دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع مظفر گڑھ سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع مظفر گڑھ ،کوٹ ادو، جتوئی اور علی پور سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مرسلوں پر مبنی خبریں ۔

کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر)ڈپٹی کمشنر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ محکمہ ریونیو ختم نہیں ہو رہا، ضلع کے انتظامی امور میں محکمہ ریونیو کا بڑا اہم کردار ہے، سیلاب ہو، الیکشن ہو، سروے ہو، مردم شماری ہویا کوئی اور کام ہو ریونیو افسران کی معاونت نا گزیر ہوتی ہے، تاہم ہم نے اپنے کام سے بھی ثابت کرنا ہے کہ محکمہ ریونیو کے بغیر ضلع کے انتظامی امور نہیں چل سکتے یہ بات انہوں نے محکمہ ریونیو کے معاملات کو بہتر بنانے کے سلسلے میں جنا ح آڈیٹوریم میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عطاء الحق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان الحق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ جام آفتاب احمد، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ رانا محمد شعیب، اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو فیاض احمد نے بھی سیمینار سے خطاب کیا، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کوئی محکمہ یا ادارہ اس وقت ختم کیا جاتا ہے جب اس کو متبادل موجود ہو۔ سول عدالتوں میں ہر معاملہ ریونیو سے جڑا ہوا ہے، لہذا محکمہ ریونیو کو ختم نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے رویوں میں تبدیلی لانا ہے، ہمارے یہ عہدے امانت ہیں، اس کو ایمانداری سے استعمال کریں، لوگوں کے ساتھ بھلائی کریں اور بھلائی یہ ہے کہ ان کے ساتھ عزت سے پیش آئیں، ان کو ان کا حق لے کردیں، ان سے کوئی چالاکی نہ کریں، انہوں نے کہا کہ لوگوں سے تو چالاکی کی جاسکتی ہے لیکن اللہ سے چالاکی نہیں کی جاسکتی، آپ نے اپنے قلم سے کئے گئے ہر فیصلے کا حساب دینا ہے، جب آپ حق سچ پر فیصلہ کریں گے تو کوئی آپ کو کچھ نہیں بگاڑ سکتا، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ میرا فرض ہے کہ میں آپ لوگوں کو طاقتور بناؤں، آپ لوگوں کو امیج بہتر بناؤں اور اچھے کاموں پر حوصلہ افزائی کروں، انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ عوام مسائل کو فوری حل کرنے اور عوامی تکالیف کو کم کرنے میں ضلع مظفرگڑھ صوبہ بھر میں پہلے نمبر پر ہے، انہوں نے کہا کہ اگلے 15روز میں گرداور کی خالی سیٹوں پر سینارٹی اور میرٹ پر ترقیاں دے دی جائیں گی اور نائب تحصیلداروں کی سیٹوں پر ترقی کے لئے اعلیٰ حکام کو سفارش کی جائے گی، انہوں نے ہدایت کی کہ پٹواری اپنے دفاتر کے باہر دفتر کا بورڈ ضرور نصب کریں اور دفاتر میں بیٹھ کر کام کریں، قبل ازیں سیمینار سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عطاء الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمہ ریونیو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، دیرینہ مسائل کو فی الفور حل کیا جائے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ محکمے اپ ڈیٹ کئے جارہے ہیں، ہم نے بھی وقت کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے کام کرنا ہے اور اپنے امیج کو بہتر بنانا ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ جام آفتا ب احمد نے کہا کہ افسران کے کارکردگی میں تحصیلدار سے لے کر پٹواری تک کی محنت شامل ہوتی ہے ہم ان کو نظر انداز نہیں کرسکتے، انہوں نے کہا کہ ریونیو افسران کے مسائل بھی ترجیح بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں، ان کی ترقی ہو یا ریٹائرمنٹ تمام معاملات کو قانون اور میرٹ پر حل کیے جائیں گے، سیمینار سے اسسٹنٹ کمشران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو دفاتر کے چکر نہ لگوائے جائیں، جو کام ہونے والا ہے اس کو فوری کریں اور جو نہیں ہوسکتا اس پر صاف انکار کردیں، لوگوں کے مسائل حل ہونگے تو ان کا اعتماد بحال ہوگا۔ سیمینار میں ضلع بھر کے تحصیلدار، نائب تحصیلدار، گردارور، پٹواریوں نے شرکت کی،


کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل کوٹ ادوکے سیکرٹری انفارمیشن رائے ثاقب پرہاڑ نے سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے 12 ویں یوم شہادت کے موقع پر اُنہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو ایک شخصیت ہی نہیں ایک نظریہ اور جدوجہد کا نام ہے،محترمہ بے نظیر بھٹو کی 54 سالہ زندگی کے 24 سال ملک میں جمہوریت کی بحالی و بالادستی اور قومی ترقی کی جدوجہد پر محیط ہے،انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا کی عظیم لیڈر بے نظیر بھٹو بے یک وقت عالم اسلام کے لبرل نظریات کا استعارہ تھی تو دوسری طرف ان کی زندگی میں مذہبی رنگ بھی نمایاں تھا، وہ لیڈر جس نے ہمیشہ غریب مزدوروں کی حقوق کی آواز اٹھائی تو دوسری طرف میڈیا کی آزادی اور عدلیہ کی آزادی پر بھی دوٹوک مؤقف اختیار کیا،پاکستان کی عوام اپنی اس بہادر قائد کو کبھی فراموش نہیں کرے گی جنہوں نے اپنا سب کچھ اِس ملک اس کے پسماندہ اور ننگے پاوں والے لوگوں کے لئے قربان کردیا،انہوں نے مزیدکہا کہ ایک بیٹی کی حیثیت سے اُنہوں نے اپنے والد و عوام میں انتہائی مقبول رہنما شہید ذوالفقار علی بھٹو کے اُن نظریات کے لئے جانفشانی سے مقابلہ کیا، جن کی خاطر اُن کے والد نے پھانسی کے پھندے کو گلے لگایا تھا


کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر)ڈپٹی کمشنر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ دور جدید کے تقاضو کے مطابق ہم نے اپنے نظام کو بہتر بنانا ہے، جدید ٹیکنالوجی کو اپنا کر ہم اپنی کارکردگی کو بہتر بنا سکتے ہیں، جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہو کر صحت کے شعبہ میں عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکتی ہیں، یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے کہی،سی ای او صحت ڈاکٹر ضیاء الحسن، ایم ایس ڈاکٹر مہر محمد اقبال بھی ان کے ہمراہ تھے، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بزدار حکومت نے شعبہ صحت پر اپنی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے، عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ نہ صرف ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال پر بلکہ ضلع کے تمام بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت پر بھی عوام کو صحت کی تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، مریضوں کو ہسپتال سے مفت ادویات فراہم کی جائیں، داخل مریضوں کو تمام سہولیات مفت فراہم کی جائیں، ہسپتال میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے، بستروں کی چادر روزانہ تبدیل کی جائے، ڈپٹی کمشنر نے ادویات کے سٹاک کا بھی معائنہ کیا، بالخصوص (انٹی ریبیز)کتے کے کاٹنے کی ویکسین کا سٹاک کا معائنہ کیا، کمپیوٹر پر سٹاک اپ ڈیٹ نہ ہونے پر آئی ٹی کے سٹاف پر برہمی کا اظہار کیا


کوٹ ادو (تحصیل رپورٹر)مسلح افراد کا محنت کش کے گھر دھاوا گن پوائنٹ پر تمام گھر والوں کو کمرہ میں محبوس کرکے نقدی طلائی زیورات اٹھالئے،گھر میں موجود محنت کش کی بیٹی سے زیادتی کرڈالی،جاتے ہوئے محنت کش کی جواں سالہ بیٹی ساتھ لے گئے، نامعلوم مقام پررکھ کر3روز تک زیادتی کرتے رہے، متاثرہ موقع پاکر والدہن کے پاس پہنچ گئی، کاروائی کیلئے کئی روز تھانے کے چکر کاٹتی رہی، 6روزبعد ڈی پی او کے حکم پر مقدمہ درج، گھر آنے سے منع کرنے پر اوباش نے مزدور کی شادی شدہ بیٹی اغواء کر لی، مزدور کی بیوی دو بچیوں سمیت اغوا،پولیس نے تینوں مقدمات درج کر لئے، اس بارے تفصیل کے مطابق پہلے واقعہ تھانہ سناواں کے علاقہ موضع سنانواں میں بشیر احمد اعوان کے گھر رات کی تاریکی میں حشمت اللہ جٹ،شاہنواز عرف شانی آرائیں، یعقوب جٹ، نذیربلوچ،ظفران جٹ،دونامعلوم کے ہمراہ گھر میں داخل ہوگئے اور تمام گھر والوں کو گن پوائنٹ پر ایک کمرے میں محبوس کر لیا اور گھر سے نقدی 50 ہزار روپے4 تولے طلائی زیورات اٹھالئے، گھر میں موجود اس کی جواں سالہ بیٹی روبینہ بی بی کے ساتھ گھر میں زیادتی کی،بعد ازاں روبینہ کو ساتھ لے گئے جہاں نامعلوم مقام پر رکھ کر 3 روز تک اس کے ساتھ زیادتی کرتے رہے، 3 روز بعد روبینہ بی بی موقع پا کر اوباشوں کے چنگل سے آزاد ہوکر گھر پہنچ گئی، کئی روز تک والدین متاثرہ روبینہ بی بی کو لے کر تھانہ سناواں چکر کاٹتے رہے،پولیس نے اپنی روایتی بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کاروائی نہ کی جس پر متاثرین ڈی پی اومظفرگڑھ سید ندیم عباس کے پاس پہنچ گئے، ڈی پی اومظفرگڑھ سید ندیم عباس کے حکم پر پولیس تھانہ سنانواں نے متاثرہ روبینہ بی بی کی مدعیت میں مقدمہ نمبر509/19 زیر دفعہ365 بی 376 اے کے تحت درج کرکے تمام ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ دوسرے واقعہ تھانہ چوک سرور شہید کے علاقہ چک نمبر 506 ٹی ڈی اے میں حقنواز جاڑا کے گھر عطامحمد چانڈیہ کا آنا جانا تھا جس نے حق نواز جاڑا کی بیٹی نگہت بی بی سے ناجائز تعلقات استوار کر لیے،حق نواز جاڑا کو پتہ چلنے پر اس نے عطامحمد چانڈیہ کو گھر آنے سے منع کردیا، گزشتہ رو حقنواز جاڑا مزدوری کے سلسلہ میں گھر سے باہر تھا کہ اسی اثنا میں عطامحمد چانڈیہ اپنے2 نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ اس کے گھر داخل ہوگیا اور اس کی بیٹی نگہت بی بی کو اغوا کرکے فرار ہوگیا،تیسرے واقعہ تھانہ محمودکوٹ کے علاقہ قصبہ گجرات کے رہائشی محمد طارق شیخ قریشی کے گھر نامعلوم افراد داخل ہوگئے اور اس کی بیوی قمرالنساء فاطمہ 8 سالہ بیٹی بختاور فاطمہ اور 6 سالہ بیٹی علیزہ فاطمہ کو اغوا کرکے لے گئے،پولیس سرکل کوٹ ادو نے تینوں واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے،


کوٹ ادو (تحصیل رپورٹر) ضلع بھر میں شہریوں کی ایس ایچ او سے لیکر ڈی پی او تک آسان رسائی کیلئے ٹائم ٹیبل کے ساتھ ایک منظم نظام تشکیل دیدیا گیا ہے، ڈی پی او مظفرگڑھ کی دفتر پولیس میں کھلی کچہری،
تفصیل کے مطابق ڈی پی او مظفرگڑھ ندیم عباس نے دفتر پولیس میں بعد نماز جمعہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا جہاں انہوں نے ضلع بھر سے آئے مرد و خواتین کے مسائل براہ راست خود سماعت کیئے اور متعلقہ پولیس
افسران کو ہدایات جاری کیں، انچارج کمپلینٹ سیل سے سابقہ دی گئی درخواستوں پر ہونے والی کارروائی اور عملدرآمد کے حوالے سے بھی گفتگو کی، ڈی پی او ندیم عباس کا کہنا تھا کہ شہریوں کی ایس ایچ او سے لیکر ڈی پی او تک آسان رسائی کیلئے ٹائم ٹیبل کے ساتھ ایک منظم نظام تشکیل دیدیا گیا ہے جس کے تحت وہ دن 12 سے 2 بجے تک شہریوں کے مسائل روزانہ کی بنیاد پر خود سماعت کرینگے جبکہ دن 3 سے پانچ ضلع بھر کے ایس ڈی پی او ز اپنے دفاتر اور ایس ایچ اوز اپنے اپنے تھانہ جات میں شہریوں کے مسائل براہ راست خود سماعت کرینگے، ڈی پی او کا مزید کہنا تھا اس حوالے سے تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز اور ایس ڈی پی اوز کے دفاتر میں کیمرے لگا دیئے گئے ہیں جنکی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائیگی، ڈی پی او کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ شہریوں کی افسران کی غیر موجودگی کی شکایات ختم ہونگی اور ان مسائل فوری حل کرنے میں مدد ملے گی،


کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خورشید احمد انجم نے ڈسٹرکٹ جیل مظفر گڑھ کاماہانہ دورہ کیا، سول جج ریاض احمد خان ان کے ہمراہ تھے۔ سپرنٹنڈنٹ جیل عامر عمر قریشی، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل راؤ ندیم اقبال اور دیگرافسران بھی موجود تھے۔معائنہ کے دوران جیل انتظامیہ کی طرف سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ فاضل جج نے نو عمر وارڈ، جیل ہسپتال سمیت مختلف بیرکوں کا معائنہ کیا، کچن اسیران کی صفائی اور کھانے کے معیار کو سراہا اور11معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث حوالاتیوں کو ذاتی مچلکہ پر رہائی کا حکم صادر فرمایا


کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر)سپرنٹنڈنگ انجینئرمیپکو سرکل مظفر گڑھ انجینئرمہر نذر محمد ڈب آج 11بجے دن جامع مسجدکینال کالونی کوٹ ادومیں صارفین کی شکایات کے ازالے کے لیے کھلی کچہری لگائیں گے،تمام صارفین سے اپیل کی جاتی ہے کہ میپکو سے متعلقہ شکایات کے ازالے کے لیے کھلی کچہری میں شرکت کریں،کھلی کچہری میں ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل محمد نعیم اختر سامٹیہ،میپکو سرکل مظفر گڑھ کے آفیسرز ایکسین میپکو ڈویژن کوٹ ادو فرقان زکریااورمیپکو ڈویژن کوٹ ادوکے ایس ڈی اوز،آراو بھی موجود ہوں گے


کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر) مہر الہی بخش سہو کے والد سابق کونسلر مہر غلام حسین سہوجوکہ بقضائے الہی وفات پاگئے تھے ان کی روح کو ایصال ثواب کے لئے رسم قل خوانی کل بروز اتوار کو ان کی رہائش گاہ دری 29ہزار پر ادا کی جائے گی،

About The Author