نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ایک موتی نے مچھیرے کی زندگی بدل دی

ذرائع ابلاغ کے مطابق زرد رنگ کا سچا موتی انتہائی قیمتی و نایاب تسلیم کیا جاتا ہے

ایک موتی نے مچھیرے کی زندگی بدل دی

بنکاک:

تھائی لینڈ کے ایک غریب مچھیرے کی زندگی اس وقت بدل گئی جب اسے سمندر سے سیپ کے خول میں لپٹا ہوا انتہائی نایاب قسم کا زرد (اورنج) سچا موتی ملا جس کی مالیت کروڑوں روپے میں ہے۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق سمندر سے نکلنے والے اورنج رنگ کے سچے موتی کی قیمت عالمی مارکیٹ میں تقریباً دو لاکھ 50 ہزار برطانوی پاؤنڈز ( پانچ کروڑ 47 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) بتائی جاتی ہے جو دس ملین تھائی بھات کے مساوی ہے۔

تھائی مچھیرے ہاچائی کے 60 سالہ والد پر اس وقت حیرت کے پہاڑ ٹوٹ پڑے جب انہوں نے ایک سیپ کے تیسرے خول میں لپٹا ہوا زرد رنگ کا سچا موتی دیکھا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق زرد رنگ کا سچا موتی انتہائی قیمتی و نایاب تسلیم کیا جاتا ہے۔ تھائی مچھیرے کو ملنے والے سچے موتی کا سائز تقریباً دس پنس کے مساوی ہے۔

ہاچائی نے موتی ملنے پر ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں کہا کہ 7.68 گرام کے سچے موتی سے صرف اس کی زندگی نہیں بدلی بلکہ اس کی منزل ہی بدل گئی ہے۔

سمندر سے ملنے والے سچے موتی کی زیادہ سے زیادہ قیمت وصول کرکے اپنے خاندان کو غربت سے نکالنے کا ارادہ رکھنے والے ہاچائی نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ انہوں نے موتی ملنے سے چند روز قبل ایک عجیب و غریب خواب دیکھا تھا۔

تھائی مچھیرے کے مطابق انہوں نے خواب میں دیکھا تھا کہ سفید کپڑوں میں ملبوس بڑی مونچھوں والے بزرگ نے ان سے کہا کہ وہ ساحل پر آئیں، ان کے لیے ایک تحفہ منتظر ہے۔

وہ یقین رکھتے ہیں کہ خواب میں آنے والے بزرگ نے انہیں سمندر سے سچا موتی ملنے کی نوید سنائی تھی جسے وقت نے سچ ثابت کیا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق تھائی لینڈ کے 37 سالہ ہاچائی (Hatchai Niyomdecha) کو سمندر سے ایک سیپ ملا جو انہوں نے اپنے والد کے حوالے کیا۔

About The Author