دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

دل کا دورہ اور فالج کا حملہ ہونے کے امکانات کم کرنے والی گولی

پولی پِل میں خون پتلا کرنے والی اسپرین، کولیسٹرول کم کرنے والی اسٹیٹن اور خون کا دباؤ کم کرنے والے اجزا پائے جاتے ہیں، برطانیہ اور ایران میں ہونے والی تحقیق کے مطابق اس گولی کے اثرات بہت زیادہ جبکہ قیمت بہت کم ہے۔

چار دوائیوں پر مشتمل ایک گولی روزانہ کھانے سے دل کا دورہ اور فالج کا حملہ ہونے کے امکانات ایک تہائی تک کم ہو جاتے ہیں۔

پولی پِل میں خون پتلا کرنے والی اسپرین، کولیسٹرول کم کرنے والی اسٹیٹن اور خون کا دباؤ کم کرنے والے اجزا پائے جاتے ہیں، برطانیہ اور ایران میں ہونے والی تحقیق کے مطابق اس گولی کے اثرات بہت زیادہ جبکہ قیمت بہت کم ہے۔

تحقیق کے بعد یہ سفارشات دی گئی ہیں کہ غریب ممالک کے ہر شہری کو ایک خاص عمر کے بعد یہ گولی کھلائی جانی چاہیے، خاص طور پر وہ علاقے جہاں ڈاکٹروں کی عوام تک رسائی محدود ہے۔

دل کے امراض اور فالج کا حملہ دنیا بھر میں انسانوں کی موت کی دو بڑی وجوہات ہیں۔ سالانہ تقریباً ڈیڑھ کروڑ لوگ ان دو وجوہات کی بنا پر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

تمباکو نوشی، موٹاپا اور ورزش نہ کرنا دل کی بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔

ایران میں کی جانے والی تحقیق میں تقریباً 6800 لوگوں نے حصہ لیا۔ ان میں سے آدھے افراد کو پولی پِل دی گئی اور ساتھ ہی انہیں طرز زندگی بہتر بنانے کا مشورہ بھی دیا گیا جب کہ باقی رہ جانے والوں کو صرف طرز زندگی بہتر بنانے کا مشورہ دیا گیا۔

پانچ سال کے بعد پولی پِل کا استعمال کرنے والے 3421 افراد میں سے 202 افراد کو دل کے امراض لاحق ہوئے جبکہ صرف طرز زندگی تبدیل کرنے والے افراد میں سے 301 افراد کو دل کے مسائل سے دوچار ہونا پڑا۔

تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ پولی پل کا استعمال خطرناک کولیسٹرول لیول کو تو بڑی حد تک کم کرتا ہے مگر خون کے دباؤ پر اس کے اثرات بہت کم پائے جاتے ہیں۔

پولی پِل کے فوائد 2001 سے منظر عام پر آنا شروع ہوئے ہیں مگر اس کی افادیت کا باضابطہ اندازہ 2019 میں تحقیق کے ذریعے لگایا گیا ہے۔

About The Author