جنوری 11, 2025

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

12اکتوبر2019:ڈیرہ غازیخان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلے

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ غازی خان اور اس کے نواحی علاقوں سے ڈیلی سویل کے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں

ڈیرہ غازی خان سے

ڈیرہ غازی خان : بارتھی میں ای۔ خدمت سنٹر ،گرلز ڈگری کالج ماڈل ٹاؤن ڈیرہ غازی خان میں بی ایس بلاک اور بوائز ڈگری کالج تونسہ میں بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں 9 ترقیاتی منصوبوں کی مشروط منظوری دے دی گئی ہے۔

منصوبوں پر 76کروڑ98لاکھ 23 ہزار روپے لاگت آئے گی۔ترقیاتی منصوبوں کا ایک فیصد بجٹ ہارٹیکلچر کےلئے مختص ہوگا۔

منصوبوں کی منظوری کمشنر آفس ڈیرہ غازی خان  میں منعقدہ  ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت کمشنر کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان وقاص رشید نے کی۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان وقاص رشید  نے  ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔منصوبوں میں معیاری مٹریل استعمال کیا جائے۔

منصوبوں کی موئثر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔ضلع ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقہ بارتھی کے عوام کو ایک ہی چھت کے نیچے نادرا،ایکسائز،پولیس،بنک آف پنجاب،ڈاکخانہ،لینڈ ریکارڈ،ای۔سہولت،ڈومیسائل سمیت مختلف محکموں کی تیس سے زائد سروسز فراہم کرنے کے لئے ایک خدمت سنٹر تعمیر کیا جائیگا جس پر پانچ کروڑ 79لاکھ 42ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

کمشنر مدثر ریاض ملک نے لوکل گورنمنٹ،فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی،سکول ایجوکیشن،ہائیر ایجوکیشن اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کےجن منصوبوں کی منظوری دی  ہے۔

ان میں انڈس ہائی وے اڈا سلیم آباد تا کوٹلہ مغلاں جامپور روڈ براستہ ڈھورا حجانہ روڈ کی تعمیر پر سات کروڑ روپے،فورٹ منرو میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے منصوبہ پر سات کروڑ 12لاکھ روپے،گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج تونسہ میں بنیادی سہولیات کی فراہمی  کے ترمیمی منصوبہ پر بارہ کروڑ لاگت آئے گی ۔

گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول تونسہ کی اپ گریڈیشن کے ترمیمی منصوبہ پر نو کروڑ 58لاکھ روپے،گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج ماڈل ٹاؤن میں بی ایس بلاک کی تعمیر کے ترمیمی منصوبہ پر 11کروڑ47لاکھ روپے خرچ ہونگے ۔

روجھان شہر میں واٹر سپلائی لائن کی بحالی پر آٹھ کروڑ روپے,تحصیل جامپور کے کاہا سلطان اور نزدیکی آبادی میں دیہی واٹر سپلائی  سکیم پر  چھ کروڑ روپے اور لیہ شہر کی بستی شیخاں اور بقیہ آبادی کےلئے سیوریج،ڈرینیج اور سولنگ سکیم پر نو کروڑ 99 لاکھ 70 ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راجنپور افضل ناصر،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عبید الرشید،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عدیل،ایس ای پبلک ہیلتھ وسیم احمد باجوہ،ایکسیںن ہائی ویز عمیر لطیف،ایکسئن بلڈنگز ہمایوں مسرور،ڈی ای او ایلمنٹری مہر سراج الدین،ڈسٹرکٹ منیجر ای۔خدمت سنٹر رمان شاہد،ڈپٹی ڈائریکٹرز پروفیسر وسیم اختر راجہ لطف المنان اور دیگر افسران موجود تھے ۔


ڈیرہ غازیخان :ڈ پٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان وقاص رشید نے پیشگی اجازت کے بغیرسٹیشن چھوڑنے پر پابندی عائد کردی ہے ۔ انہوں نے مراسلہ میں واضح کیا ہے کہ دفاتر میں سرکاری افسران اور ملازمین کی عدم دستیابی کے باعث عوام کیلئے مسائل پیدا ہوتے ہیں ۔

ضلع بھر کے ایسے جملہ افسران واہلکاران کے خلاف سخت انضباطی کارروائی بلاتاخیر مکمل کی جائے گی۔

ضلع میں تمام سرکاری محکموں کے دفاتر میں سربراہان اور سٹاف کو سخت احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ اوقات کار کی مکمل پابندی کرتے ہوئے دفاتر میں عوام کیلئے اپنی دستیابی کو یقینی بنائیں تاکہ انہیں اپنے مسائل کے حل میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ڈپٹی کمشنر نے محکموں کے سربراہان کو احکامات جاری کئے ہیں کہ دفاتر میں بروقت حاضری یقینی بنائی جائے،اتفاقیہ اور دیگر رخصت کا باقاعدہ ریکارڈ رکھا جائے۔

انہوں نے افسران اور انکے ماتحت عملہ کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ سرکاری امور کی انجام دہی کے سلسلہ میں دفاتر سے باہر جانے اور واپسی کا وقت باقاعدگی سے موومنٹ رجسٹر میں درج کیا جائے۔

انہوں نے جاری کردہ احکامات کی کامل پیروی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سربراہان محکمہ جات کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ماتحت دفاتر کے افسران وسٹاف کو بھی اوقات کار کا پابند بنائیں۔


ڈیرہ غازیخان: وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر انٹر ڈسٹرکٹ انڈر۔16 بیڈ منٹن ٹورنامنٹ 17 اکتوبر سے سپورٹس جیمنزیم ڈیرہ غازی خان میں ہوگا جس کےلئے ڈیرہ غازی خان کی ٹیم کا چناؤ کرلیا گیا ہے۔

انفارمیشن آفیسر محمد جنید جتوئی کے ساتھ تحصیل سطح کے ٹرائلز میں کامیاب کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا۔انفارمیشن آفیسر محمد جنید جتوئی نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کھیلوں کے فروغ کےلئے انقلابی اقدامات کررہے ہیں۔کھیل جسمانی صحت اور بہترین معاشرہ کی تشکیل کےلئے ضروری ہیں۔

ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملک غلام مرتضے نے بتایا کہ ٹرائلز میں 20 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا اور کامیاب بہران احمد کو ٹیم کا کپتان،علی اکبر،حسن،احمد ملغانی،عمیر اور طلحہ کو شامل کیا گیا ہے ڈویژنل سپورٹس آفیسرنے بتایا کہ 16۔اکتوبر کو دانش سکول میں انڈر۔16 بوائز و گرلز اتھلیٹکس کے مقابلے ہوں گے۔اس موقع پر محمد خالد ، ارشد علی اوردیگر موجود تھے


ڈیرہ غازیخان :کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن مدثر ریاض ملک نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی مہم میں بوگس اعداد وشمار جمع کرانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی حقیقت پر مبنی رپورٹ جمع کرائی جائے انہوں نے یہ ہدایات اس سلسلے میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں ۔

کمشنر نے کہا ہے کہ ٹیم ورک سے کسی بھی چیلنج سے نمٹا جا سکتا ہے حکو مت کے ساتھ مقامی کمیونٹی کی شمولیت سے ڈینگی پر قابو پا یا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مز ید کہا کہ ڈینگی کے حوالے سے عوام کو مسلسل آگاہی دینے کی ضرورت ہے کمشنر کو بتایا گیا کہ انسداد ڈینگی ٹیمیں محنت اور قومی جذبے سے کام کر رہی ہیں۔

About The Author