دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلے

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ غازی خان ،تونسہ شریف اور ارد گرد کے علاقوں سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں۔

ڈیرہ غازیخان. :ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان وقاص رشید نے بہبود فنڈ کے تحت مزید ایک لاکھ 15 ہزار روپے کے چیک تقسیم کردئیے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملازمین کی فلاح وبہبود کا خیال رکھا جائیگا۔روزانہ کی بنیاد پر فائنل ہونے والی درخواستوں پر مالی امداد کے چیک دئیے جارہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید 12 درخواستوں پر چیک جاری کئے۔انہوں نے شادی گرانٹ کی تین درخواستوں پر 15 ہزار روپے فی کس،تجہیز و تکفین کی تین درخواستوں پر 12 ہزار روپے فی کس اور تعلیمی وظائف کی پانچ درخواستوں پر 74 ہزار روپے کے چیک تقسیم کئے.


ڈیرہ غازیخان.: وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں خزاں فیسٹول کا آغاز کردیا گیا ہے۔ضلع ڈیرہ غازیخان میں پروگرام کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے ڈپٹی کمشنر وقاص رشید کی زیر صدارت ان کے آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل کمشنر اظفر ضیاء،پولیٹکل اسسٹنٹ سید موسی رضا اور دیگر افسران موجود تھے۔خزاں فیسٹول 17 نومبر تک جاری رہے گا جس میں ثقافتی اور روایتی پروگرام کے علاؤہ جیپ ریلی بھی منعقد کی جائے گی۔


ڈیرہ غازیخان.:پنجاب میں ہر سال 40 ہزار بچے نمونیا کی وجہ سے لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔پانچ سال تک کے بچوں کی خوفناک شرح اموات کم کرنے کے لئے بروقت تشخیص اور علاج کے ساتھ آگاہی مہم ضروری ہے۔ماہرین طب نے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈیرہ غازی خان کے زیر اہتمام نرسنگ سکول میں عالمی یوم نمونیا کے موقع پر آگاہی سیمینار اور واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا. مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ عبدالغفار نے کہا کہ حکومت پنجاب نمونیا سے بچاؤ کیلئے انقلابی اقدامات کررہی ہے۔نمونیا سمیت دس بیماریوں کو ای پی آئی پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ والدین مفت ویکسی نیشن کی حکومتی سہولیات سے فائدہ اٹھائیں اور ملک کا مستقبل صحت مند بنائیں۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خلیل احمد نے کہا کہ بچوں میں بخار کے ساتھ تیز سانس چلنے پر ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے۔نمونیا کا فوری علاج کرانا ضروری ہے۔ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ ڈاکٹر زوہیب حسن،ڈی ایچ او ڈاکٹر اطہر سکھانی،ڈویژنل کوآرڈینیٹر عالمی ادارہ صحت ڈاکٹر عمار شاہ،یونیسیف کے کلیم اللہ طاہر،ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر کامران اصغر،ماہر امراض اطفال ڈاکٹر عرفان کریم اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 40 سے زائد بیماریوں کا ویکسی نیشن کے ذریعے علاج ممکن ہے اور 2015 میں نمونیا کی ویکسی نیشن ای پی آئی پروگرام میں شامل کی گئی۔ماہرین طب نے کہا کہ بچوں کو سردی سے بچا کر گرم رکھا جائے۔بچوں کو پہلے چھ ماہ تک صرف ماں کا دودھ پلایا جائے۔بچوں کو حفاظتی ٹیکے بروقت لگائے جائیں۔ ہیلتھ ورکرز گھروں میں جاکر آگاہی دیں۔اس موقع پر زبیر مصطفے،لعل خان،عطاء اللہ،نوشین زہرا سمیت سکول ہیلتھ نیوٹریشن سپروائزرز،ایل ایچ ایس اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کے علاوہ نرسنگ سکول کی اساتذہ،طالبات اور دیگر موجود تھے۔


ڈیرہ غازیخان. : وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر سبزی منڈی ڈیرہ غازی خان میں کسان پلیٹ فارم قائم کردیا گیا ہے جہاں کاشتکار براہ راست اپنی اجناس فروخت کرسکیں گے۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے احکامات جاری کئے تھے کہ صوبہ کی ہر سبزی منڈی میں کاشتکاروں کو براہ راست اجناس فروخت کرنے کی فوری سہولت فراہم کی جائے جس پر ڈیرہ غازی خان میں عملی اقدامات کرلئے گئے ہیں۔کاشتکار اور زمیندار آڑھتی اور مڈل مین کے بجائے مارکیٹ نرخ پر اپنی اجناس فروخت کریں گے تاکہ زمینداروں کو اجناس کا مناسب دام مل سکے۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈیرہ غازی خان مہر عابدحسین،ای اے ڈی اے اطہر جلیل،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت غلام محمد اور دیگر نے کسان پلیٹ فارم کا معائنہ کیا اور سہولیات کا جائزہ لیا۔


ڈیرہ غازیخان.:کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن مدثر ریاض ملک آرپی او عمران احمر،ڈپٹی کمشنر وقاص رشید اور ڈی پی او اسد سرفراز کے ہمراہ ڈاکوؤں کے ساتھ جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے ایلیٹ فورس کے کانسٹیبل محمد سلمان کے گھر شاہ صدردین گئے۔لواحقین سے اظہار تعزیت کے بعد فاتحہ خوانی کی انہوں نے شہید کے قبر پر بھی حاضری دی۔

پھولوں کی چادریں چڑھانے کے ساتھ دعائے مغفرت کی گئی۔کمشنر نے شہید کانسٹیبل کے بیٹے کو گلے لگا کر پیار کیا۔کمشنر مدثر ریاض ملک نے کہا کہ شہید کا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔ڈاکووں کا قلع قمع کرکے علاقہ میں امن لائیں گے۔عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے تاہم فورسز کی قربانیوں کو بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔کمشنر مدثر ریاض ملک نے کہا کہ شیر دل جوان پولیس کا فخر اور محکمہ کے ماتھے کا جھومر ہیں۔کمشنر نے شہید کے لواحقین والد، بھائیوں، بیٹوں اور دیگر سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔


ڈیرہ غازیخان. :وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدارنے راجن پوراورڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں میں فروغ تعلیم کیلئے مثبت اقدام کرتے ہوئے قبائلی علاقوں کے طلباؤطالبات کیلئے دانش سکولوں میں کوٹہ مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے. وزیراعلیٰ عثما ن بزدارنے دانش سکولوں میں راجن پور اورڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں کے26 ہونہار طلباؤ طالبات کیلئے کوٹہ مختص کردیااور اس ضمن میں احکامات جاری کردیئے۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ راجن پور اورڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں کے طلباء و طالبات کوبھی جدیدتعلیم کے زیور سے آراستہ کریں گے انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم پر پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے بچوں کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا اشرافیہ کے بچوں کا۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت دوردراز علاقوں کے بچوں کو یہ حق واپس دے گی۔وزیر اعلی سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت صوبہ بھر میں تعلیم کے فروغ کیلئے مصروف عمل ہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں نئی یونیورسٹیاں اورکالجز بنائے جارہے ہیں۔اور100نئے ماڈل سکولوں کی تعمیراورآفٹرنون سکولز پروگرام جاری ہیں۔پنجاب حکومت ایک سال میں تعلیم کے شعبہ میں متعدد اصلاحات متعارف کرواچکی ہے اوران اصلاحات کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں. سردار عثمان بزدار نے کہاکہ صوبے میں پہلی بار اساتذہ کے تبادلوں کیلئے ای ٹرانسفرسسٹم کی پالیسی پر کامیابی سے عمل کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں میر چاکر خان رند ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں اس سال داخلوں کا آغاز بھی ہوچکا ہے۔


ڈیرہ غازیخان :وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کا تین روز کے اندر ڈیرہ غازی خان کا دورہ متوقع ہے جہاں وہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اورسنگ بنیاد رکھنے ساتھ متعدد ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات کریں گے۔کمشنر مدثر ریاض ملک نے ہنگامی اجلاس منعقد کرکے انتظامات کی بروقت تکمیل کی ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر وقاص رشید اور دیگر افسران شریک تھے کمشنر مدثر ریاض ملک نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار ممکنہ دورہ کے دوران ڈیرہ غازی خان،تونسہ،بارتھی اور دیگر علاقوں کا دورہ کریں گے۔ ٹیچنگ ہسپتال سمیت ضلع کے مختلف مراکز صحت اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا اچانک معائنہ کریں گے۔اجلاس میں پولیٹیکل اسسٹنٹ سید موسیٰ رضا،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عبید الرشید اور دیگر افسران موجود تھے


ڈیرہ غازیخان : وائس چانسلر غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازیخان پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کا علاقہ اپنی خوبصورتی کے لحاظ سے پاکستان کے کسی بھی شہر سے کم نہیں ہے باوقار قومیں اپنے آرٹ اور کلچر کو زندہ رکھتی ہیں۔ اور اس کا بہترین ذریعہ تصویر ہو سکتا ہے۔ پاکستان کے بڑے شہروں میں تصویری نمائشیں ریگولر بنیاد پر ہوتی ہیں جن کا مقصد علاقے کے رنگ، ثقافت، موسیقی اور خوبصورتی کو اجاگر کرنا ہوتا ہے، امید ہے کہ تصویری نمائشیں ڈیرہ غازی خان میں میں سیاحت کے فروغ میں بہت اہم کردار ادا کریں گی۔انہوں نے یہ بات وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان خان بزدار کی ہدایت پر ڈویژنل انتظامیہ ڈی جی خان کی نگرانی میں پنجاب ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے اشتراک سے آرٹس کونسل میںایکسپلورنگ ڈی جی خان کے نام سے ایک تصویری نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کہی تقریب میں پنجاب ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر مصباح، غازی یونیورسٹی سے پروفیسر شعیب رضا، پروفیسر عمران لودھی، پروفیسر سمیرا عمران لودھی، پروفیسر ثمرین رمضان اور دیگر نے شرکت کی ۔ نظامت کے فرائض محبوب جھنگوی نے ادا کیے۔ مہمان خصوصی کو تصویری نمائش کامعائنہ کراایا گیا اس موقع پر پروفیسر شعیب رضا نے مہمانوں کو تصاویر کی تفصیل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر بتایاگیا کہ ڈیرہ غازی خان کا خطہ پورے پاکستان میں ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے، اس کا جغرافیائی محل وقوع چاروں صوبوں کو آپس میں ملاتا ہے۔اس میں بیک وقت پہاڑ، صحرا، دریا، دامان، سبزہ، اور ہر طرح کی ثقافت موجود ہے، یہاں پر بلوچی اور سرائیکی کلچر کا انتہائی خوبصورت امتزاج ملتا ہے۔تصویری نمائشیں کسی بھی علاقے کی خوبصورتی کو دوسرے لوگوں تک پہنچانے کا بہترین ذریعہ ہو سکتی ہیں اور اس سے علاقے کی سیاحت کو فروغ مل سکتا ہے ۔تقریب میںمقامی گلوکار عادل اور نبیل نے اپنے فن کا مظاہرہ بھی کیا


ڈیرہ غازی خان: تھانہ کوٹ مبارک کے علاقہ میں ہونے والے پولیس مقابلہ کو ورثاء نے جعلی قرار دے دیا سینکڑوں افراد نے گناہی کی گواہی دی ڈی پی او نے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرادی ایڈیشنل آئی جی پنجاب بھی انکوائری کے لئے علاقہ میں پہنچ گئے اس سلسلہ میں مزید تفصیلات کے مطابق 12ربیع الاول کے روز تھانہ کوٹ مبارک کے علاقہ بستی روبا موضع جیانی کے نزدیک پولیس کے مطابق لادی گینگ کے آٹھ سے زائد مسلح ملزمان نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا تھا جس کے نتیجہ میں ایک ایلیٹ فورس جوان محمد سلیمان شہید جبکہ کانسٹیبل عمران زخمی ہو ئے تھے پولیس کی جوابی کاروائی اور مبینہ ڈاکوؤں کی فائرنگ کے دوران پولیس نے دو ڈاکوؤں حیدر اور عبد اللہ کے مارے جا نے کا دعوی کیا جس کے خلاف گزشتہ روز دونوں مارے جانے والے مقامی افراد کے ورثاء اور درجنوں علاقہ مکینوں نے پولیس کے خلاف شدید احتجاج کر تے ہو ئے دونوں مارے جانے والے مقامی افراد کے ورثاء اور درجنوں علاقہ مکینوں نے پولیس کے خلاف شدید احتجاج کر تے ہو ئے دونوں نوجوانوں کو بے گناہی کی گواہی دی ڈی پی او ڈیر ہ غازی خان اسد سرفراز خان اور ایڈیشنل آئی جی پنجاب اطہر کھوکھر کے ہمراہ علاقہ میں پہنچے اور علاقہ مکینوں کے بیانات قلمبند کئے ڈی پی او اور ایڈیشنل آئی جی کی موجود گی میں درجنوں علاقہ مکینوں نے سخت احتجاج کیا اور علاقہ پولیس کے خلاف نعرے بازی کی اور پولیس حکام کو بتایا کہ دونوں نوجوانوں کو پولیس نے پہلے یہ کہہ کر روکا کہ آگے مت جاؤ فائرنگ ہو رہی ہے نوجوانوں کے پکڑے جانے پر ہم نے جا کر کہا کہ آپ نے انہیں ویسے روکا تھا اب پکڑا کیوں ہے جس پر موقع پر موجود افسران نے کہا کہ بڑے افسران آرہے ہیں وہ چیک کر کے چھوڑ دیں گے بعد میں ہمیں رات کو پتہ چلا کہ دونوں کو مقابلہ میں بتا کر مار دیا گیا ہے علاقہ مکینوں نے کہا کہ یہ ظلم ہے وزیر اعلیٰ پنجاب،وزیر اعظم اور چیف جسٹس اس کا نوٹس لیں اور واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کرائی جا ئے اس موقع پر ڈی پی او اسد سرفراز خان نے علاقہ مکینوں کو انصاف اور دادرسی کر نے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ کسی کو زیادتی اور ظلم نہیں کر نے دوں گا اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائی جا ئے گی اور اگر پولیس کی طرف سے زیادتی ثابت ہوئی تو ملوث ملازمان کے خلاف سخت کاروائی کی جا ئے گی۔


ڈیرہ غازی خان:سابق چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن سابق ناظم سردار حبیب الرحمن خان لغاری کے جواں سال صاحبزادے عتیق الرحمن خان لغاری کی قرآن خوانی اور دعائیہ تقریب منعقد کی گئی جس میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے جنرل سیکرٹری سردار اویس احمد خان لغاری، سابق ایم پی اے سردار محمود قادر خان لغاری، سابق ایم پی اے سید عبدالعلیم شاہ، سردار عمار اویس لغاری، ذوالفقار علی بھٹی، سردار ذیشان خان لغاری، اقبال لغاری، حاجی کوڑا خان رستمانی، غلام فرید جتوئی، اکبر خان ملکانی، قاری عبدالغفور سیفی، حافظ محمد عمر فاروق مکی و دیگر موجود تھے آخر میں سردار اویس احمد خان لغاری نے عتیق الرحمن مرحوم کے بیٹے کی دستار بندی کی۔


ڈیرہ غازیخان :عظیم دینی جامع درسگاہ نیازیہ جامعہ عربیہ کے 11 سالہ طالب علم نے 8 ماہ میں قرآن پاک حفظ کرنے کی سعادت حاصل کرلی،دستاربندی کی تقریب منعقد،تفصیلات کے مطابق عظیم دینی جامع درسگاہ نیازیہ جامعہ عربیہ بلاک سی کے ہونہار طالبعلم حماد حسن نے8 ماہ میں قرآن پاک حفظ کر لیا،قاری محمد طلحہ مہتمم،عبدالستارشیرازی،مولانا کامل مسعود،قاری محمد طارق نے کم سن حافظ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ قرآن کتاب انقلاب ہے مبارک باد کے مستحق وہ طلبہ جنہوں قرآن پاک کو اپنے سینوں میں محفوظ کیا دینی تعلیم کو عام کرنے سے معاشرے میں تبدیلی آسکتی ہیں قرآن راہ ہدایت کا سرچشمہ ہے، قرآن مجید کا معجزہ کہیں یا انسانوں کو خدا کی طرف سے ملنے والی خاص توفیق۔ یہ بہرحال ایک حیرت کی بات ہے کہ قران مجید جیسی عظیم کتاب بہت ہی آسانی سے یاد کر لی جاتی ہے۔ مہتم قاری محمد طلحہ،عبدالستار شرازی نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اس ادارے میں اندرون شہر اور دور دراز علاقوں سے بچے تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں اس وقت اس ادارے سینکڑوں طلبہ قرآن پاک حفظ کی سعادت حاصل کرچکے ہیں اور وفاق المدارس پاکستان کے سالانہ امتحانات میں ہر سال35 کے قریب بچے امتحان دیتے ہیں اور پوزیشن حاصل کرتے ہیں۔


ڈیرہ غازی خان :نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی عدم توجہی کے باعث انڈس ہائی وے ٹوٹ پھوٹ کا شکار،حادثات میں اضافہ سے سینکڑوںافراد لقمہ اجل بن چکے ہیںجبکہ اس شاہراہ کو دورویہ کرنے کے لئے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آسکی ریسکیو 1122کے ذرائع کے مطابق انڈس ہائی وے پرضلع ڈیرہ غازیخان کی حدود میں مانہ بنگلہ سے رمک تک گذشتہ بارہ سال کے دوران ٹریفک کے 17ہزار850حادثات میں 476افراد اپنی زندگی بازی ہار چکے ہیںجبکہ 22ہزار 517زخمی افراد میں سے 7ہزار96کو فسٹ ایڈ اور 14 ہزار945کومزید طبی امداد دینے کے لئے مختلف ہسپتالوں میں شفٹ کیا گیاٹریفک کے دباﺅ اور بڑھتے ہوئے حادثات کے باوجوداین ایچ اے کے حکام نے اس شاہراہ کو دو رویہ کرنے کے لئے کوئی موثر اقدامات اب تک نہیں اٹھائے تاہم کچھ عرصہ قبل محکمہ ماحولیات پنجاب اور این ایچ اے نے اس شاہراہ کو دورویہ کرنے پر اس علاقہ کی آبادی پر پڑنے والے سماجی اور ماحولیاتی اثرات پر ایک سیمینار منعقد کرایا تھا جس کے بعد یہاں کے عوام نے اس توقع کا اظہار کیا تھا کہ اس شاہراہ کو دورویہ کرنے پر جلد کام شروع ہو جائے گا لیکن تاحال نہ تو اس جانب کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی ہے اور نہ ہی این ایچ اے نے کسی قسم کی دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے جس کی وجہ سے آئے روز ٹریفک کے حادثات معمول بن چکے ہیںانڈس ہائی وے کی اہمیت اس امر کی متقاضی ہے کہ اس شاہراہ کو دو رویہ کرنے کے لئے صرف اعلانات کی بجائے عملی اقدامات کیے جائیں۔


ڈیرہ غازیخان:سابق وفاقی مجلس شوری کے رکن میاں محمد رمضان کے بھائی اور ریسکیو1122آفیسر ڈاکٹر حسین میاں کے چچامیاں فضل محمد بقضائے الٰہی انتقال کرگئے مرحوم کا نماز جنازہ ملا قائد شاہ میں ادا کرنے کے بعدقبرستان ملاقائد شاہ میں سپرد خاک کردیا گیادریں اثنا مرحوم کے انتقال پر شیخ لیاقت علی رفیق اور شیخ عون محمد سمیت دیگر نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعا کی ہے۔

About The Author