نومبر 21, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

لیکچرارکی خود کشی کا معاملہ:تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم

چیف سیکرٹری کو لکھے گئے خط میں فزکس کی پروفیسرڈاکٹرعالیہ  نے پرنسل فرحان عبادت کیخلاف انکوائری اور انہیں عہدے سے ہٹانے کے لیے  درخواست دی  ہے۔

لاہور: پنجاب حکومت نے ایم اے او کالج کے لیکچرار افضل محمود کی خودکشی کے حوالے سے تحقیقات کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ۔ یونیورسٹی آف اوکاڑہ  کے وائس چانسلر زکریا ذاکر انکوائری کمیٹی کے کنوینر مقرر کردیے گئے ہیں۔

کمیٹی لیکچرار افضل محمود کے خلاف طالبات کی جانب سے ہراساں کرنے کے الزامات کی انکوائری کرنے والی کمیٹی کی سربراہ اور یونیورسٹی کی پروفیسر ڈاکٹر عالیہ کی درخواست پر تشکیل دی گئی ہے۔ انکوائری کمیٹی کی سربراہ نے پرنسپل ایم اے او کالج کو ہٹانے کیلئے چیف سیکرٹری کو درخواست بھیج دی تھی۔

کالج لیکچرار افضل محمود پر طالبات نے ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا تاہم یونیورسٹی کی انکوائری کمیٹی نے استاد کو بے گناہ قرار دیا تھا۔

لیکچرار افضل محمود نے یونیورسٹی کی انتظامیہ سے ان کی صفائی کے حق میں خط جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔ تاہم یونیورسٹی انتظامیہ نے اس درخواست کو نظرانداز کیا تھا جس کے نتیجے میں استاد نے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی۔

افضل محمود کے خلاف الزامات کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر عالیہ نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات کے دوران  معلوم ہوا کہ طالبات نے نمبر نہ دینے پراستاد کے خلاف ہراسگی کا الزام عائد کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جن طالبات نے الزام لگایا  تھا وہ انگلش کے مضمون میں فیل ہو گئیں تھیں۔ ڈاکٹر عالیہ  کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ آنے کے فوری بعد طالبات کو اگر کوئی سزا دی جاتی تو لیکچرارافضل محمود مطمئن ہو جاتے اور ان کی جان بچ جاتی۔

چیف سیکرٹری کو لکھے گئے خط میں فزکس کی پروفیسرڈاکٹرعالیہ  نے پرنسل فرحان عبادت کیخلاف انکوائری اور انہیں عہدے سے ہٹانے کے لیے  درخواست دی  ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کالج پرنسپل خودکشی کے بارے میں جھوٹ بول رہے ہیں۔ انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ بطور انکوائری آفیسر  انہوں نے بروقت رپورٹ دی مگر ڈاکٹر فرحان عبادت نے خط لینے سے انکار کرتے ہوئے پاس رکھنے کو کہا۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی سات روز میں اپنی رپورٹ جمع کروائے گی۔ رجسٹرار لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی اور پرنسپل گورنمنٹ پی جی کالج ٹاون شپ کمیٹی کے ممبر اور ڈپٹی سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو ممبر اور سیکرٹری مقرر کر دیا گیا ہے۔

About The Author