نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع مظفر گڑھ سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلے

ضلع مظفر گڑھ سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تبصرے اور تجزیے

مظفرگڑھ ( علی جان سے )

وزیرمملکت زرتاج گل نے کہا ہے کہ سرسبز اور صاف پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی اور صوبائی حکومت کا اہم مقصد ہے اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں

انہوں نے کہا کہ صاف ستھرا ماحول تمام علاقوں کے لوگوں کا بنیادی حق ہے اس کے وزیر اعظم پاکستان عمران خان دن رات کوشاں ہیں.

انہوں نے کہا کہ کنٹینر پر چڑھنے والے ناکام لوگوں کی کوشش ہے کہ ادروں کو لڑایا جائے،ایسے لوگوں کو ناکامی ہوگی،ادارے آپس میں نہیں لڑیں گے.حالت جنگ کے دوران جنرل قمر جاوید باجوہ کو توسیع دینا حکومت کا اختیار ہے.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل کے جناح آڈیٹوریم میں محکمہ پبلک ہیلتھ اور غیرسرکاری تنظیم کے زیر اہتمام ماحول کی بہتری کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اور

بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا .اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ علی شہزاد اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے.

وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تقرری کے معاملے میں وزیراعظم سے کوئی غلطی نہیں ہوئی،

توسیع دینا وزیراعظم کا اختیار ہے،اسی قانون کے تحت جنرل کیانی کو بھی توسیع دی گئی تھی.وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ عدلیہ سپریم ہے اور وفاقی کابینہ عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے،

عدلیہ ،کابینہ اور افواج پاکستان ایک پیج پر ہیں.زرتاج گل کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا حق ہے کہ وہ اپنی ٹیم میں تبدیلی یا توسیع کریں،فروغ نسیم پر عمران خان کو بھرپور اعتماد ہے .

وزیرمملکت زرتاج گل کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کے حالات کے پیش نظر اداروں میں کوئی ٹکراو نہیں ہوگا،

پاکستان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر کے عوام کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جائے پہلی بار کشمیر کا ایشو عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے.


مظفرگڑھ

ممبر ہیومن رائیٹس کمیٹی علی عباس قریشی نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سید محمد کاشف سلیم اور پی ٹی آئ vرہنما زاہد گورایہ کے ہمراہ دارالامان مظفر گڑھ کا دورہ کیا۔

انہوں نے مظفرگڑھ کے دارالامان کو ایک ماڈل دارالامان قرار دیا اور یہاں پر آنے والی خواتین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر اور ان کی سائیکلوجیکل تھراپی کرنے پر انچارج دارالامان میڈم عافیہ بلال اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیر شعیب مگسی کی کاوشوں کو سراہا

اور کہا کہ انتظامیہ بہترین انتظامی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ان کو بہترین سہولتیں مہیا کر رہی ہے. اس موقع پر علی عباس قریشی نے کہا کہ موجودہ حکومت زیادہ سے زیادہ خواتین کو خود مختار کرنے کے لیے بہت زیادہ بجٹ مختص کر رہی ہے

اور وزیراعظم عمران خان نے اس ضمن میں احساس پروگرام کے ذریعے دکھی اور بے سہارا افراد کو سہولتیں مہیا کررہے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈایئریکٹر سوشل ویلفیر شعیب مگسی نے سوشل ویلفیر کے تحت چلنے والے مختلف پراجیکٹس پر بریفینگ دی اور صوبائی حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عنقریب قصر بہبود کی نو تعمیر شدہ بلڈنگ میں مختلف ٹریڈز میں خواتین کو ٹیکنیکل تعلیم دی جائے گی

اور یہ پنجاب کا تیسرا بڑا خواتین کی فنی تعلیم کا ادارہ ہو گا۔ انہوں نے پاکستان بیت المال کے متحرک کردار کو سراہتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائیریکٹر سید کاشف سلیم کی کاوشوں کو صراہا اور کہا کہ وہ طالب علموں کے وظیفوں ,

معذورں کی مالی امداد اور نادارمریضوں کے علاج معالجے کے لیے بہت زیادہ فنڈز خرچ کر رہے ہیں ۔کاشف سلیم نے دارالاحساس کوٹ ادو کے لیے چار سے چھ سال کے یتیم لڑکوں کی رجسٹریشن کے لیے انہیں اپنا کردار ادا کرنے کو کہا .

ممبر ہیومن رائیٹس کمیٹی علی عباس قریشی نے بہترین اور منظم انداز میں ادارے کو چلانے پر انچارج عافیہ بلال کی تعریف کی اور اس ضمن میں اپنے تعاون کا یقین دلایا.


کوٹ ادو

سابق وزیر جیل خانہ جات ملک احمد یار ہنجراء نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوامی حمایت کھو چکی ہے،پاکستان کی تاریخ میں واحد پی ٹی آئی کی گورنمنٹ ایسی ہے جو اپنے ابتدائی دنوں میں غیر مقبولیت کہ انتہا تک پہنچ گئی ہے، اس کی بڑی وجہ ان کا نااہل ہونا اور ناتجربہ کاری ہے مگر اس کے باوجود عمران خان ڈھٹائی کا مظاہرہ کر رہا ہے،

مسلم لیگ ن اور نوازشریف ایک نظریے کا نام ہے، ووٹ کو عزت دو ایک فلاسفی ہے جس کا مطلب عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے،مسلم لیگ عوامی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام کے حقوق کی بات کی ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے موضع منہاں کی معروف سیاسی وسماجی وگورمانی برادری کی سرکردہ شخصیت سجاد خان گورمانی کی جانب سیبلائے گئے لیگی ورکروں سے خطاب کے دوران کیا،

اس موقع پر لیگی کارکنان کے علاوہ مختیار احمد رحمانی،شیخ علی عباس عثمان،چوہدری محمد سلیم،سید ثقلین شاہ سمیت عمائدین علاقہ کی کثیر تعداد بھی شریک تھی،انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور نوازشریف ایک نظریے کا نام ہے ووٹ کو عزت دو ایک فلاسفی ہے جس کا مطلب عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے،

ملک احمد یار ہنجراء نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کابینہ کے زیادہ تر لوگ عوام کے جھٹلائے ہوئے ہیں، پی ٹی آئی جب سے برسر اقتدار آئی ہے اس نے ملک کو جہاں قرضے میں ڈوب دیا ہے وہیں پر ملک کو مہنگائی جیسے مسائل سے بھی دوچار کر دیا ہے پاکستانی عوام مشکلات کا شکار ہو چکے ہیں

اور دونوں ہاتھ اٹھا کر حکومت کو بددعاہیں دے رہے ہیں، موجودہ حکومت کی ستر فیصد کابینہ کے ارکان نیب زدہ ہیں مگر انہیں نا تو گرفتار کیا جاتا ہے اور ناہی کوئی کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے جبکہ اسکے برعکس اپوزیشن کے لیڈران سمیت دیگر افراد کو پابند سلاسل کر دیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ قائدین نے ان کے اوپر جوبھاری ذمہ داری عائد کرکے انہیں ضلع مظفرگڑھ میں پارٹی کو مزید فعال کرنے کا ٹاس دیا ہے

اور میں پارٹی قائدین اور کارکنوں کے امنگوں کے مطابق ضلع مظفرگڑھ میں پارٹی کو فعال کریں گے، تمام ناراض مسلم لیگیوں کو دوبارہ پارٹی میں لائیں گے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ عوامی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام کے حقوق کی بات کی ہے، آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ(ن) کی کارکردگی کی بنیاد پر ضلع مظفرگڑھ کی صوبائی اسمبلی اور قومی اسمبلی کی نشستوں کو جیتنے کیلئے سر توڑ کوشیش کرینگے،

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع مظفرگڑھ میں مسلم لیگ ن کے لاکھوں کی تعداد میں ورکرز ہیں جو میاں محمد نوازشریف کی قیادت پر فخر کرتے ہیں اور انکہ قیادت میں متحد بھی ہیں جن کی تنظیم سازی کرکے پارٹی کومضبوط تر مضبوط بنایاجائے گا،

اس موقع پر موجود عمائدین علاقہ نے سابق وزیر جیل خانہ جات ملک احمد یار ہنجراء کو مسلم لیگ ن کا ضلعی صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے نیک تمناوں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ ا پنے بھر پور قائدانہ صلاحیتوں کے ساتھ پارٹی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گئے۔


کوٹ ادو

پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایڈز کا عالمی دن یکم دسمبر کومنایا جائے گا، اس دن کو منانے کا مقصد اس انتہائی مہلک مرض کے بارے میں آگاہی دینا اور ایڈز سے بچاؤ سے متعلق حفاظتی احتیاطی تدابیر کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے،

ایڈز کا عالمی دن دنیا میں پہلی مرتبہ 1987ء میں منایا گیا،ایڈز بلاشبہ جدید دور کا ایک خطرناک مرض ہے، عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں 3 کروڑ سے زائد افراد ایچ آئی وی ایڈز سے متاثر ہیں،

پاکستان میں ایڈز پھیلنے کی سب سے بڑی وجہ نشہ کرنے والے افراد کا سرنجوں کا غلط استعمال ہے،ایڈز کا مرض ایک وائرس کے ذریعے پھیلتا ہے،

جو انسانی مدافعتی نظام کو تباہ کر دیتا ہے، ایسی حالت میں کوئی بھی بیماری انسانی جسم میں داخل ہوتی ہے تو مہلک صورت اختیار کر لیتی ہے،

اس جراثیم کو ایچ آئی وی کہتے ہیں۔ اور یہ انسانی جسم کے مدافعتی نظام کو ناکارہ بنانے والا وائرس بھی کہلاتا ہے، ماہرین کے مطابق صرف احتیاط ہی کے ذریعے اس بیماری سے محفوظ رہا جا سکتا ہے،


کوٹ ادو

تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کی کار کو ٹکر، کار میں آگ بھڑک اٹھی، کار سوار 2 افراد زخمی، ایک شدید زخمی کو نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا،تیز رفتار موٹر سائیکلوں کے تصادم میں 12 سالہ بچہ بھی زخمی،

ہسپتال داخل،پسٹل لیکر واردات کی نیت سے گھومنے والے کو پولیس نے دھر لیا،پسٹل برآمد،پولیس نے تمام مقدمات درج کرلئے،اس پر تفصیل کے مطابق پہلے واقعہ مانگا منڈی لاہور کے رہائشی اکرم سمیجہ اپنے دیگر دوست اقبال بھٹی کے ہمراہ کار نمبر 24 70 ایل ای ڈی پر شادن لنڈ جارہے تھے

کہ موڑکنڈی کے قریب سامنے سے آنے والی تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے زوردار ٹکر مار دی جس سے کار میں آگ بھڑک اٹھی، کار میں سوار اکرم سمیجہ اور اقبال بھٹی زخمی ہوگئے جنہیں تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال کوٹ ادو لایا گیا،تاہم اقبال بھٹی کو تشویشناک حالت کے باعث نشتر ہسپتال ملتان منتقل کر دیا گیا،

جبکہ ٹریکٹر ٹرالی کا نامعلوم ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا،دوسرے واقعہ تھانہ چوک سرور شہید کے علاقہ چک نمبر 554 ٹی ڈی اے کا رہائشی محمد اقبال کھیارا کا 12 سالہ بیٹا عابد گزشتہ روز موٹر سائیکل پر سوار اپنے رشتے داروں کے گھر جا رہا تھا کہ راستہ میں تیز رفتار موٹر سائیکل سوار عزیزاللہ کھیارہ نے اسے ٹکر مار دی

جس کے نتیجہ میں عابد زخمی ہوگیا، جسے تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال چوک سرورشہید منتقل کر دیا گیا،پولیس محمودکوٹ نے دوران گشت واردات کی نیت سے گھومنے والے موضع ڈبی شاہ کے رہائشی غازی موہانہ کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے پسٹل 30 بور اور گولیاں برآمد کرلیں پولیس سرکل کوٹ ادو نیتمام واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرلیے۔



کوٹ ادو

مہندی کی تقریب میں آتش بازی، 15 کی کال پر پولیس کا تقریب میں چھاپہ،آتشبازی میں آئے تماشائیوں کی پولیس کو دیکھتے ہی دوڑیں، آتش بازی کرنے والا دولہا دوستوں کے ہمراہ فرار،

پولیس نے دولہا کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، اس بارے تفصیل کے مطابق کوٹ ادو کے نواحی قصبہ چوک سرورشہید کے علاقہ دھکا بستی میں سرور آرائیں کے بیٹے سہیل آرائیں کی شادی تھی،

گزشتہ شب مہندی کی تقریب تھی کہ تقریب میں دلہا اپنے دوستوں کے ہمراہ آتش بازی کر رہا تھا کہ 15 پر کسی نے پولیس کو کال کر دی، پولیس کے چھاپے کے دوران تقریب میں آئے تماشائی پولیس کو دیکھتے ہی بھاگ گئے

جبکہ پولیس کو دیکھتے ہی دولہا سہیل آرائیں بھی دوستوں کے ہمراہ موقع سے فرار ہوگیا،پولیس چوک سرور شہید نے دولہا سہیل آرائیں کے خلاف مقدمہ نمب503/19زیر دفعہ 285 درج کرکے دولہا کی تلاش شروع کر دی ہے.


مظفرگڑھ(علی جان سے) ڈائریکٹر جنرل نادرا کے حکم پر نادرا نے مظفرگڑھ میں معذور اور صاحب فراش خواتین و حضرات جو نادرا دفتر شناختی کارڈ بنوانے نہیں آ سکتے ان کی سہولت کے لئے مین پیک (man pack) سروس کا آغاز کر دیا ہے. اس سروس سے ایسے افراد کے شناختی کارڈز گھر پر ہی بن سکیں گے. جو معذوری, عمر رسیدگی, بیماری یا کسی اور وجہ سے نادرا دفتر تک نہیں آ سکتے. ان کی ایک فون کال پر عملہ گھر پہنچ کر شناختی کارڈ بنانے کا عمل مکمل کرے گا. صدر مجلس شہریاں ضلع مظفرگڑھ رانا امجد علی امجد ایڈووکیٹ نے اس سروس کا مظفرگڑھ میں آغاز کرنے پر نادرا انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے.


مظفرگڑھ ( علی جان سے)ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ علی شہزاد نے بنیادی مرکز صحت بصیرہ اور بوائز و گرلز ہائی سکولز بصیرہ کا اچانک دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا. ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو صحت کی بنیادی اور جدید سہولیات فراہم کرنے لئے حکومت پنجاب عملی اقدامات کررہی ہے، سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے سمیت مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے.انہوںنے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹر اور دیگر عملہ حاضری کو یقینی بنائیں غیر حاضری کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا، ڈیوٹی سے غیر حاضر ڈاکٹروں ، نرسوں اور دیگر عملے کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی، انہوں نے مزیدکہا کہ ضلع کے تمام تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتالوں ، دیہی مراکز صحت اور بنیادی مراکز صحت میں صفائی کے نظام کو بہتر سے بہتر بنایا جائے اور ہسپتالوں میں داخل مریضوں کو بھی صفائی کی ترغیب دی جائے ، ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا بھی معائنہ کیا، اس موقع پر انہوں نے ہسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت بھی کی اور ان سے ہسپتال کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا ۔
ڈپٹی کمشنر گورنمنٹ بوائز اور گرلز ہائی سکولز بصیرہ کا اچانک دورہ کیا ، سکول میں طلبہ اور اساتذہ کی حاضری چیک کی، سکول کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا ، صفائی ستھرائی کے انتظامات دیکھے اور پرنسپلز کو ہدایت کی کہ طلبہ کی یونیفارم کے معاملات کو بہتر کیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق ضلع مظفر گڑھ کی تعلیمی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے، اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی .انہوں نے کہا کہ مظفر گڑھ کی تعلیمی رینکنگ میں بہتری کے لیے سخت محنت کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی قوم کی ترقی کا راز تعلیم کی ترقی سے جڑا ہوا ہے۔نسل نو کو جدید تعلیم سے آراستہ کرکے ہم ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کر سکتے ہیں.


مظفرگڑھ (علی جان سے)
تھانہ جتوئی پولیس کی کارروائی، موٹر سائیکل چور گینگ سرغنہ سمیت گرفتار، 7 موٹر سائیکلیں برامد کرالی گئیں، ڈی پی او صادق علی ڈوگر کی شاباش
تفصیل کے مطابق ایس ڈی پی او جتوئی ملازم حسین کی نگرانی میں کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او جتوئی زاہد محمود لغاری نے پولیس ٹیم کے ہمراہ غفاری موٹر سائیکل چور گینگ کو ٹریس کرتے ہوئے ان کے سر غنہ یت چار ممبران کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کیا، موٹر سائیکل چوری کی واردات پر ایس ایچ او جتوئی نے مخصوص علاقوں میں اپنی موٹرسائیکل کھڑی کیں اور آخر کار انتظار کی گھڑی ختم ہوئی اور گینگ کے ارکان نے پولیس کی کھڑی کی ہوئی پرائیویٹ موٹر سائیکل کو ہاتھ جا مارا کہ پولیس کے پہلے سے بیٹھے ہوئے منتظر مستعد جوان نے چورگینگ کا بھرپور استقبال کرتے ہوئے دھر لیا اور تفتیش کے دوران انکشافات تک گینگ کے تمام ارکان کو پولیس نے حکمت عملی کے تحت گرفتار کیا اور مزید انتہائی پروفیشنلزم کی مثال قائم کرتے ہوئے ان سے 7 موٹر سائیکلوں کی نقد رقوم بھی برامد کر کے ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او نے مدعیان میں تقسیم کیں، ملزمان سے مزید برامدگیوں کیلئے تمام ملزمان کا نام صیغہ راز میں رکھ کر تفتیش کا دائرہ کار مزہد بڑھا دیا، عوامی و سماجی حلقوں نے پولیس کی اس بہترین کارروائی پر خراج تحسین پیش کیا،


مظفرگڑھ( علی جان سے) پنجاب پولیس میں آئی ٹی اصلاحات، عدالتی مفرور پولیس خدمت مرکز مظفرگڑھ سے گرفتار کر لیا گیا،
تفصیل کے مطابق خدمت مرکز پولیس مظفرگڑھ جہاں شہریوں کو 14 خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں، دوران جنرل پولیس ویریفیکیشن مشکوک ہونے پر پولیس نے عدالتی مفرور کو گرفتار کر لیا، عدالتی مفرور محمد حبیب اللہ ولد محمد حنیف ضلع خانیوال تھانہ ٹھٹھہ صادق کو مطلوب تھا جسکو تھانہ سٹی مظفرگڑھ پولیس نے حراست میں لے کر مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، انچارج خدمت مرکز میاں زوہیب حسن کو ان کی ٹیم کے ساتھ بہترین کارکردگی پر ڈی پی او مظفرگڑھ صادق علی ڈوگر نے تعریفی اسناد سے بھی نوازا،

About The Author