جنوری 10, 2025

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

حکومت کے خلاف محاذ کے خواہاں کرداروں کا سیاسی میدان میں بھرپور مقابلہ کریں گے،تحریک انصاف

عامر محمود کیانی نے ان خیالات کا اظہار آج  ایک روزہ دورے پر لاہور آمد  پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے خصوصی ملاقات  کے دوران کیا۔

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی نے کہاہے کہ حکومت کے خلاف محاذ کے خواہاں کرداروں کا سیاسی میدان میں بھرپور مقابلہ کریں گے،اسلام کے نام پر اسلام آباد پر نظریں جمانے والوں کے ہاتھ ہزیمت کے سوا کچھ نہیں آئے گا۔

عامر محمود کیانی نے ان خیالات کا اظہار آج  ایک روزہ دورے پر لاہور آمد  پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے خصوصی ملاقات  کے دوران کیا۔

پی ٹی آئی کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیاہے کہ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اور گورنر پنجاب کے درمیان ملاقات میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، حکومت کی کارکردگی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پنجاب میں تحریک انصاف کی تنظیم نو کے حوالے سے مختلف امور پر بھی خصوصی تبادلہ خیال  ہوا۔

اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ تحریک انصاف کے منشور کی روشنی میں پنجاب میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے، وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے زیرسایہ تعمیر و ترقی کے طے شدہ اہداف حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تعصب اور مایوسی کے شکار عناصر کسی طرح اصلاحات کی راہ میں حائل ہونا چاہتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل عامر کیانی نے کہا کہ ملکی سیاست میں پنجاب کلیدی کردار کا حامل ہے۔ تحریک انصاف عوام میں مقبولیت اور محنتی و وفاشعار کارکنان کے بل بوتے پر کسی بھی سیاسی چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

عامر محمود کیانی نے کہا کہ شکست خوردہ کرپٹ عناصر کو پنجاب میں کوئی سہارا میسر نہیں آئے گا،دیگر صوبوں کی طرح پنجاب کے عوام بھی قومی وسائل لوٹنے والوں کا کڑا احتساب چاہتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پنجاب کے 12 کروڑ عوام کو منظم اور متحرک کرنے کے لئے تحریک انصاف جامع حکمت عملی تیار کر رہی ہے۔

About The Author