دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

میڈیاورکرز کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی،جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا قیام

اجلاس کے دوران مختلف اداروں میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس حوالے سے جوائنٹ ایکشن کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

اسلام آباد: مختلف میڈیااداروں میں کارکنوں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے معاملے  آزاد گروپ، جرنلسٹ پینل، پی ایف یوجے ورکرز، ایم ڈبلیو او ، ویڈیو جرنلسٹس ایسوسی ایشن ، سرائیکی جرنلسٹس سانجھ ، پشتون اور سندھی صحافیوں سمیت میڈیا ورکر تنظیموں نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی قائم کردی ہے۔

آزاد گروپ، جرنلسٹ پینل، پی ایف یوجے میڈیا ورکرز، ایم ڈبلیو ایم ،سرائیکی جرنلسٹس سانجھ اور میڈیا ورکرز کی دیگر تنظیموں کا مشترکہ اجلاس آج صدر نیشنل پریس کلب شکیل قرار کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس میں  جرنلسٹ پینل کے بانی اورچیئرمین فاروق فیصل خان، صدر پی ایف یوجے ورکرز پرویز شوکت، ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل وحید شیخ،سرائیکی جرنلسٹس سانجھ کے صفدر کلاسرا سمیت دیگر تنظیموں کے نمائندوں اور بڑی تعداد میں کارکن صحافیوں نے شرکت کی ۔

اجلاس کے دوران مختلف اداروں میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس حوالے سے جوائنٹ ایکشن کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

جوائنٹ ایکشن کمیٹی میں فیصل حکیم، وحید شیخ، طاہرجعفری، مدثر داؤد، فرخ نواز  اور آفتاب ظہور شامل ہونگے۔

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا پہلا اجلاس ہفتے کی شام پریس کلب میں ہوگا جس میں آئندہ کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی

اجلاس میں سماء، نائنٹی ٹو، ڈان ،ہم ،ایکسپریس، سمیت ان تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا جہاں میڈیا ورکرز کو تنخواہیں بروقت ادا کی جارہی ہیں جبکہ نوائے وقت، جنگ، جیو، امت، پبلک ٹی وی، آئی این پی، نیوز ون سمیت جن اداروں میں تنخواہیں التوا کا شکار ہے ان اداروں کی انتظامیہ کو خبردار کیا گیا کہ وہ تنخواہوں کی فوری ادائیگی کو یقینی بنائیں ورنہ انکے خلاف احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی ۔

اجلاس میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ ، اعلی عدالتوں سے رجوع کرنے ، احتجاج کو منفرد رنگ دینے سمیت دیگر تجاویز پر بھی غور کیا گیا اجلاس میں تنخواہیں ادا نہ کرنے والے میڈیا مالکان اور انکے مفادات کا تحفظ کرنے والے عناصر کے خلاف مذمتی قرارداد بھی متفقہ طورپر منظور کی گئی۔

About The Author