نومبر 21, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

22فروری 2020:آج ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے

جماعت اسلامی اقتدار میں آکر حقیقی معنوں میں آئین پر عمل درآمد کرے گی ،سینٹر مشتاق احمد

ڈیرہ اسماعیل خان  :جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سینٹر مشتاق احمد نے کہا کہ ،کشمیر کے مسئلہ کا حل ٹرمپ کی ثالثی میں ممکن نہیں ، پی ٹی آئی حکومت نے کشمیر کاز کو فروخت کردیا ہے،

جماعت اسلامی اقتدار میں آکر حقیقی معنوں میں آئین پر عمل درآمد کرے گی۔

وہ گزشتہ روز مقامی نجی گرلز کالج میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔

اس موقع پر ضلعی امیر جماعت اسلامی مولانا ارشد سلیم ،بشیر ہرگن ،یوسف خٹک ،فضل الرحمٰن بلوچ ایڈوکیٹ ،قیصر خان ایڈووکیٹ سمیت جماعت اسلامی کے اراکین اور کارکنان کے علاوہ صحافی کثیر تعداد میں موجود تھے ۔

سینٹر مشتاق احمد نے مذید کہا کہ ہم نے اس حکومت کی مہنگائی کے خلاف مہم شروع کررکھی ہے، ہم پیٹرول ،ڈیزل اور بجلی پر ٹیکس نہیں مانتے ،ہم سڑکوں پر نکلیں گے ،

تحصیل ضلع سطح پر مظاہرے کریں گے اور حکمرانوں کا گھیراﺅ کریں گے ،یہ حکومت اخلاقی طور پر حق حکمرانی کھوچکی ہے ،اس کا حکومت کو حساب دینا ہوگا ،انہوںنے کہا کہ صاف اور شفاف انتخاب پاکستان کے مفاد میں ہے ،

ہم اپنے پلیٹ فارم سے اپوزیشن کرتے ہیں کسی اور کے ساتھ ہرگز شامل نہیں ہیں ، انہوںنے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کولانے والوں نے ہاتھ کھینچ لیے ہیں ،

مولانا واضح کریں کہ ان کے ساتھ کس نے دھوکہ کیا ہے ،انہوںنے کہا کہ حکمرانوں کے تبدیلی کے ساتھ ساتھ ہمارے پاس حکومت کو بھگانے کے اور بھی کئی آپشن موجود ہیں ہمارا احتجاج صرف جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے ہی ہوگا ،

مولانا فضل الرحمٰن نے پورے پاکستان سے اچھے لوگوں کو اکٹھا کیا لیکن وہ وزیر اعظم کا استعفیٰ لے کر نہ آسکے، انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجود حکومت ملکی تاریخ میں ناکام حکومت ثابت ہوئی ہے ،

ملکی معیشت کا بیٹرہ غرق ہوچکا ہے ،ریاستی اور عوامی سطح پر ملک تباہی سے دوچار ہے۔ترقی کا پہیہ رک چکا ہے ،گزشتہ حکومت نے پانچ سال میں جتنے قرضے لیے ہیں موجودہ حکومت ڈیرہ سال میں لے چکی ہے

،ایف بی آر کا چیئر مین شبیر زیدی بھاگ گیا ،پاکستان ایک بہت بڑے مالیاتی بحران کا شکار ہوچکا ہے ، انہوں نے کہا کہ 128 ریاسی اداروں کا خسارہ 119 ارب تک پہنچ گیا ہے ،

پیٹرول ڈیزل پر حکومت 45 روپے ٹیکس لے رہی ہے ،بجلی ،گیس اور ادویات کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں ،آٹا مافیا نے مصنوعی بحران پید ا کرکے چالیس ارب کمائے ،

شوگر مافیا نے ایک ہفتہ میں پندرہ کلو گرام چینی مہنگی کردی ہے۔81 شوگر ملوں میں سے پچاس فیصد شوگر ملز کے مالکان حکومت میں شامل ہیں ،شوگر مافیا آٹا مافیا اور بینکنگ مافیا ملک پر چھایا ہوا ہے ،

ان کا کہناتھا کہ موجودہ حکومت حقیقی معنوں میں وہ سونامی ہے جس نے عوام کو رُلا دیا ہے،انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی اور مہنگائی ایک ہی چیز کے دونام ہیں ،

دو ارب سبسڈی دی گئی ہے کہا جارہا ہے کہ دس ارب لے لو اور مہنگائی کا توڑ کرو ،مراعات یافتہ طبقہ ملک پر مسلط ہے جو کہ قوم کے ساتھ ایک مذاق ہے ،عمران کی کابینہ میں آٹاچور موجود ہیں ،

وزیر اعظم نے اپنے بندوں کے نام ہونے کی وجہ سے رپورٹ وآپس کردی ،دوسالوںمیں دس فیصد حج مہنگا کردیا ، ان کا کہناتھا کہ پی آئی اے اور دوسرے اداروںکو سبسڈی دے رہے ہیں ،

حج ایک خواب بنتا جارہا ہے اسی کوکہتے ہیں کہ مدینہ کی ریاست ہے ، انہوںنے کہا کہ آئی ایم ایف کہتا ہے کہ مذید ٹیکس لگاﺅ اور چین کے ساتھ کاروبار مت کرو،سی پیک بند کرو ،

القدس جو کہ ہمارے جگر کا ٹکرا ہے لیکن وزیر اعظم نے کوئی مذمتی بیان نہیں دیا ،وزیر اعظم یروشلم پر ٹرمپ کی پالیسی کی مذمت کریں ،پی ٹی آئی نے قوم کا جذباتی استحصال کیا ہے ،

سب سے زیادہ استحصال پی ٹی آئی حکومت نے نوجوانوں کا کیا ہے ،خاندانی نظام کو اور زیادہ مسلط کردیا ،آج ایک ہی گھرانہ کے پانچ پانچ اراکین اسمبلیوں میں موجود ہیں ،

حکومت کی سرپرستی میں جامعات میں کرپشن ہورہی ہے ،بائیس لاکھ لوگ اس حکومت میں روزگار کھو چکے ہیں
٭٭٭
کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت ضم شدہ قبائلی سب ڈویژن درازندہ میںپودے لگائے گئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر خان نے کہا ہے کہ کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت ضم شدہ قبائلی سب ڈویژن درازندہ میں بھی ماحول کو بہتر بنانے کے حوالے سے پودے لگائے جارہے ہیں

جس کا یقیناً موحول پر اچھا اثر پڑے گا، پودے لگانا ہمارا قومی فریضہ بھی ہے، لوگ بڑھ چڑھ کر اس قومی مہم میں حصہ لیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضم شدہ قبائلی سب ڈویژن درازندہ میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں پودا لگانے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے اس موقع پر مہم کے تحت پودا لگایا اور دعا کی۔

تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ غازی نواز اور اسسٹنٹ کمشنر درازندہ طارق سلیم کے علاوہ دیگر حکام بھی موجود تھے۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر نے عمائدین علاقہ میں پودے بھی تقسیم کئے۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر خان نے ٹی ایم اے درازندہ آفس میں نئی مشینری کا معائنہ کیا، حکومت کی جانب سے نئی قائم شدہ ٹی ایم اے کیلئے صفائی کے عمل کیلئے فراہم کردہ نئی گاڑیوں اور جدید سامان شامل ہیں۔

بعدازاں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر خان نے تحصیل ہیڈ کوارٹر درازندہ میں عوامی مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہری کا بھی انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں تمام سرکاری محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر خان نے عوامی مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جارے کئے۔
٭٭٭
ٹھیکیدار کی سرکاری اہلکار کوگالم گلوچ اور سنگین نتائج کی دھمکیاں،ٹھیکیدار کوگرفتار کرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) محکمہ بلدیات کے ٹھیکیدار کی سرکاری اہلکار کو گالم گلوچ و سنگین نتائج کی دھمکیاں،

اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات کی شکایت پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ کینٹ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات ذیشان علی شاہ نے 506/186RAکے تحت رپورٹ درج کرائی ہے کہ ٹھیکیدار عبدالکریم کٹہ خیل نے سرکاری اہلکار سے بدتمیزی کی

اور اس کو گالیاں دیتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ کینٹ پولیس نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات کی درخواست پر کاروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
٭٭٭
سنوکر کلب پر چھاپہ ،جواءکھیلنے کے الزام میں چھ افراد کو گرفتار کرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) کینٹ پولیس کا سنوکر کلب پر چھاپہ ،جواءکھیلنے کے الزام میں چھ افراد کو گرفتار کرلیاگیا ، جوئے کی رقم برآمد ،پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج انہیں حوالات میں بند کردیا ،

پولیس ذرائع کے مطابق ڈیرہ بنوں روڈ چھپری ہوٹل کے قریب سنوکر کھیلنے کی آڑ میںمیں جواء کی اطلاع پرکینٹ پولیس نے سنوکرکلب پر چھاپہ مارا اور چھاپہ زنی کے دوران

وہاں پر جواءکھیلنے کے الزام میں ملزمان اللہ نواز سکنہ اعوان آباد، احمد نواز سکنہ تھویا فاضل، ذیشان سکنہ نیو بنوں چونگی سمیت چھ افراد کو گرفتار موقع سے گرفتارکرلیا ،

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے جواءمیں لگائی گئی رقم3850روپے برآمد کرلی ،پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں حوالات میں بند کردیاہے ۔
٭٭٭
پرملزمان کا مخالفین پر حملہ کرکے چار افراد شدید زخمی کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) تھانہ درازندہ کی حدود سپین مارکیٹ میں اراضی کے تنازعہ پرملزمان کا مخالفین پر حملہ،چار افراد شدید زخمی ہوگئے ، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق اراضی کے تنازع پر تھانہ درازندہ کی حدود سپین مارکیٹ درازندہ میں ملزمان امیر خان شیرانی، رحمت خان شیرانی سمیت دیگرافراد نے لاتوں مکوں،

پتھروں اور بندوق کے بٹوں کے وار کرکے مخالفین اول دین شیرانی ولد نصیرلدین سکنہ مورگاہ درازندہ سمیت چارافراد کو زخمی کردیا

اور موقع سے فرار ہوگئے ۔ درازندہ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
٭٭٭
نیازی ایکسپریس سروس ڈیرہ کے اڈہ منیجرکی لوٹ مار،مسافروں سے زائد کرایہ وصول کیا جانے لگا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) نیازی ایکسپریس سروس ڈیرہ کے اڈہ منیجرکی غنڈہ گردی اور لوٹ مار ، مرکزی انجمن تاجران ڈیرہ کے جائنٹ سیکرٹری محمد نواز سمیت دیگر مسافروں سے سرگودھا کے سفر کا کرایہ لاہورتک کا وصول کرلیا ،

متاثرہ افراد کا شدید احتجاج ،اڈہ منیجر کی لوٹ مار کا نوٹس لینے کامطالبہ ،مرکزی انجمن تاجران ڈیرہ کے جائنٹ سیکرٹری محمد نواز اوردیگر مسافروں نے میڈیا کوبتایا کہ انہوں نے دو روزقبل نیازی ایکسپریس ڈیرہ 87 گروپ کے اڈہ سے سرگودھا تک کی ٹکٹس خریدیں

جو کہ اڈہ منیجر نے ساڑھے سات سوروپے کی بجائے ان سے لاہور کا کرایہ ایک ہزار پچاس روپے وصول کرلیا ،سرگودھا پہنچ کر جب اگلے روز اسی نیازی ایکسپریس 87 گروپ کی بس سے ڈیرہ وآپسی ہوئی

تو ان سے ڈیرہ تک کے ساڑھے سات سو روپے وصول کیے گئے ،معلوم کرنے پر انکشاف ہوا کہ ان سے اصل کرایہ ساڑھے سات سو روپے کی بجائے لاہور تک کا کرایہ

ایک ہزار پچاس روپے وصول کرکے انہیں دھوکہ دہی اور فراڈ سے ٹکٹ بھی ڈیرہ سے لاہور تک کے جاری کردیئے گئے اور ان سے ساڑھے تین سو روپے ناجائز طور پر اضافی وصول کیے گئے ہیں ۔

انہوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے نیازی ٹرانسپورٹ کمپنی کے مالکان سے اڈہ منیجر کی لوٹ مار کا فوری نوٹس لینے اور دھوکہ دہی وفراڈ کے ذریعے ان سے لوٹی گئی رقم کی فوری وآپسی کا مطالبہ کیاہے۔
٭٭٭
اہم سیاسی شخصیت نے مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کرلی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)یونین کونسل ڈیرہ دیہات 2 فلک آباد کی اہم سیاسی شخصیت شاہد الیاس نے مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کرلی ،پارٹی کی جانب سے انہیں ڈیرہ کے ڈویژنل صدر کا عہدہ تفویض کردیاگیا ،

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ دیہات 2 فلک آباد کی اہم سیاسی شخصیت شاہد الیاس نے جمعیت علماءاسلام کو خیر باد کہہ کر اپنے دوستوں اور رفقاءکے ہمراہ مسلم لیگ (ق ) میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔

انہوں نے پارٹی کے مرکزی چوہدری پرویز الہی سمیت دیگر رہنماﺅں سے ملاقات کی جس میں مرکزی قائدین نے انہیں جلد ڈیرہ آمد اور ڈیرہ کے عوام کے لئے اہم ترقیاتی کاموں کے منصوبے شروع کرکے انہیں جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی ،

مسلم لیگ (ق ) کی جانب سے انہیں ڈیرہ اسماعیل خان کا ڈویژنل صدر

جبکہ سید برہان شاہ کو ڈویژنل جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا۔پارٹی رہنماﺅں اور کارکنان کی مشاورت سے ضلع ڈیرہ میں نئی کابینہ بھی تشکیل دے دی گئی

جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیاگیا جس کے مطابق ضلعی صدر مطلوب چغتائی اورضلعی جنرل سیکرٹری ہیبت اللہ صدیقی مقرر کیے گئے ہیں ۔
٭٭٭
ڈاکٹر فضل احمد عمرہ کی سعادت حاصل کرکے وطن وآپس پہنچ گئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ممتاز معالج چلڈرن اسپشلسٹ ڈاکٹر فضل احمد عمرہ کی سعادت حاصل کرکے وطن وآپس پہنچ گئے ہیں ۔

انہوں نے اپنے کلینک پر مریضوں کا دوبارہ معائنہ بھی شروع کردیا ہے۔

اس موقع پر کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن ڈیرہ کے چیئر مین حاجی لطیف الرحمٰن ،شاہد سلیم ،فیض حبیب خان ،

اعجاز خان اور عمرخان نے ان کے کلینک پر ان سے ملاقات کی اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔
٭٭٭
درابن روڈ پر نکاسی آب کے پائپ کا سائز بہت چھوٹا ہونے سے چوک ہونے کا خطرہ ہے ،سہیل احمد اعظمی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)درابن روڈ پر نکاسی آب کا منصوبہ عوام الناس کے لئے وبال جان بن گیا ،آمدورفت میں شدید پریشانی ،نکاسی آب کے بچھائے جانے والے پائپ انتہائی چھوٹے ،

چند ماہ کے اندر ہی مبینہ طور پرطارق آباد نکاسی آب کی طرح چوک ہونے کا خطرہ ،

مرکزی انجمن تاجران ڈیرہ کے سرپرست اعلی سہیل اعظمی نے اپنے بیان میں انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشن موڑ سے درابن چونگی تک کروڑوں روپے کی لاگت سے نکاسی آب کا اہم منصوبہ

اپنی ابتدائی ایام سے ہی اپنی ناقص منصوبہ بندی ،غیر معیاری تعمیر اور پائپ کا سائز بہت چھوٹا ہونے کے باعث عوام کے لئے وبال جان بن گیا ہے،

انہوں نے کہا کہ مذکورہ روڈ پر جہاں تبلیغی مرکز کے علاوہ کئی سکولز ،کالجز ،ٹیوشن سنٹرز اور لاکھوں کی آبادی موجود ہے میں اس قسم کے غیر معیاری منصوبے کا حشر بھی طارق آباد نکاسی آب جیسے منصوبے کی طرح ہوگا

جوکہ آئے روز بند رہتاہے۔انہوںنے ضلع انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ اس کروڑوں کے منصوبے میں مبینہ کرپشن اور ناقص منصوبہ بندی کا ابھی سے سدباب کیا جائے

بصورت دیگر یہ اہم منصوبہ افادیت کی بجائے لوگوں کی اربوں روپے کی کمرشل اور رہائشی جائیداد کی تباہی کا باعث بنے گا۔
٭٭٭
متحدہ طلباءمحاذگومل یونیورسٹی کی جانب سے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) متحدہ طلباءمحاذگومل یونیورسٹی کی جانب سے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیاگیا جس میں مختلف طلبہ تنظیموں کے صدور نے کثیر تعداد میں شرکت کی ،

مقررین نے پریس کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے حقوق کے لئے احتجاج کرنے والے طلباءپر مقدمات کا اندراج انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے ،

طلباءکے خلاف درج ایف آئی آر کو فوری طور پر ختم کرنے گرفتار طلباءکو رہا کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ گومل یونیورسٹی میں داخلے کے لئے دوسرے صوبوں کے لئے اوپن میرٹ کو ختم کرکے مختص کوٹہ رکھا جائے ،

گورنر انکوائری کمیٹی پر عمل درآمد کرکے فیسوں کو ایچ ای سی کے قوانین کے مطابق رکھا جائے ۔انہوںنے مطالبہ کیا کہ ہر کلاس کے لئے پروفیسر ز کی کمی کو پورا کرکے ایڈمنسٹریشن کو لابی سے صاف کیا جائے ۔

میرٹ پر غیر جانبدار وی کی تقرری کو یقینی بنایا جائے ۔نیڈ بیس اسکالرشپ کو ہڑپ کرلیاگیا ہے اسے بحال کرکے طلباءکو دیا جائے ۔

فی ری ایمبرسمنٹ حقدار طلباءکو دی جائے اور ایم فل،پی ایچ ڈی کے طلباءکو جلد از جلد فارغ کیا جائے ۔سرائیکی ڈیپارٹمنٹ کو کھول جائے اور بسوں کی کمی کو دور کرکے طلباءکی مشکلات حل کی جائیں ،
٭٭٭
بچوں کی دو لاکھ سے تیس لاکھ روپے تک سالانہ فیس ادا کرنے والے افراد کا سراغ لگالیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے بھر میں سکولز ،کالجز اور یونیورسٹیوں کے دو لاکھ سے تیس لاکھ روپے تک سالانہ فیس ادا کرنے والے غیر رجسٹرڈ افراد کا سراغ لگالیاہے،

ان میں سب سے زیادہ غیر رجسٹرڈ افراد کا تعلق پشاور اور ایبٹ آباد سے ہے جبکہ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے بیشتر افراد کے بچے پنجاب ،اسلام آباد اور کراچی کے نجی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں ۔

ذرائع کے مطابق غیر رجسٹرڈ کروڑ پتی افراد کا ریکارڈ مرتب کرکے ایف بی آر ہیڈ کوارٹر کو بھجوادیا گیاہے ،

ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ کروڑ پتی افراد کو نوٹسز جاری کرکے پانچ سال کے گوشوارے ،اثاثہ جات اور ذرائع آمدن کی تفصیلات طلب کی جائیں گی ،

ٹیکس نیٹ میں شامل ہوئے بغیر فیسوں کی مد میں لاکھوں روپے کی ادائیگی کرنے والے والدین کو بھاری بھر کم جرمانے عائد کرکے ٹیکس وصولی کی جائے گی ،

ذرائع نے یہ بھی کہا ہے کہ ٹیکس نیٹ میں موجود کم آمدن ظاہر کرنے والوں کا بھی ریکارڈ مرتب کیاگیا ہے جو آمدن سے زائد بچوں کی بھاری فیسیں ادا کررہے ہیں ۔
٭٭٭
مدت ملازمت کے عدالتی فیصلہ پرآڈیٹر جنرل آف پاکستان نے صوبائی حکومت سے رابطہ کرلیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)سرکاری ملازمین کی ملازمت کی عمر ساٹھ سال کرنے کے فیصلے کے بعد آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے صوبائی حکومت سے رابطہ کرلیا ،

رواں سال کے دوران مختلف گریڈ کے سولہ ہزار ملازمین اور افسران ریٹائرڈ ہورہے ہیں ،

ذرائع کے مطابق پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے صوبائی حکومت کے سرکاری ملازمت کی عمر 63 سال کرنے کے فیصلے کو معطل کرنے کے بعد اے جی آفس کی جانب سے صوبائی حکومت سے رابطہ کیاگیا ہے

کہ رواں سال ریٹائرڈ ہونے والے افسران اور ملازمین کے حوالے سے تفصیلات فراہم کی جائیں کہ ان کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے نئی پالیسی یا پھر پرانی پالیسی پر عمل درآمد کیا جائے ،

سولہ ہزار افسران اور ملازمین کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے انتظامات اور ہوم ورک مکمل کیا جائے ،ذرائع نے بتایا ہے کہ سرکاری ملازمین کے بارے میں

صوبائی حکومت کی جانب سے تفصیلات کی فراہمی کے بعد اے جی آفس اپنا لائحہ عمل طے کرے گا جبکہ صوبائی حکومت نے پشاور ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان بھی کیاہے۔
٭٭٭
سات گھنٹے سونے والے نوجوان 9 گھنٹے سونے والوں کی نسبت بہتر تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں ،طبی ماہرین

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)طبی ماہرین نے کہا ہے کہ 7 گھنٹے سونے والے نوجوان 9 گھنٹے سونے والوں کی نسبت بہتر تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

امریکی جریدے میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیند کے دورانیے کے طلباکی تعلیم اور صحت پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ماہرین نے پرائمری اور ثانوی جماعت کے 1724 طلباپر تحقیق کی

جس کے مطابق 7 گھنٹے سونے والے 13 سے 19 سال والے طالب علم 9 گھنٹے سونے والے طالب علموں کی نسبت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ اسکول کے طالب علموں کو نیند کی بھی کم ضرورت ہوتی ہے

جیسا کہ 10 سال کی عمر والوں کو 9 سے ساڑھے 9 گھنٹے، 12 سال والوں کو 8 سے ساڑھے 8 گھنٹے اور 16 سال کی عمر والے طالب علموں کو 7 گھنٹے نیند کی ضرورت ہوتی ہے
٭٭٭
سرٹیفکیٹ کورسز اور اوپن ٹیک کورسز کے داخلوں کی تاریخ بغیر کسی لیٹ فیس چارجز کے توسیع

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر بہار 2020ءمیں پیش کئے گئے

میٹرک ، ایف اے ، سرٹیفکیٹ کورسز اور اوپن ٹیک کورسز کے داخلوں کی تاریخ میں بغیر کسی لیٹ فیس چارجز کے 3 مارچ تک توسیع کردی گئی ہے۔

داخلوں کی تاریخ میں توسیع کا مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں کو تعلیمی نیٹ میں لانا ہے اور کوشش ہے کہ حصول علم کے خواہشمند افراد کو تعلیمی نیٹ میں شامل ہونے کا ایک اور موقع ملے۔

داخلہ فارم اور پراسپیکٹس اسلام آباد میں یونیورسٹی کے مین کیمپس ، علاقائی کیمسسز/رابطہ دفاتر اور ملک بھر میں قائم کردہ سیل پوائنٹس سے حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

پراسپیکٹس اور داخلہ فارم یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہیں۔ داخلوں کی اہلیت ، تعلیمی طریقہ کار اور دیگر تفصیلات متعلقہ پراسپیکٹس میں موجود ہے۔

جاری طلباء و طالبات بھی اگلے سمسٹر کیلئے اپنی فیس 3 مارچ تک جمع کرا سکتے ہیں۔ طلباءداخلہ فارم یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے ڈاﺅن لوڈ کر سکتے ہیں۔
٭٭٭
کاشتکار کمادکی بہاریہ فصل کی کاشت کیلئے زمین کواچھی طرح تیارکریں ،محکمہ زراعت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ترجمان محکمہ زراعت نے کہاہے کہ کاشتکار کمادکی بہاریہ فصل کی کاشت کیلئے زمین کواچھی طرح تیارکریں

اور فصل کی کاشت کے لئے پانی کے اچھے وموزوں نکاس والی بھاری میرازمین کا انتخاب کیاجائے تاہم بھاری میرازمین کی عدم دستیابی کے باعث کماد کی بہاریہ فصل کی کاشت کے لئے میرااورہلکی میرازمین بھی کارگر ثابت ہوسکتی ہے

جہاں ماہرین زراعت کی مشاورت سے کمادکی بہاریہ فصل کاشت کرکے بہتر پیداوارکا حصول ممکن بنایاجاسکتاہے۔

انہوں نے صحافیوں کو بتاتے ہوئے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ اگرکمادکی فصل مونجی کے وڈھ میں اورکپاس کے بعد کاشت کرنی ہوتو ان فصلات کی برداشت کے بعد رونا ویٹریاڈسک ہیروچلاکر پچھلی فصل کی باقیات کو زمین میں ملادیاجائے

اور بعدمیں کم گہری 8تا10انچ والی کھیلیوں کیلئے دومرتبہ مٹی پلٹنے والا ہل ضرورچلایاجائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر زیادہ گہری کھیلیاں 18انچ بنائی ہوں تو سب سائیلر کا استعمال کیاجاسکتاہے
٭٭٭
ہری مرچ بڑھتی عمرکے اثرات کو بھی زائل کرنے میں بھی معاون ثابت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ماہرین طب کا کہناہے کہ ہری مرچوں میں پائے جانیوالے قدرتی اجزاءآنکھوں کے تحفظ ‘انسانی جسم کے مدافعتی نظام‘ کھانسی اور پھیپھڑوں کے سرطان سے تحفظ فراہم کرتے ہیں

جبکہ ہری مرچ بڑھتی عمرکے اثرات کو بھی زائل کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ ہری مرچ میں پائے جانے والے وٹامن سی‘ اے‘ بی 6‘آئرن‘ کاپر‘ پوٹاشیم سمیت پروٹین اور کاربوہائیڈریٹ پائے جاتے ہیں

اس لئے ہمیں چاہئیے کہ ہری مرچ کے استعمال کواپنی خوراک میں لازمی حصہ بنائیں تاکہ مختلف امراض سے بچاجاسکے۔
٭٭٭
پنشنرز کی فی کس پنشن میں 2 ہزار روپے اضافہ کردیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)وفاقی حکومت نے ای او بی آئی پنشنرز کو خوشخبری سنا دی، 4 لاکھ پنشنرز کی فی کس پنشن میں 2 ہزار روپے اضافہ کردیا، پنشن میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری 2020ءسے ہوگا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے ای او بی آئی کے 4 لاکھ پینشنرز کو مہنگائی کے موجودہ دور میں ریلیف دینے کیلئے اچھی خبر سنا دی ہے۔ ای اوبی آئی بورڈ نے پنشن میں 2 ہزار روپے اضافے کی منظوری دے دی ہے

۔ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن ماہانہ 8500 رورپے مقررکرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پنشن میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری 2020ءسے ہوگا۔ پنشن میں اضافے کا نوٹی فکیشن چند روز میں جاری کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکام کے نزدیک اس وقت ای او بی آئی پنشنرزکی پنشن 6500 روپے ہے۔موجودہ حکومت پہلے بھی ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن میں 1250روپے کا اضافہ کرچکی ہے۔

یاد رہے موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا توپنشنرز کی ماہانہ پنشن 5 ہزار250 روپے تھی۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کیے جانے والے اعلان پر گزشتہ 2 ماہ سے عملدرآمد نہیں ہو پایا تھا۔

اب ای او بی آئی بورڈ کی منظوری کے بعد وزیراعظم کے فیصلے کا اگلے ماہ سے باقاعدہ اطلاق کر دیا جائے گا۔
٭٭٭
ناشکری گناہ ہے ،ہمیں ہروقت اللہ تعالیٰ رب العزت کاشکر بجا لانا چاہیے،پیر صدام حسین زکوڑی ایڈووکیٹ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ممتاز قانون دان پیر صدام حسین زکوڑی ایڈووکیٹ نے کہا کہ اللہ پاک نے ہمیں بے شمار نعمتوں سے نوازرکھا ہے ، ہمیں ہروقت اللہ تعالیٰ رب العزت کاشکر بجا لانا چاہیے ،

بات بات پر شکوہ شکایت اچھا نہیں ،بیماریاں ،دکھ درد اورمشکلات آتی جاتی رہتی ہیں ہم ان پر صبر وشکر کریں،شکربھی عبادت ہے ،اللہ پاک ہمیں ناشکری سے بچتے ہوئے شکر کرنے توفیق عطا فرمائے،

صبر وشکر کرکے اللہ کو راضی کریں اور ثواب کمائیں۔ انہوں نے کہا کہ مومن کو خوش کرنا بھی عبادت ہے ،آپ کی ایک مسکراہٹ کسی کے پورے دن کو اچھا بناسکتی ہے ،کسی کی تھکاوٹ دور کرسکتی ہے ،

کسی کا دل خوش کرسکتی ہے ،میاں بیوی ،ماں باپ ،اولاد اور بہن بھائی ایک دوسرے کے ساتھ حسن سلوک کریں ان کے حقوق ادا کریں ،

اپنے ناراض رشتہ د اروں کے ساتھ حسن سلوک کریں اور انہیں معاف کرتے ہوئے محبتیں بانٹیں اور بڑوں کا احترام کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ملازمین کی دلجوئی کریں اور ان کا دل خوش کر یں ،

یاد رکھیں جو مسلمان کے ساتھ ہمدردی کرے گا تو اللہ پاک اسے تقویٰ کا لباس پہنائے گا ،کسی مسلمان کو پانی پلانا ،کھانا کھلانا ،مسلمان بھائی کی مدد کرنا ،

مسلمان بھائی کیلئے دعا کرنے سے مسلمان کی دل جوئی ہوتی ہے لہٰذا غریبوں اور پریشان حال افراد کی مدد کریں ،معاشرے میں ایسے افراد بھی ہیں جو بہت امیر ہیں اگر یہ افراد پوری زکوة ادا کریں تو بہت سے مسلمانوں کی ضروریات پوری ہوسکتی ہیں۔
٭٭٭
پاکستان کادنیا میں سب سے زیادہ حفاظ تیار کرنے کا اعزاز برقرار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) پاکستان کادنیا میں سب سے زیادہ حفاظ تیار کرنے کا اعزاز برقرار ہے، وفاق المدارس کے زیر اہتمام حالیہ تعلیمی سال کے دوران 77805 بچوں نے حفظ قرآن کریم کی سعادت حاصل کی،

خوش قسمت بچوں میں 63805 طلبہ اور 14000 طالبات شامل ہیں۔ مجموعی طور پر حفظ قرآن کریم کے شعبے میں دس لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔وفاق المدارس کو قرآن کریم کی خدمت پر کئی عالمی ایوارڈ مل چکے۔

ڈیرہ اسماعیل خان سمیت پاکستان بھر میں دستار بندی کی تقریبات جاری ہیں، حفظ قرآن کریم کے امتحانات بھی اگلے ماہ سے شروع ہو جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کا دنیا میں سب سے زیادہ حفاظ تیار کرنے کا اعزاز برقرار ہے،

حالیہ تعلیمی سال کے دوران دینی تعلیم کے سب سے بڑے نیٹ ورک وفاق المدارس العربیہ پاکستان سے ملحقہ مدارس سے 77805 خوش نصیب بچوں اور بچیوں نے قرآن کریم کا حفظ مکمل کیا ہے جن میں سے 14000 بچیاں جبکہ باقی63805 بچے شامل ہیں-

یاد رہے کہ یہ وہ خوش نصیب طلبہ و طالبات ہیں جن کا اس سال حفظ مکمل ہوچکا اور وہ وفاق المدارس کے زیر اہتمام فائنل امتحانات میں شریک ہوں گے

جبکہ اس وقت وفاق المدارس سے ملحقہ مدارس اور اسکولز میں دس لاکھ سے زائد بچے اور بچیاں حفظ قرآن کریم کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔

ان دنوں ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک کے طول و عرض میں حفظ قرآن کریم کی سعادت حاصل کرنے والے خوش نصیب بچوں، بچیوں اور ان کے والدین کے اعزاز میں تقریبات منعقد ہورہی ہیں

جن میں حفظ قرآن کریم کی سعادت حاصل کرنے والے بچوں کی دستار بندی کی جاتی ہے اور ان میں انعامات تقسیم کیے جاتے ہیں۔

یاد رہے کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ذریعے پاکستان کو دنیا بھر میں یہ اعزاز حاصل ہے کہ پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ حفاظ تیار کرنے والا ملک ہے جس پر وفاق المدارس کو کئی عالمی ایوارڈ دئیے جا چکے ہیں۔

وفاق المدارس کے زیر اہتمام فائنل امتحانات کی تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں اور ملک بھر کے لیے امتحانی مراکز اور ممتحنین کا انتخاب عمل میں لایا جا چکا ہے عنقریب امتحانات کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔
٭٭٭
سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق فی تولہ کی قیمت میں 1150روپے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 93650 روپے ہو گی۔

کاروباری ہفتے کے آخری روز سونے کی قیمت میں حیران کن اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے بعد عوام کے لئے سونے کی قیمت میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔

جبکہ اسی طرح 10گرام سونے کی قیمت میں 980 روپے کا ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اس سے قبل بھی سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے

جس کے بعد سونا خریدنا عام عوام کی پہنچ سے بہت دور ہو گیا ہے اور سونے کی قیمت میں حیران کن اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

گزشتہ سال سے موازنہ کیا جائے تو سونے کی قیمت میں 20 ہزار سے زیادہ کی قیمت کا اضافہ ہوا ہے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 17 ہزار سے زیادہ کی رقم میں اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ سونے کی قیمت اب فی تولہ 93650 روپے تک چلی گئی ہے جسے ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ رقم کہا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے سونے کی قیمت میں اس قدر تک اضافہ نہیں ہوا۔

عام عوام کی جانب سے بار بار اس بات کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ سونے کی قیمت کو بڑھا کر سونے کو ان سے دور کیا جا رہا ہے۔ سونا ہرشادی کی ضرورت ہے، لیکن غریب عوام کے لئے اس کی خریداری مشکل ہوتی جا رہی ہے۔
٭٭٭
الیکٹرانکس مصنوعات اقساط پر دینے کی آڑ میں سود کا کارروبار عروج پر

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ شہر سمیت ضلع بھر میں الیکٹرانکس مصنوعات اقساط پر دینے کی آڑ میں سود کا کارروبار عروج پر ،قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی ، شہری سراپا احتجاج، ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق شہرسمیت ضلع بھر میں الیکٹرانکس مصنوعات اقساط پر دینے کی آڑ میں سود کا کاروبارعروج پر پہنچ چکا ہے ، الیکٹرانکس مصنوعات، موٹرسائیکلیں،

جنریٹرز وغیرہ اقساط پر دینے کی آڑ میں سود کا کاروبار عروج پرہے ، 55 ہزار روپے والا موٹرسائیکل قسطوں پر 75 ہزار روپے میں فروخت کرکے 20ہزار روپے اضافی سود کے طور پر وصول کیا جارہا ہے۔

ضلع بھر میں قائم الیکٹرانکس مصنوعات کی دکانوں پر ایل سی ڈیز، ایل ای ڈیز، فریج، اے سی، پنکھے، موٹرسائیکلیں، جنریٹرز، موبائل فونز وغیرہ قسطوں پر فروخت کے رجحان میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے

جبکہ اس طرح موٹرسائیکلوں کی خرید و فروخت کا کارروبار کرنے والے سینکڑوں افراد سود کی آڑ میں شہریوں کو کنگال کرکے انہیں جمع پونجی سے محروم کر رہے ہیں۔

شہریوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سود کا دھند ہ کرنے پر پابندی عائد ہونے کے باوجود بااثر افراد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی آنکھوں میں دھول جھونک کر دیدہ دلیری کے ساتھ سودی کارروبار کو فروغ دے رہے ہیں

جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرنے کے بجائے خاموشی اختیار کر رکھی ہے جو کہ سوالیہ نشان ہے۔
٭٭٭
اندرون شہر بھینسوں کے باڑے مچھروں کی افزائش کا سبب بننے لگے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ اندرون شہر بھینسوں کے باڑے مچھروں کی افزائش کا سبب بننے لگے ، حکام خاموش تماشائی۔شہریوں کا ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواحکومت کی جانب سے رہائشی علاقوں میں بھینسوں کے باڑوں پر عائد پابندی کے باوجود میونسپل کمیٹی حکام کی مبینہ ملی بھگت سے بااثر افراد نے

شہر کے رہائشی اور گنجان آباد علاقوں سمیت دیگر رہائشی علاقوں میں بھینسوں کے باڑے قائم کر رکھے ہیں۔

بھینسوں کے باڑے مچھروں کی افزائش کا سبب بن رہے ہیں اور گندگی و غلاظت کے ڈھیروں سے تعفن پھیلنے سے بیماریاں بھی پھوٹ سکتی ہیں

جبکہ مویشیوں کے فضلے کیوجہ سے سیوریج کا نظام بھی درہم برہم ہورہا ہے۔ شہریوں کے مطابق باڑوں کے حوالے سے متعدد مرتبہ میونسپل کمیٹی ڈیرہ کے حکام اور ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا

مگر متعلقہ حکام کی معنی خیز خاموشی سے بے شمار سوالات جنم لے رہے ہیں۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے نوٹس لینے اور بھینسوں کے باڑے شہر سے باہر ویران مقامات پر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے
٭٭٭
افغان باشندوں اور تاجروں کی کروڑوں روپوں کی قیمتی جائیدادوں کا انکشاف

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)خیبرپختونخوا میں افغان باشندوں اور تاجروں کی کروڑوں روپوں کی قیمتی جائیدادوں کا انکشاف سامنے آگیا،

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریوینو کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخواہ میں افغان باشندوں کی جائیدادوں کیخلاف مکمل کارروائی کی جائیگی۔

انکا کہنا ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں نہ صرف افغان باشندوں کی بلکہ دیگر افراد کے بھی بڑے بڑے پلازے اور جائیدادیں ہیں جنکی کوئی معلومات نہیں۔

انکا مزید کہنا ہے کہ ڈیٹا کی دستیابی کے بعد ہی کاروائی کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے، وزارت برائے داخلہ کی ہدایات پر املاک کی خرید و فروخت کے حوالے سے سفارشات کو مرتب کیا جائیگا۔

اس حوالے سے شہریوں کی جانب سے بھی کے پی کے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناجا رہا ہے۔ خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سے پانچ ماہ گزرنے کے باوجود فیڈرل بورڈ آف ریوینو کو ڈیٹا نہیں کیا گیا۔

فیڈرل بورڈ آف ریوینو کے پی کے نے گزشتہ سال صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو افغان باشندوں سمیت بے نامی جائیدادوں کا ڈیٹا اور ریکارڈ جمع کرنے کی ہدایات جاری کیں تھیں۔
٭٭٭٭

About The Author