دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

شیخ رشید ہوش کے ناخن لیں اور اپنی گستاخ زبان کو قابو میں رکھیں، نفیسہ شاہ

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ آصف زرداری اتنے بیمار ہیں کہ خود سرکاری ڈاکٹرز ان کو عدالت تک کے سفر کا مشورہ نہیں دے رہے۔

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ  نے کہاہے کہ شیخ رشید پاکستانی سیاست کے شیخ چلی ہیں،کہنے کو کچھ نہیں ملا تو آصف زرداری کی پلی بارگین کا شوشہ چھوڑدیا۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ آصف زرداری نے تو طبی بنیادوں پر ضمانت لینے سے انکار کردیا ہے،شیخ رشید ہوش کے ناخن لیں اور اپنی گستاخ زبان کو قابو میں رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ  آصف زرداری عمران خان حکومت سے کوئی بھی درخواست نہیں کریں گے،نیب ابھی تک آصف زرداری کے خلاف ریفرنس تک دائر نہیں کرسکا ہے،آصف زرداری کو قید رکھ کر تفتیش کے نام پر ان کی صحت سے کھیلا جارہا ہے۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ آصف زرداری اتنے بیمار ہیں کہ خود سرکاری ڈاکٹرز ان کو عدالت تک کے سفر کا مشورہ نہیں دے رہے۔

واضح رہے کہ آج وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران دعوی کیا کہ آصف زرداری اور ان کے لوگ بہت جلد پلی بار گین کرنے جارہے ہیں۔

وفاقی وزیر شیخ رشید نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ نواز، شہباز اور  زرداری کی سیاست ختم ہو چکی ہے، لیگی قائد علاج کے لیے ملک سے باہر چلے جائیں گے، آصف زرداری کا معاملہ بھی چار چھ ماہ میں کسی طرف لگ جائے گا۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ سوائے خورشید شاہ کے  آصف زرداری فریال تالپور،شرجیل میمن سمیت دیگر بھی پلی بارگین کی طرف آرہے ہیں۔

About The Author