نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

پانچویں بہن بھی سی ایس ایس امتحان میں کامیاب

ضحی ملک نے سی ایس ایس کا امتحان پاس کرلیاہے
رواں برس کے امتحان میں کامیاب ہونے والی راولپنڈی کی ضحیٰ ملک شیر کی چار بڑی بہنیں پہلے ہی سی ایس ایس پاس کرکے مختلف سرکاری عہدوں پر فائز ہیں۔

سی ایس ایس کے نتائج کا اعلان گزشتہ روز کیا گیا۔ضحیٰ ملک شیر سی ایس ایس کے فائنل امتحان میں پاس ہونے والے 372 امیدواروں میں شامل ہیں۔

فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے تحت سینٹرل سپیریئر سروس (سی ایس ایس) امتحان برائے 2019 کے نتائج کا اعلان جمعرات کو ہوا، جن میں پاس ہونے والی راولپنڈی کی ضحیٰ ملک شیر سی ایس ایس امتحان پاس کرنے والی ایک ہی خاندان کی پانچویں خاتون بن گئی ہیں۔

مقابلے کے اعلی امتحان کے لیے کُل 23 ہزار 234 امیدواروں نے اپلائی کیا تھا جبکہ 14 ہزار 521 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا، جن میں سے فائنل امتحان میں صرف 372 ہی پاس ہوئے۔

انڈیپنڈنٹ اردو سے وابستہ صحافی امر گُرڑو کی رپورٹ کے مطابق سی ایس ایس امتحان میں کامیاب ہونے والے امیدواروں میں ضحیٰ ملک شیر بھی شامل ہیں، جن کی چار بڑی بہنیں پہلے ہی سی ایس ایس پاس کرکے مختلف سرکاری عہدوں پر فائز ہیں۔

پانچ بہنوں میں سب سے بڑی بہن لیلیٰ ملک شیر نے 2008 میں سی ایس ایس کا امتحان پاس کیا اور وہ اس وقت کراچی میں بورڈ آف ریونیو میں ڈپٹی کمشنر کے عہدے پر فائز ہیں۔ دوسری بہن شیریں ملک شیر نے 2010 میں سی ایس ایس پاس کیا اور اس وقت وہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی اسلام آباد میں ڈائریکٹر ہیں۔

اسی طرح 2017 میں سسی ملک شیر اور ماروی ملک شیر نے سی ایس ایس کے امتحان میں حصہ لیا اور دونوں پاس ہوگئیں۔ سسی سی ای او لاہور کنٹونمنٹ میں زیرِ تربیت ہیں، جبکہ ماروی اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد ہیں۔

جمعرات کو ان کی سب سے چھوٹی بہن ضحیٰ نے بھی یہ امتحان پاس کرکے ممکنہ طور پر پاکستان میں ایک نیا ریکارڈ قائم کرلیا ہے۔

ضحیٰ ملک شیر نے ’اردو نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب ان کی پیدائش ہوئی اور ان کے والد ہسپتال ان کو دیکھنے آئے تو ان کے رشتے دار پانچویں بیٹی کی پیدائش پر انتہائی افسردہ تھے۔ تاہم ضحیٰ کا کہنا ہے کہ سی ایس ایس کے امتحان میں کامیابی کے بعد ان کے والد کا کہنا ہے کہ ’تمہاری پیدائش کی مبارک بادیں تمہیں آج مل رہی ہیں۔‘

سی ایس ایس امتحان برائے 2019 کے نتائج کا اعلان جمعرات کو ہوا تھا اور 23 سالہ ضحیٰ ملک شیر ان 372 کامیاب امیدواروں میں شامل ہیں جو سی ایس ایس کے فائنل امتحان میں سرخرو ہوئی ہیں۔ سی ایس ایس امتحان برائے 2019 میں کل 23 ہزار 234 امیدوار تھے جبکہ 14 ہزار 521 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا تھا۔

23 سالہ ضحیٰ ملک شیر کا کہنا تھا کہ ’ہمارے معاشرے میں بیٹیوں کی پیدائش پر اکثر افسوس کا اظہار کیا جاتا ہے، علاج معالجے کروائے جاتے ہیں یا پھر کہا جاتا ہے چلو اگلی بار بیٹا ہوگا۔‘

خیال رہے کہ 11 اکتوبر کو دنیا بھر میں ’گرل چائلڈ ڈے‘ منایا جاتا ہے جس کا مقصد بیٹیوں کے پیدائش اور انہیں بہترین پروش فراہم کرنے سے متعلق آگہی فراہم کرنا ہے۔

اس حوالے سے ضحیٰ ملک شیر کا کہنا ہے آج کے دن وہ ان والدین کو پیغام دینا چاہیں گی کہ وہ کبھی بھی اپنی اولاد کو اپنی کمزروی نہ سمجھیں بلکہ اپنی طاقت بنائیں۔


ماروی ملک شیر اور سسی ملک شیر

’اپنی کمزوری کو اپنی طاقت بنائیں‘

ضحیٰ ملک شیر کے والد محمد رفیق اعوان کا تعلق خیبرپختوانخوا کے ہزارہ ڈویژن سے ہے، ان کا آبائی علاقہ تربیلا ہے اور وہ واپڈہ میں ملازمت کرتے تھے۔

اسی سلسلے میں عرصہ دراز پہلے محمد رفیق اعوان کی تعیناتی راولپنڈی میں ہوئی، جہاں ان کے ہاں پانچ بیٹیوں کی پیدائش اور پرورش ہوئی۔

ضحیٰ ملک شیر کا کہنا ہے کہ ان کے والد نے ہمیشہ انہیں کہا کہ اپنی کمزوری کو اپنی طاقت بناؤ۔ ’بیٹیوں کو ہمارے معاشرے میں بوجھ سمجھا جاتا ہے لیکن آج میرے والد کی بیٹیاں ان کی طاقت بن چکی ہیں۔‘

ضحیٰ ملک شیر کا کہنا تھا کہ لڑکی، لڑکا یا ٹرانسجینڈر جو بھی ہو اس کو اپنی طاقت بنائیں تاکہ وہ معاشرے میں اپنا کردار بطریق احسن ادا کر سکے۔

About The Author