نومبر 25, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

یواےای: لاک ڈاؤن کیخلاف ورزی کرنیوالوں کو ملک بدر کرنیکا فیصلہ

متحدہ عرب امارات میں کورونا پر قابو پانے کے لیے حکومت کی جانب سے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں

دُبئی متحدہ عرب امارات میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ملک بدر کیے جانے کا فیصلہ، تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کورونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے حکومت کی جانب سے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔

کورونا وائرس کی منتقلی کو روکنے کی خاطرلوگوں کو گھروں پر محدود کر دیا گیا ہے۔ جبکہ چھوٹے بڑے اجتماعات پر بھی پابندی عائد ہے۔

اب حکام نے کہا ہے کہ مملکت میں رہنے والا جو شخص لاک ڈاؤن اور کورونا سے بچاؤ کیلئے کیے گئے کسی بھی اقدام کی خلاف ورزی کرے گا اسے ملک سے نکالے جانے سمیت سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

دبئی پولیس کے سائبر کرائم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے، احتیاطی تدابیر کو نہ اپنانے اور پرمٹ یا ایمرجنسی کے بغیر باہر نکلنے والے افراد کو سخت سزایں دی جائیں گی۔

سائبر کرائم سیل کے سربراہ نے بتایا کہ ان خلاف ورزیوں کو جرم سمجھا جائے گا اور اس کی سزا کے طور پر مقیم افراد کو ملک بدر بھی کیا جاسکتا ہے۔

اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے اٹارنی جنرل بھی کہہ چکے ہیں کہ جو افراد قوانین کے خلاف ورزی کے مرتکب ہوں گے یا بار بار قانون توڑیں گے انہیں بھاری جرمانے کے ساتھ، قید اور پھر ملک سے نکالے جانے کی سزا بھی مل سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگ اسے مزاق سمجھتے ہیں اور ان اقدامات کو سنجیدہ نہیں لے رہے لیکن ان کو خبردار کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی غلطی پر اپنی نوکری گنوا سکتے ہیں اور انہیں متحدہ عرب امارات سے نکالا بھی جاسکتا ہے۔

اس سے قبل اماراتی وزارت تعلیم نے بھی کہا تھا کہ مملکت میں کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی موجودہ صورت حال میں تمام تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔

کوئی بھی ٹیچر کسی سٹوڈنٹ کے گھر جا کر اسے ٹیوشن نہیں پڑھا سکتا جو اس سرکاری حکم کی خلاف ورزی کرے گا، اس پر 10 ہزار درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

جبکہ جو والدین اپنے بچے کو ٹیوشن پڑھانے کے لیے گھر پر ٹیچر کو بُلائیں گے، ان پر 5 ہزار درہم کا جرمانہ عائد ہو گا۔

About The Author