نومبر 25, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

22مارچ2020:آج ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ، تجزیے اور تبصرے

ڈیرہ اسماعیل خان میں جزوی لاک ڈاﺅن

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے کورونا وائرس کے پیش نظر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں جزوی لاک ڈاﺅن کے احکامات جاری کردیئے ،

ضلعی انتظامیہ کے مطابق موجودہ حالات کے پیش نظر ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبہ بھر میں 21 مارچ رات 09 بجے تا 24 مارچ صبح 09 بجے تک تمام مارکیٹیں ،شاپنگ مالز ،ریسٹورنٹس کو بند رکھنے کے حوالے سے دفعہ 144 کا نفاذ کیاگیاہے ،

ایسے مقامات پر عوامی اجتماعات پر پابندی لگائی گئی ہے ،ضلعی انتظامیہ ڈیرہ نے واضح کیا ہے کہ یہ حکم نامہ فارمیسی ،میڈیکل سٹورز ،کریانہ سٹور ،بیکری ،آٹا چکی ،تندور ،دودھ دہی کی دکانوں ،گاڑیوں کی روکشاپس ،پیٹرول پمپ ،گوشت کی دکانوں ،سبزی فروٹ اور دالوں کی دکانوں پر لاگو نہیں ہوتا

جبکہ ریستوران مالکان کو ٹیک اوے کروانے اور کھانا گھر میں فراہم کرنے کی اجازت ہوگی۔ڈیرہ پولیس کی جانب سے گزشتہ روز پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف کریک ڈاﺅن کیاگیا،

بازاروں اور سرکلرروڈ پردکانوں کو زبردستی بندکروادیا جبکہ متعدد دکانداروں کو حراست میں بھی لیاگیا۔
٭٭٭
شہری احتیاطی تدابیر کے طور پر اپنی تمام تر سرگرمیاں محدود کرتے ہوئے اپنے گھروں میں رہیں ،محمد عمیر

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے ہم سب کو ملکر آگے بڑھنا ہوگا، انشاءاللہ مل کر کورونا وائرس کو شکست دینگے، شہری اس موذی مرض کے پھیلاﺅ کو روکنے اور اپنے سمیت اپنے خاندان کے افراد کو اس سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر کے طور پر اپنی تمام تر سرگرمیاں محدود کرتے ہوئے اپنے گھروں میں رہیں۔

میڈیا ہمیشہ کی طرح اپنا مثبت کردار ادا کرتے ہوئے سنسنی اور خوف وہراس پھیلانے کی بجائے عوام میں کورونا وائرس سے لڑنے کیلئے شعور اور آگاہی بیداری میں حکومتی اداروں کا ساتھ دے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاوس ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا کے نمائندوں سے کورونا کی موجودہ صورتحال، اقدامات اور تدابیر کے حوالے سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر) حافظ واحد محمود بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے بتایا کہ کورونا وائرس کے تدارک اور علاج کیلئے ڈیرہ اسماعیل خان میں درازندہ اور گومل میڈیکل کالج میں دو آئیسولیشن سنٹر زقائم کئے گئے ہیں جہاں ہمسایہ ملک ایران سے واپس آنے والے کورونا وائرس سے متاثرہ زائرین کے علاج معالجہ کیلئے قرنطائین سنٹر درازندہ آئسولیشن سنٹر میں کورونا وائرس سے متاثرہ 15افراد زیر علاج ہیں

جبکہ گومل میڈیکل کالج قرنطائین سنٹر میں دو روز قبل آنے والے زائرین میں سے 241افراد کے ٹیسٹ متعلقہ لیبارٹری کو ارسال کئے گئے ہیں۔ہم نے پورے صوبے کو اس وبائی مرض سے بچانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز جن میں ضلعی انتظامیہ، پاک فوج، پولیس اور محکمہ صحت سمیت دیگر ادارے شامل ہیں کی مدد سے بھرپور کوشش کر رہے ہیں ۔

ہماری ٹیموں میں شامل افراد نے اپنی جانوں کو ہتھیلی پر رکھ کر عوام کو اس موذی مرض سے بچانے کیلئے کوششیں شروع کی ہوئی ہیں۔اس حوالے سے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ساتھ عوام پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ حکومتی اقدامات جو عوام کے بہترین مفاد میں ہیں

کیلئے حکومتی اداروں کا ساتھ دیں اور بلاوجہ تنقید کی بجائے حکومتی اداروںکے اقدامات میں سامنے آنے والی حقیقی کمزوریوں کو اجاگر کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام افواہوں پر کان نہ دھریں اور بلاضرورت گھروں سے نکلنے سے گریز کریں۔

کیونکہ احتیاط ہی اس موذی وبا سے لڑنے کا بہترین ہتھیار ہے، عوام اپنی اور آس پاس کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر دفتر ڈیرہ میں ایمرجنسی کورونا ہیلپ ڈیسک قائم کردیا ہے اور اس حوالے سے موبائل نمبر 0346-1119622جاری کیا گیا ہے ۔

اس نمبر پر عوام کورونا وائرس احتیاط اور اس کے ممکنہ پھیلاﺅ کے حوالے سے مشورہ اور اطلاعات حاصل کرسکتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے مزید بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں اشیائے خوردونوش وافر مقدار میں موجود ہیں اور اسکا کوئی بحران نہیں، باہر سے آنے والے لوگوں پر نظر رکھی جائے،

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر) حافظ واحد محمود نے کہا کہ ” گھر میں رہیں، محفوظ رہیں“ کے لوگو کے تحت عوام عمل کریں انشاءاللہ کورونا وائرس پر قابو پالیں گے۔ انتظامیہ کی اپیل پر کاروبار بند رکھنے کے عمل کیلئے تاجر تنظیمیں، علمائے کرام اور شہریوں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز مبارکباد کے مستحق ہیں،

ہاتھوں کو صاف رکھیں اور ماسک پہنیں، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اور عملہ صفائی ہمارے ہیرو ہیں، جو اپنی زندگیاں داﺅ پر لگا کر ہماری زندگیوں کو محفوظ بنا رہے ہیں۔ ہماری ریپیڈ ریسپانس ٹیم مکمل تربیت یافتہ ہے، انہوں نے لوگوں سے اپیل کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔
٭٭٭
لاک ڈاﺅن کے دوران سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر شمریز خان کا دیگر حکام کے ہمراہ ڈیرہ شہر اور سرکلر روڈ کا دورہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کورونا وائرس سے بچاﺅ کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لاک ڈاﺅن کی اپیل کے بعد سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر شمریز خان، ڈپٹی کمشنر محمد عمیر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر) حافظ واحد محمود نے ڈیرہ شہر اور سرکلر روڈ کا دورہ کیا۔

انہوں نے اس موقع پر تمام شہر کی صورتحال اور لاک ڈاﺅن ہونے والے کاروباری مراکز کا جائزہ لیا۔اس موقع پر سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر شمریز خان ،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر اور ڈی پی او کیپٹن(ر) حافظ واحد محمود نے ڈیرہ شہر کی عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں،

بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں، ایک دوسرے سے ملنے جلنے سے مکمل گریز کیا جائے، کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کے حوالے سے جو احتیاطی تدابیر ہیں ان پر مکمل عمل کریں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والے احکامات پر بھی سنجیدگی سے عمل کیا جائے۔

اس موقع پر لاک ڈان کے احکامات پر عمل درآمد نا کرنے والے دکانداروں اور افراد سے فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عمل درآمد کرایا گیا۔

٭٭٭
تاجر اور دکاندار شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے لگے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کورونا وائرس ،تاجر اور دکاندار شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے لگے ،ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کی توجہ کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لئے کیے جانے والے حفاظتی اقدامات کی جانب مبذول ،تاجروں اور دکانداروں نے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کا سلسلہ شروع کررکھاہے ،

دکانداروں نے شہر سمیت ضلع بھر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں دس سے بیس فیصد اضافہ کردیاہے ،چینی کی قیمت میں بتدریج دس روپے فی کلو اضافہ ہوگیا ۔اسی طرح گھی ،مرچ ،مصالحہ جات ،آلو پیا ز

،دالیں ،چاول ،سبزیوں اور پھلوں سمیت تمام اشیاءکے نرخوں کو پر لگ گئے ہیں ضلع بھر میں چینی دکاندار 80 روپے سے 85 روپے فی کلو فروخت کررہے ہیں ،پیاز 70 روپے ،آلو 40 روپے فی ،لہسن 280 روپے ،گوشت مرغی 220 روپے ،آئل 240 روپے ،دالیں اور چاول بھی مہنگے داموں فروخت ہورہے ہیں ،

شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف کورونا وائرس سے پوری قوم پریشان ہے تو دوسری طرف دکانداروں کے غریبوں پر مصنوعی مہنگائی کے ذریعے ڈرون حملے جاری ہیں ،مافیا نے چینی اور آٹے کی قیمتوں میں بھی خود ساختہ اضافہ کررکھا ہے ،شہریوں نے ذخیرہ اندوزوں کی جانب سے بے جا مہنگائی کے خلاف اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے منافع خوروں کے خلاف نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔
٭٭٭
جنرل پوسٹ آفس میں پوسٹ مینوں کی تعداد میں اضافہ نہ ہوسکا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)نصف صدی سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود ضلعی ہیڈ کوارٹر کے اکلوتے جنرل پوسٹ آفس میں پوسٹ مینوں کی تعداد میں اضافہ نہ ہوسکا جس کے باعث ڈاک کی تقسیم کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا ،شہریوں کو بروقت خطوط کی ترسیل ممکن نہیں ہورہی ،

محکمہ ڈاکخانہ جات کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پوسٹ مینوں کی تعداد میں اضافہ کریں ،ساٹھ برس قبل جب شہر کی آبادی محض چند ہزار نفوس پر مشتمل تھی اس وقت یہاں دوجن کے قریب ڈاکیے تعینات تھے ،

اب جبکہ شہر کی آباد ی سترہ لاکھ سے کئی گنا تجاوز کرچکی ہے ،محکمہ ڈاکخانہ جات نے آسامیوں میں اضافہ کرنے کی بجائے پوسٹ مینوں کی تعداد میں کمی کردی ہے ،جن کی بنیادی وجہ نئے ملازمین کو بھرتی نہ کرنا جبکہ مدت ملازمت مکمل کرنے والے پوسٹ مینوں سمیت دیگر آسامیوں کے افسران واہلکار ریٹائرڈ ہورہے ہیں

جس کے باعث شہریوں کو بروقت محکمہ ڈاک کی طرف سے سہولیات میسر نہیں آرہی ،شہریوں نے پاک پوسٹ سے دلبرداشتہ ہوکر نجی کوریئر کمپنیوں کے ذریعے خط وکتابت کا سلسلہ شروع کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیاہے،

ضرورت اس امر کی ہے کہ آبادی کے تناسب سے پاکستان پوسٹ کے ذمہ داران آسامیوں میں اضافہ کرتے ہوئے نئی بھرتیاں کریں اور پوسٹ مینوں کو بروقت ڈاک تقسیم کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ شہری ایک مرتبہ پھر سرکاری ادارے پر اعتماد کرتے ہوئے ڈاک کا سلسلہ شروع کرسکیں ،
٭٭٭
ڈپٹی کمشنر دفترڈیرہ سمیت متعدد سرکاری دفاتر میں عوام الناس کا داخلہ روک دیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)صوبائی حکومت کی ہدایات کے مطابق کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر عوامی مفاد میں ڈپٹی کمشنر دفترڈیرہ سمیت متعدد سرکاری دفاتر میں عوام الناس کا داخلہ روک دیاگیاہے،

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی مسئلہ کی صورت میں ڈی سی دفتر ڈیرہ کے لینڈ لائن اور موبائل فون نمبر 0346-1119622 پر رابطہ کیا جاسکتاہے ۔

صوبائی حکومت کی ہدایات کے مطابق انتظامی سرکاری دفاتر میں ملازمین کا داخلہ بھی محدود کردیاگیاہے اور ڈیوٹی روسٹر جاری کردیاگیا ہے جبکہ دیگر تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ اپنے دفتر کے باہر موبائل فون نمبر اور لینڈ لائن نمبر آویزاں کریں ،
٭٭٭
ظلم اور بربریت ،60 سالہ بزرگ خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنادیاگیا،

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ظلم اور بربریت کا انتہائی افسوسناک واقعہ ،تحصیل پہاڑپور کے علاقہ گاﺅں سیدو والی کالاگوڑھ میں بدقماش نوجوان نے 60 سالہ بزرگ رشتہ دار خاتون کو اپنی ہوس کا نشانہ بناڈالا ،خاتون کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ۔

تحصیل پہاڑپور کے گاﺅں سیدووالی کالاگوڑ ھ کی رہائشی 60 سالہ بزرگ خاتون نے پولیس کو بتایاکہ وقوعہ کی صبح میں گھر میں اکیلی موجود تھی جبکہ میرا شوہر اور بیٹا کام کاج کے سلسلے میں گھر میں باہر گئے ہوئے تھے

،اس دوران میرے شوہر کا رشتہ دار ملزم اللہ بخش وہاں پر آیا اور میرے شوہر اور بیٹے کے بارے میں پوچھا،میں نے بتایا کہ وہ گھر سے باہر گئے ہوئے ہیں ۔اس دوران ملزم نے مجھے زبردستی پکڑا اور کمرے کے اندر لے گیا جہاں پر اس نے مجھے جنسی زیادتی کا نشانہ بنادیا ہے ،

پولیس نے خاتون کی رپورٹ پر جنسی درندے کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس کی تلاش شروع کردی ہے۔
٭٭٭
کورونا وائرس سے خوفزدہ ہونے کی بجائے اس سے بچاﺅ کی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)طبی ماہرین نے کہا ہے کہ شہریوں کو کورونا وائرس سے خوفزدہ ہونے کی بجائے اس سے بچاﺅ کی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا ،ہاتھوں کو باقاعدگی سے صابن اور پانی سے دھوئیں ،گندے ہاتھوں سے ناک منہ کو نہ چھوئیں ،

انہوں نے بتایا کہ کھانسی ،چھینک آنے پر منہ اور ناک کو ہاتھوں کو بجائے ٹشویا آستین کے کپڑے سے ڈھانپیں ،نزلہ ،زکام ہونے کی صورت میں دوسرے افراد سے کم از کم ایک میٹر دور رہنے ،گلے ملنے یا ہاتھ ملانے سے پرہیز کریں ،

انہوںنے کہا کہ استعمال کے بعد ٹشو کو مناسب طریقے سے ضائع کرنے ،نزلہ زکام کی صورت میں پبلک مقامات ،ہجوم میں جانے کی بجائے گھر پر رہنے اور بخار کھانسی سانس لینے میں دشواری کی صورت میں فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں ،احتیاطی تدابیر اپنا کر کورونا وائرس سے محفوظ رہا جاسکتاہے ،
٭٭٭
قلفی والوں نے عوام میں زہر بانٹنا شروع کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)موسم تبدیل ہوتے ہی قلفی والوں نے عوام میں زہر بانٹنا شروع کردیا،شہرمیں ریڑھیوں ،سائیکلوں او رموٹرسائیکلوں پر قلفی بیچنے والے کورونا وائرس پھیلانے کا سبب بننے لگے اور بچوں میں کورونا وائرس کے علاوہ دیگر بیماریوں کا شدید خطرہ لاحق ہوگیا ،

محکمہ صحت سے ہوش کے ناخن لینے اور ان قلفی فروشوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کا مطالبہ ، ڈیرہ اسماعیل خان شہر اور گردنواح میں قلفی فروش کورونا وائرس پھیلانے کا سبب بننے لگے ہیں جبکہ محکمہ صحت خاموش تماشائی بنا ہوا ہے ،

جہاں پورے ملک میں کورونا وائرس پر حکومت رات دن اس کے خاتمے کے لئے کوشاں ہیں وہاں ڈیرہ شہر میں قلفی فروشوں نے چاول ،چنے اور دہی بھلے والوں نے مین سڑکوں کے کنارے ٹھیلے لگا کر عوام میں موت تقسیم کرنا شروع کررکھی ہے ،

شہریوں نے ڈی سی ڈیرہ سے مطالبہ کیاہے کہ ڈی ای او ہیلتھ کو خصوصی ہدایت دے کر ایک ٹاسک فورس بنائی جائے اور اس گھناﺅنے عمل میں مصروف عناصر کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے ۔
٭٭٭
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کے انتخابات ملتوی کردیئے گئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)خیبر پختونخوا بار کونسل کا اجلاس ،کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر ڈسٹرکٹ اور تحصیل بارز کے انتخابات ملتوی کردیئے گئے ،چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے حق میں ہونے والی ہڑتال کو 31 مارچ تک مزید بڑھانے کا فیصلہ کرلیاگیا،

خیبر پختونخوا بار کونسل کا اجلاس منعقد کیاگیا جس میں بارکونسل کے ممبران نے شرکت کی ۔اس موقع پر اہم فیصلوں کے دوران ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر ڈسٹرکٹ بار کے انتخابات ملتوی کردیئے ہیں

جبکہ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے حق میں ہونے والی تین روزہ ہڑتال کو31 مارچ تک مزید بڑھانے کافیصلہ کیا ہے ۔اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ کوئی بھی وکیل عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے ،

ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ صوبے بھر میں ڈسٹرکٹ اور تحصیل بارز ایسوسی ایشنز کے انتخابات 28 مارچ کو منعقد نہیں ہوں گے اور اس کے لئے اگلے اجلاس میں فیصلہ کیاجائے گا ،بارکونسل کیا ایگزیکٹو کمیٹی کااگلا اجلاس 04 اپریل کو طلب کیاگیاہے۔
٭٭٭
تاجر اپنے اور ملک کے بہتر مفاد میں کوروناسے بچنے کے لئے اپنی دکانیں ،مارکٹیں بند رکھ کر حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان کے تاجر اپنے اور ملک کے بہتر مفاد میں کورونا جیسے مہلک وبائی مرض سے بچنے کے لئے اور جب تک حالات بہتری کی طرف گامزن نہیں ہوجاتے اپنی دکانیں ،مارکٹیں بند رکھ کر حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے احکامات پر عمل درآمد کریں ،

حکومت اور عوام کے تعاون کے بغیر اس خطرناک وبائی مرض سے چھٹکار ممکن نہیں ،ڈیرہ اسماعیل خان ہسپتال اور قرنطینہ سنٹر میں ایک بھی وینٹی لیٹر کی سہولت فراہم کی جائیں،

ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران خیبر پختونخواکے نائب صدر،مرکزی انجمن تاجران کے سرپرست اعلی ،کالم نگار سہیل احمد اعظمی نے اپنے اخباری میں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ اٹلی ،کینڈا ،سپین ،امریکہ ،انگلینڈ ،چائنہ ،فرانس ودیگر اہم ترقی یافتہ او رطاقتور ممالک میں عوامی اجتماعات اور مارکیٹیں بند کرنے کے فیصلے کو نظر انداز کرنے پر ہزاروں لوگ ہلاک اور لاکھوں لوگ متاثر ہوچکے ہیں جبکہ اس مرض میں مبتلا لوگوں کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔

انہوںنے ڈیرہ کے تاجروں سے اپنی زندگی اور اہل خانہ کے بہتر مفادکے لئے مرض کی بچاﺅ سے بچنے کی خاطر پرزور مطالبہ کیا کہ تاجران جب تک حالات بہتری کی طرف گامزن نہیں ہوجاتے،اپنی دکانوں کو بند رکھیں ،

ماسوائے میڈیکل سٹورز ،سبزی وفروٹ ،دودھ دہی ،گوشت اور دیگر کھانے پینے کی اشیاءکی دکانوں کے ،

انہوںنے ضلعی انتظامیہ ،صوبائی ومرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان ہسپتال اور قرنطینہ سنٹر میں ایک بھی وینٹی لیٹر کی سہولت میسر نہیں ہے

جبکہ چائنہ سے سینکڑوں کی تعداد میں وینٹی لیٹر کی آمد کے بعد ڈیرہ کو بھی کم از کم ایک سوسے زائد وینٹی لیٹر ،ماسک ،کٹ ،ٹسٹنگ اوردیگر ضروری طبی سامان فراہم کرنے کے لئے جلد از جلد اقدامات کیے جائیں ،

انہوںنے ضلعی انتظامیہ اور ٹی ایم اے ڈیرہ سے مطالبہ کیا کہ ڈیرہ کے سرکلر روڈ اور دیگر سڑکوں پر مٹی کا طوفان برپا ہے جو کہ کوروناوائرس کے پھیلنے اور دیگرموذی امراض کا سبب بن سکتاہے ۔احتیاطی تدابیر کے طور پر وہاں صبح اور شام کے اوقات میں پانی کے چھڑکاﺅ کا بندوبست کیا جائے ۔
٭٭٭
مارچ کے موقع پر اہم تقریبات بھی منسوخ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک بھر میں 23 مارچ بروز پیر جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا ،23 مارچ کے موقع پر اہم تقریبات بھی منسوخ کی گئی ہیں ،

23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر ہونے والی تمام اہم تقریبات کو منسوخ کیاگیاہے چین سے پھیلنے والے کرونا وائرس کے بعد پاکستان میں بڑھتے ہوئی بیماری مہلک بیماری

کے کیسز کے بعد 23 مارچ کو یوم پاکستان کے حوالے سے تمام تقریبات کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
٭٭٭
لوگ ڈرنے کی بجائے اپنے آپ،اہل خانہ اوراپنے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لئے ہجوم والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ماہر امراض اطفال نے کہا ہے کہ کورونا بیماری سے بچا ﺅعلاج سے زیادہ احتیاطی تدابیر سے ممکن ہے، لوگ ڈرنے کی بجائے اپنے آپ،اہل خانہ اوراپنے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لئے ہجوم والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں، موجودہ حالات میں بچوں اور ضعیف العمر افراد کو محفوظ رکھنے کے لئے ہاتھوں کی صفائی سمیت دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کو عادت بنایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ چین کے لوگوں نے احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے نہ صرف اس موذی وبا پر بروقت قابو پایا بلکہ دیگر ممالک کو بھی حتی الوسع محفوظ رکھنے میں مدد دی

جبکہ ان کے مقابلے میں اٹلی کے لوگوں نے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے چین کے مقابلے میں آدھے متاثرہ افراد کی تعداد ہونے کے باوجود ان کے ہاں اموات کی شرح زیادہ ہے،

انہوں نے کہا کہ ان حالات میں بچوں کو اور ضعیف العمر افراد کو موذی وبا سے محفوظ رکھنے کے لئے احتیاط کی اشد ضرورت ہے،بیرون ممالک سے آنے والے افراد کو خصوصی طورپر ہدایت دیتے ہوئے

انہوں نے کہا کہ وہ رضاکارانہ طورپر اپنی سکریننگ اور ٹیسٹ کرائیں تاکہ وہ خود اور ان کے پیارے موذی وبا سے محفوظ رہ سکیں،، لوگ ڈرنے کی بجائے اگر اپنے آپ کو گھروں تک محدودرکھیں اور تقریبادوہفتے تک لوگوں سے الگ تھلگ رہیں اور ملتے وقت احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تو موذی وائرس سے محفوظ رہ سکتے ہیں،

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگر لوگوں نے موجودہ حالات میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو اللہ نہ کرے ہمارے حالات بھی بدتر ہوسکتے ہیں اور پھر ان حالات میں ہمارے لئے حالات کا مقابلہ کرنا ممکن نہیں رہے گا۔
٭٭٭
سیکرٹری محکمہ بلدیات، انتخابات ودیہی ترقی کو سیکرٹری محکمہ صحت کی معاونت کے لیے اختیار دے دیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)حکومت خیبرپختونخوا نے کورونا وائرس وبا کے حوالے سے صوبائی حکومت کی جانب سے ہنگامی اور انتظامی اقدامات کے سلسلے میں سیکرٹری محکمہ بلدیات، انتخابات ودیہی ترقی کو سیکرٹری محکمہ صحت کی معاونت کے لیے اختیار دے دیا ہے اس امر کا اعلان اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے ایک اعلامیے میں کیا گیا۔
٭٭٭
رونا وائرس سے متعلق ماضی میں کی جانے والی پیش گوئیاں سچ ثابت ہونے لگیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)رونا وائرس سے متعلق ماضی میں کی جانے والی پیش گوئیاں سچ ثابت ہونے لگیں۔ تفصیلات کے مطابق تجزیہ کار مبشر لقمان کا کہنا ہے کہ نوسٹر اڈیمس اور بابا ونگا کی پیش گوئیاں سچ ثابت ہونے لگی ہیں جس سے اب عالمی جنگ کا خطرہ بھی لاحق ہو گیا ہے۔ مشہور فرانسیسی نجومی نوسٹر اڈیمس نے600 سال قبل ہی اس خطرناک وبا کے حوالے سے پیش گوئی کی۔

نوسٹر اڈیمس کی 1566 میں انتقال کر گئے۔تاہم اس سے قبل ہی کئی پیشن گوئیاں کی۔ نوسٹر اڈیمس نے نپولین کے عروج اور زوال ، لندن کی مشہور آگ کے حوالے سے پیشن گوئیاں کی تھی۔ جو اب بلکل درست ثابت ہو رہی ہیں۔

نوسٹر اڈیمس نے 600 سال قبل ہی کورونا وائرس سے متعلق پیشن گوئی کی تھی۔نوسٹر اڈیمس نے ” لے پروفسیز“ کتاب میں لکھا کہ 2016 میں امریکی صدر جھگڑالوں ہوگا ، جو ڈونلڈ ٹرمپ کی صورت میں سچ ثابت ہو ئی۔

نوسٹر اڈیمس نے عالمی جنگ کی بھی اسی سال پیشن گوئی کی۔اسی کتاب میں لکھا گیا کہ اٹلی اور فرانس میں ایک وبا آئے گی جو کہ تباہی مچا کر رکھ دے گی ، اور ساتھ ساتھ اردگرد کے ممالک کو بھی اپنی لپیٹ میں لے گی۔

ایک روش ستارہ نمودار ہوگا، موسم بتانے والا سسٹم خراب ہو جائے گا، معیشت تباہ ہو جا ئے گی۔جو کہ دجال کے اقتدار میں آنے کا باعث بنے گی۔1981میں آئی آف ڈارکنس ناول میں بھی کورونا کی پیشن گوئی کی گئی اور کہا گیا کہ ایک بیماری جنم لے گی جو پھپھڑوں اور حلق کی نالی کو متاثر کرے گی جس کا نام ووہان400 ہوگا۔

مبشر لقمان کا کہنا ہے کی امریکی مشہور کارٹون دی سمسنز میں بھی اس وائرس کو دیکھا گیا ہے جس طرح نائن الیون کو دیکھا گیا۔ 1993 میں انہیں کارٹونز نے ایک کورونا وائرس کے مرض کو دکھایا تھا۔

تجزیہ کار نے مزید کہا کہ بابا ونگا نے بھی 1996 میں بابا ونگا نے پیش گوئی کہ ایک انفکشن ہم سب کو اپنی لپیٹ میں لے گا۔
٭٭٭
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے بعد پاکستانی مارکیٹس سے ملیریا، گٹھیا کے دوائیں غائب ہو گئیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے بعد پاکستانی مارکیٹس سے ملیریا، گٹھیا کے دوائیں غائب ہو گئیں۔بتایا گیا ہے کہ سرجیکل ماسکس،سینی ٹائزرز کے ساتھ ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے بعد پاکستانی مارکیٹس سے ملیریا اور گھٹیا کے امراض کی دوائیں بھی غائب ہو گئیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں نے مہنگے داموں فروخت کرنے کے لیے ان دواو¿ں کا اسٹاک کر لیا ہے۔یہ بھی اطلاعات ہیں کہ ایک فارما سیوٹیکل کمپنی میں ڈرگ انسپیکٹرز نے ملیریا اور گھٹیا کی دواو¿ں کو سیل کر دیا ہے۔

فارما سیوٹیکل کمپنی میں ڈرگ انسپیکڑز کی جانب سے شاہد ایسا ضرورت پڑنے پر حکومت کے زیر انتظام اسے استعمال میں لانے کے لیے کیا گیا۔ امریکی صدر نے جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملیریا کی ایک پرانی دوا کورونا وائرس کیخلاف مددگار ہے۔

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ چند دنوں میں کورونا وائرس کی ویکسئین میں کامیابی کا اعلان کریں گے۔شہریوں کو کورونا وائرس معاشی انجام سے محفوظ رکھیں گے۔ کورونا وائر س سے نمٹنے کیلئے کوششیں کی جار ہی ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کا کہا کہ یہ وائرس شدید گرمی میں مر جائے گا۔ جب کہ امریکیوں کو کورونا وائرس کا علاج ملیریا کی دوا سے کرنے کا مشورہ دینے پر صحافی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے پے در پے سوالات کیے تو ٹرمپ آگ بگولا ہو گئے اور اس پر بری رپورٹنگ کا الزام لگا دیا۔

ٹرمپ نے صحافی سے کہا کہ تمہیں شرم آنی چاہیے، دیکھتے ہیں کہ یہ دوا کام کرتی ہے یا نہیں امریکیوں کو امید دلانے کی بجائے سنسنی خیزی کی کوشش کی جا رہی ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق واشنگٹن میں پریس کانفرنس کے موقع پر صدر ٹرمپ سے صحافی نے سوال کیا کہ آپ لوگوں سے کہہ رہے ہیں کہ کورونا کے علاج کے لیے وہ دوا استعمال کریں جو ملیریا سے نمٹنے کے لیے کھائی جاتی ہے،

حقیقت یہ ہے کہ اس بات کا ثبوت ہی نہیں کہ ملیریا کی دوا کورونا کے خلاف کارگر ثابت ہوتی ہے اور اس بات پر بھی تحقیق نہیں کی گئی کہ آیا کورونا کے بیماروں کے لیے وہ دوائی کھانا محفوظ ہے بھی یا نہیں سوال سنتے ہی صدر ٹرمپ طیش میں آگئے اور انہوں نے صحافی پر بری رپورٹنگ کا الزام لگا دیا۔
٭٭٭
سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی ذرائع کے مطابق کابینہ سے اسٹرٹیجی پیپر کی منظوری کے بعد وفاقی بجٹ کی تیاری کا کام تیز کر دیا گیا. بجٹ 21-2020 کا حجم 7 ہزار 600 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے

ذرائع کے مطابق نئے مالی سال میں وفاق کی خالص آمدن کا تخمینہ 4 ہزار 200 ارب روپے ہو گا جبکہ نئے مالی سال کے بجٹ میں خسارے کا تخمینہ 2 ہزار 896 ارب روپے لگایا گیا ہے.

بجٹ میں دفاع کے لیے ایک ہزار 402 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے بجٹ میں سبسڈی 260 ارب اور پینشن کے لیے 475 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے جبکہ نئے مالی سال کے بجٹ کے لیے شرح نمو کا ہدف 3 فیصد رکھنے کی تجویز دی گئی ہے.

ذرائع کے مطابق افراط زر کی شرح 8 اعشاریہ 4 فیصد مقرر کرنے کی تجویز ہے جبکہ وفاقی حکومت کے اخراجات 495 ارب روپے رہیں گے کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ شرح نمو کے 4 اعشاریہ ایک فیصد تک جائے گا

اور آئندہ 3 سال میں برآمدات میں 30 فیصد اضافے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے بجٹ 21-2020 جون کے پہلے ہفتے میں قومی اسمبلی میں پیش کے جانے کا امکان ہے.
٭٭٭
ٹماٹر کی بہترپیداوار حاصل کرنے کے لئے فصل کو کیڑوں سے محفوظ رکھنے کے لئے فوری اقدامات یقینی بنائیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ زراعت نے ٹماٹرکے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹماٹر کی بہترپیداوار حاصل کرنے کے لئے فصل کو کیڑوں سے محفوظ رکھنے کے لئے فوری اقدامات یقینی بنائیں تاکہ بعدازا ں فصل کو نقصان پہنچنے کی صور ت میں انہیں کسی پریشانی یامالی مشکل کا سامنانہ کرناپڑے۔

ترجمان محکمہ زراعت نے بتایا کہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ٹماٹرکی فصل پرضرررساں کیڑوں کا حملہ ہوسکتاہے اوریہ ضرررساں کیڑے ٹماٹر کی فصل پر اگاﺅ سے لیکر پھل کے پکنے تک کے تمام مراحل میں کسی بھی وقت حملہ آور ہوکر ٹماٹرکے پودوں اور پھل کو سخت نقصان پہنچاسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چورکیڑے کی سنڈی اگتے ہوئے پودوں کو رات کے وقت سطح زمین کے قریب سے کاٹ دیتی ہے اور دن کے وقت پودوں کے قریب چھپی رہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چورکیڑے کے سنڈی کے نقصان کو کم کرنے کیلئے تازہ کٹے ہوئے پودوں کے قریب زمین میں سے سنڈیاں تلاش کرکے تلف کردینی چاہئیں۔
٭٭٭
جانوروں کو منہ کھرکی بیماری سے بچانے کے لئے فوری طورپر حفاظتی ویکسین کے ٹیکے لگوانے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ لائیوسٹاک اینڈڈیری ڈویلپمنٹ نے جانوروں کو منہ کھرکی بیماری سے بچانے کے لئے فوری طورپر حفاظتی ویکسین کے ٹیکے لگوانے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ کے ترجمان نے لائیوسٹاک فارمرزکے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ماہ مارچ و ماہ اپریل کے دوران مویشیوں کومنہ کھرکی بیماری سے محفوظ رکھنے کے لئے حفاظتی ویکسین کے ٹیکے لگوانے نہ بھولیں تاکہ جانوروں کو کسی بھی قسم کی پیچیدگی سے بچایاجاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ منہ کھرکا وائرس بھینسوں ‘گائیوں‘ بکروں اوردیگر جانوروں کے منہ کی جلد‘اوجھری ‘ ،عدہ اور کھروں کے درمیان کھال پر حملہ کرتاہے جس کے باعث متاثرہ جانوروں کو نہ صرف تیزبخارہوجاتاہے بلکہ وہ خوراک کھانا بندکردیتے ہیں اوردودھ کی پیداوار میں بھی کمی ہونا شروع ہوجاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بیماری میں بھینسوں اور گائیوں میں زبان‘ تالو‘ مسوڑھوں ‘ہوانہ‘ کھروں کے درمیان چھالکے بن جاتے ہیں اسی طرح بھیڑبکریوں میں چھالکوں کی جگہ منہ میں سرخ دھبے بننے ہیں اورمنہ سے رال ٹپکنا بھی شروع ہوجاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تمام سرکاری ویٹرنری ہسپتالوں میں منہ کھر سے بچاﺅکی ویکسین بھاری مقدار میں موجود ہے لہذالائیوسٹاک فارمرزیادیگر افراد قریبی ویٹرنری سنٹر یا ویٹرنری ہسپتال سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
٭٭٭
کورونا وائرس نے اب دنیا بھر میں اپنا خوف پھیلا دیا ہے ،عالمی سطح پر اس کے حوالے سے ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز))چین کے شہر وہان سے شروع ہونے والے کورونا وائرس نے اب دنیا بھر میں اپنا خوف پھیلا دیا ہے کہ جس کے بعد عالمی سطح پر اس کے حوالے سے ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

ابھی تک دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے 2 لاکھ 77 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 11 ہزار افراد اس کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں۔اسی سلسلے میں کچھ دن سے سوشل میڈیا پر کہا جا رہا تھا کہ کورونا وائرس کو کسی انسانی لیبارٹری میں بنایا گیا ہے

اور بعد میں ا سے انسانوں میں منتقل کیا گیا ہے۔لیکن اب ایک غیر ملکی تحقیقاتی جریدے نے رپورٹ شائع کرتے ہوئے ایسی تمام خبروں کی تردید کر دی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ وائرس ایک قدرتی چیز ہے،

اسے انسان نہیں بنا سکتے۔بتایاگیا ہے کہ چین میں وبا پھیلنے کے بعد اس کے جینوم کاسیکونس دنیا بھر کے ماہرین کو بھیجے گئے تھے جس کے بعد تحقیق میں ثابت ہوا ہے کورونا وائرس قدرتی طور پر بنا ہے، اسے کوئی ا نسان نہیں بنا سکتا۔

امریکہ ، برطانیہ اور آسٹریلیا کے ماہرین کی جانب سے یہ تحقیقاتی رپورٹ جاری کی گئی ہے جس کے بعد ایسی تمام افواہوں کی تردید کر دی ہے اور بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کسی انسان نے نہیں بنایا۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہو اہے جس کے بعدہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔عالمی ادارہ صحت کی جانب سے بھی تمام ممالک کو ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ وہ اپنے طور پر اس وبا سے بچنے کے اقدامات کرتے رہیں۔

دنیا بھر کے ماہرین کی جانب سے کوروناو ائرس کی ویکسین بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ابھی تک اس میں کسی قسم کی کامیابی سامنے نہیں آئی۔جبکہ دوسری جانب امریکہ ، چین اور جاپان کے ماہرین کی جانب سے جلد ویکسین تیار کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔
٭٭٭
موسم گرما کی سبزیوں زرخیز میرازمینوں کا انتخاب کریں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)زرعی ماہرین نے ہدایت کی ہے کہ کاشتکار موسم گرما کی سبزیوں کریلے ،گھیا کدو، چپن کدو، کالی توری ،بھنڈی توری، بینگن ، ٹماٹر،سبز مرچ ، شملہ مرچ، تر،کھیرے وغیرہ

رواں ماہ مارچ میں کاشت کیلئے اچھے نکاس اور نامیاتی مادے والی ذرخیز میرازمینوں کا انتخاب کریں تاکہ انہیں اچھی فصل حاصل کرنے میں مدد مل سکے

موسم گرما کی سبزیوں کی 20سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کے دوران بہترین نشوونما ہوتی ہے تاہم اس سے زیادہ یاکم درجہ حرارت سبزیوں کی فصل کو متاثر کرسکتا ہے۔
٭٭٭
ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر سنجیدہ بیان کے بعد میڈیکل اسٹورزپرکلوروکوئن میڈیسن غائب ہوگئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر سنجیدہ بیان کے بعد میڈیکل اسٹورزپرکلوروکوئن میڈیسن غائب ہوگئی، چینی ماہرین صحت اورٹرمپ نے ملیریا کی دوا کلوروکوئن کو حوصلہ افزائ قراردیا تھا،

جس کے بعد پاکستان کے میڈیکل اسٹورز پرمیڈیسن غائب ہوگئی، یا مہنگے داموں فروخت ہونے لگی۔ تفصیلات کے مطابق چین ایران، امریکا، اٹلی کے بعد جب کورونا وبائ نے پاکستان میں پنجے گاڑھنے شروع کیے تو ساتھ ہی منافع خور مافیا متحرک ہوگیا،

مارکیٹ سے کورونا سے بچاو¿ کا حفاظتی سامان، ماسک، گلوز، سینیٹائزرکا بحران پیدا کردیا گیا۔اگر کہیں میڈیکل اسٹورز پر یہ چیزیں دستیاب ہیں تو جو سبزرنگ کا ماسک پہلے 5روپے کا تھا، وہ 30روپے کافروخت کیا جارہا ہے۔

اسی طرح سفید رنگ کا ماسک جو پہلے10روپے کا تھا وہ اب 50 یا اس سے بھی مہنگا فروخت کیا جارہا ہے۔اسی طرح ماسک اور سینیٹائرز بھی مہنگے کردیے گئے۔ اسی طرح مافیا کو جب سے معلوم ہوا ہے کہ عالمی سطح پر پھیلنے والی وباءکورونا وائرس کا علاج کرنے کیلئے ملیریا کی دوا کلوروکوئن مفید ہے،

اور چین میں بھی اس کے دوسری وبائی اینٹی بائیوٹک سے ملاکر دینے سے مفید نتائج برآمد ہوئے ہیں۔جبکہ امریکی صدر ٹرمپ نے بھی کلوروکوئن کو کورونا وائرس کے خلاف حوصلہ افزا دوائی قرار دیا ہے،اگرچہ کلوروکوئن کی شکل میں یہ دوائی 45 سال پہلے ملیریابخار کے علاج کیلئے استعمال کی جاتی تھی۔

لیکن جب سے ٹرمپ نے کلوروکوئن دوائی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے، تب سے پاکستان کے میڈیکل اسٹورز پر ملیریابخار کی دوائی بحران پیدا کردیا گیا ہے، بتایا گیا ہے کہ اگر کہیں ملیریا بخار کی دو ائی ملتی بھی ہے تو وہ مہنگے داموں دی جارہی ہے۔

ماہر امراض خون کا کہنا ہے کہ چین میں ڈاکٹرز نے کورونا کے خلاف مختلف ادویات کے تجربات کیے لیکن ملیریا کی دوا کو وبائی وائرل انٹی بائیوٹک کے ساتھ ملا کر استعمال کرنے کے مثبت نتائج نہیں ملے جس کے بعد اس کا استعمال روک دیاگیا ، اب امریکی صدر نے بھی کلوروکوئن دوا کو مریضوں پر استعمال کرنے کی ہدایت کردی ،دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے واضح کیا کہ کورونا وائرس کے خاتمے میں اس دوا کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں ۔
٭٭٭
دن اور رات کا دورانیہ برابر ہوگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)دن اور رات کا دورانیہ برابر ہوگیا کل سے رات کا دورانیہ کم اور دن کا دورانیہ بڑھنے لگے گا۔بروز ہفتہ 21مارچ کو دن اور رات کا دورانیہ برابر ہو گیا جبکہ آج کے بعد راتوں کا دورانیہ کم اور دن کا دورانیہ بتدریج بڑھنے لگے گا موسم گرما کی ابتدا ہو جائے گی موسم بہار کی آمد اور گندم کی فصل پکنا شروع ہوجائے گی۔

21جون سال کا طویل ترن دن ہو گا 21ستمبر کو دن اور رات کا دورانیہ برابر ہو جائے گااور 22دسمبر کو مختصر ترین دن اور طویل ترین رات ہو گی اس روز سورج خط استوا سے خط التوا کی جانب پلٹے گا۔ماہرین کے مطابق سورج ایک کروڑ 15لاکھ میل کا سفر طے کرتے ہوئے اس نقطہ آغاز پر پہنچے گا جہاں اس نے پہلے روز اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔
٭٭٭
محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے ڈیرہ میں بارشوں کی پیش گوئی کر دی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے ڈیرہ میں بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا شمالی مغربی ہواﺅں کا آخری سپل ملک سے گزرے گا۔

جس کے باعث ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔ان بارشوں سے جہاں مارچ کا آخری ہفتہ بہتر گزرے گا۔ وہاں اپریل کا آغاز بھی اچھا ہونے کی امید ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز شہر میں بادلوں اور دھوپ کے درمیان آنکھ مچولی کے ساتھ ساتھ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے شہر کے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگی جو کم سے کم درجہ 12 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر کا موسم خشک رہا۔
٭٭٭
لیبر کا بڑھتا ہوا رجحان انتظامیہ کیلئے ایک چیلنج اورایک ناکام سماجی رویے کا اظہار بن کر رہ گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ لیبر کی ملی بھگت سے ڈیرہ اسماعیل خان میں کمی کی بجائے چائلڈ لیبر کا بڑھتا ہوا رجحان انتظامیہ کیلئے ایک چیلنج اورایک ناکام سماجی رویے کا اظہار بن کر رہ گیاہے‘ہزاروں کی تعداد میں بچے چند روپے کمانے کے لئے 8 سے 18 گھنٹے تک بدترین مشقت کرتے ہیں‘

ہوٹلوں‘ کھیتوں ورکشاپوں‘ فیکٹریوں‘ کارخانوں گھروں اور ہوٹلوں پر کام کرنے والے یہ بچے زندگی کی تمام آسائشوں سے محروم ہیں‘ والدین کی مجبوری اور مناسب آمدنی نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم حاصل کرنے کی بجائے یہ بچے رزق کی تلاش میں اپنی تمام خوشیاں بھول گئے ہیں‘

کم عمر معصوم بچوں کی مشقت کا منظر ہر سڑک‘ ہوٹل‘ ورکشاپ‘ تجارتی مراکز اور عوامی مقامات پر دیکھا جا سکتا ہے‘ کسی بھی صاحب دل اور صاحب اولاد شخص کے لئے چھوٹے چھوٹے بچوں کی اس مشقت بھری زندگی کو دیکھنا محال ہے‘

شہریوں نے کہنا ہے کہ حکومت میلوں‘ ٹھیلوں سیاسی انعام و اکرام من پسند افراد کو لاکھوں روپے کی بخشش دینے کے علاوہ غیر ترقیاتی کاموں پر کروڑوں روپیہ خرچ کر کے محض اپنی شہرت میں اضافہ کرتی ہے‘ حالانکہ غربت‘ بیروزگاری‘ پسماندگی اور بد ترین معاشی مشکلات کے شکار لاکھوں بچے حکومت کی نظروں سے اوجھل ہیں‘

کیا ارباب اختیار ان بے بس اور مجبور بچوں کی زندگیاں تبدیل کرنے کے لئے کوئی خصوصی ادارہ قائم اور غریب بچوں کو مناسب وظائف دینے کا اہتمام نہیں کر سکتی۔
٭٭٭
ہفتوں کے لیے تمام بین الاقوامی پروازوں کی آمد کو معطل

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) کورونا وائرس کے بڑھتے خطرے کے پیش نظر پاکستان نے 2 ہفتوں کے لیے تمام بین الاقوامی پروازوں کی آمد کو معطل کردیا۔اس حوالے سے وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے پاکستان نے بین الاقوامی مسافروں پر کورونا ٹیسٹ کی شرط لگائی تھی،

جس کے بعد وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ایک اور مشکل فیصلہ کیا گیا۔مذکورہ فیصلے کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ21مارچ سے رات 8 بجے سے دو ہفتوں کے لیے تمام بین الاقوامی پروازوں کو معطل کردیا گیا ہے اور 4 اپریل کی شام 8 بجے تک پاکستان آنے والی پروازیں معطل رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اس میں تمام مسافر پروازیں، چارٹر پروازیں اور نجی پروازیں جو مسافر لے کر آرہی ہیں وہ شامل ہیں تاہم اس میں ہم ایک استثنیٰ یہ دے رہے ہیں کہ پی آئی اے کے وہ طیارے جو بیرون ملک جاچکے ہیں وہ آسکیں گے اور یہ تمام طیارے کل (22 مارچ) کی صبح تک واپس آجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے لیے ایک مشکل فیصلہ تھا جبکہ یہ عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے۔

تاہم انہوں نے بتایا کہ یہ پابندی غیرملکی سفارتکاروں اور کارگو طیاروں کے لیے نہیں ہوگی اور وہ ان دو ہفتوں کے دوران آسکیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ اس سے مشکلات پیدا ہوں گی اور کئی مسافر پاکستان آنے تھے جنہیں اس پابندی کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

قبل ازیں حکومت پاکستان کی ہدایات کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی ای) نے اپنی تمام بین الاقوامی پروازوں کو عارضی طور پر معطل کردیا تھا۔اس حوالے سے ترجمان پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق قومی ایئرلائن نے اپنی پروازیں منسوخ کیں۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی پروازوں کی منسوخی کا اطلاق ہفتہ 21 مارچ کو رات 8 بجے سے 28 مارچ تک ہوگا۔‘ترجمان کا کہنا تھا کہ مسافروں کو پیش آنے والی دشواریوں کے لیے معذرت خواہ ہیں مگر پرہیز علاج سے بہتر ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان نے عوام سے کہا کہ اس حوالے سے مزید معلومات اور بکنگ کی تبدیلی کے لیے قومی ایئرلائن کے کال سینٹر سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس کے پیش نظر پی آئی اے نے چین، قطر، اٹلی سمیت کچھ ممالک کے لیے عارضی طور پر فلائٹ آپریشن کو معطل کیا تھا۔

علاوہ ازیں بین الاقوامی فضائی آپریشن کی عارضی معطلی کے ساتھ ساتھ محکمہ ریلوے نے بھی مزید ٹرینیں بند کرنے کا اعلان کردیا۔
٭٭٭
کرونا وائرس جیسے مرض کا مقابلہ اللہ اور اسکے رسول کے بتائے ہوئے راستے اور احتیاطی تدابیر سے ہی ممکن ہو سکتا ہے،علماءکرام

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ کے مقتدر حلقوں علماءاکرام،ڈاکٹر صاحبان نے کہا کہ کرونا وائرس جیسے مرض کا مقابلہ اللہ اور اسکے رسول کے بتائے ہوئے راستے اور احتیاطی تدابیر سے ہی ممکن ہو سکتا ہے

انہوں نے کہا کہ غریب اور پسماندہ عوام میں شعور آگاہی مہم کی اشد ضرورت ہے جسمیں حکومتی ذرائع کے علاوہ علماءاکرام اس میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور مسجدوں میں نمازیوں کواسی موزی مرض کے خاتمے کے لئیے احتیاطی تدابیر کے بارے میں شعور دلاسکتے ہیں ،

ڈیرہ کے دور دراز پسماندہ علاقوں کے 80% لوگ کرونا وائرس کے بارے میں نہیں جانتے ہیں صوبے کے شہری علاقوں کی نسبت دیہاتی علاقوں میں پیغام رسائی کا واحد ذریعہ مسجدیں ہیں مساجد کو بند کرنے کے بجائے مسجدوں میں علماء اکرام کے ذریعے کرونا وائرس سے متعلق شعور آگاہی لوگوں نمازیوں کو دلائی جائے

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ دور دراز کے علاقوں میں عوام میں ماسک تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ مسجدوں کے پیش امام صاحبان کو پابند کریں کی کرونا وائرس سے متعلق عوام میں شعور آگاہی کے لئے خصوصی اقدامات کریں کرونا وائرس کا خاتمہ پانچ وقت کی نماز اور احتیاطی تدابیر سے ہی ممکن ہے۔

About The Author