نومبر 25, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

انسان اور انسانیت||ظہور دھریجہ

سرائیکی وسیب کے لوگ جنگجو نہیں لیکن شاعری ‘ موسیقی اور کلچر کے ہتھیار سے انہوں نے دنیا کے کروڑوں انسانوں کے دل فتح کیے

ظہور دھریجہ 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ داعش کا مقابلہ صرف طالبان کر سکتے ہیں۔ اس پر بہت سے لوگ سوال کر رہے ہیں کہ داعش اور طالبان میں کیا فرق ہے؟ یہ ٹھیک ہے کہ سکے کے دو رخ ہوتے ہیں مگر ہوتا تو وہ سکہ ہے۔

میرا موضوع داعش یا طالبان نہیں ہے بلکہ میں بات کرنا چاہتا ہوں شاکر شجاع آبادی کے حوالے سے کہ سندھ حکومت نے بیرون ملک علاج کیلئے عمر شریف کو پانچ کروڑ روپے دے دیئے زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے مگر سندھ حکومت کے فیصلے کی تعریف کی جا رہی ہے۔

یہی کام وفاقی یا صوبائی حکومت شاکر شجاع آبادی کیلئے بھی کر سکتے ہیں مگر یہاں تو صورتحال یہ ہے کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو توپوں کی سلامی اور قومی پرچم میں لپیٹ کر اعزازات کے ساتھ دفن کر دیا گیا مگر وہ آخری وقت تک نظر بند رہے اُن کی سزا میں کمی نہ ہوئی اور یہ بھی دیکھئے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے اتنی بھی حکومت نے ہمدردی نہ کی جتنی کہ عمر شریف سے کی گئی حالانکہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان بھی کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔

ذکر چلا ہے شاکر شجاع آبادی کا تو میں اس طرف آئوں گا کہ ملک کے موجودہ بحران بارے مجھے شاکر شجاع آبادی کی کچھ شعر یاد آ رہے ہیں ۔ ملک میں عدالتی فیصلے اور نظریہ ضرورت کی بھی بات ہو رہی ہے ۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی کا ذکر ہو رہا ہے۔

انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے بلا شبہ افواج پاکستان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ یہاں یہ بھی ہوا ہے کہ جہاد کے نام پر عالمی قوتوں نے پاکستان میں کھیل کھیلا اور دولت کے ذریعے پاکستان میں امن و عامہ کی صورتحال خراب کی ۔ اس صورتحال کے ذمہ دار وہ سب ہیں جو دولت کی لالچ میں آ کر دین و ایمان کا سودا کیا ۔

زیادہ وضاحت کرنے کی بجائے میں شاکر شجاع آبادی کے کچھ شعر پیش کر رہا ہوں،جس سے حقیقت حال کا احساس و ادراک ہوتا ہے۔ شاکر شجاع آبادی ذات باری تعالیٰ سے مخاطب ہو کر استدعا کر رہے ہیں کہ ؔ
خدایا خود حفاظت کر تیڈٖا فرمان وِکدا پے
کتھائیں ہے دین دا سودا ، کتھائیں ایمان وِکدا پے
کتھائیں مُلاں دی ہَٹی تے کتھائیں پِیراں دے شوکیس اِچ
میڈٖا ایمانِ ئِ بدلیا نی مگر قرآن وِکدا پے
اِتھاں لیڈر وپاری ہِن ، سیاست کارخانہ ہے
اِتھاں ممبر وِکائو مال ئِ ن ، اِتھاں ایوان وِکدا پے
نی ساہ دا کئی وِساہ شاکرؔ ، ولا وی کیوں خدا جٖانْے
ترقی دی ہوس دے وچ ، ہر اِک انسان وِکدا پے

اس میں کوئی شک نہیں کہ شاکر شجاع آبادی کی شاعری دنیا کے تمام انسانوں کیلئے ہے ، وہ انسان اور انسانیت سے پیار کرتا ہے ، وہ نہ اشتراکی ہے نہ سامراجی ، وہ دنیا میں پائی جانیوالی نابرابری ، جبر اور لوٹ کھسوٹ کے خلاف بات کرتا ہے وہ اعلیٰ سوچ کا ایک نامور شاعر ہے ، نہایت سادہ اور عام لفظوں میں بات کرتا ہے اور وہ جو بات کرتا ہے وہ دلوں میں اُتر جاتی ہے اس کی کئی مثالیں پیش کی جا سکتی ہیں مگر میں اپنی ٹوٹی پھوٹی تحریر میں شاکر کی شاعری کے حوالے اس لئے کوڈ نہیں کر رہا کہ اس کی شاعری ہوا اور خوشبو کی طرح ایک ایسے لطیف جذبے کا نام ہے جسے ہم محسوس تو کر سکتے ہیں مگر گرفت نہیں کر سکتے۔

بلاشبہ شاکر شجاع آبادی ہمارے نوجوان نسل کا پسندیدہ اور مقبول شاعر ہے ، وہ جب پڑھ رہا ہوتا ہے تو ہزاروں کے مجمعے میںخاموشی اور ہو کا عالم طاری ہوتا ہے ۔ سامعین ان کے کلام کو گوشِ جاں سے سنتے اور چشم قلب سے پڑھتے ہیں،وہ سرائیکی زبان کا واحد خوش قسمت شاعر ہے جو سب سے زیادہ پڑھا اور سنا گیا ہے ، اس کی باتیں فکر اور دانائی کی باتیں ہوتی ہیں ، وہ جو بات کرتا ہے دل والی کرتا ہے اور ’’دل سے جو بات نکلتی ہے اثر رکھتی ہے‘‘ کی مانند اس کے شعروں کی باتیں پُر تاثیر اور پُر مغز ہوتی ہیں ، میں سمجھتا ہوں دانائی کی ایسی باتیں کرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں :

بات ہیرا ہے ، بات موتی ہے بات لاکھوں کی لاج ہوتی ہے ’’بات‘‘ ہر بات کو نہیں کہتے بات مشکل سے ’’بات‘‘ ہوتی ہے یہ مسلمہ حقیقت ہے کہ شاکر شجاع آبادی کو سینکڑوں کی تعداد میں ایوارڈز اور تعریفی سرٹیفکیٹ ملے مگر اکادمی ادبیات ایسے غیر منصفوں کو مصنف بناتی آ رہی ہے جو شاکر شجاع آبادی اور احمد خان طارق جیسے شعراء کو بھی اپنے حق سے محروم کرتے آ رہے ہیں ، سرائیکی شاعری عالمی ادب میں بہترین اضافہ ہے مگر یہ جگہ مناپلی ہے ، سرائیکی کا تو مسئلہ اس لئے بھی مشکل ہے کہ سرائیکی کی نہ تو اپنی اسمبلی ، نہ صوبہ اور نہ اسمبلی میں کوئی بات کرنے والا ۔مگر کیاسرائیکی شاعری کبھی مر سکتی ہے ،

کیا شاکر شجاع آبادی اور دوسرے سرائیکی شعراء کی سوچ کوئی ختم کر سکتا ہے ؟ یہ ممکن ہی نہیں ۔ جیسا کہ میں نے عرض کیا کہ سرائیکی شاعر کی سوچ اور نقطہ نظر عالمگیر ہے اور وہ آنے والے وقت کا بھی ادراک رکھتا ہے۔ جیسا کہ غربت ، پسماندگی اور عدم مساوات پوری دنیا کا مسئلہ ہے تو شاکر شجاع آبادی نے بھی غربت کے خاتمے اور عام آدمی کے مسائل کی بات کی ہے ۔ مقامی مسائل بھی عالمی مسائل کا حصہ ہوتے ہیں ۔ شاعری کو خدا اور خدائی کے درمیان رابطے کا ذریعہ قرار دیا جاتا ہے۔

سرائیکی وسیب کے لوگ جنگجو نہیں لیکن شاعری ‘ موسیقی اور کلچر کے ہتھیار سے انہوں نے دنیا کے کروڑوں انسانوں کے دل فتح کیے ۔ اللہ اللہ بول سرائیکی ،مٹھڑی بٖولی بٖول سرائیکی، شاعری کے ان میٹھے بولوں سے جو موسیقی ترتیب پاتی ہے اور پھر موسیقی کی لے پر جھمر کا جو پڑ سجتا ہے اور جھومری میدان میں آتے ہیں تو اس سے عسکری جنگ کے بڑے بڑے میدان نادم و شرمسار نظر آتے ہیں۔

یہ ٹھیک ہے کہ ہر جگہ طاقت کا چلن ہے مگر طاقت کا غلط استعمال تہذیب کے زمرے میں نہیں آتا ۔ اس کی روک تھام کیلئے شاکر کی شاعری طاقت ور آواز ہے ، باوجود اس کے کہ وہ بول نہیں سکتا۔ اس کا جسم مفلوج ہے لیکن وہ کہتا ہے : میڈٖے لولھے بازواں دے کجھ سہارے چا ونجٖو

یہ بھی پڑھیں:

ذوالفقار علی بھٹو کا بیٹی کے نام خط ۔۔۔ظہور دھریجہ

سندھ پولیس کے ہاتھوں 5 افراد کی ہلاکت۔۔۔ظہور دھریجہ

ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ۔۔۔ظہور دھریجہ

میرشیرباز خان مزاری اور رئیس عدیم کی وفات ۔۔۔ظہور دھریجہ

ظہور دھریجہ کے مزید کالم پڑھیں

About The Author