دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

طلبہ یکجہتی مارچ میں ڈھول بجانے والے طالب علم کی ڈگری منسوخ

پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے اُن کو ٹارگٹ کرنا اس بات کی تصدیق ہے۔

پاکستان میں 29 نومبر کو ہونے والے طلبہ یکجہتی مارچ کی آگاہی مہم میں دربوکہ بجانے والے کارکن حسنین جمیل کی ڈگری کینسل کر دی گئی، حسنین جمیل پنجاب یونیورسٹی میں ایم فل کے طالبعلم ہیں۔

سماجی کارکن عمار علی جان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ بلوچستان میں طلبہ گروپس پر پابندی کے بعد پنجاب میں طلبہ یکجہتی مارچ کے آرگنائزر حسنین جمیل کی ڈگری کینسل کر دی گئی ہے۔

جامعہ پنجاب کے شعبہ پولیٹیکل سائنس میں زیر تعلیم حسنین جمیل طلبہ یکجہتی مارچ کی آگاہی مہم میں پیش پیش ہیں اور دربوکہ بجا کر طلبہ کے نعروں میں جان ڈالتے ہیں۔ حسنین جمیل ایم فل کے طالبعلم ہیں۔ تاہم، اب پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے اُن کی ڈگری کینسل کر دی گئی ہے۔

سماجی کارکن عمار علی جان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے کہ حسنین جمیل طلبہ کے حقوق کے لئے بغیر کسی خوف کے کام کر رہے ہیں اور پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے اُن کو ٹارگٹ کرنا اس بات کی تصدیق ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر کے طلبہ 29 نومبر کو ”طلبہ یکجہتی مارچ” کا انعقاد کر رہے ہیں جس میں طلبہ یونینز پر عائد پابندی کے خاتمے اور فیسوں میں کمی سمیت دیگر مطالبات شامل ہیں۔

واضح رہے اس سے قبل بلوچستان یونیورسٹی میں بھی طلبہ گروپس پر پابندی عائد کی گئی ہے اور سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے طالبعلموں کا کیمپس کی حدود میں داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔

اس سے بھی قبل کیچ کی یونیورسٹی آف تربت کی جانب سے بھی ایک ایسا ہی نوٹس جاری کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات کے ایک ساتھ بیٹھنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

About The Author