مئی 10, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلے

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ غازی خان اور اردگرد کے علاقوں سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں۔

ڈیرہ غازیخان: پاکستان تحریک انصا ف کی ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ کھوسہ نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ عوام بھی اپنے مزاج، رویوں اور عادات میں تبدیلی لائے محبت اخوت بھائی چارے کو فروغ دے اور چھوٹے چھوٹے مثبت افعال کے ذریعے معاشرے میں بہتری اور خوشحالی لانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے وہ کچن گارڈننگ کے حوالے سے منعقدہ ایک تربیتی سیشن سے خطاب کر رہی تھیں انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان میں اپنی جامعات اور محکمہ زراعت کے تعاون سے کچن گارڈننگ کو فروغ دینے کے لیے بھر پور اقدام کیے جا رہے ہیں اس سلسلہ میں عوام کو بھی اپنے اندر ذوق و شوق اور جذبہ پیدا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے سبزیاں گھروں میں لگانا شروع کیں تو نہ صرف آب و ہوا ہوگی بلکہ صاف پانی سے تازہ اور سے صحت بخش سبزیاں حاصل کرکے گھریلو بجٹ کو سہارا دیا جا سکتا ہے اور ہسپتالوں کو ویران کیا جا سکتا ہے ڈاکٹر شاہینہ نے مزید کہا کہ گھروں، گلیوں اور بازاروں کو آباد کرنا اور ہسپتالوں کو ویران کرنا اس حکومت کا مشن ہے تربیتی سیشن میں معلوماتی ویڈیوز، لیکچر ز و لائیو پریزنٹیشن کے ذریعے سبزیوں کی پنیری لگانا اور پنیری کو زمین میں اور گملوں میں لگانا سکھایا گیا ملتان زرعی یونیورسٹی کے ماہر نبیل اکرام اپنے ساتھیوں، یونس، مبشر اور اعجاز کے ساتھ اس پروگرام میں شریک ہوئے اور ڈی جی خان کی خواتین اور گرلز گائیڈ نے بڑی تعداد میں شرکت کی آخر میں فضل حسین سولنگی زرعی ماہر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا


ڈیرہ غازیخان: محکمہ صحت ڈیرہ غازی خان کے زیر اہتمام گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج بلاک 17۔ڈیرہ غازیخان میں ورلڈ نو پولیو کے موقع پر تقریری مقابلہ کا انعقاد کیا گیا۔پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کرنے کے ساتھ آگاہی واک کا بھی انعقاد کیا گیا جس کی قیادتِ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر کامران اصغر نے کی ۔

اس موقع پر پرنسپل شہزاد حسین، عالمی ادارہ صحت کی ڈاکٹر سحرش،کالج کے اساتذہ،طلبہ اور دیگر موجود تھے۔ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر کامران اصغر نے بتایا کہ طلبہ کے مابین پولیو کے موضوع پر تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔


ڈیرہ غازیخان:ضلعی محکمہ سول ڈیفنس ڈیرہ غازی خان نے کارروائی کرتے ہوئے 9 غیر قانونی آئل یونٹ سربمہر کرکے مالکان کے خلاف مقدمات درج کرادئیے۔مالکان کومجموعی طور پر ایک لاکھ پانچ ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کردیا گیا۔سول ڈیفنس آفیسر خالد کریم قریشی کے مراسلہ کے مطابق انہوں نے ڈپٹی کمشنر وقاص رشید کی ہدایت پر کارروائی کی۔

معموری میں محمد موسی،کوٹ مبارک میں غلام حسین،محمد سلمان،گدائی میں محمد جاوید کی غیر قانونی آئل ایجنسیاں سیل،مالکان کے خلاف مقدمات درج کراکے فی کس کو بیس،بیس ہزار روپے اورکوٹ چھٹہ میں عبدالستار،محمد ذوالفقار،محمد سلیمان،عبدالباسط اور اسداللہ کی غیر قانونی آئل ایجنسیاں سیل،مقدمات درج کرکے فی کس پانچ،پانچ ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں غیر قانونی آئل یونٹ کے مالکان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔


ڈیرہ غازیخان: حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازی خان میں ورلڈنو پولیو ڈے کے حوالے سے تقریبات اور واک کا انعقاد کیا گیا۔مرکزی تقریب ڈی جی خان میڈیکل کالج میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر وقاص رشید تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ ضلع میں پولیو کے خاتمہ کیلئے خصوصی مہم چلارہے ہیں۔پولیو وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے ڈیرہ غازی خان حساس اضلاع میں شامل ہے آج تجدید عہد کا دن ہے کہ پاکستان کو پولیو فری بنانے کیلئے ملکر کام کریں گے۔ہم سب پولیو ورکرز ہیں بچوں کو محفوظ اور صحت مند مستقبل دینے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خلیل احمد،پرنسپل میڈیکل کالج پرفیسر ڈاکٹر محمد آصف قریشی،ڈاکٹر نیاز بلوچ،کلیم اللہ طاہر،ڈاکٹر عبدالروف طاہر،ڈاکٹر عاصمہ اختر اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو وائرس ایک بچہ سے دوسرے میں منتقل ہوسکتا ہے اور مرض میں شدت پر بچہ کی موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔پولیو سے پاک پاکستان ہم سب کا مشن ہونا چاہیے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسنین خالد سنپال،ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ پروگرام ڈاکٹر زوہیب حسن،ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر کامران اصغر،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ذکاء الدین بزدار،اے ایم ایس ڈاکٹر گل حسن اور دیگر موجود تھے.


ڈیرہ غازیخان: ڈسٹرکٹ پولیس لائنز ڈیرہ غازی خان میں ورلڈنو پولیو ڈے کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر اطہر سکھانی نے پولیو کے بارے میں آگاہی دی۔

اس موقع پر واک کا بھی انعقاد کیا گیا۔ڈی ایچ او ڈاکٹر اطہر سکھانی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ پولیو سے بچاؤ کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ پانچ سال تک کے ہر بچہ کو ہر مہم میں دو قطرے لازمی پلائے جائیں۔


ڈیرہ غازیخان: وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان وقاص رشید جمعتہ المبارک 25 اکتوبر کو تین بجے سہ پہر اپنے آفس میں کھلی کچہری لگائیں گے۔یہ بات ان کے دفتر سے جاری مراسلہ میں کہی گئی ہے۔


ڈیرہ غازیخان: حکومت پنجاب کی ہدایت پر اوورسیز پاکستانیز کمیٹی کا اجلاس جمعتہ المبارک 25 اکتوبر کو دس بجے دن ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سمیع اللہ فاروق کی زیر صدارت ان کے کمیٹی روم میں منعقد ہوگا۔یہ بات ڈپٹی کمشنر آفس کی طرف سے جاری مراسلہ میں کہی گئی ہے۔


ڈیرہ غازیخان: وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ وکمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے ڈیرہ غازیخان کا دورہ کیا. انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی انیشیٹوز کے تحت ضلع ڈیرہ غازی خان کے ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے۔ منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیری حربے استعمال کرنے والی تعمیراتی کمپنی کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے یہ بات  کمشنر آفس ڈیرہ غازی خان میں محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے ضلع میں جاری ہر سکیم کی پیشرفت کا انفرادی جائزہ لیا۔انہوں نے کہاکہ تجویز کردہ سکیموں کی منظوری کیلئے رکاوٹیں فوری دور کی جائیں اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن اظفر ضیاء،اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ملک محمد رمضان اور دیگر افسران موجود تھے۔ا جلاس میں ایس ای لوکل گورنمنٹ،ایکسئین خلیل احمد،ڈائریکٹرز عبید الرشید اور ملک محمد رفیق،ڈپٹی ڈائریکٹرز ملک محمد رمضان،وسیم اختر جتوئی اور دیگر نے بریفنگ دی۔ دریں اثناء سیکرٹری لوکل گورنمنٹ وکمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کمشنر مدثر ریاض ملک،ڈپٹی کمشنر وقاص رشید کے ہمراہ ڈیرہ غازی خان اور تونسہ کے ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا۔انہوں نے مٹیریل کے معیار اور کام کی تیز رفتاری کیلئے ہدایات جاری کیں۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ وزیر اعلی انیشیٹوز کے تحت ضلع ڈیرہ غازی خان کے ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے۔


ڈیرہ غازیخان: ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان وقاص رشید نے کہا ہے کہ ڈی جی خان سالڈ و یسٹ منیجمنٹ کمپنی کے قیام سے شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر ہو گی. کمپنی کو فنکشنل کرنے کیلئے تمام ممکنہ انتظامات کیے جا رہے ہیں.

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی. اجلا س میں کمپنی کو فنکشنل کرنے اور دیگر امور کا جائزہ لیاگیا. اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر جتوئی، ایم ڈی کیٹل مارکیٹ کمپنی محمد یونس کھتران اوردیگر موجو دتھے.


ڈیرہ غازیخان: حکومت پنجاب کی ہدایت پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 27 اکتوبر کو ضلع ڈیرہ غازی خان میں یوم سیاہ منایا جائیگا اس حوالے 9 بجے صبح بمبئے ہوٹل چوک سے ہسپتال چوک تک ریلی نکالی جائے گی۔جس میں اراکین اسمبلی،افسران اور زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوں گے۔ڈپٹی کمشنر وقاص رشید نے کہا کہ یوم سیاہ بھرپور طریقے سے منایا جائیگا


ڈیرہ غازیخان: ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ڈیرہ غازیخان ڈاکٹر ناطق حیات غلزئی نے کہا ہے کہ دل کے امراض کی وجہ سے اچانک اموات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اس سلسلے میں آگاہی کی ضرورت ہے. انہوں نے سنٹرل سٹیشن چوک چورہٹہ پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے دل کے امراض پر قابو پایا جاسکتاہے.

انہوں نے کہاکہ اپنا بلڈ پریشر باقاعدگی سے چیک کراتے رہیں، کھانے میں نمک او رچکنائی کا استعمال کم کریں، وزن کنٹرول کریں، سگریٹ نوشی سے پرہیز کریں، روزانہ کم سے کم 30منٹ ورزش کریں، خوراک میں سبزیوں اور پھلوں کو زیادہ استعمال کریں، مرغن غذاوں سے پرہیز کریں اور گھی کی جگہ کوکنگ آئل استعمال کریں.


ڈیرہ غازیخان: آر پی او ڈی جی خان عمران احمر کی طرف سے پولیس مقابلہ میں زخمی ہونے والے پولیس ملازمان کو تحائف پیش کیے گئے تفصیلات کیمطابق آر پی او ڈی جی خان عمران احمر کی طرف سے ٹیچنگ ہسپتا ل ڈیرہ غازیخان میں زیر علاج پولیس کے جوان جوکہ لادی گینگ کے خلاف دوران پولیس مقابلہ زخمی ہوگئے تھے ان پولیس ملازمان کی ڈی ایس پی مہراسحاق سیال نے ہسپتال میں خیروعافیت دریافت کی اور تحائف پیش کیے زخمی جوانوں کے لواحقین کو بھی ملے ہسپتال میں دی گئی سہولیات کا جائزہ لیا اورمزیدہسپتال کے عملہ کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پرانہوں نے کہا کہ ایسے جوانوں کی وجہ سے محکمہ پولیس کا وقار بلند ہے جو اپنے فرائض کی انجام دہی کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کردیتے ہیں ایسے جوان ہمارے لیے باعث فخرہیں جو لوگوں کی جان مال عزت آبرو کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی دینے سے گریز نہیں کرتے ہیں۔

%d bloggers like this: