نومبر 5, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

خواجہ برادران کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ ، 16اکتوبر کو سنایا جائیگا

عدالت نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں دو روز کی توسیع کر دی ۔ ملزمان کو سولہ اکتوبر کو دوپہر بارہ بجے دوبارہ پیش کرنے کا حکم۔

پیراگون اسکینڈل میں گرفتار ن لیگی رہنما خواجہ برادران کی بریت اور عدالتی دائرہ اختیار کی  درخواستوں پر احتساب عدالت نے فیصلہ محفوط کر لیا۔

خواجہ برادران کے وکلاء نے دلائل دئیے کہ نیب کمپنی کیس میں مداخلت نہیں کر سکتا۔  نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ فرد جرم عائد ہونے کے بعد دائرہ اختیار کو چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے پیرا گون ریفرنس کی سماعت کی، عدالت نے خواجہ برادان کیجانب سے دائر دو درخواستوں پر فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

دوران سماعت خواجہ برادران کے وکیل اشتر اوصاف اور امجد پرویز اور نیب کے سپیشل پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ کے درمیان جرح ہوئی۔

خواجہ برادان کے وکلا نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پیراگون سٹی اسکینڈل کا ریفرنس غیر قانونی ہے،اگر فرد جرم عائد ہو جائے تو عدالت اس میں ترمیم کرنے کا اختیار بھی رکھتی ہے۔

نیب پراسکیوٹر نے دلائل دئیے کہ ملزموں نے فرد جرم میں الزامات کو رد کیا اور ٹرائل کا سامنا کرنے کو ترجیح دی، نیب آرڈیننس کی دفعہ اٹھارہ سی اور ڈی کے تحت نیب کے دائرہ اختیار کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔

عدالت نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں دو روز کی توسیع کر دی ۔ خواجہ برادران کو سولہ اکتوبر کو دوپہر بارہ بجے دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ موجودہ حالات  کے ذمہ دار عمران خان ہیں، مولانا فضل الرحمان عوام کی آواز  بن رہے ہیں ۔

About The Author