دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

رحیم یارخان 9اکتوبر2019 : نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلے

سرائیکی وسیب کے ضلع رحیم یار خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں

خان پور سے

خان پور ( خبرنگار ) بھٹہ مزدور کی 6 سالہ بچی اور سکول ٹیچر کے 8 سالہ بچے کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش ، ایک ملزم موقع پر دھر لیا گیا ، دوسرا فرار ، الگ الگ مقدمات درج کرلیے گئے۔

تفصیل کے مطابق پہلا وقوعہ محلہ فرید آباد میں ہوا جہاں بھٹہ مزدور محمد وسیم کی 6سالہ بیٹی نتاشہ گھر کے سامنے گلی میں کھیل رہی تھی کہ قریبی ہمسایہ رفیق چوہان اسے بہلا پھسلا کر اپنے گھر لے گیا، والد کو شک گذرا تو وہ دو تین محلے داروں کے ہمراہ مذکورہ گھر کے اندر جھانک کر دیکھا جہاں ملزم رفیق چوہان مبینہ طور پر 6 سالہ نتاشہ سے زیادتی کی کوشش کر رہا تھا، والد اور محلے داروں نے دیوار پھلانگ کر ملزم کو موقع پر قابو کرکے اس کی درگت بنانے کے بعد اسے سٹی پولیس کے حوالے کیا۔

دوسرا وقوعہ میں محلہ غازی پور کے رہائشی سکول ٹیچر شہباز علی کا 8سالہ بیٹا حیدر علی گھر سے بسکٹ لینے بازار گیا اور دیر تک نہ آیا گھر والوں کو تشویش ہوئی تو والد اپنے رشتے داروں کے ہمراہ جیٹھہ بھٹہ بازار گیا ، جہاں ایک بند گلی میں چاقو سے مسلح ایک نامعلوم نوجوان آٹھ سالہ حیدر علی  کیساتھ زیادتی کی کوشش کر رہا تھا ، لوگوں کوآتا دیکھ کر چاقو لہراتا فرار ہو گیا، سٹی پولیس نے دونوں واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کر لئے ،

خان پور ( خبرنگار ) چوتھی جماعت کی طالبہ کو دھوپ میں کھڑا کرکے تشدد کرنے پر سرکاری سکول کی خاتون ٹیچر پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

موضع بکھرانی کے رہائشی محمد اختر ٹریکٹر مکینک نے تھانہ سہجہ پولیس کو تحریری درخواست دی کہ میری دو بیٹیاں سمیعہ اور صائمہ گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول میں زیر تعلیم ہیں ، وقوعہ کے روز مجھے چھوٹی بیٹی سمیعہ نے گھر آکر بتایا کہ صائمہ کو ٹیچر مس نائلہ نے دھوپ میں کھڑا کیا ہوا ہے اور اسے مار پیٹ رہی ہے۔

مدعی کے مطابق میں جب سکول پہنچا تو مس نائلہ میری بیٹی کو دھوپ میں کھڑا کر کے تشدد کررہی تھی ، ہمیں دیکھ کر مارنا پیٹنا بند کر دیا ، بچی کی حالت غیر ہوچکی تھی اسے اٹھا کر ہسپتال لے گئے ، جہاں اس کی تشویش ناک حالت کے پیش نظر شیخ زید ہسپتال رحیم یار خاں ریفر کر دیا گیا ، جہاں ڈاکٹروں نے بچی کو دل کی مریضہ ڈیکلئر کر دیا۔

مدعی کے مطابق ٹیچر نے دھوپ میں کھڑا کرکے میری بیٹی کو دل کی مریضہ بنا دیا، سہجہ پولیس نے سکول ٹیچر مس نائلہ کے خلاف زیر دفعہ 328 مقدمہ درج کر لیا ،

خان پور ( خبر نگار ) تشدد سے بچنے کیلئے حوالات میں بند چوری کے ملزم نے اپنا سر دیوار میں مار کر خود کو زخمی کر لیا ، پولیس نے خود کشی کی کوشش کا مقدمہ درج کر لیا ۔

تھانہ سہجہ کی حوالات میں چوری کا ایک ملزم ارشد کورائی بند تھا ، جس پر مبینہ طور پر تفتیشی محمد سلیم ٹوکا تشدد کرتا تھا ، ملزم نے خود کو پولیس تشدد سے بچانے کیلئے اپنا سر حوالات کی دیوار میں مار مار کر خود کو لہو لہان کر لیا۔

پولیس نے چوری کے ملزم پر ایک اور مقدمہ خود کشی کی کوشش کا درج کر کے اسے ہتھکڑی لگا کر حوالات کی سلاخوں سے باندھ دیا ، رابطے پر اے ایس آئی محمد سلیم ٹوکہ نے بتایا کہ میں نے اس پر کوئی تشددنہیں کیا ، اللہ جانے اس کے دل میںکیا بات آئی کہ اپنا سر حوالات کی دیوار میں دے مارا ۔

خان پور (  نامہ نگار ) کیمسٹ ویلفیئر سوسائٹی فار پیشنٹ کے زیر اہتمام سوشل ویلفیئر آفس خان پور میں ڈینگی کے حوالے سے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے رانا سجاد احمد سوشسل میڈیکل آفیسر نے کہا کہ ڈینگی ایک خطرناک مچھر ہے جو صاف پانی میں رہ کر لاروا پید اکرتا ہے اور اگر لاروے کو بروقت ختم نہ کیا جائے تو ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکنا بہت مشکل ہو جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پانی کی ٹینکی کو ڈھانپ کر رکھنا چاہے اور گھروں میں موجود تمام پرانے ٹائروں کو فوراً ضائع کر دینا چاہیے ایئر کولر ہر گھر میں موجود ہوتا ہے اس میں رکے ہوئے پانی کو ضائع کر دینا چاہیے گملوں میں زیادہ دیر تک پانی نہیں رہنا چاہیے ٹوٹے ہوئے برتنوں اور کاٹھ کباڑ کو ضائع کردینا چاہیے۔

اس موقع پر ڈاکٹر میاں اختر علی صدر کیمسٹ ویلفیئر سوسائٹی نے بھی لوگوں کو ڈینگی کی افزائش اور تدارک کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ جسم کے کھلے حصوں پر مچھر بھگاﺅ لوشن ضرور لگائیں پرندوں اور جانوروں کے برتنوں کو باقاعدگی سے صاف اور خشک رکھیں بچوں کو سکول بھیجتے وقت مکمل آستین والی قمیض پہنائیں ایئر کنڈیشن سے خارج ہونے والا پانی زیادہ دیر کھڑا نہ رہنے دیں ۔

اس موقع پر سوسائٹی کی طرف سے شرکاءمیں ڈینگی سے متعلق پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے ۔

About The Author