہراہوں پر محفوظ اور آزادانہ سفر کر سکتاہے.

About The Author