دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

گوادر کے  مغربی ساحل پر ’سینڈ آرٹ‘ کے مقابلے

ہنرمند صناعوں نے مکران کے ساحل سمند پر لوگوں کے ہجوم کے سامنے کئی گھنٹوں کی محنت سے مٹی  اور ریت سے مشہور مقامات، اور جانوروں کے دیدہ زیب فن پارے تخلیق کیے۔

گوادر:ضلعی انتظامیہ،بامسار اور ازم ازمان پسنی کی جانب سے  گوادر کے  مغربی ساحل پدی زر پر  سینڈ آرٹ کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔

گوادر میں مٹی  اور ریت سے مجسمہ سازی کے اپنے نوعیت کے اس دلچسپ مقابلے میں  ضلع  بھر سے سینڈ آرٹسٹوں نے حصہ لیا۔

ساحل  سمندرپرایک کھلے میدان میں منعقدہ اس ایونٹ میں کل 80 فن کاروں نے حصہ لیا ۔ ان ہنرمند صناعوں نے لوگوں کے ہجوم کے سامنے کئی گھنٹوں کی محنت سے مٹی  اور ریت سے مشہور مقامات، اور جانوروں کے دیدہ زیب فن پارے تخلیق کیے۔

اس موقع پر جہاں کچھ آرٹسٹوں نے اپنے آرٹ میں مناظر پیش کیے تو کچھ نے باقاعدہ مٹی کی مدد سے پوری کہانی بیان کرکے داد وصول کی ۔

مٹی کی مدد سے مجسمہ سازی اور سینڈ آرٹ کے مقابلوں میں مکران کے علاہ ساحلی علاقے گڈانی کے فنکاروں نےبھی حصہ لیا ۔

ان مقابلوں کو پروفیشنل اور طالب علم فنکاروں کی گٹیگری میں تقسیم کیا گیا تھا جس میں چار فنکاروں پر مشتمل 20 ٹیموں نے حصہ لیا اور مجموعی طورپر 80 فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

سینڈ آرٹ کے اس منفرد اور دل موہ لینے والے مقابلے میں  فنکاروں نے مختلف موضوعات پر فن پارے بنائے ۔تعلیم کی اہمیت، خواتین کی ہراسانی، گوادر کے قدیم ثقافتی ورثہ، خواتین کی تعلیم میں شمولیت، آبی حیات کے تحفظ و سمندری آلودگی، بنیادی مسائل کا شکار انسانی آبادی اور دیگر سماجی مسائل کو فنکاروں نے اپنا موضوع بنایا۔

سینڈ آرٹ کے اس  مقابلے میں نامور مصوروں کے علاوہ مختلف اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے بھی حصہ لیا. جبکہ سینڈ آرٹ کے مقابلوں کو دیکھنے کے لئے شائقین کی کثیر تعداد نے ساحل کا رخ کیا جو مصوروں کے فن پاروں کو داد دیئے بغیر نہ رہ سکے۔

مقابلوں کے اختتام پر شام کو کامیاب فن پارے بنانے والے ٹیم کے ناموں کا اعلان بلدیہ گوادر دیمی زِر پارک میں منعقدہ تقریب میں کیاگیا.سینڈ آرٹ کے مقابلوں میں پہلی پوزیشن مبین گروپ، دوسری پوزیشن مرزا گروپ اور تیسری پوزیشن اویس اصغر گروپ نے حاصل کی.

About The Author