نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

پاک فضائیہ کے نمبر11 ملٹی رول اسکواڈرن نے انٹر اسکواڈرن آرمامنٹ مقابلے جیت لئے

۔10 اکتوبر، 2019 کو شروع ہونے والے ان مقابلوں میں تمام جنگی جہازوں سے منسلک پائلٹس نے اپنی بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہو ئے اپنے اہداف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنایا۔

کراچی : پاک فضائیہ کے نمبر 11ملٹی رول اسکواڈرن نے سومیانی فائرنگ رینج میں منعقدہ انٹر اسکواڈرن آرمامنٹ مقابلے جیت لئے۔10 اکتوبر، 2019 کو شروع ہونے والے ان مقابلوں میں تمام جنگی جہازوں سے منسلک پائلٹس نے اپنی بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہو ئے اپنے اہداف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنایا۔

نمبر 11 ملٹی رول اسکواڈرن کوبہترین کارکردگی کی بنا پر ان مقابلوں کا فاتح قرار دیا گیا۔

ان مقابلوں کی اختتامی تقریب پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل ائیر بیس پر منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی  پاک فضائیہ کے سربراہ، ائیر چیف مارشل  مجاہد انور خان  تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ اپنی جنگی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے جدید یت اور خود انحصاری کی راہ پر گامزن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ مادر وطن کے فضائی دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار ہے اور ہمیشہ پورے  عزم اور حوصلے کے ساتھ قوم کی آواز پر لبیک کہتی ہے۔

انہوں نے کشمیر کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس بات کا اعادہ کیا کہ کشمیر میں انسانی مظالم کو فوری طور پر ختم ہونا چاہئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس صورتحال  پر پوری طرح نظر رکھے ہوئے ہیں اور اپنی فضائی سرحدوں کی حفاظت سے ہرگز غافل نہیں ہو سکتے۔

پہلی مرتبہ متعارف کروائی گئی بیسٹ آرمامنٹ ٹرافی مشترکہ طور پر نمبر 2 اسکواڈرن اور نمبر 8اسکواڈرن کو عطا کی گئی۔ جبکہ مینٹیننس ٹرافی نمبر 14اسکواڈرن نے حاصل کی۔ ونگ کمانڈر نعمان اکرم کو  انفرادی طور  پر بہترین نشانہ بازی کا مظاہرہ کرنے پر شیر افگن ٹرافی سے نوازا گیا۔

ان مقابلوں میں پاک فضائیہ کی تمام فائٹر اسکواڈرنز کی کارکردگی کو جانچا گیا جہاں JF-17 نے اپنی نمایاں کار کردگی کی بدولت پاک فضائیہ میں اپنی حیثیت صفِ اول کے لڑاکا  طیارے کے طور پر منوا لی ہے۔

About The Author