مبشرعلی زیدی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
موروثی سیاست سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے امریکا کے چند سیاسی خاندانوں کا تعارف
امریکا میں چار خاندانوں سے دو دو افراد صدر بن چکے ہیں
جان ایڈمز دوسرے اور ان کے بیٹے جان کنسی ایڈمز چھٹے صدر تھے۔ پوتے چارلس کانگریس مین تھے۔ چوتھی نسل میں جان کنسی ایڈمز دوم ریاستی ایوان کے رکن اور ان کے بیٹے چارلس شہر کے مئیر رہے۔
بنجمن ہیریسن ورجینیا کے گورنر تھے۔ ان کے بیٹے ولیم ہیری ہیریسن نویں صدر بنے۔ ان کے بیٹے جان اسکاٹ ہیریسن کانگریس مین اور پوتے بنجمن ہیریسن 23ویں صدر بنے۔ ان کے بیٹے رسل ہیریسن ریاستی ایوان کے رکن اور ان کے بیٹے ولیم سوم کانگریس مین تھے۔
تھیوڈور روزویلٹ 26ویں اور ان کے دور کے کزن فرینکلن روزویلٹ 32ویں صدر رہے۔ تھیوڈور کی بھتیجی ایلینور، فرینکلن کی اہلیہ بنیں اور شوہر کی موت کے بعد تین حکومتوں میں مختلف عہدوں پر رہیں۔ تھیوڈور کی بیٹے تھیوڈور روزویلٹ جونئیر پورٹوریکو اور فلپائن کے گورنر تھے۔ ان کے بیٹے تھیوڈور سوم ریاستی وزیر رہے۔ فرینکلن روزویلٹ کے دو بیٹے ڈیلانو اور جیمز کانگریس مین اور تیسرے ایلیٹ میامی کے مئیر بنے۔
پریسکاٹ بش سینیٹر تھے۔ ان کے بیٹے جارج بش سینئر 41ویں اور پوتے جارج ڈبلیو بش 43ویں صدر بنے۔ جارج ڈبلیو بش کے بھائی جیب بش فلوریڈا کے گورنر رہے۔
مزید مثالیں:
الفانسو ٹافٹ صدر گرانٹ کی کابینہ کے رکن رہے۔ ان کے بیٹے ولیم ہاورڈ ٹافٹ 27ویں صدر اور بعد میں چیف جسٹس بھی رہے جو اپنی نوعیت کی منفرد مثال ہے۔ صدر ٹافٹ کے بھائی فیلپس کانگریس مین تھے۔ صدر ٹافٹ کے ایک بیٹے رابرٹ ٹافٹ سینیٹر اور دوسرے چارلس فیلپس ٹافٹ شہر کے مئیر رہے۔ چوتھی نسل میں رابرٹ ٹافٹ جونئیر سینیٹر اور ان کے بیٹے باب ٹافٹ ریاست اوہایو کے گورنر رہے۔
پیٹرک جوزف کینیڈی ریاستی ایوان کے رکن رہے۔ ان کے بیٹے جوزف کینیڈی انگلینڈ میں سفیر رہے۔ جوزف کے ایک بیٹے جان ایف کینیڈی 35ویں صدر، دوسرے رابرٹ کینیڈی سینیٹر اور اٹارنی جنرل اور تیسرے ٹیڈ کینیڈی بھی سینیٹر رہے۔ ٹیڈ کے بیٹے پیٹرک جے کینیڈی اور رابرٹ کے بیٹے جوزف پیٹرک کینیڈی کانگریس مین تھے۔ اس خاندان کے مزید کئی افراد ریاستی ایوانوں کے رکن اور سفیر رہے ہیں۔
نیلسن روک فیلر نائب صدر اور نیویارک کے گورنر رہے۔ ان کے بھائی ونتھراپ آرکنساس کے گورنر تھے۔ دونوں کے بھتیجے جے روک فیلر سینیٹر اور ونتھراپ کے بیٹے ون روک فیلر آرکنساس کے لیفٹیننٹ گورنر رہے۔
البرٹ گور سینیٹر رہے جبکہ ان کے بیٹے ایل گور سینیٹراور نائب صدر رہے اور صدارتی امیدوار بھی بنے۔
موجودہ رہنماؤں کی رشتے داریاں:
نومنتخب صدر جو بائیڈن کے پردادا ایڈورڈ بلیوٹ ریاستی ایوان کے رکن تھے۔
مائیک پینس نائب صدر جبکہ ان کے بھائی گریگ کانگریس مین ہیں۔
تھامس ڈی ایلیسینڈرو بالٹی مور کے مئیر اور کانگریس مین رہے۔ ان کی بیٹی نینسی پلوسی ایوان نمائندگان کی اسپیکر ہیں جبکہ بیٹے تھامس ان کی طرح بالٹی مور کے مئیر بنے۔ نینسی کے بہنوئی رون پلوسی کے بھتیجے گیون نیوسم اس وقت کیلی فورنیا کے گورنر ہیں۔
ماریو کومو نیویارک کے گورنر تھے اور اب ان کے بیٹے اینڈریو کومو بھی نیویارک کے گورنر ہیں۔ (ایک اور بیٹا کرس کومو سی این این کا اینکر ہے۔)
سابق نائب صدر ڈک چینی کی بیٹی لز چینی کانگریس کی رکن ہیں۔
جارج رومنی مشی گن کے سابق گورنر اور نکسن کابینہ کے رکن تھے۔ ان کے بیٹے مٹ رومنی میساچوسیٹس کے گورنر تھے اور اب سینیٹر ہیں۔ صدر اوباما کے مقابلے پر صدارتی امیدوار تھے۔ ان کی بھتیجی رونا رومنی اس وقت ری پبلکن نیشنل کمیٹی کی سربراہ ہیں۔
اے وی پڑھو
اشولال: دل سے نکل کر دلوں میں بسنے کا ملکہ رکھنے والی شاعری کے خالق
ملتان کا بازارِ حسن: ایک بھولا بسرا منظر نامہ||سجاد جہانیہ
اسلم انصاری :ہک ہمہ دان عالم تے شاعر||رانا محبوب اختر