ستمبر 29, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ملک بھر میں کورونا سے 3590 اموات، کیسز 1 لاکھ 81 ہزار سے بڑھ گئے

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 30 ہزار 520 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 11 لاکھ 2 ہزار 162 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

 اسلام آباد: پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب مزید 89 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 3 ہزار 590 ہو گیا ہے۔ 

ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 471 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 81 ہزار 88 ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 71  ہزار 458 مریض صحت یاب ہو گئے۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے اب تک 66 ہزار 943 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 69 ہزار 628، خیبرپختونخوا میں 21 ہزار 997، بلوچستان میں 9 ہزار 475، اسلام آباد میں 10 ہزار 912، آزادکشمیر میں 845 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 288 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں ایک ہزار 435 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں ایک  ہزار 89، خیبر پختونخوا میں 821، اسلام آباد میں 101، گلگت بلتستان میں 22، بلوچستان میں 102 اور آزاد کشمیر میں 20 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 30 ہزار 520 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 11 لاکھ 2 ہزار 162 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں پاکستان میں کورونا کیسز میں مزید اضافہ ہوگا اور اموات بھی بڑھیں گیں۔

معان خصوصی ظفر مرزا نے بھی خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسزاوراموات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔  معاون خصوصی نے کہا کہ اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز پر بھی مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔ ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے گنجان آباد علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز زیادہ ہیں۔

پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا اور ایک ہزاراموات 21 مئی تک ہوئیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

About The Author