نومبر 25, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

06مارچ2020:آج ضلع بہاولنگر میں کیا ہوا؟

ضلع بہاولنگر سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

بہاول نگر( صاحبزادہ وحید کھرل)

ڈپٹی کمشنر شعیب خان جدون نے بہاول نگر میں لینڈ ریکارڈ سنٹر ، گورنمنٹ پرائمری سکول ریونیو کالونی ، دارالامان ، محکمہ جنگلات آفس ،سپیشل ایجوکیشن سنٹر اور حسین آباد چوک کا دورہ کیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر منور حسین مگسی، ایکسین بلڈنگز، چیف آفیسر بلدیہ، ایکسین بلدیہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر شعیب خان جدون نے دارالامان اور سپیشل ایجوکیشن سنٹر میں صفائی ، دستیاب سہولیات اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا

ڈپٹی کمشنر نے پرائمری سکول ریونیو کالونی میں صفائی ، کلین اینڈ گرین مہم اور تعلیمی ماحول سمیت اساتذہ کی حاضری اور دیگر متعلقہ معاملات کا معائنہ کیا ۔ شعیب خان جدون نے اراضی سنٹر میں ریونیو سے متعلق لوگوں کے مسائل حل کرنے اور سنٹر میں عوام کو مہیا کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا

انہوں نے اس موقع پر ہدایت کی کہ اراضی سنٹر میں سائلین کو فوری ریلیف فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ جنگلات کے دفتر کا بھی دورہ کیا اور کلین اینڈ گرین مہم اور شجرکاری کے اہداف کا جائزہ لیا۔

بعدازاں ڈپٹی کمشنر شعیب خان جدون نے شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے پانی کی فوری نکاسی اور سیوریج کے مسائل کے حل کے لیے بلدیہ کے عملہ و متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔


بہاولنگر

بہترین ماحول اور اچھے رویے سے عوامی خدمت کرنا، اور عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، طاقت کا غیرضروری استعمال قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا۔بہترین ماحول اور اچھے رویے کے ذریعے سے سروس ڈلیوری میں بہتری لاتے ہوئے

شہریوں کے جان ومال کا تحفظ اور عوامی خدمت اولین ترجیحات میں شامل ہے، جس کے لیے تمام پولیس افسران و اہلکار عوامی خدمت کیلئے بھرپور محنت اور فرض شناسی کے ساتھ پیشہ ورانہ فرائض کو سرانجام دیں،

محکمہ کی عزت اور وقار میں اضافے کا باعث بنیں اور عوام کے ساتھ ہتک آمیز رویئے کی بجاے عوام سے خوش مزاجی سے پیش آئیں ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرقدوس بیگ نے پولیس افسران سے خطا ب کر تے ہوئے کہا کہ

تمام پولیس افسران ہر قسم کے دباؤ سے آزاد ہوکر میرٹ کی پالیسی پر عمل کرتے ہوے عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔کرپشن،اختیارات کے غلط استعمال اور پیشہ ورانہ فرائض میں غفلت سمیت دیگر غلطیوں کا ارتکاب کرنے والے افسران و اہلکاروں کے ساتھ سختی سے پیش آیا جائے گا۔

ڈی پی او بہاولنگر نے پولیس افسران کو علاقہ میں خوف وہراس پھیلانے والے، جرائم پیشہ عناصر اور قبضہ مافیا کے سرگرم ارکان کے خلاف کارروائی کے متعلق سرکل افسران اور ایس ایچ اوز کو خصوصی احکامات جاری کیے،

انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں، ناجائز اسلحہ کے ڈیلروں، قبضہ گروپوں، بدمعاشوں، قحبہ خانوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کریں،پیشہ ور کریمنلز کے لیئے ضلع میں کوئی جگہ نہیں ان کی گرفتاری کو عمل میں لایا جائے تاکہ جرائم کا قلع قمع ہوسکے.


بہاولنگر

صوبائی وزیر میاں شوکت علی لالیکا نے ایک اور وکٹ گرادی ، معروف سیاسی شخصیت اور این اے کا آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے والے میاں اعظم خان عاکوکا نے گروپ میں شمولیت کا اعلان کردیا. حلقہ کی سیاسی فضا یکسر تبدیل.

تفصیلات کے مطابق بہاولنگر ضلع میں صوبائی وزیر میاں شوکت علی لالیکا کا گروپ جارحانہ انداز میں ووکٹیں گرانے میں مصروف این اے 189 سے 2018 میں این اے کا الیکشن لڑنے والے میاں اعظم خان عاکوکا جوئیہ کو بھی ساتھ ملانے میں کامیاب ضلع کی سیاست یکسر تبدیل.

گزشتہ روز صوبائی وزیر میاں شوکت علی لالیکا نے اپنے گروپ کے میاں فیض رسول لالیکا ، عمر زمان لالیکا، عزیر خان لالیکا اور تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میاں اعظم خان عاکوکا جوئیہ سے ملاقات کی جہاں انہوں نے اپنے مکمل گروپ کے ہمراہ میاں شوکت علی لالیکا گروپ میں شمولیت کا اعلان کردیا.

انکی شمولیت سے مقامی لیگی ایم این اے عالم داد لالیکا اور دیگر گروپس کو شدید دھچکہ لگا ہے. واضح رہے میاں شوکت علی لالیکا گروپ کو منچن آباد ، بہاولنگر اور ڈونگہ بونگہ میں بہت بڑی تعداد افراد اور گروپس جوائن کر چکے ہیں. میاں اعظم خان عاکوکا نے قومی اسمبلی کی نشست پر 20ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے تھے.


بہاول نگر

سی ای او ایجوکیشن بہاولنگر جنسی درندوں کے سرپرست بن چکے ہیں۔
‏کام کی جگہ پر ورکنگ ویمن کے تحفظ کے قوانین پر موثر عمل درآمد نا ہونے اور معاشرتی رسوم و رواج کی وجہ سے خواتین کو ہراساں کیا جانا معمول کی بات ہے۔ شکایت کرنے پر شکایت کنندہ کے ساتھ جو سلوک روا رکھا جاتا ہے اس کی وجہ سے خواتین شکایت کرنے سے گھبراتی ہیں۔

ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ بہاولنگر ‏میں خواتین کو ہراساں کرنے کی شکایات عام ہیں مگر ہراساں کرنے والے حضرات کے پاس آفیسرز کی کرپشن کے اتنے ثبوت ہر وقت موجود رہتے ہیں کہ افسران بلیک میلنگ کے خوف سے کاروائی کرنے سے گریزاں رہتے ہیں۔
‏ آفس ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فی میل کا میل سٹاف خواتین اساتذہ اور اے ای اوز کو ہراساں کرنے میں مشہور ہے۔

گذشتہ سال ماہ رمضان میں
‏ دفتر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر بہاولنگر (فی میل) میں تعینات کلرک نے Nude تصویر خواتین ٹیچرز کے گروپ میں شیئر کر دی جس پر اسے معطل کر کے انکوائری شروع کر دی گئی

اور انکوائری ابھی تک بے نتیجہ تھی کہ ایک اور کلرک طیب نامی نے خواتین ٹیچرز اور اے ای اوز کے گروپ میں اور پرسنل نمبر پر نامناسب میسجز کرنے شروع کر دئیے جس کی شکایت ہونے پر اس کلرک کو بھی معطل کر دیا گیا

اور انکوائری شروع کر دی گئی۔ انکوائری سرد خانے کی نظر ہو گئی اور اب سی ای او ایجوکیشن بہاولنگر اس کلرک کو گرلز ہائی سکول بستی ریگڑاں بہاولنگر میں تعینات کر رہے ہیں۔

ایسے جنسی درندوں کو محکمہ سے نکالنے کی بجائے دوبارہ گرلز سکولز یا دفتر فی میل میں لگا کر کونسے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

معطل کرنا کوئی سزا نہیں ہے بلکہ جاننے والے جانتے ہیں کہ یہ سزا سے بچانے کا ایک محفوظ طریقہ ہے۔

About The Author