نومبر 24, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے

ریجنل انفارمیشن آفیسرقاضی صبغت اللہ بہترین کارکردگی کے باعث گریڈ 19 میں ترقی پاگئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)قاضی صبغت اللہ ریجنل انفارمیشن آفیسر بہترین کارکردگی کے باعث گریڈ 19 میں ترقی پاگئے،صوبائی حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا ، پیر صدام حسین ایڈوکیٹ ،صحافی برداری اور دیگر دوست احباب کی جانب سے انہیں خصوصی مبارکباد پیش کی گئی ،تفصیلات کے مطابق ریجنل انفارمیشن آفیسر قاضی صبغت اللہ اپنی شاندار پرفارمنس اور بہترین کارکردگی کے باعث گریڈ 19 میں ترقی پاگئے ہیں ،جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن مورخہ 10.03.2021 کو جاری کیاگیا ہے ،وہ طویل عرصہ ڈیرہ میں ریجنل انفارمشن کے عہدے پر فائز رہنے کے بعد ریجنل انفارمیشن آفیسر بنوں تعینات رہے ۔ تاہم بنوں میں گریڈ 19 کی پوسٹ نہ ہونے کے باعث ان کی خدمات محکمہ اطلاعات پشاور کے حوالے کی گئی ہیں ،اس موقع پر ریجنل انفارمیشن آفیسرقاضی صبغت اللہ نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران تمام دوست احباب کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اطلاعات ہمیشہ صحافیوں کی بہبود کے لئے اپنے محدود وسائل کے باوجود بھرپور کام کر رہا ہے،ڈیرہ اسماعیل خان کی صحافی برادری صوبہ بھر میں اپنی منفرد مثال کی حامل ہے صوبائی حکومت عوام کی بہبود کے لیے جہاں کوشاں ہے وہی صحافیوں کی مشکلات کے حل کیلئے بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ ریجنل انفارمیشن آفیسر قاضی صبغت اللہ نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے صحافیوں نے مثبت اور حق پر مبنی صحافت کو فروغ دیا اور یہی وجہ ہے کے صوبہ بھر میں ڈیرہ اسماعیل خان کے صحافیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ہے،اس موقع پر پیر صدام حسین ایڈوکیٹ اور دیگر دوست احباب کے علاوہ ،ڈیرہ کی تمام صحافی برداری کی جانب سے انہیں خصوصی مبارکباد پیش کی گئی،
٭٭٭
چھوٹے پیمانے کی کاروباری خواتین بینکوں کی توجہ سے محروم،

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)چھوٹے پیمانے کی کاروباری خواتین بینکوں کی توجہ سے محروم، پسماندہ علاقوں میں سرگرم عمل خواتین کو قرضے دیے جا نے کا مطالبہ، چھوٹے پیمانے کی کاروباری خواتین بینکوں کی توجہ سے اب تک محروم ہیں۔اسٹیٹ بینک نے کاروباری خواتین کے لیے اگست 2017 میں قرضہ گارنٹی اسکیم شروع کی تھی۔ اس اسکیم کا مقصد کاروباری خواتین کی حوصلہ افزائی کرنا تھا کہ وہ اپنے چھوٹے کاروبار کے میدان میں مزید آگے بڑھیں۔ ابتدا میں قرض کی مالیت 15لاکھ روپے تھے جسے تین سال بعد بڑھا کر 50لاکھ روپے کردیا گیا تھا۔کریڈٹ گارنٹی اسکیم میں اسٹیٹ بینک کمرشل بینکوں کو یقین دہانی کراتا ہے کہ ٹارگٹڈ قرض دہندگان کو قرض دینے پر نقصان ہونے کی صورت میں مرکزی بینک بڑی حد تک اس کی تلافی کردے گا۔تاہم خواتین میں کاروباری رجحان اور صنف نازک کے ذریعے چلائے جانے والے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔اس اسکیم کے تحت بینک برانڈڈ کلوتھنگ، شوز اور بیوٹی پروڈکٹس اور اسی نوع کے دیگر کاروبار کے لیے قرضہ فراہم کررہے ہیں۔تاہم کاروباری خواتین کاایک طبقہ جس کا حجم کہیں زیادہ وسیع ہے اسے بینکوں کی توجہ حاصل نہیں رہی۔اس طبقے میں ڈیرہ شہر اور مضافاتی علاقوں میں چھوٹے چھوٹے کاموں کے ذریعے خاندان کی کفالت کرنے والی خواتین شامل ہیں۔ یہ خواتین روٹیاں، اچار اور مربے تیار کرتی، تیار کھانے فروخت کرتی، ٹیوشن سینٹر اور چھوٹے چھوٹے بیوٹی پارلر چلاتی، کپڑے سیتی اور جوتے وغیرہ تیار کرتی ہیں۔بیشتر بینک بہت چھوٹے پیمانے پر کام کرنے والی ان خواتین کو نظرانداز کیے ہوئے ہیں۔ سماجی حلقوں نے مطالبہ کیاکہ ان خواتین کو مائیکرو فنانسنگ کی سہولت فراہم کی جائے۔
٭٭٭
ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ میں مریضوں و تیماداروں کو سہولیات فراہمی ناپید ہوگئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ میں مریضوں و تیماداروں کو سہولیات فراہمی ناپید ہوگئی،او پی ڈی کے بعد آپریشن تھیٹر کے باہر مریض و تیمادار زمین پر بیٹھنے پر مجبور ،شہری حلقوں میں تشویش کی لہر ،صوبائی وزیر صحت و دیگر بالا حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ میں قائم سرکاری سول اسپتال میں مریضوں و تیماداروں کو طبی سہولیات کے بعد بنیادی سہولیات فراہمی ناپید ہوگئی ہے ڈیرہ سول انتظامیہ کی عدم توجہی اور لاپرواہی کے باعث او پی ڈی کے بعد اب آپریشن تھیٹر کے باہر بھی مریض و تیمادار زمین پر بیٹھنے پر مجبور دیکھائی دے رہے ہیں ، ڈیرہ میں قائم ضلع کا سب سے بڑا سرکاری ہسپتال ڈسٹرکٹ ہسپتال دور دراز سے علاج کیلئے آنے والے لوگوں کیلئے مذبحہ خانہ بن رہا ہے، مریضوں کو طبی سہولیات کی عدم فراہمی کے بعد مریضوں اورانکے تیماداروں کو بنیادی سہولیات فراہم نہ کئے جانیوالے عمل پر ڈیرہ کے شہری حلقوں میں گہری تشویش پائی جاتی ہے شہری حلقوں نے سول ہسپتال انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے صوبائی وزیر صحت و دیگر بالا حکام سے نوٹس لیکر سول ہسپتال علاج کیلئے آنے والے مریضوں اور تیماداروں کو طبی و بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔
٭٭٭
کروڑوں روپے مالیت کی 336کلوسے زائدچرس اور48کلو سے زائد افیون برآمد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)بھوسے سے لوڈ ٹرک سے کروڑوں روپے مالیت کی 336کلوسے زائدچرس اور48کلو سے زائد افیون برآمدکرلی،نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج ۔تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسرمحمدیاسین فاروق اورڈسٹرکٹ پولیس آفیسرعارف شہبازوزیر کی جانب سے منشیات اورسمگلنگ کے خلاف بھرپورکاروائیوں کی ہدایات پر ایس ایچ اودرابن عطاءاللہ نے پولیس نفری کے ہمراہ سرڈگر درازندہ روڈپر ایک بھوسے سے بھرے ٹرک کودیکھاجس میں کوئی شخص موجودنہ تھا۔ شک کی بنیاد پرتلاشی لی توٹرک میں لگی اضافی ٹینکی سے 336.150کلوگرام چرس اور48.360کلوگرام افیون برآمدکرلی جس کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے ۔ ایس ایچ اودرابن عطاءاللہ نے تھانہ درابن میں اس واقعے کا مقدمہ درج کرلیاہے۔
٭٭٭
یونیسف ،پبلک ہیلتھ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام آگاہی سیشن کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)یونیسف ،پبلک ہیلتھ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام آگاہی سیشن کا انعقاد کیاگیا ،اس موقع پر گفتگوکے دوران رکن صوبائی اسمبلی احتشام جاوید اکبر خان نے کہاہے کہ اراکین اسمبلی کے ساتھ پولیو اوردیگرمہلک امراض سے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے آگاہی سیشن کا انعقادلائق تحسین ہے ۔ اراکین اسمبلی کا متحرک کردارعوام کی اعتمادسازی میں اضافے میں اہم کرداراداکرتاہے۔ سیشن سے ای پی آئی کوارڈنیٹر ڈاکٹرعرفان عزیز ، پبلک ہیلتھ ایسوسی ایشن کے فیلڈکوارڈنیٹر شمس الرحمان صافی نے بھی اظہارخیال کیااورشرکاءکوپولیو ، خسرہ ، کورونا اوردیگروبائی امراض کے خلاف حکومت پاکستان، خیبرپختونخواہ حکومت اوریونیسف کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔ مقررین نے کہاکہ پولیو سے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے معاشرے کے ہرفرد کو ذمہ داری کا ثبوت دیناہوگا ۔ اگرہم اس مہم میں کردارادانہیں کریں گے تو ہم اپنی نسل کے ساتھ زیادتی کریں گے ۔ انہوںنے کہاکہ پولیوکے لیے حفاظتی قطرے اورٹیکہ جات کا کورس ضروری ہے اس کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والے والدین اپنے بچوں کے مجرم ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت صحت کے مسائل پربھرپور توجہ مبذول کیے ہوئے ہے ۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی22یونین کونسلوں میں62ہزارسے زائد بچوں کوخسرہ سے بچاﺅ کے ٹیکے لگائے گئے ہیں ۔کوروناکے وبائی ایام میں عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹیلی ہیلتھ سروسز نمبر03111333699شروع کیے گئے ہیں جس کے تحت25ماہر ڈاکٹرزپورے صوبہ میں ہروقت عوام کو طبی مشورے فراہم کرنے کے لیے موجودہوتے ہیںجس سے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہورہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں آنے والے دنوں میں ہم چھاتی کے کینسر سے بچاﺅ کے حوالے سے آگاہی مہم کا منصوبہ لا رہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ پولیو اوردیگرمہلک امراض سے بچوں کومحفوظ رکھنے کے لیے والدین کوویکسنیشن مہم کے دوران ذمہ دارانہ کرداراداکرناچاہیے۔
٭٭٭
دکانداروں نے مصنوعی مہنگائی کرکے دو دو ہاتھ سے عوام کو لوٹنا شروع کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ میں دکانداروں نے مصنوعی مہنگائی کرکے دو دو ہاتھ سے عوام کو لوٹنا شروع کردیا ،انتظامیہ خاموش عوام نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا اور ڈ پٹی کمشنر ڈیرہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ کے شہر اور گردونواح میں دکانداروں نے روز مرہ کی کھانے پینے کی اشیا کی مصنوعی قلت کرکے عوام کو دو دو ہاتھ سے لوٹنا معمول بنالیا ہے۔حکومت کی طرف سے مرغی کا گوشت بازار میں 380 روپے سے 400روپے فروخت ہورہا ہے اسی طرح بڑا گوشت کا حکومتی ریٹ چار سو روپے مقرر ہے جبکہ بازار میں پانچ سو پچاس سے چھ سو روپے فروخت ہورہا ہے جبکہ چھوٹے گوشت کا ریٹ حکومت کی طرف سے سات سو روپے کلو مقرر کیا گیا ہے جو گیارہ سو سے بارہ سو روپے کلو فروخت ہورہا ہے ،اسی طرح دالیں چینی گھی بھی حکومت کے مقرر کردہ ریٹس سے زائد قیمتوں پر فروخت ہورہے ہیں ،حکومت کی طرف سے ڈیرہ میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ تو مقرر کئے گئے ہیں مگر انکا ایکشن کہیں نظر نہیں آرہا ، مہنگائی سے پسے عوام کا وزیر اعلی خیبر پختونخوا اور ڈ پٹی کمشنر ڈیرہ سے مطالبہ ہے کہ مہنگے داموں روز مرہ کی اشیا فروخت کرنے والے افراد کیخلاف سخت کاروائی کی جائے۔
٭٭٭
تعلیمی اداروں کے باہر آوارہ منش لڑکوں کے ڈیرے ،طالبات پر فحش آوازیں کسنا معمول بن گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)سٹی پولیس کی غفلت کے باعث تعلیمی اداروں کے باہر آوارہ منش لڑکوں کے ڈیرے ،طالبات پر فحش آوازیں کسنا معمول بن گیا ،والدین پریشان ، تفصیلا ت کے مطا بق شہر میں منچلے اور آوارہ لڑکوں کی وجہ سے سر کا ر ی اور غیر سر کا ر ی سکو لوں میں اکیلے پید ل جا نے والی خواتین اور لڑکیوں کو شد ید مشکلا ت کا سا منا کر نا پڑر ہا ہے اور آئے روز چھیڑخا نی کے واقعا ت رونما ہو رہے ہیں۔ صبح کے وقت اور چھٹی کے وقت جگہ جگہ لڑکوں کی ٹولیاں نظر آتی ہیں جو راہگیر طالبات پر آوازیں کستے ہیں ،جس سے والدین شدید پریشانی میں مبتلا ہیں ،چھیڑ خانی کے واقعا ت رونما ہو نے لڑائی جھگڑوں میں بھی اضافہ ہوچکا ہے والدین نے پولیس افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ کالج ،سکول اوقات میں پولیس کا گشت بڑھایا جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
٭٭٭
دولہا کے بھائی سمیت چارافراد کوگرفتارکرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)شادی کے دوران ہوائی فائرنگ کی اطلاع پر پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے دولہا کے بھائی سمیت چارافراد کوگرفتارکرکے ان سے تین کلاشنکوفیں ، ایک رپیٹر اورکارتوس برآمدکرلیے، مقدمہ درج ۔ تفصیلات کے مطابق کوٹھابلوچاں والامیںالطاف ولدشاہنواز نامی نوجوان کی شادی کے موقع پرہونے والی ہوائی فائرنگ کی اطلاع پر ایس ایچ اوپروارمضان بلوچ نے پولیس نفری کے ہمراہ کاروائی کرتے ہوئے دولہاکے بھائی آصف ، ریاض ولد حق نواز، ثناءاللہ ولد ملک خان اورسلیمان ولد غلام قاسم کوگرفتارکرکے تین کلاشنکوفیں ، ایک رپیٹر اور11کارتوس برآمدکرلیے۔ پرواپولیس نے اس واقعے کا مقدمہ درج کرلیاہے۔
٭٭٭
عوامی بائیکاٹ مہم نے اثر دکھا دیا ، مرغی کی قیمت میں کمی ہونے لگی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)مرغی کی بڑھتی ہوئی قیمت کو بریک لگ گئی ،عوامی بائیکاٹ مہم نے اثر دکھا دیا ، مرغی کی قیمت میں کمی ہونے لگی،ملک میں مرغی کی بڑھتی ہوئی قیمت کو بریک لگ گئی۔ تفصیلات کے مطابق عوامی بائیکاٹ مہم کے بعد مرغی کی قیمت کم ہونے لگی ہے ، برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں گزشتہ 3 روز سے مسلسل کمی ہو رہی ہے ،۔ خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر بائیکاٹ چکن کے نام سے شروع کی گئی مہم میں عوام سے چکن کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی جا رہی ہے ، سوشل میڈیا صارف نے کہا کہ مافیا کو گھٹنوں کے نیچے لانے کے لیے چکن کا بائیکاٹ کریں۔ایک صارف نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے عہدیداروں اور وزیراعلیٰ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اے سی اور ڈی سی کو مافیا کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کریں۔ایک اور صارف کا کہنا ہے کہ صرف 3 دن تک مرغی نہ کھائیں ، اس کے بجائے اسی قیمت میں گائے کا گوشت خریدیں یا مچھلی کھائیں ، یہ دونوں مرغی کے مقابلے میں زیادہ صحت بخش ہیں ، 3 دن تک بائیکاٹ کریں اور دیکھیں کہ کیا ہوتا ہے۔ٹوئٹر صارف نے کہا کہ دو ہفتے تک چکن کا بائیکاٹ کرنے سے انہیں آخر پر مرغیاں ضائع کرنے کی ضرورت پڑے گی۔اس کے علاوہ بھی کئی صارفین نے کم از کم دو ہفتے تک چکن کے بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ مرغی کے گوشت کی قیمتوں کو نیچے لایا جا سکے
٭٭٭
ذیابطیس کے غیر تشخیص شدہ مریضوں کی تعداد ایک کروڑ سے زائد ہوگئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) پاکستان میں ذیابطیس کے غیر تشخیص شدہ مریضوں کی تعداد ایک کروڑ سے زائد ہوگئی ہے جن کی تلاش و تشخیص کے لئے ڈسکورنگ ڈائبیٹیز نامی منصوبہ شروع کردیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان اینڈوکرائن سوسائٹی کے نومنتخب صدر پروفیسر ڈاکٹر ابرار احمد نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔پروفیسر ڈاکٹر ابرار احمد کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل لائیو ٹینس فیڈریشن کے مطابق پاکستان میں ذیابطیس کے غیر تشخیص شدہ مریضوں کی تعداد ایک کروڑ سے زائد ہو چکی ہے جن کی اکثریت ذیابطیس کے مرض کے نتیجے میں ہونے والی مختلف بیماریوں کا شکار ہے، حکومت پاکستان کو کورونا وائرس اور دیگر متعدی بیماریوں کے ساتھ ساتھ غیر متعدی بیماریاں بشمول ذیابطیس، بلڈ پریشر، موٹاپے اور دل کی بیماریوں کی روک تھام کے لیے بھی بھی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔پروفیسر ڈاکٹر ابرار احمد کا کہنا تھا کہ روزانہ سینکڑوں ایسے افراد ڈاکٹروں کے پاس لائے جاتے ہیں جنہیں کئی سالوں سے شوگر کا مرض لاحق ہوتا ہے جس کے نتیجے میں ان کی آنکھوں، گردوں، دل اور دیگر اعضا کو شدید نقصان پہنچ چکا ہوتا ہے لیکن ان مریضوں کو یہ علم ہی نہیں ہوتا کہ وہ کئی سالوں سے زیابطیس کے مرض کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر عام الناس سے ‘ڈسکورنگ ڈائبیٹیز’ پروجیکٹ سے استفادہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 40 سال سے زائد العمر خواتین و حضرات کو ڈسکورنگ ڈائبیٹیز ہیلپ لائن پر کال کرکے مفت مشورے اور ٹیسٹ کی سہولت سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ڈاکٹر ابرار احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان اینڈوکرائن سوسائٹی نے مقامی دوا ساز ادارے فارم ایو کے تعاون سے ڈسکورنگ ڈائبیٹیز ہیلپ لائن کا اجرا کیا ہے اور اب ایسے تمام لوگ جن کے ماں باپ یا بھائی بہنوں میں سے کوئی ذیابطیس کا مریض ہے، جن کی عمر 40 سال سے زائد ہے اور ان کی کمر پر 36 انچ سے زائد ہے وہ ہیلپ لائن نمبر 0800-66766 پر کال کرکے نہ صرف مفت مشورہ حاصل کرسکتے ہیں بلکہ چغتائی لیب کے ذریعے ان کا مفت فاسٹنگ شوگر کا ٹیسٹ بھی ہو سکتا ہے۔مقامی دوا ساز ادارے فارم ایوو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید جمشید احمد کا کہنا تھا کہ اس پروجیکٹ کو شروع کرنے کا مقصد ایک صحت مند معاشرے کا قیام ہے، پاکستان میں بدقسمتی سے کروڑوں لوگ زیابطیس کے مرض میں مبتلا ہونے کے باوجود اپنی بیماری سے لاعلم ہیں، لوگ ڈسکورنگ ڈائبیٹیز ہیلپ لائن پر کال کرکے اپنی صحت کے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔سید جمشید احمد نے کہا کہ اگر کوئی پاکستانی فرد 40 سال سے زائد عمر کا ہے، جس کے والدین یا بہن بھائیوں میں سے کسی کو پہلے سے ہی ڈائبیٹیز کا مرض لاحق ہے اور اس فرد کی کمر 36 انچ سے زائد ہے تو وہ فرد یا تو اس مرض میں مبتلا ہو چکا ہے یا کچھ عرصے بعد مبتلا ہو جائے گا۔ ایسے افراد کو فوری طور پر اپنے کھانے پینے کی عادات تبدیل اور ورزش شروع کرنی چاہیے تاکہ وہ اس مرض کو لاحق ہونے میں تاخیر کر سکیں یا اگر یہ مرض لاحق ہوگیا ہے تو وہ اپنی شوگر کنٹرول کر سکیں۔ذیابطیس کے مرض میں مبتلا لوگوں کو پہلی فرصت میں ماہر امراض زیابطیس سے علاج شروع کروانا چاہیے تاکہ ان کے جسم کے اعضا کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے سے بچایا جا سکے۔دیگر ماہرین بشمول پروفیسر جاوید اقبال، پروفیسر ابرار احمد، وسیم بادامی اور ایکٹر عمران عباس کا کہنا تھا کہ اپنی صحت خاص طور پر ذیابطیس کے مرض سے لاعلمی اب ایک بہت بڑا جرم بن چکا ہے، جس کا خمیازہ دل کے دورے، فالج ج گردوں کے ناکارہ ہونے اور اندھے پن کی صورت میں نکل سکتا ہی-
٭٭٭
ڈجیٹائزیشن کو فروغ دینے اور ڈجیٹل ذرائع کے استعمال کی حوصلہ افزائی کے لیے تمام بینکوں کو ہدایات جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)بینک دولت پاکستان نے شعبہ بینکاری میں ڈجیٹائزیشن کو فروغ دینے اور ڈجیٹل ذرائع کے استعمال کی حوصلہ افزائی کے لیے تمام بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے انٹرنیٹ بینکاری اور موبائل بینکاری کے ذرائع سے مختلف قسم کی خدمات فراہم کریں۔ ان خدمات میں بلوں کی ادائیگیاں، رقوم کی منتقلی/آئی بی ایف ٹی، استفادہ کنندہ کا انتظام، حدود کا انتظام، کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ کا انتظام، چیک ادائیگی ملتوی کرنا وغیرہ شامل ہیں۔صارفین کی جانب سے انٹرنیٹ اور موبائل بینکاری خدمات کی حوصلہ افزائی کے لیے بینک ایسی خدمات کے استعمال پر کوئی ایکٹیویشن، سبسکرپشن یا سالانہ چارجز عائد نہیں کریں گے۔اگر صارفین صرف اپنے بینک کے پاس رجسٹرڈ بل دہندگان (billers) کو ادائیگیاں کر سکتے ہوں تو ایسی صورت میں ادائیگی کے پورے پروسیس کی ڈجیٹائزیشن میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔لہذا، صارفین کو سہولت دینے کی غرض سے بینکوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ضروری انتظامات کریں کہ ان کے صارفین زیادہ سے زیادہ بل دہندگان کو آن لائن ادائیگیاں کر سکیں۔ادائیگی کارڈز کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے بینک تمام نئے اکاونٹ ہولڈرز اور ایسے صارفین کو ڈیبٹ کارڈ جاری کریں گے جنہوں نے پہلے ڈیبٹ کارڈ کا آپشن استعمال نہیں کیا، تاوقتیکہ صارف خود ادائیگی کارڈ وصول کرنے کا آپشن استعمال کرنے سے انکار نہ کر دے۔ تاہم، اس شرط کا اطلاق ناخواندہ صارفین، فوٹو اکاونٹ ہولڈرز اور بصارت سے محروم افراد پر نہیں ہو گا۔بینک دستخطوں اور کاغذی تمسکات استعمال کر کے اپنے صارفین کی تصدیق کرتے رہے ہیں۔ موجودہ ای ایم وی کارڈ انفراسٹرکچر محفوظ تصدیق کی سہولت فراہم کرتا ہے، لہذا، دستی تصدیقی عمل کی جگہ اس انفراسٹرکچر کی وساطت سے صارفین کو سہولت دینا ممکن ہے۔ اس ضمن میں بینکوں/مائیکرو فنانس بینکوں کو اجازت دی جاتی ہے کہ اب وہ برانچ کانٹرز پر صارفین کی تصدیق کے لیے چپ اور پن کارڈز اوردو مراحل پر مبنی 2 فیکٹر تصدیقی عمل (2 ایف ای) کا استعمال کرکے انہیں بینکاری خدمات فراہم کریں۔ڈجیٹائزیشن کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے بینکوں کو چیف ڈجیٹل آفیسر (سی ڈی او) کا عہدہ تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، جو ڈجیٹائزیشن کے اقدامات کی سربراہی کرے گا۔ مزید یہ کہ ڈجیٹائزیشن میں اضافہ بھی ہر سی ای او کی کارکردگی کے کلیدی اظہاریوں (کے پی آئیز)کا حصہ ہوگا، جس کے حصول کی نگرانی ان کا بورڈ کم از کم ششماہی بنیادوں پر کرے گا۔ یہ اقدام پاکستان میں ڈجیٹائزیشن کو فروغ دینے کے لیے اسٹیٹ بینک کے حالیہ اقدامات کا حصہ ہے۔
٭٭٭
شوگر انسولین کی قیمت میں 1000 روپے، رائزک 280 تک مہنگی ہوگئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈریپ نے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، شوگر انسولین کی قیمت میں 1000 روپے، رائزک 280 تک مہنگی ہوگئی، سربیکس زیڈ 245 تک پہنچ گئی، آگمینٹن 187 سے201 روپے ہوگئی، اینٹی بائیوٹکس کی قیمتوں کا تعین کنزیومر پرائس انڈکس کے تحت کیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق حکومت نے ادویات کی قیمتیں بڑھا کر مہنگائی میں پِسی عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔شوگر انسولین کی قیمت ایک ہزار روپے بڑھا کر ساڑھے 6 ہزارکردی گئی ہے۔ اینٹی بائیوٹک آگمینٹن، معدے کی دوا رائزک اور طاقت کی دوا سربیکس زی کی قیمتیں بھی بڑھا دی گئی ہیں۔ پاکستان ڈرگ لائرزفورم کا کہنا ہے کہ شوگر کی دوالینٹس پین کی قیمت میں ایک ہزارروپے اضافہ کیا گیا، شوگر کی انسولین اب 5500 کی بجائے 6500 روپے کی ملے گی۔اسی طرح رائزک 245 سے 280 تک مہنگی ہوگئی ، سربیکس زیڈ 225 سے 245 تک پہنچ گئی، آگمینٹن کی قیمت بھی 187 سے بڑھ کر201 روپے ہوگئی۔ڈریپ کے مطابق کچھ اینٹی بیاٹکس کی قیمتوں کا تعین کنزیومر پرائس انڈکس کے تحت کیا گیا ہے، شوگر انجکشن کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا، جبکہ لینٹس انجیکشن کی قیمت 5 ہزار 659 روپے پیک پر بھی موجود ہے۔ آگمینٹن اور ملٹی وٹامن سر بیکس زیڈ کی قیمتوں کا تعین سی پی آئی کے تحت ہوا،معدے کی دوا رائزک بھی منظور شدہ ایم آر پی کے اندر ہے۔ تاہم اگر کسی شہری کو ادویات زائد ریٹ پر مل رہی ہیں تو وہ فوری ڈریپ کے نمبرز پر اپنی شکایات درج کروائیں۔ دوسری جانب شہریوں نے ادویات مہنگی ہونے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شوگر کے مریضوں کا انسولین کے بغیر گزارہ نہیں اور انسولین کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ ان کے لیے مالی مشکلات پیدا کرے گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق رائزک 245 سے 280 تک مہنگی ہوگئی ، سربیکس زیڈ 225 سے 245 تک پہنچ گئی ،آگمینٹن کی قیمت بھی 187 سے بڑھ کر 201 روپے ہوگئی۔ڈریپ کے مطابق انٹی بیاٹکس کی قیمتوں کا تعین کنزیومر پرائس انڈکس کے تحت کیا گیا ، ذیابیطس انجکشن کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں ہوا،لینٹس انجکشن کی قیمت پیک پہ بھی 5 ہزار 659 ہی موجود ہے،کچھ اینٹی بیاٹکس کی قیمتوں کا تعین کنزیومر پرائس انڈکس کے تحت کیا گیا، آگمینٹن اور ملٹی وٹامن سر بیکس زیڈ کی قیمتوں کا تعین سی پی آئی کے تحت ہوا، معدے کی دوا رائزک بھی منظور شدہ ایم آر پی کے اندر ہے ، شہری دواﺅں کے حوالے سے ڈریپ کی ہاٹ لائن پہ شکایات درج کروا سکتے ہیں۔
٭٭٭
60 سال اور اس سے زائد العمر افراد کو کورونا سے بچاو ¿ کی ویکسین لگانے کا باضابطہ آغاز

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)خیبرپختونخوا کورونا ویکسینیشن ، ملک بھر کے مخصوص ہسپتالوں اور کورونا ویکسینیشن سنٹرز میں 60 سال اور اس سے زائد العمر افراد کو کورونا سے بچاو ¿ کی ویکسین لگانے کا باضابطہ آغاز کردیا گیا ہے۔محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پہلی ترجیح میں 80 سال کی عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے، صوبے میں 4 ہزارسے زیادہ بزرگ شہریوں نے کورونا ویکسینیشن کے لئے رجسٹریشن کی ہے۔بزرگ شہریوں کو ہسپتالوں میں کورونا سے بچاو ویکسین لگائی جارہی ہے۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق بزرگ شہریوں کی صحت سے متعلق مکمل معلومات کا اندراج بھی کیا جائے گا۔ ہسپتالوں سمیت مختلف مراکز میں سنٹرز قائم کیے گئے ہیں، کورونا ویکسین کے بعد بزرگ شہریوں کو 30 منٹ تک ان مراکز میں رکھا جارہا ہے۔واضح رہے ہیلتھ ورکرز کے بعد سینیئر سیٹیزن کی ویکسینشن کا آغاز ہو گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں گزشتہ روز پچاس سے زیادہ افراد کو ویکسینیشن دی گئی ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے کو مجموعی طور پر56 ہزارکورونا ویکسین ملی ہیں اور مزید کورونا ویکسین بھی ملے گی۔
٭٭٭
گردوں کی امرض سے بچاﺅ کا عالمی دن11مارچ جمعرات کو منایا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پاکستان سمیت دنیا بھر میں گردوں کی امرض سے بچاﺅ کا عالمی دن11مارچ جمعرات کو منایا گیا۔اس د ن کے منانے کا مقصد انسانی جسم میں گردوں کی اہمیت اوربیماریوں سے بچاﺅ کیلئے عوامی شعور اجاگر کرنا ہے اس دن کے حوالے سے محکمہ صحت ،سماجی تنظیموں اور شعبہ طب سے وابستہ اداروں کے زیر اہتمام ڈویڑنل ہیڈ کوارٹر اور ضلعی صدر مقامات کے ساتھ ساتھ ڈیرہ سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میںسمینارز،واکس،کانفرنسز اور خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس میں ماہرین صحت گردوں کی حفاظت اور اسے امراض سے بچانے کیلئے لیکچر دیئے۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں گردوں کے امراض میں اضافہ ہو رہا ہے اس کا علاج مہنگا ہونے کی وجہ سے لوگ اخراجات کے متحمل نہیں ہو سکتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ امراض گردہ کے بڑے اسباب آلودہ پانی کا استعمال بھی ہے جبکہ گردے کی خرابی کی وجوہات میں گردوں کی سوزش،شوگر،ہائی بلڈ پریشر،گردے کی پتھریاں،پیشاب کی نالی میں رکاوٹ،ٹیومر،گردے کی انفیکشن اور غدود کا بڑھ جانا شامل ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گردے کی بیماریوںکے نتیجے میں گردے فیل ہونے والے مریضوں کی تعدادمیں اضافہ ہورہا ہے دنیا بھر میں 50کروڑ سے زائد افرادگردے کے امراض میں مبتلا ہیں۔ ڈیرہ سمیت جنوبی اضلاع کے بیشترہسپتالوں میں گردے کے مریضوں کو ڈائلیسز کی سہولتیں بھی دستیاب نہیں ہیں۔
٭٭٭
سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں پچیس فیصد اضافہ کا اعلامیہ جاری کرنے کے لئے محکمہ خزانہ نے اجلاس طلب کرلیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں پچیس فیصد اضافہ کا اعلامیہ جاری کرنے کے لئے کل محکمہ خزانہ نے اجلاس طلب کیا ہے فنانس ڈیپارٹمنٹ نے وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ پر غور و خوص کریگی وزارت خزانہ نے یکم مارچ 2021سے گریڈ ایک سے گریڈ انیس تک وفاقی ملازمین کے بنیادی تنخواہوں میں پچیس فیصد اضافہ کا اعلامیہ جاری کیا ہے جبکہ چاروں صوبائی حکومتوں کو بھی ہدایات کی تھی کہ ہو اس سلسلے میں اعلامیہ جاری کرے ذرائع نے بتایا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کا اعلامیہ محکمہ خزانہ کی جانب سے مرتب کردہ سفارشات کے بعد کر دینگے ذرائع نے بتایا ہے کہ آج ہونے والے ا جلاس میں محکمہ خزانہ کے حکام بھی شرکت کرینگے اجلاس چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کے زیرصدارت ہو گا۔
٭٭٭
ٹریکٹر ٹرالیوںاور لوڈ ڈمپروں نے شہر کی تمام سڑکیں جو پہلے ہی ٹوٹی ہوئی تھیں ان کا بیڑہ غرق کردیا،سہیل اعظمی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) بجری ،ریت اور کرش سے ٹریکٹر ٹرالیوںاور لوڈ ڈمپروں نے شہر کی تمام سڑکیں جو پہلے ہی ٹوٹی ہوئی تھیں ان کا بیڑہ غرق کردیا ہے جبکہ سیکرٹری آر ٹی اے خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں مرکزی انجمن تاجران کے رہنما اور کالم نویس سہیل احمد اعظمی نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے ہیوی گاڑیوں کا شہر کی تمام سڑکوں پر داخلہ ممنوع کیا ہوا ہے تا کہ ناصرف ٹریفک کا معمول بحال رہے بلکہ سڑکیں بھی ٹوٹنے سے محفوظ رہے لیکن حیران کن بات یہ ہے کہ ان کے ان احکامات کے باوجود سیکرٹری آر ٹی اے نہ تو اس پر کوئی توجہ دے رہے ہیں اور نہ ہی اس پر عمل ہورہا ہے جبکہ یہ تمام ڈمپر اور بھاری گاڑیاںشہر کی طرف رواں دواں ہیں اسی پر بس نہیں ڈیرہ کے چلنے والے تمام موٹر سائیکل رکشہ جات بغیر رجسٹریشن ،نمبر پلیٹس اور روٹ پرمٹ کے بغیر چل رہے ہیں جن کو پوچھنے والا کوئی نہیں حالانکہ یہ کام سیکرٹری آر ٹی اے کا ہے کہ وہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ساتھ مل کر ان کے خلاف ایک آپریشن کریں تا کہ شہر میں ٹریفک کا معمول بہتر ہوسکے بلکہ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرسے مطالبہ ہے کہ وہ سیکرٹری آر ٹی اے اور محکمہ ایکسائز کے ساتھ ساتھ ٹریفک وارڈنز کو سختی ہدایات جاری کریں کہ وہ اس عمل کروائیں جبکہ جن موٹر سائیکل رکشہ جات کی نمبر پلیٹس نہیں ہے انہیں رجسٹریشن ہونے تک تھانوں میں پابند کیا جائے تا کہ قانون کی بالادستی ہوسکے۔
٭٭٭
دنیا میں کتنا سونا زمین باقی رہ گیا ہے؟

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)دنیا میں کتنا سونا زمین باقی رہ گیا ہے؟دنیا بھر میں 2لاکھ44ہزار ٹن سونا موجود ہے جس کی قیمت 133کھرب ڈالر بنتی ہے.رپورٹ، امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق پچھلے پانچ ہزار سال سے زمین کو کھود کر نکالے جانے والا اور دریاﺅں کی ریت کو چھان کر اکٹھے کیے جانے والے اس سونے کا کل وزن دو لاکھ 44 ہزار ٹن کے قریب ہے سونا دنیا کی بھاری ترین دھاتوں میں شمار ہوتا ہے جو لوہے سے تین گنا زیادہ وزن رکھتا ہے،پاکستان میں ایک تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ دو ہزار روپے فی تولہ ہے جب کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 54.62 ڈالر فی گرام ہے دنیا کے کل سونے کی عالمی قیمت تقریباً 54 ڈالر فی گرام بنتی ہےبرطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق دنیا میں اس وقت موجود سونے کی قیمت تقریبا133کھرب ڈالر بنتی ہے اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ سونا 8ہزار133ٹن امریکہ کے پاس ہے جب کہ دوسرے نمبر پر جرمنی ہے جس کے سونے کا کل وزن 3362 ٹن ہے.ورلڈ گولڈ کونسل کی اس فہرست میں پاکستان کا نمبر 42واں ہے اور یہاں 64.4 ٹن سونا موجود ہے بھارت بڑی معیشت کے ساتھ پاکستان سے کہیں اوپر ہے اور 676 ٹن سونے کے ساتھ یہ دنیا میں سونا رکھنے والے ممالک کی فہرست میں9واں بڑا ملک ہے. سونے کا زیادہ تر استعمال زیورات یا سرمایہ کاری میں ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ سونے کا کوئی عملی مصرف نہیں سونے کی دھات کا استعمال موبائل فون‘ کمپیوٹر کے بورڈ بنانے میں بھی استعمال ہوتا ہے کیوں کہ سونا کسی بھی دھات سے بہتر کنڈکٹر ہے البتہ یہ سونا اتنی کم مقدار میں ہوتا ہے کہ اس کی قیمت چند سو روپے سے زیادہ نہیں ہو گی.اس کے علاوہ ٹیلی ویژن، جی پی ایس سیٹ، اور خلائی جہازوں اور دوسرے الیکٹرانکس میں بھی سونا استعمال ہوتا ہے کئی ادویات میں بھی سونا استعمال ہوتا ہے خاص طور پر گٹھیا (آرتھرائٹس) کے علاج کے لیے سونے کا استعمال کیا جاتا ہے. یہ تفصیلات اب تک حاصل کیئے جانے والے سونے کی ہیں لیکن دنیا کے مختلف ملکوں میں مسلسل سونے کی کھدائی جاری ہے مائننگ (کان کنی)کے ایک جریدے کے مطابق اس فہرست میں چین سب سے اوپر ہے جو ہر سال 404 ٹن کے قریب سونا زمین سے حاصل کر رہا ہے لیکن زمین کے اندر موجود سونے کی مقدار لامحدود نہیں ہے، اور اگر اس کی کھدائی جاری رہی تو ایک دن آئے گا کہ تمام سونا ختم ہو جائے گا.رپورٹ میں دیئے گئے تخمینہ کے مطابق اس وقت زمین کے دامن میں مزید 54 ہزار ٹن سونا باقی ہے یعنی کل کھدائی شدہ سونے کے 22 فیصد کے لگ بھگ یعنی دنیا میں جتنا سونا پایا جاتا ہے، انسان اب تک اس کا 78 فیصد کھود کر کے اسے تجوریوں میں بھر چکا ہے دنیا کے تمام سونے کو پگھلا یا جائے تو اس کی لمبائی چوڑائی مکعب 92 ضرب 92 فٹ بنے کی اور یہ اونچائی تقریباً 6 منزلہ عمارت کے قریب ہے .
٭٭٭
فروری 2021کو پاکستانی تاریخ کا تیسرا گرم اور خشک ترین مہینہ قراردے دیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ موسمیات نے فروری 2021کو پاکستانی تاریخ کا تیسرا گرم اور خشک ترین مہینہ قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے اپنی ماہانہ رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ رواں برس کا فروری کا مہینہ پاکستان کی تاریخ میں ریکارڈ گرم اور خشک ترین فروری کے مہینوں میں سے ایک رہا ہے، 1961کے بعد فروری 2021پاکستان کا تیسرا خشک ترین مہینہ تھا، جس میں اوسطا 84فی صد کم بارشیں ریکارڈ ہوئیں۔محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق فروری میں درجہ حرارت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ملک میں ماہانہ اوسط درجہ حرارت 3.35 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا جو 16.67 ڈگری سینٹی گریڈ اوسط رہا۔ جب کہ 26 فروری کو ملک میں سب سے زیادہ گرمی نواب شاہ میں 38.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی، جب کہ 27 اور 28 فروری کی درمیانی رات کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جو اس ماہ کی گرم ترین رات تھی۔محکمہ موسمیات ذرائع کے مطابق اس ضمن میں بتایاکہ عام طور پر ملک میں جنوری، فروری اور مارچ کے مہینوں میں بارشیں ہوتی ہیں، لیکن اس بار مغرب سے بارش کے سسٹم کم بن کر آئے جس کے باعث بارشیں نہ ہونے کے براہر رہیں۔واضح رہے کہ پاکستان دنیا میں موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 100 ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔ اور گلوبل کلائمٹ چینج امپیکٹ سینٹر پاکستان کی ایک حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک کے قیام سے لے کر اب تک اوسط درجہ حرارت میں ایک ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے اثرات ماحولیات، زراعت اور پانی کے ذخائر پر بھی پڑ رہے ہیں۔
٭٭٭
شہری موٹرسائیکل وگاڑیوںکی نمبرپلیٹس دفترایکسائزسے حاصل کریں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ایکسائز اینڈٹیکسیشن آفیسرخالدخلیل نے کہاہے کہ محکمہ ایکسائزڈیرہ نے ٹوکن ٹیکس ، پراپرٹی ٹیکس ، موٹررجسٹریشن اورپروفیشنل ٹیکس وغیرہ کی مدمیں 153فیصدریکوری کی ہے ۔ غیررجسٹرڈ گاڑیوں اورموٹرسائیکلوں کی رجسٹریشن اورٹوکن ٹیکس ریکوری جاری ہے ۔ عوام اپنا ٹیکس قومی فریضہ سمجھ کرداخل خزانہ کریں اورذمہ دارشہری ہونے کاثبوت دیں۔ ان خیالات کااظہارانہوںنے میڈیا سے گفتگوکے دوران کیا۔ ای ٹی او خالد خلیل نے کہاکہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ اپنے موٹرسائیکلوں کی نمبرپلیٹس دفترایکسائزسے حاصل کریں۔اب تک Fسیریزمیں A.B.C.D.E.F.G.H.I.J.K.L.Mتک نمبرپلیٹس دفترمیں موجودہیں۔ تمام موٹرسائیکل مالکان سے گزارش ہے کہ وہ اپنی نمبرپلیٹس دفتری اوقات میں وصول کریں اسی طرح پرائیویٹ گاڑیوں کی سیریزBمیں5300تک ،سیریزCمیں 1850تک اورسیریزGمیں4010تک نمبرپلیٹس دفترمیں موجودہیں ۔ گاڑی مالکان فوری طورپراپنی نمبرپلیٹس بھی دفترسے وصول کرلیں بصورت دیگرفینسی نمبرپلیٹس کے خلاف کاروائی جاری رہے گی ۔
٭٭٭
آف روڈ چیلنج جیپ ریس کے مقام کادورہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق تحصیل ناظم ڈیرہ کیپٹن ریٹائرڈ سردارعمرامین خان گنڈہ پور نے21مارچ سے23مارچ ”ڈیرہ جات فیسٹیول“ اور26مارچ تا 28 مارچ کے دوران ”آف روڈچیلنج جیپ ریس “کے حوالے سے انتظامات کاجائزہ لینے کے لیے آف روڈ چیلنج جیپ ریس کے مقام کادورہ کیااورانتظامات کاریس لگاکرخودجائزہ لیا۔ اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ نواب سمیر حسین لغاری ،تحصیل میونسپل آفیسرعمرخان کنڈی ،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسررضی اللہ بیٹنی اورپی ٹی آئی کی میڈیاٹیم انچارج خان امجدخان کے علاوہ ڈیرہ جات اورریس میں حصہ لینے والے کھلاڑی وغیرہ بھی موجودتھے ۔سابق تحصیل ناظم سردارعمرامین خان گنڈہ پورنے کہاکہ ڈیرہ جات اورآف روڈ چیلنج جیپ ریس کے انعقادسے لوگوں کوتفریح کے بہترمواقع میسرآئیں گے ۔ علاقے کی ثقافت کو اجاگرکیاجائے گا۔
٭٭٭
ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ میں طویل عرصہ سے”کولڈروم“خراب

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ میں عرصہ دراز سے بند” کولڈروم“ منتخب نمائندوں اورمحکمہ صحت کی بے بسی کانمونہ پیش کرنے لگا،پانچ روزقبل تھانہ صدرکی حدودمیںسرپر دوگولیاں لگنے سے جاں بحق ہونے والا10سالہ معصوم لاوارث بچہ پنکھے تلے پڑے پڑے گلنے لگا،2روزقبل سرپرگولی لگنے سے جاں بحق ہونے والی لاوارث خاتون کی نعش بھی پنکھے تلے پڑی خراب ہونے لگی،اہلیان علاقہ کاخیبرپختونخواہ حکومت ،کمشنر ڈیرہ یحییٰ اخونزادہ اورڈپٹی کمشنر عارف اللہ اعوان سے فوری طورپرکولڈروم کی درستگی کامطالبہ ۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ میں عرصہ دراز سے”کولڈروم“خراب پڑاہے ۔مشینیں ناکارہ ہوچکی ہیں جب کہ کولڈروم کی اندرونی حالت بھی قابل رحم ہے جس کی وجہ سے نعشوں کی بے حرمتی روزکامعمول بن چکی ہے ۔پانچ روزقبل تھانہ صدرکی حدودمیںسرپر دوگولیاں لگنے سے جاں بحق ہونے والا10سالہ معصوم لاوارث بچہ پنکھے تلے پڑے پڑے گلنے لگاہے اسی طرح2روزقبل سرپرگولی لگنے سے جاں بحق ہونے والی لاوارث خاتون کی نعش بھی پنکھے تلے پڑی خراب ہونے لگی ہے۔ اہلیان علاقہ نے خیبرپختونخواہ حکومت ،وفاقی وزیر علی امین خان گنڈہ پور،کمشنر ڈیرہ یحییٰ اخونزادہ اورڈپٹی کمشنر عارف اللہ اعوان سے فوری طورپرکولڈروم کی درستگی کامطالبہ کیاہے۔

٭٭٭

۔۔۔۔۔

یہ بھی پڑھیے:

بہاولنگر کی خبریں

مظفرگڑھ کی خبریں

راجن پور کی خبریں

ڈیرہ غازیخان  کی خبریں

 

About The Author