دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے

کوئی بھی ڈینٹل سرجری کا کیس کہیں باہر ریفر نہیں کیاگیا ڈاکٹر عبدالمنعم

ڈیرہ اسماعیل خان :گومل میڈیکل کالج ڈیرہ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر اورمعروف ڈینٹل سرجن ڈاکٹر عبدالمنعم نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ میں قائم شعبہ دندان مریضوں کو تمام جدید سہولیات فراہم کررہا ہے یہاں انتہائی ماہر ڈینٹل سرجنز اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔انہی ماہر ڈاکٹر ز کی شب وروز محنت کی وجہ سے ڈیرہ کے ڈینٹل سرجنز کا پورے ملک میں اپنا منفرد مقام اور نام ہے اور ان کی مثالیں دی جاتی ہے ۔ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ میں روزانہ کی بنیاد پر ایک سو سے زائد مریضوں کا معائنہ اور ساٹھ سے ستر مریضوں کا ٹریمنٹ کیا جاتا ہے ۔ہمیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ گزشتہ دس سالوں کے دوران کوئی بھی ڈینٹل سرجری کا کیس دوسرے اضلاع کو ریفر نہیں کیاگیا۔وہ گزشتہ روز اپنے آفس میں صحافیوں سے گفتگورہے تھے ۔ان کا کہنا تھاکہ ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ میں جبڑے کے انتہائی مشکل اور پیچیدہ آپریشنز بھی کیے جارہے ہیں جن میں کینسر اور رسولی کے آپریشنز بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بم دھماکہ میں زخمی ہونے والے چوبیس سالہ غریب محنت کش نوجوان کی تھوڑی جو کہ بالکل غائب ہوچکی تھی وہ خود پمز ہسپتال اسلام آباد میں زیر علاج رہا جہاں پر اسے آپریشن کے اخراجات پانچ لاکھ روپے جبکہ سی ایم ایچ میں ساڑھے تین لاکھ روپے بتائے گئے ۔نوجوان کو جب ہمارے پاس لایا گیا تو یہاں پر اس کا کامیاب آپریشن مکمل کیاگیا اور اس کے کولہے سے ہڈی نکال کر اس کی تھوڑی میں لگاکر اسے مرمت کیاگیا اوراب وہ بالکل صحت مند اور کامیاب زندگی گزار رہا ہے ۔اس تمام آپریشن پر ا سکی کل لاگت بیس ہزار روپے صرف پلیٹیں خریدنے کی مدمیں آئی جبکہ یہاں پر آپریشن سمیت باقی تمام علاج اس کا بالکل مفت کیاگیا ۔ان کا کہناتھا کہ ان کے پاس سترہ سالہ لڑکی کو لایاگیا جس کا منہ بند اور اس کے جبڑے کا جوڑ جام ہوچکا تھا وہ مسلسل سترہ سالوں سے اسی تکلیف دہ حالت میں گزار رہی تھی لیکن اسے یہاں ہسپتال میں ہم نے اس کافریا کامیاب آپریشن کیا جس سے وہ اب بالکل صحت مند اور کامیاب زندگی گزار رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈینٹل کا شعبہ پوری دنیا میں انتہائی مہنگا ہے اور یہی وجہ ہے کہ صرف اسی شعبہ کی کوئی انشورنس بھی نہیں کی جاتی لیکن اس کے باوجود ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ میں مریضوں کا تمام ترجدید علاج انتہائی قلیل لاگت میں کیا جاتاہے جس غریب اور متوسط طبقہ مستفید ہورہا ہے۔


ریجنل پولیس آفیسر فیروز شاہ کے اعزاز میں الوداعی ظہرانے کا اہتمام

ڈیرہ اسماعیل خان : ریجنل پولیس آفیسر فیروز شاہ کے اعزاز میں الوداعی ظہرانے کا اہتمام، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دلاور خان بنگش کی جانب سے ڈیرہ رینج سے پشاور ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن تبدیل ہونے والے ریجنل پولیس آفیسر فیروز شاہ کے اعزاز میں پولیس کلب میں الوداعی ظہرانے کے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔جس میں کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت، اسٹیشن کمانڈربریگیڈئیر شمریز خان، ڈپٹی کمشنر محمد عمیر سمت پاک آرمی، سول اور پولیس افسران سمیت ممبران ڈی آرسی نے شرکت کی۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دلاور خان بنگش کی طرف سے ریجنل پولیس آفیسر فیروز شاہ کو ان کی اعلٰی خدمات پر ڈیرہ پولیس کی جانب سے شیلڈ پیش کی۔آخر میں ڈیرہ شہر کے امن وامان کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔


ریگیڈئیر اسد اعظم خان نے نجی سکول کا دورہ

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) بروند ٹاسک فورس کے کمانڈر بریگیڈئیر اسد اعظم خان نے نجی سکول کا دورہ کیا اورتقریب تقسیم انعامات کے موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی ،اساتذہ اور سکول کے بچوں نے مہمان بریگیڈئیراسد اعظم خان پر پھول کی پتیاں نچھاور کرکے پرتپاک استقبال کیا ،سکول کے بچوں نے ملی نغمے اور سٹیج پرفارمنس پیش کیں،تقریب میں حصہ لینے والے طلباءمیں کھیلوں کا سامان اور انعامات تقسیم کئے گئے۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ قبائلی بچوں میں ذہانت اور قابلیت کی کوئی کمی نہیں،صرف انکو توجہ دے دینی چاہئے،انہوں نے مزید کہا کہ طلباءکوچاہئے کہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھر پور حصہ لیں کیونکہ صحت مند ذہن صحت مند جسم میں ہوتا ہے۔ ہم نے بھی اپنی ابتدائی تعلیم ٹاٹ کے سکول سے پڑھ کر اس مقام پر پہنچے ہیں،والدین کو چاہئے کہ اپنے بچوں توجہ دے تاکہ وہ تعلیم کی زیور سے آراستہ ہوں۔انہوں عدم سہولیات کو دیکھتے ہوئے سکول میں طلباءکیلئے کمپوٹر لیب اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے فوری طور پر احکامات جاری کئے،اور ساتھ ساتھ دیگر درپیش مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ،اس موقع پر بریگیڈئیر اسد اعظم خان نے کہا کہ آج کے بچے کل کے معمار قوم ہیں پاک فوج انکے روشن مستقبل کیلئے ہمہ وقت کوشاں رہے گی۔


گیس دن کے اوقات میں بند رہے گی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) سوئی ناردن گیس کمپنی کے جنوبی اضلاع کے ترجمان کے جاری اعلامئے کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان سمیت جنوبی اضلاع جن میں لکی مروت سٹی، لکی سیمنٹ فیکٹری، بنوں، سرائے نورنگ اورٹانک سمیت بھکرکے گیس صارفین کو آگاہ کیا گیا ہے کہ کرک اور ملحقہ علاقوں میں غیر قانونی سوئی گیس کنکشنز کے کے باعث ان اضلاع میں کم پریشر کے مسائل کے حل کیلئے غیر قانونی سوئی گیس کنکشنز کیخلاف آپریشن اور ضروری مرمتی کاموںکے سلسلہ میں ان اضلاع میں 19نومبر2019بروز منگل سے یکم دسمبر2019بروز اتوار تک کے ایام میں دن کے اوقات میں گیس کی مکمل بندش یا کم پریشر کا سامنا رہ سکتا ہے۔ اس حوالے سے صارفین کو آگاہ کیا گیاہے کہ وہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کیلئے ان ایام میں متبادل انتظامات رکھیں اور کسی بھی حادثہ سے بچنے کیلئے گیس کی بند اور فراہمی کے اوقات میں اپنے آلات گیس(چولہے ، گیس ہیٹرز وغیرہ) کو بند رکھیں۔


اشتہاری ملزم کو پناہ دینے کے الزام سہولت کار گرفتار

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)نواب پولیس نے وانڈہ کریم درکھان میں پولیس کو مطلوب اشتہاری ملزم کو پناہ دینے والے سہولت کار کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ نواب شہید پولیس نے وانڈہ درکھان میں کاروائی کے دوران پولیس کو مطلوب اشتہاری ملزم فضل الرحمن کو پناہ و خوراک دینے والے سہولت کار محمد علی کو اس کے گھر سے گرفتار کرلیا۔پولیس نے سہولت کار کے خلاف 216ppc کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔


دودھ ٹینکر میں ملاوٹ شدہ دودھ برآمد ہونے پر لاکھوں روپے جرمانہ

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی ڈیرہ اسماعیل کی ٹیم کی ایڈیشنل ڈپٹی ڈائریکٹر واصف خان کی نگرانی میں رات گئے قریشی موڑ پر کاروائی ،ڈیرہ شہر، بنوں اور پشاور دودھ سپلائی کرنے والے ٹینکرز کو پانی کی مقدار زیادہ ہونے پر لاکھوں روپے کے جرمانے عائد کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی ڈیرہ اسماعیل کی ٹیم نے ایڈیشنل ڈپٹی ڈائریکٹر واصف خان کی نگرانی میں رات گئے قریشی موڑ پر پنجاب سے ڈیرہ شہر، بنوں اور پشاور دودھ سپلائی کرنے والے دودھ کے ٹینکرز میں کیمکل اور پانی کی ملاوٹ کی شکایات پر کاروائی کے دوران 8ٹینکرز کو چیک کیا اور موقع پر ان ٹینکرز سے دودھ کےنمونے لیکر موبائل لیبارٹری میں ان نمونوں کا معائنہ کیا گیا۔ لیبارٹری رپورٹس میںدودھ میں کسی قسم کا کیمیکل نہیں پایا گیا تاہم پانی کی مقدار زیادہ ہونے پر 5ٹیکرز مالکان پر لاکھوں روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔


قاتلانہ حملہ میں زخمی نوجوان دس روز بعد چل بسا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈیرہ ٹانک روڈ ہتھالہ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے زخمی پچیس سالہ نوجوان محمد شعیب عرف چیتا دس روز تک لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گیا ،مقدمہ میں قتل کی دفعہ کو شامل کرلیاگیا۔پولیس ذرائع کے مطابق رواں ماہ 9 نومبر کو تھانہ کلاچی کی حدود ڈیرہ ٹانک روڈ ہتھالہ کے قریب واقع شاہین کالونی میں نامعلوم مسلح ملزمان نے پچیس سالہ محمد شعیب عرف چیتا ولد محمد یوسف قوم بلوچ سکنہ محلہ عثمان زئی خیل کلاچی کو فائرنگ سے زخمی کردیا ۔اسے تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ منتقل کیاگیا جہاں اسے سر پر گولی لگنے کے باعث پشاور ریفر کردیاگیا۔نوجوان لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں دس روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔پولیس نے ابتدائی طور پر مقتول کے چچا زاد بھائی محمد طارق سکنہ کلاچی کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا تاہم بعدازاں ایف آئی آر میں قتل کا دفعہ شامل کرلیاگیا ہے۔مقتول کے کزن کے مطابق ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہی ہے۔


موڑ کاٹنے کے دوران فلائنگ کوچ کی ٹکر پر موٹرسائیکل سوار وں کی فائرنگ

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈیرہ چشمہ روڈ سی آر بی سی چوک کے قریب موٹرسائیکل کو اوورٹیک کرنے کے تنازع پر فلائنگ کوچ ڈرائیور اور موٹرسائیکل سوار وں کے درمیان لڑائی جھگڑا ،موٹرسائیکل سوار افراد کی جانب سے ہوائی فائرنگ ،فلائنگ کوچ میں سوار ایک شخص شدید زخمی ہوگیا ،زخمی کو ہسپتال منتقل کردیاگیا ،پولیس نے موٹرسائیکل سوار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ صدر کی حدود سی آربی سی چوک کے قریب موٹرسائیکل کو اوور ٹیک کرنے کے تنازع پر موٹرسائیکل سوار افراد او رفلائنگ کوچ ڈرائیور کے درمیان تکرار اور لڑائی جھگڑے کے دوران موٹرسائیکل سوار افرا دکی فائرنگ سے فلائنگ کوچ میں سوار ایک شخص محمد جاوید ولد فضل رحیم کالونی زخمی ہوگیا ۔ دوسری جانب موقع پر موجود عینی شاہدین کے مطابق فلائنگ کوچ کے ڈرائیور نے انتہائی غفلت او ربے احتیاطی کے ساتھ تیز رفتاری سے یوٹرن پر موڑ کاٹاجس سے فلائنگ کوچ قریبی موٹرسائیکل سوار افراد سے ٹکراگئی ۔موٹرسائیکل سوار افراد نے فلائنگ کوچ کے ڈرائیور کو برابھلا کہا تو ڈرائیور نے نیچے اتر کر موٹرسائیکل سوار کو تھپڑ رسید کردیئے جس پر ان کے درمیان ہاتھ پائی شروع ہوگئی ۔اس دوران موٹرسائیکل سوار افراد نے پسٹل سے ہوائی فائرنگ کی جس سے ایک مسافر لگ کر زخمی ہوگیا۔زخمی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا ۔پولیس نے موٹر سائیکل سوار ملزمان کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔


نئے ڈیجیٹل میٹر صارفین کے لئے وبال جان بن گئے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)مرکزی انجمن تاجران ڈیرہ کے سرپرست اعلی سہیل احمد اعظمی نے کہا ہے کہ واپڈا ڈیرہ کی طرف سے لگائے گئے نئے ڈیجیٹل میٹر صارفین کے لئے وبال جان بن گئے ہیں ،واپڈا ڈیرہ اسماعیل خان کی جانب سے شہر بھر میں پرانے ڈیجیٹل میٹرز تبدیل کرکے انہیں بجلی کے پولز پر نصب کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔مذکورہ میٹرز ٹرانسفرپاور انڈسٹریز پرائیویٹ کے تیارکردہ ہیں جوکہ مینو فیکچرنگ فالٹ کی وجہ سے آئے روزاوپن کا ایرردینے لگتے ہیں ۔صارفین کو کچھ علم نہیں ہوتا جب بجلی کا بل آتا ہے تو صارف کو یہ دیکھ کر ایک جھٹکا لگتا ہے کیونکہ اس پر اچھا خاصا جرمانہ لگا ہواہوتاہے ۔مہنگائی نے جہاں ایک طرف غریب اور متوسط طبقے کو ذہنی مریض بنادیا ہے وہاں ان جرمانوںنے صارفین کے اوسان خطاکر دیئے ہیں جب اس کی شکایت کے لئے دفتر جاتے ہیں تو آگے سے یہ جواب ملتا ہے کہ آپ لوگوں نے خود میٹر کو خراب کیا ہے۔اب تمام میٹرز بجلی ک پولز پر نصب ہیں یا پھر لگائے جارہے ہیں وہاں صارف صبح شام میٹر کو دیکھے کہ یہ درست چل رہا ہے کہ نہیں ۔جب بجلی کا بل آتا ہے تو پریشانی اور ڈپریشن ان کا مقدر بن چکا ہوتاہے۔اس بات کا واضح ثبوت یہ ہے کہ واپڈا دفتر ڈیرہ میں فالٹی میٹر کافی زیادہ تعداد میں پڑے ہوئے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ غریب صارفین سے بھاری رقوم وصول کرکے انہیں دوبارہ نیا میٹر فراہم کیا جاتا ہے ۔دوسری جانب واپڈا ڈیرہ کے اپنے اہلکار خود یہ تسلیم کررہے ہیں کہ اس کمپنی کے میٹرز واقعی فالٹی ہیں اور یہ فالٹ ان میں مینوفیکچرنگ موجود ہے لیکن اس کی سزا صارفین بھگت رہے ہیں ۔ صارفین کا کہنا ہے کہ حیران کن بات یہ ہے کہ یہ میٹر سال 2019 کے تیار کردہ ہیں اور ان پر وارنٹی 2021 تک کی لکھی ہوئی ہے۔چار یا پانچ ماہ سے ان میٹر کی تنصیب شروع ہے اور انتہائی کم عرصہ کے دوران یہ خراب بھی ہورہے ہیں ۔صارفین نے واپڈا حکام کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ خدارا لوگوں پر ترس کھائیں اور یہ فالٹی میٹرز اتار کرنئے درست میٹر نصب کیے جائیں ۔غریب اور متوسط طبقے کو پریشانی سے بچائیں ۔اوپن کوڈ کی وجہ سے جو جرمانے لگائے جارہے ہیں ان کو فوری طور پر ختم کریں ۔


پولیس دوہرے قتل کے مقدمہ میں ملوث اپنے پیٹی بند بھائیوں کو بچانے لگی ،لواحقین کا الزام

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈیرہ کی مثالی پولیس کا مثالی کارنامہ پولیس دوہرے قتل کے مقدمہ میںملوث اپنے پیٹی بند بھائیوں کو بچانے لگی، حنیف ٹاﺅن گرڈ روڈ پر نالی کے تنازع پر ماموں بھانجے کو فائرنگ سے قتل کرنے میں ملوث سابق پولیس اہلکار فضل رحیم اور اس کا بیٹا ایلیٹ پولیس کانسٹیبل الیاس تین سال گزرنے کے باجود گرفتار نہ کیے جاسکے ۔لواحقین کا پریس کانفرنس کے دوران ڈیرہ پولیس کے خلاف شدید احتجاج ،قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ ۔گرڈ روڈ پر واقع حنیف ٹاﺅن کے رہائشی محمدفاروق نے دیگر اہل خانہ کے ہمراہ مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ سال 2016 کے دوران 30 مارچ کو ملزمان الیاس اور اس کے باپ فضل رحیم نے باقاعدہ منصوبہ بندی اور سازش کے تحت میرے بھائی سکول ٹیچر قیوم نواز بھانجے جنرل کونسلر فخر زمان کو فائرنگ کرکے بے رحمی کے ساتھ قتل کردیا اور موقع سے فرا رہوگئے ،ملزمان کے خلاف تھانہ کینٹ میں دوہرے قتل کا مقدمہ درج کیاگیا لیکن واقعہ کے تین سال گزرنے کے باوجود انہیں گرفتارنہیں کیاگیا ۔دونوں باپ بیٹے کچھ عرصہ سرعام دنداناتے پھرتے رہے اور ہمارے خاندان کے افرا د کو دھمکیاں دیتے رہے ۔دوران روپوشی انہوں نے انتہائی آسانی کے ساتھ پاسپورٹ دفتر ڈیرہ سے باپ فضل رحیم نے 07.12.16 جبکہ بیٹے نے 09.12.16 کو اپنے پاسپورٹ بنوائے جس پر وزیر داخلہ کریں کہ قتل کے مقدمہ میں نامزد ملزمان کے پاسپورٹ کس طرح جاری کیے گئے ہیں ۔اس کا کہنا تھا کہ ان دونوں ظالم باپ بیٹے نے ہمارے پورے خاندان کو تباہ وبرباد کرکے رکھ دیا اور ہنستا بستا گھر اجڑگیا ہے ۔مقتول فخرزمان کے دو چھوٹے معصوم بچے ہیں جن کاکوئی پرسان حال نہیں ہے ۔انصاف کے نام پر بننے والی حکومت میں بھی ہمیں انصاف نہیں ملا۔صوبہ خیبر پختونخوا کی مثالی پولیس تاحال ملزمان کو گرفتار نہیں کرسکی اور مجرموں کی آلہ کار بنی ہوئی ہے۔انہوںنے وزیر اعظم پاکستان ،وزیر اعلی خیبر پختونخوا ،چیف جسٹس آف پاکستان ،آئی جی خیبرپختونخوا سے انصاف دلانے کا مطالبہ کیا ہے بصورت دیگر وہ تمام خاندان کے ساتھ سپریم کورٹ آف پاکستان کے سامنے خودسوزی کرنے پر مجبور ہوں گے ۔


غربت کے خاتمے کے لئے گراس روٹ کی سطح پر نیا تفصیلی سروے شروع

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) غربت کے خاتمے کے لئے گراس روٹ کی سطح پر نیا تفصیلی سروے شروع ۔ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے بھر میں غربت کے مکمل خاتمے کے لئے گراس روٹ کی سطح پر نیا تفصیلی سروے شروع کردیاگیا ہے ۔خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع اور قبائلی اضلاع میں یہ سروے آئندہ سال 30 اپریل تک مکمل کرلیاجائے گا ۔اس مفصل سروے میں ہر گھر ،مکان ،خاندان کا مکمل رہائشی سٹینڈرڈ ،والدین کے علاوہ تمام بچوں کی تعلیم ،نقل مکانی ،روزگار ،صحت ،گھر میں بیماری ،خاندانوں کی معاشی صورتحال ،بچوں کی تعداد ،بیروزگار ،زیر تعلیم وغیرہ کی تفصیلات اکھٹی کی جائیں گی ۔موبائل ٹیمیں گھر گھر جاکر یہ تفصیلات اکھٹی کررہی ہیں اس سروے کے بعد جو خاندان خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرتی ہوں گی انہیں روزگار کے لئے آسان قرضے دیئے جائیں گے ۔ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے بھر میں ادارہ شماریات پاکستان کے زیر انتظام یہ سروے کیا جارہاہے ۔سروے کے بعد کاروبار کے مواقع ،موذی بیماری پر خاندان کو ہیلتھ کارڈ اور راشن کارڈ دیا جائے گا ۔نئے مالی سال 2021 کے بجٹ میں اس کے لئے خصوصی اعلان کیا جائے گا۔


ٹماٹرو دیگر سبزیوں کی قیمتیں کم نہ ہوسکیں

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ڈیرہ شہر و گردونواح میں ٹماٹرو دیگر سبزیوں کی قیمتیں کم نہ ہوسکیں،ضلعی حکومت خاموش تماشائی،شہری دکانداروں کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور، غریب سفید پوش طبقہ کا ڈپٹی کمشنر  سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہرو گردونواح سمیت ضلع بھر کی چاروں تحصیلوں میں گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کی وجہ سے مصنوعی مہنگائی کا سلسلہ عروج پر پہنچ چکا ہے جس کیوجہ سے اشیا خوردنوش کی قیمتوں کے ساتھ ساتھ سبزیوں اور پھلوں کے نرخوں میں خوفناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے۔افسوسناک امریہ ہے کہ ضلع بھر میں ٹماٹر دو سوروپے فی کلو کے حساب سے دکانوں پر فروخت ہورہا ہے جبکہ لہسن 300روپے سے 400روپے فی کلو اور پیاز 100 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے۔غریب شہری شدید مہنگائی میں ضروریات زندگی کی بنیادی اشیاءخرید نے سے عاجز آچکے ہیں۔ٹماٹر،پیاز،لہسن،آلوکی بے لگام قیمتوں نے شہریوں کا جینا محال کرکے رکھ دیا ہے۔وزیر اعظم عمران خان، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات جاری کر رکھیں ہیں لیکن اس کے باوجود ڈیرہ ضلع بھر میں مہنگائی کا طوفان عروج پر پہنچ چکا ہے،عوامی، سماجی، حلقوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا، کمشنر ڈیرہ ، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔


بنیادی اشیاء پر سبسڈی کا فیصلہ

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) شہریوں کے لئے بڑی خوشخبری ،وفاقی حکومت یوٹیلیٹی اسٹور ز پر5 بنیادی اشیاءدسمبر کے پہلے ہفتے سے سبسڈی دے گی، تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت یوٹیلیٹی اسٹورز پر بنیادی  اشیاء جن میں چینی،آٹا،چاول،گھی، اور دالوں پر دسمبر کے پہلے ہفتے سے سبسڈی دینا شروع کر دے گی،سبسڈی فراہمی کے لیے یوٹیلیٹی سٹورزپر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق20کلو آٹے کا تھیلا 808روپے میں دستیاب جبکہ،چینی71روپے کلو،گھی 160روپے کلو اور چاول125روپے کلو میں فروخت کئے جائیں گے۔


مہنگائی، بیروزگاری اور ناانصافی سمیت دیگر معاشرتی مسائل میں اضافہ

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)مہنگائی، بیروزگاری اور ناانصافی سمیت دیگر معاشرتی مسائل میں اضافہ کے باعث ڈیرہ ضلع بھر میں نفسیاتی مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی، درجنوں سے زائد شہریوں نے معالجین سے رجوع کرنا شروع کر دیا، شہر میں کیے گئے سروے کے دوران اعداد و شمار کے مطابق نفسیاتی امراض میں تیزی سے اضافہ ہو رہاہے، ڈیرہ شہرمیں اس وقت کوئی بھی سرکاری نفسیاتی ہسپتال موجود نہیں ہے جہاں مریض ذہنی و نفسیاتی علاج کیلئے رجوع کر سکیں ،چند سالوں میں نفسیاتی مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہواہے جن میں خواتین و بچے، نوجوان بھی شامل ہیں، دیہی علاقوں سے آنے والے مریضوں کی تعداد شہری علاقوں سے قدرے کم ہے جن میں بیشتر مریض زہنی دباو¿ اور معاشی بدحالی کا شکار ہوتے ہیں، طبی ماہرین کے مطابق ہر تیسرا شہری کسی نہ کسی نفسیاتی مسئلے سے دوچار ہے، جس کی بنیادی وجہ غربت میں اضافہ، مہنگائی، بیروزگاری،لاقانونیت سمیت انصاف کا نہ ملنا، شادی میں تاخیر، گھریلوجھگڑے، ازدواجی مسائل بھی ذہنی و نفسیاتی امراض کا باعث بن رہے ہیں، اکثر مریضوں میں یہ مرض کم شدت کا ہوتا ہے، 5 فیصد افراد میں مرض کی شدت بڑھنے سے شدت پسندی کے واقعات بھی جنم لیتے ہیں جو خودکشیوں کا باعث بن رہے ہیں۔


عطائیت نے مضبوط نیٹ ورک قائم کر لیا،محکمہ صحت اور ڈرگ انسپکٹر کی چشم پوشی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈیرہ شہر اور گردونواح میں عطائیت نے مضبوط نیٹ ورک قائم کر لیا،محکمہ صحت اور ڈرگ انسپکٹر کی چشم پوشی، شہریوں کا کمشنر ڈیرہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر کے مختلف مقامات پر میڈیکل سٹور و عطائی ڈاکٹروں کے کلینک ہسپتالوں کی شکل اختیار کرچکے ہیں مڈل پاس عطائی ڈاکٹروں نے ایم بی بی ایس ڈاکٹروں کی نقل کرتے ہوئے مشورہ فیس لیکر معصوم سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ عطائی ڈاکٹروں کے وسیع نیٹ ورک نے سادہ لوح، غریب اور دیہی علاقوں کے شہریوں کا علاج معالجہ خود ساختہ قائم کردہ ہسپتالوں میں کم فیس کا لالچ دیکر ان کی زندگیوں سے کھیلنا شروع کر رکھا ہے، ایم بی بی ایس ڈاکٹروں اور نان کوالیفائیڈ سٹاف کے بغیر چلنے والے ان جعلی ہسپتالوں میں ڈلیوری آپریشن بھی دھڑلے سے کئے جا رہے ہیں مگر اس صورتحال کے پیش نظر محکمہ صحت کے تحصیل و ضلعی افسران کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ محکمہ صحت کے افسران کی بے حسی کیوجہ سے صبح شام سر عام شہر و مضافاتی علاقوں کے گلی محلوں میں موت بانٹی جا رہی ہے لیکن انکے خلاف کو ئی ایکشن نہیں لیا جا رہا۔ عطائیوں کے غلط ٹیکوں اور ایک ہی سرنج کے باربار استعمال سے سینکڑوں کی تعداد میں شہری ہیپاٹائٹس سمیت کئی دیگر خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ جبکہ معمولی بیماری پر عطائی ڈاکٹرز آنے والے مریضوں کو ڈرپ لگا نا اپنا بنیادی فرض سمجھتے ہیں،میڈیکل سٹوروں کے مالکان نے بھی مڈل پاس لڑکے بھرتی کر رکھے ہیں، جن کو چند ہزار روپے دے کر شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے کا سٹور مالکان نے لائسنس جاری کر رکھے ہیں، پرائمری اور مڈل پاس سیلز مین انگلش نہ سمجھنے کی وجہ سے اپنی مرضی کی ادویات تھما دیتے ہیں۔ لیکن محکمہ صحت کے افسران و اہلکار خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اگر محکمہ ہیلتھ یاڈی، ایچ،او، سمیت ڈرگ انسپکٹر کو شہریوں کیطرف سے تحریری شکایت درج کروائی جائیں تو متعلقہ افسران مذکورہ میڈیکل سٹورز کے مالکان کے خلاف کارروائی کرنے سے قبل انہیں خبر دار کردیتے ہیں تاکہ اپنا مال پانی، بند نہ ہو،اور کارروائی سے قبل اسٹورز مالکان سے شکایت کرنے والے شہری کے ساتھ معاملہ رفع دفع ہو جائے۔ ڈیرہ کے باسیوں نے کمشنر ڈیرہ ، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیرہ شہر اور اس کے گرد ونواح میں موجود سینکڑں عطائیوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا جائے اور اس غیر قانونی دھندے میں ملوث اور انکی پشت پناہی کرنے والے سرکاری افسران کے خلاف مقدمات درج کروائیں جائیں۔تاکہ ڈیرہ کے علاقوں سے عطایت کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

About The Author