دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

مزدور کی اجرت 15سے20ہزار ہے لیکن اساتذہ کو 8000روپے ماہانہ تنخواہ دی جارہی ہے،کائرہ

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے دور میں احتجاج کرنے والوں کے جائز مطالبات مانتے تھے،اب ایسی صورتحال میں ایسی حکومت کا جانا یقینی ہوگیا ہے۔

اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی کے وسطی پنجاب کے صدر قمرالزمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی حکومت کے خاتمے تک مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہے۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی حالت یہ ہے کہ ڈاکٹر،مزدور،اساتذہ اور طالبعلموں کے بعد اب سیاسی جماعتیں بھی سڑکوں پر آرہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے دور میں احتجاج کرنے والوں کے جائز مطالبات مانتے تھے،اب ایسی صورتحال میں ایسی حکومت کا جانا یقینی ہوگیا ہے۔بنیادی تعلیم کے اساتذہ کو ایک مزدور سے بھی کم تنخواہ دی جارہی ہے،جو گزشتہ 10ماہ سے ان کو نہیں مل رہی۔پیپلزپارٹی ان اساتذہ کے ساتھ کھڑی ہے۔

نیشنل پریس کلب کے سامنے بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز کے اساتذہ کے احتجاج میں اظہار یکجہتی کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  قمرزمان کائرہ نے کہا کہ آج ہم کمیونٹی سکول کے اساتذہ سے اظہار یکجہتی کیلئے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا حکومت لوگوں کے احتجاج کا حق تسلیم نہیں کر رہی،جو سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہے،حکومت نے اسلام آباد کے ہر طرف کنٹینر کھڑے کردئےے ہیں۔حکومت تعلیم،صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے،اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کو پرائیویٹ کیا جارہا ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان میں مزدور کی اجرت 15سے20ہزار تک ہے لیکن ان اساتذہ کو 8000روپے ماہانہ تنخواہ دی جارہی ہے،وہ بھی ان کو گزشتہ 10ماہ سے ادا نہیں کی گئی۔چیف جسٹس آف پاکستان کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہئے کہ اساتذہ کو8000روپے ماہانہ تنخواہ بھی نہیں ادا کی جارہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی پر الزام ہے کہ وہ نوکریاں دیتی ہے،اگر یہ جرم ہے تو یہ جرم ہم کرتے رہیں گے،گزشتہ رات ان اساتذہ میں سے کچھ کو گرفتار کیا گیا ہے،ان کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ حالات ایسے چل رہے ہیں کہ مزدور،ڈاکٹر،اساتذہ،طالب علم سب سڑکوں پر ہیں اور اب سیاستدان بھی سڑکوں پر پر آنے والے ہیں۔اسلام آباد میں رہنے والے طالبعلموں کو رہائش کیلئے ہاسٹل فراہم نہیں کیا جارہا۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کا بندوبست کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے،ایسی صورتحال میں اس حکومت کا جانا یقینی ہوگیا ہے،ہم مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہیں،احتجاج میں لانگ مارچ میں حتی کہ جبتک موجودہ حکومت کا خاتمہ نہیں ہوجاتا۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار اساتذہ کو پاکستان پیپلزپارٹی کی طرف سے قانونی معاونت فری فراہم کی جائے گی،ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت فی الفور گرفتاراساتذہ کو رہا کرے ۔

ان کے ہمراہ پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری منظور حسین،حسن مرتضیٰ،نذیر ڈھوکی،افتخار شہزادہ،شائستہ کھوسہ اور صائمہ راجہ بھی تھے۔

About The Author