دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

وزیراعظم عمران خان نے پارٹی آئین میں ترمیم اور نئے تنظیمی ڈھانچے کی باضابطہ منظوری دے دی

سیف اللہ خان نیازی نے کہاکہ ان چاروں علاقوں کی تنطیمیں آئین میں دیے گئے طریقہ کار کے مطابق ضلعی گورننگ باڈیز کی تقرریاں عمل میں لائیں۔

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کی آئین میں ترمیم اور نئے تنظیمی ڈھانچے کی تکمیل کے معاملے  پر وزیراعظم عمران خان نے پارٹی آئین میں ترمیم اور نئے تنظیمی ڈھانچے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔

وزیراعظم کی منظوری سے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

سیف اللہ خان نیازی نے کہاہے کہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں ریجن کی سطح پر تنظیمی ڈھانچے کی تشکیل کا اعلان کررہے ہیں،سندھ میں ریجنز کی تشکیل کیلئے مزید مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں تمام ڈویژنز پر مشتمل ایک ریجن قائم کیا ہے، گلگت بلتستان کے ریجن میں گلگت بلتستان کے تمام ڈویژنز شامل ہوں گے۔

سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کیلئے بھی ریجنل ڈھانچے کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے،اسلام آباد ریجن قومی اسمبلی کے حلقوں کے مطابق 3 اضلاع پر مشتمل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کو شمالی، مرکزی اور جنوبی پنجاب نامی 3 ریجنز میں تقسیم کیا ہے،خیبرپختونخوا کو مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور اور جنوبی پختونخوا نامی 4 ریجنز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر نے کہا کہ بلوچستان کیلئے شمال مشرقی، جنوب مشرقی، شمال مغربی اور جنوب مغربی ریجنز کی تشکیل کی منظوری دی ہے۔

انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزادجموں و کشمیر کی علاقائی حدود میں کوئی تبدیلی نہیں کررہے،ان علاقوں میں موجودہ تنظیمی ڈھانچہ بدستور فرائض سرانجام دے گا مگر صوبے کی بجائے "ریجن” کا نام اور افعال استعمال کرے گا۔

سیف اللہ خان نیازی نے کہاکہ ان چاروں علاقوں کی تنطیمیں آئین میں دیے گئے طریقہ کار کے مطابق ضلعی گورننگ باڈیز کی تقرریاں عمل میں لائیں۔

انہوں نے کہاکہ سیکرٹری او آئی سی مرکزی مجلس عاملہ سے منظوری شدہ او آئی سی بائی لاز کی روشنی میں تنظیمی سرگرمیاں آگے بڑھائیں،سیکرٹری اوآئی سی تمام ریجنز کیلئے ڈپٹی سیکرٹریز کی تقرریوں کا عمل مکمل کریں۔

About The Author