دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ڈیرہ اسماعیل خان سے نامہ نگاروں اورنمائندگان کے مراسلے

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تجزیے اور تبصرے

عوام علی امین گنڈہ پور کو ووٹ دینے کی سزا بھگت رہے ہیں ۔صارفین

ڈیرہ اسماعیل خان :تبدیلی سرکار کا واپڈا مافیا پر کچھ اثر نہ ہوسکا، پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر علی امین گنڈ ہ پور کے حلقہ ڈیرہ اسماعیل خان میں عوام انہیں ووٹ دینے کی سزا بھگتنے لگے ،ایس ای بنوں سرکل اور ڈی سی ایم بنوں سرکل ڈیرہ دشمنی پر اتر آئے ، صارفین ناجائز جرمانہ معافی کے لئے رل گئے ،ڈیرہ سے بھجوائے گئے ہزاروں کیس ایس ای بنوں سرکل بھیجے گئے جن میں چندکیسز میں جرمانے بیس فیصد معاف کرکے باقی کیسز مسترد کرکے وآپس بھیج دیئے گئے ،ڈیرہ کے صارفین ایس ای بنوں اور ڈی سی ایم بنوں سرکل کے زیر عتاب آگئے ہیں ، منتخب عوامی نمائندوں نے مکمل خاموشی اختیار کرلی ۔ صارفین کا شاید احتجاج ،مقامی ایکسین و ایس ڈی اوز کو 50ہزار تک جرمانہ معافی کے اختیارات واپس دینے کا مطالبہ۔ ذرائع کے مطابق چیف ایگزیکٹیو پیسکو کی جانب سے صارفین کے ناجائز بجلی کے جرمانوں کی معافی کیلئے ایس ای بنوں سرکل کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی جس میں ایس ای بنوں سرکل، ڈپٹی کمرشل منیجراور مقامی ایکسین سمیت دیگر شامل تھے، پیسکو چیف کے احکامات کی روشنی میںڈیرہ اسماعیل خان سے مقامی ایکسینز کی جانب سے ڈیرہ کے بجلی صارفین کے ناجائز جرمانوں کے کیسز ضروری کاروائی کے بعد ایس ای بنوں آفس بھجوائے گئے تاہمچھ ماہ کا عرصہ گزر جانے کے بعد ان کیسوں پر کاروائی عمل میں تو لائی گئی لیکن چند کیسز بیس فیصد معاف کرکے بیشتر جرمانہ معافی کیسز مسترد کرکے وآپس بھیج دیئے گئے ہیں اور ساتھ میں یہ بھی ہدایات جاری کی گئیں ہیں سال میں صرف ایک بار ہی جرمانے معاف فرمائے جائیں گے ۔صارفین کے مطابق وہ اپنے بلوں کی درستگی کیلئے واپڈا دفتر کے چکر کاٹ کر آجز آچکے ہیں ان کا کہنا ہے پی ٹی آئی حکومت میں وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور کے حلقہ میں انہیں ووٹ دینے کی ہمیں یہ سزا دی جارہی ہے اور عوام کو دربدر کی ٹھوکریں کھانے کے لئے چھوڑ دیاگیا ہے۔ ۔ڈیرہ اسماعیل خان کے صارفین نے پی ٹی آئی حکومت اور واپڈا کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے پیسکو چیف سے مطالبہ کیا ہے کہ 50ہزار روپے تک کے جرمانہ معافی کے اختیارات مقامی ایکسین اور ایس ڈی اوز کو واپس دیئے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے اور کیسوں کی بروقت درستگی کے بعد صارفین کی جانب سے واجبات جمع کرانے سے واپڈا کے ریونیو میں بھی اضافہ ہو اور عوام بلاوجہ کی پریشانیوں سے بھی بچ سکیں۔


اتفاقی گولی لگنے سے 48 سالہ شخص جاں بحق

ڈیرہ اسماعیل خان :دریائے سندھ کے کنارے دھپانوالہ بند کے قریب اراضی میں اتفاقی گولی لگنے سے 48 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا ،متوفی کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے سپرد کردی گئی ،پولیس نے رپورٹ درج کرکے چھان بین شروع کردی ۔پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود بند دھپانوالہ کے قریب اراضی میں 48 سالہ شخص عبدالطیف ولد غلام فرید قوم دھپ سکنہ بستی دھپانوالی ڈیرہ بارہ بور بندوق کے اچانک فائر سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ۔متوفی کی لواحقین کے مطابق وہ شکار کھیلنے کے لئے بنددھپانوالہ کیا جہاں پروہ لوڈ بارہ بور بندوق اپنی تھوڑی کے نیچے رکھ کر بیٹھنے لگا توا س دوران بندوق کی گولی اچانک گولی چل گئی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ،متوفی کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے سپرد کردی گئی ہے ۔پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرکے مزید چھین چھان بین شروع کردی ہے۔


تیز رفتار موٹرسائیکل سوار کی ٹکر سے پانچ سالہ بچہ زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان :ڈیرہ چشمہ روڈ تھانہ صدر کی حدود موسیٰ کھر اڈہ کے قریب تیز رفتار موٹرسائیکل کی ٹکر پانچ سالہ بچہ شدید زخمی ہوگیا ۔بچے کو انتہائی تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیاگیا۔تھانہ صدر کی حدود ڈیرہ چشمہ روڈ پر واقع موسیٰ کھر اڈہ کے قریب تیز رفتار موٹرسائیکل سوار سڑک کے کنارے موجود پانچ سالہ بچے کے ساتھ ٹکراگیا جس کے نتیجے میں بچہ شدید زخمی اور بہوش ہوگیا ۔اسے انتہائی تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔


نوجوان کو چھریوں کے وار سے قتل کردیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان :خواتین کے تنازع پر نوجوان کو چھریوں کے وار سے قتل کردیاگیا ،پولیس نے مقتول کے بھائی کی رپورٹ پر تین افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ۔تھانہ درازندہ کی حدود علاقہ کھوئی بہارا میں ملزمان نے چھریوں کے پے در پے وار سے 38 سالہ عطاءمحمدولد عبداللہ قوم استرانہ سکنہ کھوئی بہارا کو شدید زخمی کردیا جوکہ بعدازاں زخمی کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا ۔مقتول کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے سپرد کردی گئی ۔پولیس نے مقتول کے بھائی عبدالرحیم کی رپورٹ پر تین ملزمان ،گلستان ،بوستان پسران زرستان ،عرفان ولد گلستان اقوام استرانہ ساکنان کھوئی بہارہ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیاہے۔وجہ عدوات خواتین کا تنازع بیان کیاگیا ہے۔


ماہرامراض عصاب چل بسے

ڈیرہ اسماعیل خان :اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے ماہر امراض عصاب ڈاکٹر عدنان رفیق ڈیرہ دورے کے دوران ہارٹ اٹیک کے باعث انتقال کرگئے ۔مرحوم کی میت کو ایمبولینس کے ذریعے اسلام آباد روانہ کردی گئی ۔ذرائع کے مطابق مرحوم ڈاکٹر عدنان رفیق جن کا تعلق اسلام آبادسے تھا جوکہ مریضوں کے علاج معالجہ کے سلسلہ میں ڈیرہ کے دورہ پر موجود تھے کہ اس دوران ہارٹ اٹیک کے باعث ان کا وصال ہوگیا ۔ ذرائع کے مطابق وہ پیر سے جمعرات تک محلہ کڑی علیزئی میں اپنے نجی کلینک پر مریضوں کا معائنہ کر تے تھے جبکہ جمعہ سے اتوار وہ اسلام آباد میں موجود رہتے تھے۔


آتشزدگی کے باعث قیمتی سامان جل کر راکھ ہوگیا

ڈیرہ اسماعیل خان :ڈیرہ شہر کے گنجان آباد علاقہ محلہ روشن چراغ میں مکان میں آتشزدگی کے باعث لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ کر ڈھیر بن گیا ،اطلاع پر ریسکیو ٹیم نے فوری موقع پرپہنچ کر آگ پر قابو پالیا ،ریسکیو ذرائع کے مطابق ڈیرہ شہر کے علاقہ محلہ روشن چراغ میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث نسیم احمد قریشی نامی شخص کے مکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے فوراًً ہی پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے گیا ، آگ کے شعلے اوردھواں دور دور تک دیکھائی دینے لگا۔واقعہ کی اطلاع پر ریسکیو فائر فائیٹرز کی ٹیم فوری موقع پرپہنچ گئی اور طویل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیاگیا تاہم  آگ لگنے سے مکان کے اندر موجود لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی سامان پل بھر میں راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جان نقصان نہیں ہوا۔ریسکیوذرائع کے مطا بق مکان میں آتشزدی یو پی ایس کے ذریعے بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث ہوئی ہے ۔


عوام کے جان و مال کا تحفظ اور معاشرتی برائیوں کا تدارک اولین ترجیح ہیں ڈی پی او ڈیرہ

ڈیرہ اسماعیل خان :عوام کے جان و مال کا تحفظ اور معاشرتی برائیوں کا تدارک میری اولین ترجیح ہے شہداء کربلا ء کے چالیسویں پر ضلع بھر میں سخت ترین سکیورٹی کا انتظام کیاگیا ہے ۔ضلع بھر میں پولیس کے سینکڑوں چاق و چوبند جوان ڈیوٹیاں سر انجام د ے رہے ہیں ۔ جلوسوں کے راستوں کو خار دار تاروں سے بند کیا گیا ہے جبکہ جلوسوں کے راستوں کو ڈرون کیمروں اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹر کیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ دلاور خان بنگش نے صحافیوں سے ملاقات کے دوران کیا ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے کہا کہ عوام اور پولیس میں اعتماد کی فضا پیدا کرنا بہت ضروری ہے عوام کو پولیس کی طرف سے انصاف اور تحفظ پیدا کرنا پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں،انہو ں نے مزید کہا کہ پولیس کو مزید بہتر بنانے کیلئے مختلف کورسز بھی کروائے جارہے ہیں تاکہ ملازمین پروفیشنل طریقے سے خدمات جاری رکھ سکیں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاو¿ن جاری ہے تاکہ معاشرتی برائیوں کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔


شہدائے کربلا کا چہلم  عقیدت واحترام اور سخت سیکورٹی انتظامات میں منایاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان :ملک بھر کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی نواسہ رسول حضرت امام حسین شہداء کربلا کا چہلم انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔مرکزی جلوس امام بارگاہ تھلہ بمو شاہ سے برآمد ہوکر اپنے مقرر راستوں سے ہوتا ہوا تھلہ یلہ شاہ پر اختتام پزیر ہوا۔سینکڑوں عقیدت مندوں نے شہداء کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے نوحہ خوانی ماتم داری سینہ کوبی اقر زنجیر زنی کی۔اس موقع ہر پاک فوج اور ہولیسانتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں شہداء کربلا کے چہلم کے سلسلہ میں مرکزی امام بارگاہ تھلہ بمو شاہ پر مجلس عزاء منعقد کی گئی۔جس میں علماء کرام و زاکرین نے شہداء کربلا کی دین اسلام سربلندی اور بقاء کیلئے دی جانی والی عظیم قربانیوں کاذکر کیا۔نواسہ رسول حضرت امام حسین اور ان کے رفقا اہلیبیت کو میدان کربلا میں درپیش مشکلات مصائب کا ذکر کیا اور فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالی۔ واقعہ کربلا کے بعد کربلا سے شام تک اہلیبیت کرام کے سفر اور اس دوران ان کی تکالیف وغیرہ کا ذکر کیا۔بعد ازاں جلوس میں شامل عقیدت مندوں نے زنجیر زنی کی۔اور شہداء کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس کے بعد تعزیے اور ذوالجناح کا قدیمی جلوس تھلہ بمو شاہ سے برامد ہوا۔جوکہ اپنے قدیمی راستوں حسینی چوک سے ہوتا ہوا تھلہ یلہ شاہ پر اختتام پزیر ہوا۔جلوس کے شرکاء نے علم عباس اٹھائے ہوئے تھے۔جلوس کے راستوں میں پانی دودھ اور چائے وغیرہ کی سبیلیں لگائی گئی تھی۔جبکہ جلوس کے شراکاہ میں لنگر حسینی تقسیم کیا گیا۔اس موقع پر پاک فوج اور پولیس انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے فل پروف انتظامات کئے گئے تھے۔جبکہ ریسکیوں 1122 کہ امدادی ٹیم زنجیر زنی کے دوران زخمی ہونے والے عزاء داروں کی مرحم پٹی کرتے رہے۔


حضرت امام حسین کے سلسلے میں زنجیرزنی کاجلوس تعزیہ برآمد

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)چہلم حضرت امام حسین کے سلسلے میں زنجیرزنی کابڑاجلوس تعزیہ گزشتہ شام کوتھلہ یلہ شاہ کی طرف برآمد ہوا۔ نوحہ خوان پارٹی سید پیر سبطین شاہ بخاری اورڈیرہ کی تمام پارٹیوں نے نوحہ خوانی کی ۔ حسینیہ چوک پرتعزیہ کے ماتمی جلوس نے زنجیرزنی کی ۔ جلوس کے راستوں پردودھ اورچائے کی سبیلیں لگائی گئی تھیں۔ رات کو تھلہ یلہ شاہ پر سید پیر علی رضا شاہ نے تعزیے کے جلوس کا استقبال کیااورسلامی دی ۔اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ۔ کسی بھی ناخشگوار واقعہ سے نمنٹنے کے لئے پولیس اور پاک فوج کے چوکس دستے ڈیوٹی پر موجود رہے ۔


،قتل کے انتہائی اہم مقدمہ میں پراسیکیوشن ملزم کے خلاف جرم ثابت کرنے میں ناکام

ڈیرہ اسماعیل خان :پراسیکیوشن کی ایک اور بڑی ناکامی ، قتل کے انتہائی اہم مقدمہ میںپراسیکیوشن ملزم کے خلاف جرم ثابت کرنے میں ناکام ہوگیا ،ملزم جیل سے بری ہونے میں کامیاب ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ محمد یونس خان کی نگرانی میں قائم ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ ڈیرہ کے جج محمد عثمان ولی خان نے تحصیل پروا کے علاقہ میں سی آر بی سی نہر کے قریب29 سالہ نوجوان گلزمان کو قتل کرنے کے مشہور زمانہ میں گرفتار ملزم ڈاکٹر غلام شبیر کے خلاف جرم ثابت نہ ہونے پر اسے شک کا فائدہ دیتے ہوئے مقدمہ سے بری جبکہ دیگر دو نامزد مفرور ملزمان کو اشتہاری گردانتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات جاری کردیئے ،ملزم کی جانب سے معروف قانون دان سیف الرحمٰن ایڈوکیٹ جبکہ استغاثہ کی جانب سے محمد وحید انجم ایڈوکیٹ نے اس اہم مقدمہ کی پیروی کی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق تحصیل پروآ کے علاقہ جھوک عبداللہ کے رہائشی حبیب اللہ ولد عنایت اللہ قوم بلوچ نے تھانہ پروا میں رپورٹ درج کرائی کہ گزشتہ سال 13 نومبر کو وقوع کی صبح ساڑھے سات بجے میں اپنے بھائی پچیس سالہ گلزمان اور دیگر افراد محبوب ولد سلطان ،محمد حنیف ،محمد رفیق پسران امام بخش بلوچ سی آر بی سی نہر نز سیفل جھوک عبداللہ کے قریب ٹریکٹر کا پنکھا ٹھیک کررہے تھے کہ اس دوران مسلح ملزمان محمد اشرف ولد ربنواز ،ڈاکٹر غلام شبیر ،سعید پسران سردار اورنگزیب خان اقوام بلوچ ساکنان جھوک عبداللہ آئے اور آتے ہیں تینوں ملزمان نے موقع پر موجود ہم چھ افراد پر اپنے اپنے اسلحہ سے اندھا دھند فائرنگ کردی جن کی فائرنگ کے نتیجے میں ٹریکٹر کی ڈرائیونگ سیٹ پرموجود بھائی گلزمان زخمی ہوکر گر پڑاجبکہ ہم دیگر افراد خوش قسمتی سے بال بال بچ گئے ۔ملزمان کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن ایک ملزم محمد اشرف اپنی بندوق پھینک کردیگرملزمان کے ساتھ وہاں سے فرارہونے میں کامیاب ہوگئے ۔زخمی بھائی کو ہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا ۔وجہ عداوت اراضی پر تنازع بیان کیاگیا ۔پولیس نے تین ملزمان کے خلاف قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کرکے ایک ملزم ڈاکٹر غلام شبیر کو اسی روز گرفتار کرلیاجس کی درخواست ضمانت سیشن کورٹ ،عدالت عالیہ اور سپریم کورٹ سمیت تینوں فورم سے خار ج ہوگئی ۔پولیس نے مقدمہ کا چالان مکمل کرکے عدالت میں پیش کیا جہاں مقدمہ کی سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے چودہ گواہان اور شہادتیں پیش کی گئیں ،ملزم کے وکیل کی جانب سے گواہان کی جرح کے دوران ان کے بیانات میں واضح تضاد ات پائے گئے اور استغاثہ ملزم کے خلاف قتل اور اقدام قتل کا جرم ثابت کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگیا ۔عدالت نے دونوں جانب کے وکلاءکی طویل بحث اور دلائل سننے کے بعد ملزم کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے مقدمہ سے بری کرنے کے احکامات جاری کرکے مقدمہ میں نامزد دیگر دو مفرورمرکزی ملزمان کو اشتہاری گردانتے ہوئے ان کے خلاف دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں ۔


قومی شاہرائیں تباہ وبرباد متعلقہ ادارے خاموش تماشائی ،فوری نوٹس لیا جائے مشترکہ بیان

ڈیرہ اسماعیل خان :ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ڈیرہ کے صدر حاجی محمد اسماعیل ،نیازی ٹرانسپورٹ اور بنوں کوچز کے ٹرانسپورٹر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ حکومتی اداروں کی عدم دلچسپی اور نااہلی کے سبب چشمہ روڈ پر ڈیرہ سے المعز شوگرملز تک مختلف مقامات پر سڑک کے بیٹھ جانے کے سبب اس جگہ کو اکھیڑ کر وہاں گڑھے کھود کر چھوڑ دیاگیا ہے جبکہ ان گڑھوں کے ارد گرد کوئی نشان یا رکاوٹ قائم نہیں کی جس کی وجہ سے وہاں حادثات روزکا معمول بن گئے ہیں ۔اسی طرح علاقہ ہمت سے چشمہ تک انتہائی خطرناک موڑ سے پہلے اشارہ یا آگاہی کے لئے کیٹ آئیز نہیں لگائی گئی ہیں جس کی وجہ سے وہاں چوبیس گھنٹے سنگین حادثات کا خطرہ نہ صرف موجود رہتاہے بلکہ اب تک کئی قیمتی جانیں حادثات کا شکار ہوکر لقمہ اجل بن چکی ہیں ۔انہوںنے کہا کہ اسی طرح ڈیرہ بنوں روڈ نیشنل ہائی وے روڈ شورکوٹ سے کنڈی چوک تک مکمل تباہ وبرباد ہوچکا ہے وہاں سڑک کو کوئی نام ونشان نہیں ہے ۔حادثات کے علاوہ گاڑیاں کھاڑا بن چکی ہیں جس سے نہ صرف مسافروں کو تکلیف کا سامنا ہے بلکہ ٹرانسپورٹرز کو کروڑوں روپے کے مالی نقصان کا سامنا ہے ۔ان کا کہنا تھا خیبر پختونخوا اور پنجاب کو ملانے والی اہم گزر گاہ ڈیرہ دریاخان پل پرلائیٹنگ کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے ۔پل کے اوپر سے بجلی کے کھمبے تک غائب ہیں ۔ دریا خان پل بڑا پل ہونے کے باوجود ڈیرہ اور پنجاب کے رابطہ کا اہم ذریعہ ہے کو انتہائی نظرانداز کردیاگیا ہے جس کی وجہ سے رات کے وقت پل پر حادثات کا شدید خطرہ موجود ہے جو انتہائی جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے ۔ان کا کہناتھا کہ مذکورہ تینوں اہم شاہراہوں حکومت نے بھاری ٹیکس وصولی کے لئے ٹول پلازے قائم کررکھے ہیں جہاں ہر آنے جانے والی گاڑیوں سے بھاری ٹیکس وصول کیاجاتا ہے لیکن اسے عوام کی سہولت کے لئے کہیں خرچ نہیں کیا جاتا ۔انہوںنے متعلقہ حکومتی اداروں کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ تینوں شاہراہوں پر فوری توجہ دے کر مسائل کا تدارک کیا جائے ۔


موسم کے انگرائی لیتے ہی لنڈا بازاروں میں رونق بحال

ڈیرہ اسماعیل خان :ڈیرہ میں موسم کے انگرائی لیتے ہی لنڈا بازاروں میں رونق بحال،غریب سفید پوش طبقہ بے بسی کی تصویر بن گیا۔موسم کے رنگ بدلتے ہی شہر کے مختلف مقامات پر لنڈے کا کاروبار کرنے والے افراد نے اپنے سٹالز بھی قائم کرلئے۔سردی سے خود کو محفوظ رکھنے کیلئے متوسط اور غریب طبقہ کے افراد نے جرسیاں،سوئٹر،جوتے اور دیگر اشیاء خریدنے کیلئے لنڈا بازاروں کا رخ کرنا شروع کردیا۔گزشتہ سالوں کی نسبت امسال بازار میں موجود لنڈے کی اشیاء کی قیمتوں میں کئی گناہ اضافہ ہو چکا ہے۔منہ مانگے دام وصول کئے جانے کی وجہ سے صارفین اور دکانداروں میں تکرار روز کا معمول بنی ہوئی ہے۔سروے کے دوران کمر توڑ مہنگائی کے ستائے شہریوں نے حکمران طبقہ پر شدید تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا کہ کسی نے روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر سادہ لوح عوام کا ووٹ حاصل کر کے کرسی اقتدار پر قبضہ کیا تو کسی نے قرض اتاروملک سنوارواور غربت مکاو کا نعرہ لگا کر عوام کو اپنے جال میں پھانس کر اقتدار کے مزے لوٹے اور اب تبدیلی کی دعوئے دار حکومت عوام کے مسائل سے بے خبر حکمرانی کے نشہ میں چور ہے۔مشکل حالات میں غریب طبقہ کے لئے تن کو ڈھانپنا کسی چیلنج سے کم نہیں۔لنڈابازارغریبوں کو ریلیف فراہم کرنے کا واحد ذریعہ تھا مگر کپڑوں اور جوتوں کی قیمتوں میں طوفانی اضافہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ حکومت غریبوں کا معاشی قتل کرنے کے درپے ہے جب کہ دوسری جانب سٹالز مالکان کا کہنا ہے کہ دیگر ممالک سے آنے والی لنڈا بازار کی اشیاءانہیں کراچی،لاہور اور دیگر شہروں سے مہنگے داموں خرید کرنا پڑتی ہیں۔اگر حکومت انقلابی اصلاحات نافذ العمل کرتے ہوئے عوام کے بنیادی مسائل کے حل اور محرومیوں کا خاتمہ کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے تو غربت میں خود بخود کمی واقع ہو جائے گی۔


مصنوعی مہنگائی کر کے غریب عوام کو لوٹنے کا سلسلہ جاری

ڈیرہ اسماعیل خان :ڈیرہ شہر اور مضافات میں چھوٹے کاروبار کی آڑ میں دکانداروں نے اشیاءخورد ونوش کی قیمتوں کی مصنوعی مہنگائی کر کے غریب عوام کو لوٹنے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے، ضلعی انتظامیہ کی مکمل خاموشی،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی عدم دلچسپی پر صارفین کا احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق اندرون شہر کے گلی محلوں کے دکانداروں نے مرد و خواتین صارفین کو لوٹنا شروع کررکھا ہے ، دکانوں میں آٹا،دالیں،صابن،چینی،گھی،کوکنگ آئل،انڈے،چائے،جوسز،مصالحہ جات سمیت دیگر غیر معیاری اشیاء کو مبینہ طور پر حکومت کو بدنام کرتے ہوئے مارکیٹ سے کئی گنا زائد قیمتوں پر فروخت کیا جارہا ہے صارفین نے اس حوالے سے اخبار نویسوں کو بتاتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ انجمن تاجران جو کہ دو دھڑوں میں موجود ہے اور دونوں دھڑوں نے الگ الگ تنظیمیں قائم کر رکھی ہیں کے ممبران نے مبینہ طور پر خود ساختہ نرخ مقرر کرکے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ماہ رمضان میں کارروائیاں کرنا اور گراں فروشوں کو جرمانے کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں، جبکہ 11 مہینے تاجروں کو غریب، سفید پوش بے بس طبقہ کو لوٹنے کے لئے دئیے جاتے ہیں، صارفین نے کمشنر ڈیرہ ، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع ڈیرہ کی چاروں تحصیلوں میں بااثر دکانداروں نے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے درجنوں سے زائد پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ خود ساختہ مہنگائی کا خاتمہ ممکن ہو۔


اندرون شہر اور گردونواح میں گیس غائب ہوگئی

ڈیرہ اسماعیل خان :موسم سرما کی معمولی بارش سے ہی اندرون شہر اور گردونواح میں گیس غائب ہوگئی۔منتخب نمائندوں نے اپنے وعدے پورے نہیں کیے۔ان خیالات کا اظہار ڈیرہ شہریوں نے اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ شہر کے گنجان آباد علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے گیس کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ شروع ہو چکا ہے گرمیوں میں پانی اور بجلی کا مسئلہ تھا اب سردیو ں کے آغازپر گیس کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ منتخب نمائندوں نے 2018 کے الیکشن میں بڑے بڑے دعوے اور وعدے کیے لیکن اب شہریوں کو بے یارو مدد گار چھوڑ دیا گیا،اگر اس دفعہ سردیوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل نہ ہوا تو منتخب نمائندوں کے گھروں اور سوئی گیس کے دفتر کے باہر دھرنا دیں گے۔ ہم وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر پٹرولیم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شہریوں کی بنیادی ضرورت گیس کا مسئلہ حل کیا جائے تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔


چہلم امام حسین کی سکیورٹی کا جائزہ لینے کیلئے اندرون شہرکا تفصیلی دورہ

ڈیرہ اسماعیل خان :ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ دلاور خان بنگش نے چہلم امام حسین کی سکیورٹی کا جائزہ لینے کیلئے اندرون شہرکا تفصیلی دورہ کیا، اس موقع پر جلوس کے تمام روٹس، پلگنگ پوائنٹس ،روپ ٹاپ سمیت دیگر اہم جگہوں کی سکیورٹی کا معائنہ کیا، جلوس کے راستے میں گن پوائینٹ اور اونچی عمارتوں پر تعینات اہلکاروں کو بھی چیک کیا گیا،اس موقع پر ڈی ایس پی سٹی سید افتخارشاہ اور دیگر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ڈی پی اوڈیرہ نے مختلف امام بارگاہوں ، مساجد اور اہم جگہوں کا معائنہ کرکے پولیس اہلکاران کوالرٹ رہنے کی ہدایات کی۔تفصیلات کے مطابق ڈی پی اوڈیرہ نے چہلم امام حسین کے تمام سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اندرون شہر کا دورہ کرتے ہوئے تفصیلی جائزہ لیا، انہوں نے جلوس کے روٹ، ناکہ بندیوں، پلگنگ پوائنٹس ،گن پوائینٹس،روپ ٹاپ سمیت دیگر اہم جگہوں کا معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ جلوس کے راستے میں عمارتوں پر تعینات ماہر نشانہ بازوں کو بھی چیک کیا ،انہوں نے برآمد ہونے والے جلوس کے روٹس کا بخوبی جائزہ لیتے ہوئے بی ڈی یو اور سنیفر ڈاگز کے زریعے سویپنگ کرنے کی ہدایت کی، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کی خاطر جلوس کے دوران الرٹ رہنے اور جلوس کو تھری لئیر سکیورٹی فراہم کی بھی ہدایت کی ، انہوں نے پولیس افسران و اہلکاروں کو فول پروف سکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنانے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کی خاطر خصوصی ترتیب دئیے گئے پلان پر من و عن عمل کرنے کی سختی سے تاکید کی۔اس موقع پرڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ نے امام بارگاہوں کے منتظمین کو مکمل تحفظ فراہم کرنے اور چہلم شہدائے کربلاء کے پرامن انعقاد کے سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لانے کی یقین دہانی کرائی جبکہ اس موقع پر امام بارگاہوں کے منتظمین نے بھی ڈی پی اوکو تمام تر تعاون کا یقین دلایا اور امید ظاہر کی کہ ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی چہلم مکمل امن اور باہمی رواداری کیساتھ گزرے گا۔


اظہار تعزیت

ڈیرہ اسماعیل خان : روزنامہ آج ڈیرہ کے بیوروچیف صلاح الدین گنڈہ پور اور صحافی گوہر غنچہ نے روزنامہ آج پشاورکے بانی اور چیف ایڈیٹر عبدالواحدیوسفی کے انتقال پرگہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی وفات صحافت کے لیے بڑا نقصان ہے۔عبدالواحد یوسفی کی صحافتی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ عبدالواحد یوسفی کی وفات دنیائے صحافت کے لیے ایک بڑا دھچکا اور سانحہ ہے اور اس کی خلا مدتوں پر نہیں کیاجاسکتا۔ انہوںنے عبدالواحد یوسفی کے لیے دعاء مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعاء کی۔ دونوں صحافیوں نے اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں کہا کہ عبد الواحد یوسفی صاحب نوجوان صحافیوں کیلئے مشعل راہ تھے اور انہوں نے عملی طور پر صحافیوں کے حقوق اور صحافت کو درپیش چیلنجز کا سامناشجاعت و بہادری سے کیا۔انہوں نے کہا ایک ورکر کی حیثیت سے مرحوم نے صحافتی میدان میں قدم رکھا اور مشکل حالات کے باوجود بھی ہمیشہ سچائی اور حق وصداقت کا ساتھ دیتے رہے۔ انہوں نے مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیااو کہا کہ ہم غم زدہ خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی صبر و جمیل کیلئے دعاگو ہے

About The Author