نومبر 15, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

منصفانہ قانون کرایہ داری کا نفاذ وقت کی ضرورت ہے۔ سیف الرحمٰن خان

اسلام آباد کے تاجروں کو بھی کرایہ داری کے معاملہ میں ریلیف دیا جائے

اسلام آباد میں منصفانہ قانون کرایہ داری کا نفاذ وقت کی ضرورت ہے۔ سیف الرحمٰن خان

وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری عدم تحفظ کی وجہ سے سخت پریشان ہے۔ طاہر عباسی

اسلام آباد

وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اسد عمر اور اسلام آباد سے منتخب تمام اراکین اسمبلی نے مشترکہ طور پر قانون کرایہ داری کا ایک ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش کیا ہوا ہے جس کو اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے متفقہ طور پر پاس بھی کر دہا ہے

لہذا تاجر برادری اس بات کی توقع رکھتی ہے کہ اگلے اجلاس میں ترمیمی بل قومی اسمبلی سے پاس کرا لیا جائے گا کیونکہ اسلام آباد میں قانون کرایہ داری کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر سیف الرحمٰن خان اور سینئر نائب صدر طاہر عباسی نے چیمبر کی ٹریڈرز کمیٹی کے کنوینر خالد چوہدری اور دیگر سینئر اراکین کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قانون کرایہ داری کی عدم موجودگی کی وجہ سے کرایہ دار طبقہ سخت پریشان ہے اور مہنگائی کے اس دور میں ان کو کرایوں میں بے جا اضافے اور بے دخلیوں کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترمیمی بل کے مطابق کرایہ داری کے تمام تنازعات کیلئے ایک مصالحتی کمیٹی بنے گی اور کسی بھی مقدمہ بازی سے قبل مصالحتی کمیٹی فیصلہ کرے گی۔ اس سلسلے میں ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اور مرکزی انجمن تاجراں کے صدر اجمل بلوچ رابطہ میں ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی کہ جس طرح نیب کے قوانین میں تاجروں کو ریلیف دیا گیا ہے اسی طرح اسلام آباد کے تاجروں کو بھی کرایہ داری کے معاملہ میں ریلیف دیا جائے۔

اجلاس میں چیمبر کے سابق صدور خالد اقبال ملک، زاہد مقبول اور شیخ باصر داؤد سمیت اشفاق چھٹہ، چوہدری عرفان اور دیگر شامل تھے۔

About The Author