دسمبر 28, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

دادو:کمسن بچی کو سنگسار کرکے قتل کئے جانے کا انکشاف

مولوی کی نشاندھی پر پولیس نے جائے وقوعہ کھیر تھر پہاڑی سلسلے میں واقع شاہی مکان کے مقام پر پہنچنے کے بعد مرحومہ کے والدین تک رسائی حاصل کرلی

جوہی: پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ کے ضلع دادو کے علاقہ واہی پاندھی کے قریب سندھ اور بلوچستان کی حدود کے قریب کھیر تھر پہاڑی سلسلے میں لڑکی کو مبینہ طور پر سنگسار کرکے دفنانے کےواقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔

متفرق ذرائع سے واقعے کے متعلق اطلاعات منظر عام پر آنے کے فوراً بعد ایس ایس پی دادو ڈاکٹر فرخ رضا نے نوٹس لیتے ہوئے حقائق معلوم کرنے کے احکامات جاری کیے۔

ایس ایس پی  دادو کی ہدایات پر واہی پاندھی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جنازہ نماز پڑھانے والے مولوی ممتاز علی لغاری کا سراغ لگا کر اس سے واقعے کے متعلق پوچھ گچھ کی۔

مولوی کی نشاندھی پر پولیس نے جائے وقوعہ کھیر تھر پہاڑی سلسلے میں واقع شاہی مکان کے مقام پر پہنچنے کے بعد مرحومہ کے والدین تک رسائی حاصل کرلی۔

متوفی لڑکی کا نام گل سماں اور عمر تقریباً 9/10 برس بتائی جا رہی ہے۔

پولیس کی جانب سے مزید تفتیش کیلئے مرحومہ کے والدین کو حراست میں لے کر تھانے لایا گیا ہے اور جنازہ نماز پڑھانے والے مولوی ممتاز لغاری سمیت کفن دفن میں سہولتکاری کرنے والے تاج محمد رستمانی کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جن سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

ترجمان دادو پولیس کے مطابق پولیس کی جانب سے سرکاری مدعیت میں واقعیے کا مقدمہ نمبر 48/2019 بجرم 302، 201 اور 120B ت-پکے تحت ملزمان کے خلاف واہی پاندھی تھانے پر درج کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے متوفی کی قبر کشائی کیلئے متعلقہ عدالت سے رجوع کیا جائے گا جس کے بعد پوسٹ مارٹم کروایا جائے گا۔

پولیس مختلف پہلوؤں سے مقدمے کی تفتیش کر رہی ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ اور مزید شواہد و ثوابت کی روشنی میں اس کیس کو میرٹ پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

About The Author