دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

حقیقی اولاد کے ہاتھوں دھتکاراگیا بزرگ کوٹ ادو میں چل بسا

اولاد نے بزرگ والد کو گھر سے نکال دیا،کوٹ ادو میں بھیک مانگ کر گزر اوقات کرنے ولا بزرگ بیماری کی حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال میں علاج کے دوران وفات پا گیا

کوٹ ادو :انسانیت شرما گئی، نا خلف جوان اولاد کا 80 سالہ نابینا باپ کے ساتھ انسانیت سوز سلوک، اولاد نے بزرگ والد کو گھر سے نکال دیا،کوٹ ادو میں بھیک مانگ کر گزر اوقات کرنے ولا بزرگ بیماری کی حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال میں علاج کے دوران وفات پا گیا۔

اس بارے تفصیل کے مطابق تھانہ محمد پور شاہ والا کا رہائشی 80 سالہ نابینا حبیب بخش کو اسکے حقیقی بیٹے قیصر اور بھتیجوں نے دھکے مار کر گھر سے نکال دیا۔

جوان اولاد نے نابینا باپ کے گھر کے دروازے بند کردیے،جس پر بزرگ حبیب بخش دربدر کی ٹھوکریں کھاتے ہوئے کوٹ ادو شہر پہنچ گیا، 3 روز تک بھیک مانگ کر دربار گانمن شاہ رہائش پذیر رہتے ہوئے دیکھ بھال نہ ہونے پر حبیب بیمار ہوگیا جسکو ریسکیو 1122 نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ منتقل کردیا۔

ڈاکٹرز نے لاوارث نابینا بزرگ کا علاج معالجہ کیا، بزرگ نابینا حبیب بخش بیماری کی حالت میں اللہ کو پیارا ہوگیا، ہسپتال انتظامیہ نے مقامی پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے لاوارث بزرگ کے ورثاء کی تلاش شروع کی تو اس کے پاس سے ملنے والی درخواست نے جوان بیٹے کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

گھر سے نکالے جانے پر بزرگ حبیب نے ایس ایچ او تھانہ محمد پور کے نام اپنے حقیقی بیٹے اور بھتیجوں کے خلاف درخواست لکھوائی تھی جو دینا نصیب نہ ہوسکی، پولیس نے بزرگ کی نعش اپنے قبضہ میں لیکر ورثاء کو اطلاع دے دی۔

About The Author