دسمبر 18, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے

چار بچوں کی ماں کا زہریلی دوائی پی کر مبینہ خودکشی کا واقعہ قتل قراردے دیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) چار بچوں کی ماں کا زہریلی دوائی پی کر مبینہ خودکشی کا واقعہ قتل قراردے دیاگیا ،والد کی جانب سے سسرالیوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا،پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ

کینٹ کی حدود مدنی ٹاﺅن میں ایک ماہ قبل جوانسال چار بچوں کی ماں نے گھر میں موجود زہریلی دوائی پی لی جس سے اس کی طبعیت بگڑ گئی ،اسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکی

اور دم توڑ گئی ،خاتون کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے سپرد کردی گئی تاہم خاتون کے والد حاجی مورہ کے رہائشی اللہ نواز بلوچ پولیس کو درخواست دی کہ اس کی بیٹی نے خودکشی نہیں کی بلکہ وقوعہ کے روز 3

جولائی2020ءکو مدنی ٹاﺅن میں اس کی بیٹی کو زہریلی گولیاں کھلا کر قتل کردیا کیا گیا ہے،اس نے پولیس کو بتایا کہ مقتولہ کے سسرالیوں کی جانب سے واقعہ کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ میری

بیٹی نے گھریلو لڑائی جھگڑوں سے تنگ آکر زہریلی دوائی کھا کر خودکشی کی ہے۔ مقتولہ کے وا لدنے پولیس کو بتایا کہ میری بیٹی جوکہ چار بچوں کی ماں تھی کو اس کے شوہر، سسر، ساس اور تین دیور رجب، رمضان اور

بلال نے مل کر قتل کیا ہے۔ وجہ عداوت گھریلو تنازعہ بتایا گیا ۔ پولیس نے خاتون کے والد کی رپورٹ پر اس کے شوہر ،ساس سسر اور دیوروں سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمہ جرم زیر دفعات 303-148-149

ت پ درج کرلیا ہے۔

٭٭٭

بہترین کارکردگی پر ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر سید امتیاز الدین منصور کو خراج تحسین پیش

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) سید امتیاز الدین منصور کی بہتر ین کارکردگی پر صدر ڈسٹرکٹ بار قیضار خان میانخیل کی جانب سے خراج تحسین۔

ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر ڈیرہ سید امتیاز الدین منصور ایک ایماندار اور فرض شناس آفیسر ہیں جن کی کارکردگی بطور ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر ڈیرہ اسماعیل خان کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور جب سے

انہوں نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالا ہے تب سے لیکر آج تک محکمہ پراسیکیوشین پراعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ رشوت اور سفارش کلچر کو ختم کیا ہے، معاملات کی درستگی فرمائی ہے اور انصاف کی فراہمی میں کلیدی

کردار ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر ڈسٹرکٹ بار قیضار خان میانخیل نے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر ڈیرہ کے دفتر آمد کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن ڈیرہ اسماعیل

خان مطیع اللہ رند بھی موجود تھے۔صدر ڈسٹرکٹ بار نے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر ڈیرہ اسماعیل خان کی جانب سے عوام کیلئے دن رات ایمانداری کیساتھ اپنے فرائض منصبی نبھانے پر انکا شکریہ ادا کیا۔

٭٭٭

منافع خوروں نے من مرضی کی قیمتیں مقرر کرلیں،ٹماٹر 150 روپے فی کلوتک پہنچ گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) عید الا ضحی کے موقع پر ڈیرہ شہر اور گرد و نواح میں خودساختہ مہنگائی عروج پر پہنچ گئی ، منافع خوروں نے من مرضی کی قیمتیں مقرر کرلیں،ٹماٹر 150 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا

شہریوں کو مہنگائی کی سونامی کاسامنا،شہر اور گرد و نواح میں خودساختہ مہنگائی عروج پر، انتظامیہ غائب ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی چشم پوشی کے باعث عید الاضحی کے موقع پر ناجائز منافع خوروں نے کمر

کس لی ہے اور اشیاءخورد و نوش کی خودساختہ قیمتیں مقرر کرکے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں ڈیرہ شہر اور گردونواح میں ٹماٹر150 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا ہے ناجائز منافع خود دیگر اشیاء

خوردونوش کے بھی من مانے ریٹ وصول کرنے لگے جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹی اپنی جاری کردہ پرائس لسٹ پر عملدرآمد کروانے میں بری طرح ناکام ہے۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور حکومت کے خلاف شدید

احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ خود ساختہ مہنگائی سے لگتا ہے جیسے ملک بھر کی مہنگائی نے ڈیرہ کا رخ کرلیا، شہریوں نے مطالبہ کیا کہ ضلع انتظامیہ متعلقہ حکام نوٹس لیکر خودساختہ مہنگائی جیسے لوٹ مار کے بازار کو بند

کریں۔

٭٭٭

 ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں صفائی مہم کا افتتاح کردیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کمشنر ڈیرہ ڈویژن یحییٰ اخونزادہ نے کہا ہے کہ صفائی نصف ایمان ہے۔آج سے شروع ہونےوالی صفائی مہم کی نگرانی ٹی ایم اے اور ڈبلیو ایس ایس سی کریں گے لہذا عوام کو بھی چاہیے

کہ رواں صفائی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں صفائی مہم کے افتتاح کے موقع پر کیا جو کہ عید الاضحی کے دوران بھی جاری رہے گی جس میں عید

الاضحی کے موقع پر قربان کیے گئے جانوروں کی آلائشیں وغیرہ ٹھکانے لگانے سمیت سڑکوں کے اطراف کی صفائی بھی شامل ہو گی اور "ٹائیگر فورس ٹری پلانٹیشن ڈے”کے موقع پر ان مقامات پر شجرکاری بھی کی

جائیگی تاکہ صاف اور سرسبز پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے ۔ اس موقع پر کمشنر ڈیرہ یحییٰ اخونزادہ کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر، چیف ایگزیکٹیو ڈبلیو ایس ایس سی غازی نواز، ٹی ایم او ڈیرہ عمر کنڈی،

اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ محمد محسن صلاح الدین بھی موجود تھے۔اس موقع پر کمشنر ڈیرہ نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے صفائی سے ہی صحتمند معاشرہ پروان چڑھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی مہم کے دوران سڑکوں کے

اطراف موجود گندگی کی صفائی کر کے ہموار کیا جائیگا تاکہ "ٹائیگر فورس ٹری پلانٹیشن ڈے”کے حوالے سے جو شجرکاری کے انتظامات کیے جا رہے ہیں تو سڑکوں کے اطراف بھی خوبصورت پودے اور سایہ دار

درخت لگائے جا سکیں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ رواں صفائی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ڈبلیو ایس ایس سی اور ٹی ایم اے کی زیر نگرانی صفائی مہم کے دوران بھرپور تعاون کا مظاہرہ کریں اور قربانی

کے جانوروں کی آلائشیں وغیرہ محکمہ کی جانب سے فراہم کردہ بائیو ڈیگریڈیبل بیگز میں ڈال کر یونین کونسلز کی سطح پر مختص کردہ مقامات پر رکھیں تاکہ انہیں بروقت اور آسانی سے ٹھکانے لگایا جا سکے۔اس موقع پر

انہوں نے لوگوں میں بائیو ڈیگریڈیبل بیگز اور آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کیے۔ بعد ازاں کمشنر ڈیرہ نے صفائی مہم کے حوالے سے منعقد کردہ آگاہی واک میں بھی شرکت کی ۔

٭٭٭

 عید الاضحی اور محرم الحرام کی آ مد کے سلسلے میں اندرونی اور بیرونی ناکہ بندیوں کا اچانک دورہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ضلعی پولیس سر براہ ڈیرہ کا عید الاضحی اور محرم الحرام کی آ مد کے سلسلے میں اندرونی اور بیرونی ناکہ بندیوں کا اچانک دورہ ریجنل پولیس آ فیسر ڈیرہ اسماعیل خان یاسین فاروق کے

احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر) واحد محمود نے عید الاضحی اور محرم الحرام کی آ مد کے سلسلے میں اچانک ضلع کے تمام اندرونی و بیرونی ناکہ بندیوں کا دورہ کیا ۔ اسی دوران انہوں نے ناکہ بندیوں

پر موجود پولیس افسران اورجوانوں کی موجودگی کا جائزہ لیتے ہوئے ڈیوٹی پر موجود پولیس افسران کو الرٹ رہنے کے ساتھ ساتھ حفاظتی اقدامات اپنانے اور عوام کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کی ترغیب

دی۔ضلع میں داخل اور خارج ہونے والی گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جائے ۔عوام دوست پولیسنگ کو اپنا شعار بنا کر عوام کی داد رسی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔فرائض منصبی کے دوران لوگوں کے ساتھ شائستہ رویہ

اپناتے ہوئے خدمت عامہ کو نصب العین بنائیں ۔ایمانداری و خلوص نیت سے کام کر کے پولیس فورس کے وقار کو بلند کرنے کے لےے اپنا کر دار ادا کریں کیونکہ پولیس کا بنیادی کام عوام کی جان و مال کا تحفظ اور معا

شرے کے نگہبان کی حیثیت سے خدمت عامہ کو یقینی بنانا ہے ۔ضلع میں داخل ہونے والے ناکہ بندیوں پر موجود پولیس افسران کو سختی سے ہدایات دیں کہ باہر سے آ نے والے مسافروں کے ساتھ ہمیشہ تحمل مزاج

اور خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آ ئیں ۔عوام کے لےے آ سانیاں پیدا کریں کیونکہ ہمارا کام عوام کو سہولت دینا ہے اذیت نہیں ۔

٭٭٭

 ڈیرہ پولیس کاشہر کے مختلف شاہراہوں اور چاروں بازاروں میں فلیگ مارچ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ میں امن و امان بر قرار رکھنے کے لےے شہر کے مختلف شاہراہوں اور چاروں بازاروں میں فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا ۔ڈی پی او ڈیرہ کیپٹن (ر) واحد محمود اور ڈپٹی کمشنر عمیر خان

کی قیادت میں منعقدہ فلیگ مارچ میں ایس ڈی پی اوز ، ایس ایچ اوز ، ایلیٹ فورس اور ٹریفک وارڈن پولیس نے شر کت کی ۔ڈیرہ شہر میں منعقدہ فلیگ مارچ کے دوران پولیس گاڑیوں کا طویل قافلہ ضلع بھر کے

مختلف شاہراہوں اور چاروں بازاروں میں کیا گیا ۔اس دوران شہر کے حساس مقامات کی سیکیورٹی کا بھی از خود جائزہ لیا گیا اور مختلف بازاروں اور چوراہوں اور مصروف شاہراہوں پر اٹھائے گئے حفاظتی اقدامات

کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔فلیگ مارچ کے انعقاد کے حوالے سے ڈی پی او ڈیرہ کا کہنا تھا کہ عید الاضحی اور محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کی صورت حال بر قرار رکھنے کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان

تشکیل دے دیا گیا ہے جس کے تحت نگرانی کے عمل کو مﺅثر و فعال بنانے کے لیے شہر بھر میں فلیگ مارچ کرتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات کا از خود جائزہ لیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پولیس پوری طرح چوکس ہے اور

اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا بھرپور ادارک رکھتے ہوئے تمام در پیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔شہر کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کر کے نگرانی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے ۔حساس مقامات کے گرد سیکیورٹی

مزید متحرک کر کے سرچ اینڈ سٹرائیک آ پریشنز اور چیکنگ و گشت کا سلسلہ بھی بڑھا دیا گیا ہے ۔عید الاضحی کے دوران امن و امان بر قرار رکھنے کے لیے جامع پلان تشکیل دے دیا گیا ہے جس کے تحت پولیس افسران

اور اہلکاروں کی ہر قسم کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں ہیں ۔تمام سر کل ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ا ضافی گشت کے علاوہ اہم مقامات ،مساجد اور مقامی روٹس پر پولیس نفری تعینات کرنے کی ہدایات جاری کر

دی گئیں ہیں ۔شہر میں 24 گھنٹے دن اور رات کے اوقات میں موبائل ،رائیڈرز گشت کا مرحلہ وار سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے اس سلسلے میں مقامی پولیس کو ایلیٹ فورس ، کوئک رسپانس اور ریپڈ رسپانس دستوں کی بھی

مدد رہے گی ۔

٭٭٭

 پوزیشن حاصل کرنے والے طلباءو طالبات میں انعامات کی تقسیم کی تقریب

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ تعلیمی بورڈ کے میٹرک اورانٹرمیڈیٹ سال2020کے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباءو طالبات میں انعامات کی تقسیم کی تقریب کا انعقاد کیا گیا

جس میں مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان سردار علی امین خان گنڈہ پور کے علاوہ چیئر مین ڈیرہ تعلیمی بورڈزاہد رشید، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر طاہر اللہ جان، سیکرٹری ڈیرہ تعلیمی بورڈ راج محمد

اور ڈی ای او محکمہ تعلیم سمیت طلباءو طالبات اور ان کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مہمان خصوصی وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور نے تقریب سے خطا ب کے دوران کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں ترقی

سے ہی ملک و قوم کی ترقی وابسطہ ہے، نوجوان محنت کریں، یہ ہمارا نیا پاکستان ہیں، ڈیرہ تعلیمی بورڈ نے امتحانی نتائج کی تیاری میں بہت محنت کی ہے جس کیلئے بورڈ حکام مبارکباد کے مستحق ہیں۔۔ تقریب میں اس

موقع پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباءو طالبات میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ وفاقی وزیر سردار علی امین خان گنڈہ پور نے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں ہے کہ جب ہم ترقی کی راہ پر گامزن ہونگے، میرٹ کی

پالیسی پر عمل پیرا رہیں گے۔ جس طرح ہم اپنے گھر کو صاف رکھتے ہیںاسی طرح ہم اپنے گلی محلے اور شہر کو بھی گھر کی طرح صاف رکھیں۔ قومی سوچ کو پروان چڑھائیں، آج ہم جس مقام پر ہیں وہ سب اساتذہ

کرام کی محنت اور والدین کی شفقت و توجہ کا ثمر ہے۔

٭٭٭

”گومل رنگ” میں عیدالاضحی پرقربانی کے فضائل کے حوالے سے پروگرام کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)گومل یونیورسٹی کے ایف ایم ریڈیو104.6پر نشر ہونیوالے پروگرام ”گومل رنگ” میں عیدالاضحی پرقربانی کے فضائل کے حوالے سے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ جسکے مہمان خصوصی

معروف مذہبی سکالر مولانا غلام فرید تھے۔ اس موقع پروگرام ”گومل رنگ” کے میزبان اعجاز حسین قریشی اورٹیکنیکل معاون محمد ارشدتھے۔ مولانا غلام فرید نے قربانی کے فضائل پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ

اسلام سال کا پہلا مہینہ بھی قربانی اور آخری مہینہ بھی قربانی ہے اور اسی قربانی سے مسلمانوں کو اللہ پاک کا قرب ملتا ہے۔ مولانا فرید نے مزید کہا کہ تمام مسلمان قربانی کے فلسفے کو سمجھیں کیونکہ قربانی کا مقصد صرف

اور صرف اللہ پاک کی رضا اور ثواب کی نیت سے ہونا چاہئے اور نمائش سے اجتناب کریں۔اس موقع پر پروگرام کے میزبان اعجازحسین قریشی نے لائیوکال بھی لیں جس میں عوام نے قربانی کے حوالے سے

مختلف سوالات بھی کئے اورپروگرام کے آخر میں مہمان خصوصی معروف مذہبی سکالر مولانا غلام فرید نے عالمی وبائ کورونا کے خاتمے اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد کی سرپرستی میں گومل یونیورسٹی کی

بہتری ، ترقی اور خوشحالی کیلئے اور پاکستان کی ترقی اور قیام امن کے حوالے سے دعا بھی کرائی گئی۔واضح رہے کہ ”گومل رنگ ” ہر جمعرات کو گومل یونیورسٹی کے ایف ایم ریڈیو104.6پر صبح 09.00بجے نشرہوتا

ہے جس کے میزبان اعجاز حسین قریشی اورٹیکنیکل معاون محمد ارشدہوتے ہیں

٭٭٭

عید الاضحی اور محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں اجلاس کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر دفتر کے کانفرنس ہال میں عید الاضحی اور محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نور عالم محسود، اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، ٹی ایم اوز، ریسکیو 1122، محکمہ پولیس، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، لوکل گورنمنٹ، سول ڈیفنس، ڈبلیو ایس ایس سی، سی اینڈ ڈبلیو، واپڈا و

دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلے میں روٹس کی صفائی اور لائٹنگ کے علاوہ روٹس کے اطراف میں جھاڑیوں وغیرہ کی صفائی

کا عمل جاری ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ جلوس کے راستے میں آنے والے صدر بازار کے روڈ کی تعمیر و مرمت کا جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو سکیمز منظور ہو چکی ہیں ان میں تاخیر پر کوئی

سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔انہو ں نے ایم ٹی آئی حکام کو ہدایت کی کہ عید الاضحی اور محرم الحرام کے حوالے سے ڈیوٹیز کا شیڈول تیار کیا جائے جبکہ محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ محکموں میں یکم محرم سے پیشگی اطلاع یا

اجازت کے بغیر چھٹیاں نہیں کی جا سکیں گی۔انہوں نے لوکل گورنمنٹ اور ٹی ایم اوز کو ہدایت کی کہ صفائی مہم کا آج سے آغاز کر کے تمام مہم کی نگرانی خود کریں۔ ریسکیو 1122کی جانب سے فائر وہیکلز اور

ایمبولنسز ہمہ وقت تیار رکھے جائیں۔انہوں نے کہا کہ 10اگست کے بعد ضلع میں جاری تعمیراتی کام بشمول سرکاری سکولز یا دیگر عمارات کا کام بند رکھا جائے تاکہ سڑکوں پر تعمیراتی مواد موجود نہ ہو۔انہوں نے

مزید کہا کہ اس حوالے سے اگلے اجلاس میں تمام انتظامات سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔

٭٭٭

ریڑھی بانوں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)توپانوالہ بازار میں ریڑھی بانوں کیخلاف کریک ڈاﺅن، 4ریڑھی بانوں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس نے بازار توپانوالہ ریڑھیاں کھڑی کرنے

اور ٹریفک کی آمد و رفت کے نظام میں رکاﺅٹ پیدا کرنے پر4ریڑھی بانوں شہزاد، زبیر، تنویر اور شکیل کیخلاف 283/290ppcکے تحت مقدمہ درج کرکے ان کو گرفتار کرلیا۔

٭٭٭

ہنڈا اٹلس پاکستان نے گاڑیوں کی قیمتوں میں 1لاکھ روپے تک کا اضافہ کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ہنڈا اٹلس پاکستان نے گاڑیوں کی قیمتوں میں 1لاکھ روپے تک کا اضافہ کردیا ہے۔ کمپنی کے نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 10 اگست 2020 سے ہوگا۔ کمپنی نے بتایا

ہے کہ ان نئی قیمتوں کا اطلاق ایکس فیکٹری فی یونٹ پر ہوگا جس میں 17 فیصد سیلز ٹیکس 5 فیصد ایف ای ڈی شامل نہیں ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹربو آر ایس کی نئی قیمت 4،599،000 روپے کی پرانی قیمت

میں 1لاکھ روپے اضافے کے بعد 4،699،000 روپے ہوگی ہے۔اس کے علاوہ ٹربو اوریل کی قیمت 4،349،000 روپے میں 1لاکھ کے اضافے کے بعد اب 4،449،000 روپے ہوگی ہے۔ 1.8L

VT SR CVT اور 1.8L VTI CVT کی قیمتوں میں 80،000 روپے کی تیزی دیکھی گئی ہے۔ اب دونوں گاڑیوں کی قیمت بالترتیب 3،979،000 اور 3،729،000 روپے ہوگی۔ مزید برآں

کمپنی نے 1.3L MT کی پرانی قیمت 2،389،000 روپے میں 60ہزار روپے کا اضافہ کیا ہے اب اسکی قیمت 2،449،000 روپے ہوگئی ہے۔1.5 ایل ایم ٹن ، 1.5 ایل اے ٹی ، 1.5 ایل ایسپائر ایم

ٹی اور 1.5 ایل اسپی ای ٹی تمام گاڑیوں کی قیمتوں میں 70،000 روپے کی اضافہ کردیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ کمپنی نے بی آر وی ایم ٹی، بی آر وی وی سی وی ٹی اور بی آر وی سی سی ٹی ٹی کی قیمتوں میں بھی 80

،000 روپے کا اضافہ کیا ہے۔ ایس یو وی کی نئی قیمتیں بالترتیب 3،159،000 ، 3،319،000 روپے اور 3،479،000 روپے ہیں۔کمپنی کے نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ 8 اگست سے پہلے جن

گاڑیوں کی قیمت ادا کی گئی ہے وہ پرانی قیمتوں پر صارفین کو فراہم کی جائیں گی لیکن جن گاڑیوں کی پوری قیمت پہلے ادا نہیں کی گئی بلکہ کچھ پیسے ادا کیے گئے ہیں ان گاڑیوں کی نئی قیمتیں وصول کی جائیں گی۔

نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ڈیلرز کے کمیشن میں بھی دو مراحل (مئی اور اگست) میں اضافہ ہوا ہے

٭٭٭

عوام الناس کو کانگو جیسی مہلک بیماری سے محتاط رہنے کی تلقین

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)عید الاضحی کی آمد کے موقع پر اس تہوار سے منسلک جانوروں کی نقل و حمل اور خرید و فروخت کے تناظر میں اس اعلامیے کے ذریعے عوام الناس کو کانگو جیسی مہلک بیماری سے محتاط رہنے

کی تلقین کی جاتی ہے۔کریمین کانگو ہیمو رجک بخار (سی سی ایچ ایف) چچڑیوں سے منتقل ہونے والا ایک وائرل مرض ہے۔یہ وائرس ایک خاص قسم کے کیڑے (چچڑ) کے ذریعے پھیلتا ہے۔ جو جسامت میں

جو ں سے بڑا ہوتا ہے۔ یہ کیڑا گائے، بھینس، بھیڑ، بکری اور اونٹ وغیرہ کی کھال سے چپک کر خون چوستا رہتا ہے۔ یہ کیڑا /چچڑ اگر انسان کو کاٹ لے یا متاثرہ جانور کو ذبح کرتے وقت انسان کو کٹ لگ جائے

تو اس بات کے کافی امکانات ہیں کہ وائر س انسان میں منتقل ہو جائے اور کانگو بیماری پھیل جائے۔جانوروں میں اس وائرس کی موجودگی کا پتہ لگانا مشکل ہے کیونکہ یہ وائرس صرف انسانوں میں بیماری پھیلاتا

ہے جبکہ جانوروں میں اس مرض کی کوئی علامت رونما نہیں ہوتی۔اس لئے بچاﺅ،اور احتیاطی تدابیر میں اس کیڑے چچڑ کو تلف کرنا سر فہرست ہے۔ کانگو بیماری اس لئے بھی زیادہ اہمیت کی حامل ہے کہ یہ نہ صرف

وبائی صورت اختیار کر سکتی ہے بلکہ اسکی وجہ سے شرح اموات کا تناسب بہت زیادہ ہے۔ اسکے بر عکس کانگو سے بچاﺅ اور علاج معالجے کی سہولیات بہت محدود ہیں۔

٭٭٭

عید تعطیلات کے دوران تمام اے ٹی ایمز کی بلاتعطل سروسز جاری رکھنے کی یقین دہانی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) تمام شیڈولڈ بنکوں نے عید تعطیلات کے دوران تمام اے ٹی ایمز کی بلاتعطل سروسز جاری رکھنے کی یقین دہانی کرادی۔ دستیاب معلومات کے مطابق سٹیٹ بنک آف پاکستان کی

ہدایات پر ڈیرہ اسماعیل خان کے تمام شیڈولڈ بنکوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ عید االضحیٰ کی تعطیلات کے دوران تما م اے ٹی ایمز میں رقم کی ہمہ وقت موجود ہو گی اور بنک اے ٹی ایمز بلاتعطل سروسز فراہم کریں

گی۔ذرائع نے بتایاکہ عید تعطیلات کے دوران سروسز کی معطلی یا اے ٹی ایمز میں رقوم کی عدم موجودگی کی شکایات پر ایسے بنکوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

٭٭٭

پیازکو مناسب وقت پر برداشت کرکے کم ازکم 6ماہ بلکہ اس سے بھی زائد عرصہ تک ذخیرہ رکھاجاسکتاہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا کہ پیازکو مناسب وقت پر برداشت کرکے کم ازکم 6ماہ بلکہ اس سے بھی زائد عرصہ تک ذخیرہ رکھاجاسکتاہے جبکہ برداشت اور سٹوریج کیلئے محکمہ

زراعت کی مشاورت بہترنتائج فراہم کرسکتی ہے۔انہوں نے صحافیوںکوبتایا کہ اگرپیازکی فصل کو مناسب وقت پر برداشت کرلیا جائے تو کم ازکم6ماہ تک اس کی اصل حالت کو برقراررکھاجاسکتاہے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہئیے کہ وہ فصل کی برداشت میں احتیاط سے کام لیں اور جب پودوں کے تنے 15سی20فیصد تک خشک ہوکر ٹوٹنا شروع ہوجائیں تو پھرپیاز کی برداشت میں تاخیر سے اجتناب

برتنا چاہئیے کیونکہ پیاز کی برداشت جتنی تاخیرسے ہوگی اتنا فصل کے گلنے سڑنے کے خدشات میں اضافہ ہوتا جاتا ہے‘ موٹے تنے والے پیازکے ایسے گٹھے جومکمل طورپر پک کر تیار نہ ہوئے ہوں ان کو ذخیرہ نہ

کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ پیازکی فصل کو دیر سے برداشت کیاجائے۔

٭٭٭

 موسم کی تبدیلی کے باعث پیاز اور لہسن کی فصل کو تھرپس سے بچانے کیلئے فوری حفاظتی و تدارکی اقدامات کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ زراعت نے موسم کی تبدیلی کے باعث پیاز اور لہسن کی فصل کو تھرپس سے بچانے کیلئے فوری حفاظتی و تدارکی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ترجمان محکمہ زراعت نے کوبتایا کہ آج

کل پیازاورلہسن پرتھرپس کے حملہ کا خطرہ موجودہے جس سے پودوں کے پتے چڑمڑ ہوکر آہستہ آہستہ خشک ہوجاتے ہیں اورحملہ شدہ پتے کی سطح چمکیلی ہوجاتی ہے جس سے فصل کو شدید نقصان پہنچنے اور پیداوار

متاثر ہونے کا خطرہ ہوتاہے۔انہوں نے کہا کہ تھرپس کا تدارک اس انداز سے کیاجاسکتاہے کہ کاشتکار فصل کی آبپاشی کرتے رہیں اور پودوں کو سوکانہ آنے دیں۔انہوں نے کہا کہ تھرپس کے کیمیائی انسدادکیلئے

امیڈاکلوپرڈ250ملی لیٹرکو 100لیٹرپانی میں ملاکر سپرے کرنے سے تھرپس اور پھپھوندی کا خاتمہ ممکن ہوسکتاہے۔انہوں نے کہا کہ اس بیماری کے طبعی انسداد کے سلسلہ میں کھیتوں کو جڑی بوٹیوں سے پاک

رکھتے ہوئے 2سی3بارگوڈی کرنا بھی مفیدثابت ہوسکتاہے۔انہوں نے کہا کہ مزیدمعلومات ‘رہنمائی‘مشاورت کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔

٭٭٭

بھنڈی کو ہرقسم کی زمین میں کاشت کیاجاسکتاہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ بھنڈی کو ہرقسم کی زمین میں کاشت کیاجاسکتاہے تاہم پانی کے بہترنکاس والی میرازمین نہایت موزوں ہے۔انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی

کہ مناسب وترآنے پرزمین کو نرم او ر بھربھرا کرنے کے بعد ہی بھنڈی کی کاشت کی جائے۔انہوں نے کوبتایا کہ بھنڈی کی فصل مختلف طریقوں سے کاشت کی جاسکتی ہے اس کی کاشت کیلئے بہتراگاﺅ کا حامل بیج

استعمال کیاجائے۔انہوں نے بتایا کہ جڑی بوٹیوں کے موثرتدارک کیلئے بیجائی کے بعد اگاﺅ سے پہلے سپرے کریں۔انہوں نے کہا کہ زمین کی ساخت اور موسم کو مدنظررکھتے ہوئے آبپاشی کی جائے‘پھول اور

پھل کے مرحلہ پر پانی کی کمی نہ آنے دیں۔ انہوں نے بتایا کہ بھنڈی کی فصل کاشت کے 45یا50دن بعد چنائی کے قابل ہوجاتی ہے

٭٭٭

کورونا وباءکے پیش نظر عیدالاضحیٰ سادگی سے منانے کا فیصلہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)گذشتہ سال کے مقابلہ میں رواں سال قربانی کے جانوروں کی آن لائن فروخت میں 100 فیصد اضافہ ہوا ہے، کورونا وائرس کے خدشات سے تحفظ کیلئے لوگوں کی اکثریت آن

لائن ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے قربانی کے جانوروں کی خریداری کو ترجیح رہی ہے، جانوروں کی آن لائن تشہیر کے ایک ہفتہ سے کم وقت میں پورا سٹاک فروخت ہو جاتا ہے۔کووڈ۔19 کی وبا کے باعث قربانی کے

جانوروں کی خرید و فروخت اور دیگر خدمات کے حوالہ سے ڈیجیٹل ذرائع سے استفادہ کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ او ایل ایکس، فیس بک اور انسٹا گرام سمیت دیگر کئی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے یہ سہولت

دستیاب ہے۔ پاکستان کے بڑے شہروں میں خریدار قربانی کی آن لائن خریداری کو ترجیح رہے ہیں۔او ایل ایکس پاکستان کے شعبہ سیلز کے سربراہ فرحان خان نے کہا ہے کہ گذشتہ سال ہمارے پلیٹ فارم سی20

ہزار جانور فروخت کئے گئے جبکہ رواں سال 800 سے زیادہ بیوپاریوں نے اپنے جانوروں کی او ایل ایکس پر تشہیر کی ہے اور روزانہ 25 ہزار سے زیادہ صارفین ویب سائٹ وزٹ کر رہے ہیں تاکہ قربانی کے

مناسب جانور کی خریداری کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ فیڈ بیک کے مطابق مشتہر کئے گئے جانوروں کا سٹاک ایک ہفتہ کے دوران فروخت ہو جاتا ہے۔ اسی طرح فیس بک کی انتظامیہ نے بھی آن لائن قربانی

کی خریداری کی شرح میں اضافہ کی نشاندہی کی ہے۔ کیئر فور پاکستان کے کنٹری منیجر جین مارک نے کہا ہے کہ رواں سال قربانی کے جانوروں کی آن لائن خریداری میں100 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا

کہ ہماری کمپنی جانوروں کی قربانی کے حوالہ سے شریعت کے مطابق اقدامات کو یقینی بناتی ہے جبکہ قربان کئے گئے جانور کے گوشت کی پراسیسنگ کے دوران صفائی کے عالمی معیارات اور ایچ اے سی سی بی کے

معیارات پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے۔مزید برآں گوشت کی پیکنگ اور ڈیلیوری کیلئے بھی تمام تر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جاتا ہے تاکہ صارفین کو معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

٭٭٭

 کورونا وباءکے پیش نظر عیدالاضحیٰ سادگی سے منانے کا فیصلہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)حکومت خیبر پختونخوا نے کورونا وباءکے پیش نظر عیدالاضحیٰ سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا وزیراعلیٰ محمود خان نے تمام ممبران صوبائی اسمبلی، وزراء ،

مشیرصاحبان اور معاونین کو عید پر میل جول سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔جبکہ عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر کورونا کے حفاظتی اقدامات کو اپنایا جائے جبکہ میل جول سے گریز کرتے ہوئے

دیگر احتیاطی تدابیر کو بھی اختیار کیا جائے۔معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے عیدالفطر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جون میں کورونا کیسز میں اضافے کی وجہ عیدالفطر پر احتیاطی تدابیر اختیار

نہ کرنا تھی جس کی وجہ سے کورونا کیسز انتہائی حد تک بڑھ گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے حوالے سے ہماری سمارٹ لاک ڈاون کی پالیسی کامیاب رہی۔ جبکہ اب ہم خیبرپختونخوا میں کورونا وباءپر قابو

پانے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام اس عید پر حکومت کی جانب سے جاری کی گئی حفاظتی تدابیر اپنائیں تو کورونا

وباءکا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نمائندگان بھی اس سلسلے میں پیغام رسانی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ جبکہ وباءکے اختتام پر ہم سرخرو ہو کر دنیا کو بتا سکیں گے کہ ہم نے قومی ذمہ داری کا

مظاہرہ کیا ہے۔

About The Author