دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فائر پاور مظاہرے میں اپنے اہداف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنایا

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا”خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال آپریشنل تیاریوں پر بھر پور توجہ کی متقاضی ہے

کراچی :  پاک فضائیہ کے شاہینوں نے سونمیانی رینج پر فائر پاو رمظاہرے کے دوران اپنے اہداف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنایا۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔گورنر سندھ عمران اسماعیل، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف ا سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کے علاوہ اعلٰی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ائیر مارشل حسیب پراچہ، ڈپٹی چیف آف دی ائیر اسٹاف (آپریشنز) نے گزشتہ ماہ منعقد ہونے والے پاک فضائیہ کے انٹرا سکواڈرن آرمامنٹ مقابلوں اورفائر پاور مظاہرے کی اہمیت پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا”خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال آپریشنل تیاریوں پر بھر پور توجہ کی متقاضی ہے۔ آج کا فائر پاور مظاہرہ جنگی تیاری کے لئے ہماری کاوشوں کا تسلسل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم پاک فضائیہ پر فخر او ر ملکی دفاع  کے بارے میں انکی صلاحیتوں پر بھر پور اعتماد کرتی ہے۔ پاک فضائیہ کسی بھی چیلنج پر پورا اترنے اور دشمن پر قابو پانے کے لئے پوری طرح تیار اوراہل ہے۔“

اس موقع پر صدر مملکت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب نہ صرف پاک فضائیہ کے فرنٹ لائن جنگی بیڑے کی بے پناہ صلاحیتوں کا بہترین اظہار ہے بلکہ ہمارے بہادر فضائی جنگجوؤں کی لاجواب پیشہ ورانہ صلاحیت، کامیاب مہارت او ربے مثال ٹیم ورک کی بھی نشاندہی کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دوسری اقوام خصوصا اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہے مگرہم اپنے قومی مفادات اور خودمختاری کے تحفظ سے کسی صورت غافل نہیں ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی اندرونی یا بیرونی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے  ہمہ وقت تیار ہیں۔

صدر عارف علوی نے کہا  کہ فروری2019 میں پوری دنیا نے بھارت کی طرف سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر ہمارے ردعمل کا مشاہدہ کیا جب پاک فضائیہ نے کشمیر پر فضائی جھڑپ کے دوران ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کی۔

صدرپاکستان نے کشمیر کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرتا ہے اور اس  جدوجہد میں ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

فائر پاور مظاہرے کا آغا آواز کی رفتار سے تیزاڑتے ہوئے دو میراج طیاروں کی نیچی پرواز سے ہوا۔ اس کے بعد پاک فضائیہ کے تمام نمایاں طیاروں بشمول JF-17 تھنڈر، F-16 Block 52، F-16،F-7P اور F-7PGنے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

اس کے فوراً بعد پاک فضائیہ کے SAAB-Erieye  اورقراقرم ایگل اور آگسٹا ہیلی کا پٹر فلائی پاسٹ کرتے ہوئے وینیو کے اوپر گزرے۔

پاک فضائیہ کے پائلٹس نے مکمل درستگی کے ساتھ دیئے گئے اہداف کو نشانہ بنا کر پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ یہ مظاہرے پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کا ثبوت ہیں اور دشمن کے لئے ایک پیغام ہیں کہ پاک فضائیہ دشمن کو جواب دینے کی بھرپور قوت رکھتی ہے۔

پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کے سنسنی خیز فائر پاور مظاہرے کے بعد پاکستان کے مقامی طور پر تیار کردہ JF-17 تھنڈر طیارے نے دلکش اور حیرت انگیز  فضائی کرتب کا مظاہرہ بھی کیا۔

اس کے منظر سے اوجھل ہونے کے بعد پاک فضائیہ کی فضائی کرتب دکھانے والی ” شیر دلز  "ٹیم نے افق پر نمودار ہو تے ہوئے شاندار کرتبوں سے ناظرین کو حیرت زدہ کردیا۔ا س تقریب کو دوران پاک فضایہ کے سپیشل سروسز ونگ کے کمانڈوز نے دہشت گردوں پر حملے کی ایک مشق کا مظاہرہ کیا۔

About The Author