دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

محتاط رہیں! سافٹ ڈرنکس کا استعمال بانجھ پن کی وجہ

ماہرین کے مطابق سافٹ ڈرنکس کا استعمال مرد وخواتین کے تولیدی نظام کو تباہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ جس سے ان کے والدین بننے کے امکانات معدوم ہو سکتے ہیں۔

 امریکی ماہرین صحت نے تنبیہ کی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر میٹھے سوڈے کے مشروبات استعمال کرنے والے افراد میں بانجھ پن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

ریسرچ جرنل ’’ایپیڈیمیولوجی‘‘ میں شائع کی گئی تحقیق کے مطابق امریکی ماہرین نے کہا ہے کہ مردوں اور خواتین پر ان کی طرز زندگی اور غذائیت کا بڑا اثر ہوتا ہے۔ جو ان کے والدین بننے پر بھی اثرانداز ہو سکتا ہے۔

تحقیق کے مطابق گزشتہ 50 برس میں عام امریکیوں کے کھانوں میں شکر کی مقدار میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ جس میں میٹھے کاربونیٹڈ مشروبات شامل ہیں۔ سافٹ ڈرنکس کے استعمال سے شہریوں کا وزن بڑھ رہا ہے اور ذیابیطس میں اضافہ بھی دیکھنے میں آیا ہے۔

ماہرین کے مطابق سافٹ ڈرنکس کا استعمال مرد وخواتین کے تولیدی نظام کو تباہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ جس سے ان کے والدین بننے کے امکانات معدوم ہو سکتے ہیں۔

بوسٹن یونیورسٹی اسکول آف پبلک ہیلتھ کے سائنس دانوں نے امریکا اور کینیڈا سے تعلق رکھنے والے 21 سے 45 سال کی عمر کی 3828 خواتین اور ان کے شوہروں کو ایک سروے میں شامل کیا۔

سروے میں دونوں فریقین کے طرز زندگی، غذا اور میڈیکل ریکارڈ کی جانچ کی گئی۔ خواتین سے ہر دو مہینے کے بعد ایک سوالنامہ بھروایا گیا۔ اس میں خواتین کے حاملہ ہونے کے بارے میں بھی پوچھا گیا۔

12 ماہ جائزہ لینے کے بعد ماہرین نے بتایا کہ سافٹ ڈرنک کی زائد مقدار لینے والے مردوں اور خواتین میں والدین بننے کا امکان ماہانہ بنیاد پر 20 فیصد کم ہوتا ہے۔

روزانہ ایک گلاس سافٹ ڈرنک پینے والی خواتین میں حمل ٹھہرنے کا امکان 25 فیصد تک کم نوٹ کیا گیا جب کہ مردوں میں یہ شرح 33 فیصد دیکھنے میں آئی۔

About The Author