نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

08فروری2020:آج ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے

دو مقدمات میں منظور پشتین کی ضمانت پر رہائی کی دودراخواستیں منظور

ڈیرہ اسماعیل خان :ریاست مخالف سرگرمیوں اور سیکورٹی اداروں کے خلاف سخت زبان استعمال کرنے کے الزام میں گرفتارپشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کا سربراہ منظور احمد پشتین دو مقدمات میں عدالت سے ضمانت پر رہائی پانے میں کامیاب ،

تیسر ے مقدمہ میں درخواست ضمانت پر سماعت جاری، ایڈیشنل سیشن جج IV ڈیرہ شاکر اللہ خان نے ریاست مخالف سرگرمیوں اور سیکورٹی اداروں کے خلاف سخت زبان استعمال کرنے پر تھانہ سٹی اور تھانہ صدر میں درج دو مختلف مقدمات میں گرفتار

محسود رہنما منظور پشتین کی ضمانت پر رہائی کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے اسے ایک ایک لاکھ روپے فی کس دونفری ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے ،

ملزم کی جانب سے اسد عزیز ایڈوکیٹ اور اختر سعید ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ، پی ٹی ایم کے سربراہ منظور احمد پشین کے خلاف ڈیرہ اسماعیل خان میں جلسوں اور ریلیوں کے دوران ریاست مخالف تقاریر، سیکورٹی اداروں کے خلاف سخت زبان استعمال کرنے اور نفرت انگیز نعرہ بازی اور عوام میں اشتعال انگیزی پیدا کرنے کے الزام میں

تھانہ سٹی ،کینٹ اور صدر میں تین مختلف مقدمات درج کیے گئے ، ڈیرہ پولیس کو مطلوب ہونے پر منظور پشتین کے پشاور میں گرفتار ہونے پر سنٹرل جیل ڈیرہ منتقل کیاگیا،ملزم کے وکیل کی جانب سے تینوں مقدمات میں اس کی ضمانت پررہائی کی الگ الگ درخواستیں دائر کی گئیں

ان میں سے تھانہ سٹی اور صدر کے دو مقدمات میںضمانت کی درخواستوں پر جمعہ کو سماعت مکمل کرکے عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ گزشتہ روز عدالت نے دونوں مقدمات میں اسکی ضمانت پر رہائی کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے اسے فی کس ایک ایک لاکھ روپے دو نفری ضمانت پر رہائی کے احکامات جاری کردیئے ہیں ،

واضح رہے کہ منظور پشتین کے خلاف ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ سٹی ،کینٹ اور صدر میں درج تین مقدمات کے علاوہ ، جنوبی وزیر ستان ، شمالی وزیر ستان ،پشاور ،مردان ،سوات ،بنوں ،ٹانک اور ر بلوچستان کے مختلف تھانوں میں 15 مقدمات درج کیے گئے ہیںجن میں وہ پولیس کو مطلوب ہے ۔
٭٭٭
موٹرسائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث چار رکنی گروہ بے نقاب ،سرغنہ سمیت تین ملزمان گرفتار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ شہر میں موٹرسائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث چار رکنی گروہ بے نقاب ،سرغنہ سمیت تین ملزمان گرفتار ، چوتھے ملزم کی گرفتاری کے لئے پولیس کے چھاپے جاری ،

گرفتار ملزمان کے قبضہ سے چوری کی گئیں بارہ موٹرسائکلیں برآمد کرلی گئیں ،ملزمان سے تفتیش جاری مذید سنسنی خیز انکشاف متوقع ،پولیس ذرائع کے مطابق ڈیرہ شہر اور اس کے مضافات میں موٹرسائیکل چوری کی پے در پے بڑھتی ہوئی وارداتوں نے پولیس کے ناک میں دم کردیا ،

جس پر ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن (ر) واحد محمود نے ڈی ایس پی سٹی سرکل اقبال بلوچ کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ صدر عابد اقبال اور ایس ایچ او تھانہسٹی انسپکٹر فضل الرحیم خان پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دے کر انہیں شہر میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں اور ان میں ملوث گروہ کو ٹریس کرنے کی ذمہ داری سونپی ،

تحقیقاتی ٹیم نے دوران تفتیش جدید طریقہ کار ، سائنٹفک اسلوب تفتیش اور خفیہ ذرائع کے ذریعے موٹر سائیکل چوری میں ملوث چار رکنی گروہ کو ٹریس کر کے تین ملزمان کو محمد عمران عرف عمری ولد غفور خان قوم خٹک سکنہ فاروق اعظم ٹاﺅن رتہ کلاچی ،

محمد نعیم ولد اللہ وسایا قوم اعوان سکنہ لکھرا اور محمد تنویر ولد بشیر احمد قوم اعوان سکنہ لکھرا گرفتار کرلیا جبکہ ان کے چوتھے ساتھی محمد مشتاق ولد محمد الطاف قوم بلوچ سکنہ لکھرا کی گرفتاری کے لئے کوششیں تیز کردی گئی ہیں ،

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضہ سے شہر کے مختلف علاقوں سے چوری کی گئی بارہ عدد موٹرسائیکلیں برآمد کرلی گئی جن کے خلاف ڈیرہ شہر کے مختلف تھانوں سٹی ، کینٹ ، صدر اور ڈیرہ ٹاﺅن میں مقدمات درج کیے گئے ہیں ۔

پولیس کے مطابق دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ شہر اور اس کے مضافات سے موٹرسائیکل چوری کرکے انہیں آگے فروخت کرتے رہے ہیں ،گرفتار ملزمان سے مذید تفتیش جاری ہے جس میں مزید سنسنی خیز انکشافات اور مذید موٹر سائیکل برآمدکا قوی امکان ظاہر کیاگیا ہے ۔
٭٭٭
قوانین کو انگریزی سے اردو میں ترجمہ کرنے کاسلسلہ شروع کردیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)صوبائی محکمہ قانون نے قوانین کو انگریزی سے اردو میں ترجمہ کرنے کاسلسلہ شروع کردیا

سال 1860سے اجراہونے والے تمام قوانین کا اردو زبان میں ترجمہ کیا جارہا ہے،

ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے سال 2017 تک جاری قوانین کا اردو زبان میں ترجمہ کردیا گیا ہے اب تک 90 مختلف سالوں کے دوران صوبائی حکومت کی جاری قوانین کو نیٹ پر اپ لوڈ بھی کردیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ قوانین کو انگریزی زبان سے اردو زبان میں کرنے کا بنیادی مقصد لوگوں میں قوانین سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے تاکہ وہ آسانی سے ان قوانین کو سمجھ سکیں خیبر پختونخوا کوڈ کے نام سے انٹرنیٹ پر صوبائی حکومت کی ویب سائٹ پر تمام قوانین کو اپ لوڈ کیا جارہا ہے

جس میں انگریزی زبان کیساتھ ساتھ اردو زبان کا سیکشن بھی کھول دیا گیاہے۔
٭٭٭
چرس، آئس نشہ اور نقدی برآمد کرکے منشیات فروش کو گرفتارکرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی ، ایک کلو گرام سے زائد چرس، آئس نشہ اور نقدی برآمد کرکے منشیات فروش کو گرفتارکرلیاگیا، پولیس ذرائع کے مطابق سٹی پولیس نے منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاﺅن

کے دوران کنیرانوالہ گیٹ پر ملزم جہانزیب عرف زیبا ولد محمد افضل سکنہ نیو امیر سٹی کو گرفتارکرکے اس کے قبضہ سے ایک کلو گرام سے زائد چرس ،آئس نشہ اور چھ ہزار روپے نقدی برآمد کرلی ،

پولیس کے مطابق ملزم طویل عرصہ سے منشیات فروشوں کے ذریعے نوجوان نسل کو تباہ کرنے کا مکروہ دھندہ کررہا تھا ۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے حوالات میں بند کردیاہے۔
٭٭٭
نامعلوم چور مکان سے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی چوری کرکے فرار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)اندرون شہر گنجان آباد محلہ دیوان صاحب میں چوری کی سنگین واردات ،نامعلوم چور مکان کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی چوری کرکے فرار ،نامعلوم ملزمان کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرلیاگیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈیرہ شہر کے گنجان آباد محلہ دیوان صاحب میں نامعلوم چور اہل خانہ کی غیر موجودگی میں مککان کے تالے توڑ کر اندر داخل ہوگئے اور وہاں سے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات اور ایک لاکھ روپے نقدی چوری کرکے لے گئے ،

اہل خانہ کے مطابق وہ قریبی رشتہ دار کی شادی میں شرکت کیلئے گئے ہوئے تھے جب وہ گھر لوٹے تو گھر کے تالے ٹوٹے ہوئے پائے گئے ۔ تھانہ سٹی پولیس نے مالک مکان زبیر شیخ کی رپورٹ پر نامعلوم چوروں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔
٭٭٭٭٭٭
سنیئر ڈاکٹر بشیر احمد شاہ مدنی طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ شہر کے معروف آرتھوپیڈک معالج ڈاکٹر شکیل شاہ کے والد سنیئر ڈاکٹر بشیر احمد شاہ مدنی طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔

ان کی نماز جنازہ 09 فروری بروز اتوار صبح 9بجے وینسم کالج ڈیرہ کے سبزہ زار میں ادا کی جائے گی۔مرحوم کی تدفین ان کے آبائی قبرستان درابن خورد میں کی جائیگی۔

مرحوم ڈاکٹر بشیر احمد مدنی معروف آرتھو پیڈک سرجن اور پراونشل ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے رہنما ڈاکٹر شکیل شاہ،

معروف گائناکالوجسٹ ڈاکٹر غزالہ بشیر، لیڈی ڈاکٹر ثناءبشیراور کوٹ ادو پاور پلانٹ کے چیف انجینئر جمیل شاہ کے والد اور معروف پلاسٹک سرجن ڈاکٹر زاہد ہاشمی کے سسر تھے۔
٭٭٭
ورلڈ کینسر ڈے کے موقع پر خصوصی سیمینار کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ورلڈ کینسر ڈے کے موقع پر دینارکینسر ہسپتال ڈیرہ میں خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جسکے مہمان خصوصی گومل میڈیکل کالج کے ڈین ڈاکٹر ارشد علی مروت تھے ۔

تقریب میں میڈیکل کالج کے طلبا ایم ٹی آئی ٹیچنگ ہاسپیٹل کے ڈاکٹرز طبی عملہ اور طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گومل میڈیکل کالج کے ڈین ڈاکٹرارشد علی مروت اور دینار کینسر ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سمیع اللہ خان نے کہا کہ کینسر کے علاج میں اس مرض کی جلد تشخیص کلیدی حیثیت رکھتی ہے،

ملک بھر میں کینسر کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابو پانے کیلئے عوام الناس کو اس مرض کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ناگزیر ہے ۔پوری دنیا میںہر سال چار فروری کا دن بطور ورلڈ کینسر ڈے منایا جاتا ہے

اس دن کو عالمی سطح پر منانے کا مقصد عوام کو کینسر کے مرض کے بارے میں بنیادی آگاہی فراہم کرنا اور اسکے بارے میں مختلف ترقی پذیر یا غیر ترقی یافتہ ممالک میں رائج توہمات اور غلط نظریات کا خاتمہ ہیں۔

دینار کینسر ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ملک کے طول و عرض میں قائم کردہ 18کینسرہسپتالوں میں سے ایک ہے جو پاکستان میں کینسر جیسے موذی مرض کے خلاف نبرد آزما ہے۔

انہوں نے شرکاءکو پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی کینسر کے خلاف جنگ میں کاوشوں کا ذکر کیا ۔مقررین نے کینسر کی جلد تشخیص سکریننگ اور اس مرض کے علاج کیلئے بھرپور اقدامات پر زور دیا۔

انہوں نے شرکاءکو کینسرہسپتال کی کینسر کے مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کو بھی سراہا ۔تقریب میں دینار ہسپتال کے فارماسسٹ سعد عبداللہ نے دینار ہسپتال میں موجود مختلف سہولیات، ڈیرہ شہر اور اسکے مضافات میں آگاہی سیمینارز ورکشاپس کرنے کے بارے میں شرکاءکو تفصیلی بریفنگ دی۔

تقریب کے شرکا نے کینسر کے مرض کی تشخیص اور علاج کے سلسلے میں دینار کینسر ہسپتال کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس کا سلسلہ جاری رہے گا۔
٭٭٭
ون ویلنگ سے منع کرنے پر نوجوان موٹرسائیکل سوار کی سینہ زوری دوافراد کو تشدد سے زخمی کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)انڈس ہائی وے ملتان روڈ پر ون ویلنگ سے منع کرنے پر نوجوان موٹرسائیکل سوار کی سینہ زوری دوافراد کو تشدد سے زخمی کرکے ہسپتال پہنچا دیا ،پولیس نے موٹرسائیکل سوار نوجوان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا،

پولیس ذرائع کے مطابق پکہ ملانہ کے رہائشی عمر فاروق ولد حبیب اللہ قوم کھوکھر موٹرسائیکل پر اپنے بھائی عبدالرﺅف کے ساتھ جارہاتھا کہ تھانہ یونیورسٹی کی حدود انڈس ہائی وے ملتان روڈ بستی چڑوہا عمر فاروق مسجد کے قریب پیچھے موٹر سائیکل سوار ون ویلنگ کے دوران بے قابو ہوکر ان کے موٹرسائیکل سے ٹکرا گیا

تاہم دونوں بال بال بچ گئے ،ون ویلنگ سے منع کرنے اور موٹرسائیکل احتیاط سے چلانے کا کہنے پر نوجوان موٹرسائیکل سوار آپے سے باہر ہوگیا اور لاتوں مکوں اور گنے کاٹنے والے آہنی ٹوکے سے ان پر حملہ آور ہوکر دونوں کو زخمی کردیا ،نوجوان موٹرسائیکل پر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ،زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا۔
٭٭٭
اکبر علی شاہ کینسر کے موذی مرض میں مبتلا رہنے کے بعد وفات پاگئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ماہر تعلیم پروفیسر سید علی شاہ مرحوم کے جوانسال بیٹے اکبر علی شاہ کینسر کے موذی مرض میں مبتلا رہنے کے بعد وفات پاگئے ۔

ان کی نماز جنازہ سنیچر کی شب 9 بجے یونیورسٹی سٹی کیمپس کے میدان میں ادا کی گئی جس میں سیاسی و سماجی شخصیات ، سرکاری اداروں کے افسران اور اہل علاقہ کی کثیرتعداد نے شرکت کی، بعدازاں مرحوم کو آبائی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔

مرحوم کی روح کے ایصال و ثواب کیلئے قرآن خوانی بروز اتوار ان کی آبائی رہائش گاہ بستی ناد علی شاہ میں کی جائے گی ۔

مرحوم ڈیرہ کے معروف ماہر تعلیم پروفیسر سید علی شاہ مرحوم کے بیٹے اور سابق ڈپٹی کمشنر ٹانک و سابق ایڈیشنل آئی جی جیل خانہ جات خیبر پختونخوا محمد علی شاہ کے چھوٹے بھائی تھے ۔
٭٭٭
شہری ملاوٹ شدہ اور مضر صحت اشیاءخوردونوش استعمال کرنے پر مجبور

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی کی ناقص کارکردگی ،شہری ملاوٹ شدہ اور مضر صحت اشیاءخوردونوش استعمال کرنے پر مجبور ،ڈیرہ ضلع بھر میں خیبر پختونخو افوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران کی ناقص کارکردگی کے باعث شہری ملاوٹ شدہ اور مضر صحت اشیاءخوردونوش استعمال کرنے پر مجبور ،

خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی کا عملہ دفاتر تک محدود ،ضلع بھر کے شہری ناقص وغیر معیاری اشیاءخوردونوش استعمال کرنے پر مجبور ،شہری حلقوں کا ڈی جی خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ ،

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ ضلع بھر کے علاقوں میں بااثر ملاوٹ مافیا نے خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کھلی چھوٹ کی وجہ سے دیہی علاقوں میں ملاوٹ شدہ اشیاءکی فروخت شروع کررکھی ہے ،

خطرناک کیمیکل سے تیار سفید پانی ملا دودھ فروشوں نے دودھ کے نام پر فروخت کرنا شروع کررکھا ہے ،شیر فروش ،معمولی پیسوں کے لالچ میں کیمیکل ملا سفید پانی شہریوں کو دودھ کا کہہ کر فروخت کررہے ہیں ۔

اندرون شہر کے بازاروں ،مارکیٹوں میں ملاوٹ شدہ مصالحہ جات سے شہریوں کی صحت سے کھیلا جارہا ہے ۔بیکریوں مٹھائیوں کی دکانوں میں صفائی ستھرائی کا انتہائی ناگفتہ بہ نظام ،بیکری اور مٹھائی کی دکانوں کے مالکان نے ہیلتھ سرٹیفکیٹ آویزاں کرکے صارفین کو دھوکہ دے کر مہنگے داموں مٹھائی اور بیکری کا سامان فروخت کررہے ہیں ،

کیمیکل ملے سفید پانی سے بااثر افراد آئس کریم بھی تیار کررہے ہیں جبکہ میرج ہالز اور ہوٹلوں میں ناقص کھانے اور صفائی کی ابتر صورتحال کی وجہ سے شہری ذہنی طور پر پریشان ہیں ،

عوامی شکایات کے باوجود ضلعی انتظامیہ خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی دکانداروں کے خلاف کاروائی کرنے کی بجائے صرف وقت گزرانے کی پالیسی پر گامزن ہے ۔شہریوں نے ڈی جی خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی ،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔
٭٭٭
رکشہ ڈرائیور انسانی زندگیوں کے لئے خطرہ بن گئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ میں بزرگ ،ادھیڑ عمر کے افراد چنگ چی رکشہ ڈرائیور انسانی زندگیوں کے لئے خطرہ بننے لگے ،ڈیرہ شہر وگردونواح میں چنگ رکشاﺅں کی تعداد ہزاروں سے تجاوز کرگئی اور اس میں ہر گزرتے دن کے ساتھ تیز ی کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے

چنگ چی رکشہ چلانے والوں کی اکثریت ایسی ہے جو بزرگ اور ادھیڑعمر کے افراد ہیں ان کے پاس ڈرائیونگ لائسنس اور شناختی کارڈ بھی موجود نہیں ہوتا۔شہر بھر میں جگہ جگہ چنگ چی رکشاﺅں کے اڈے ٹریفک کے بہاﺅ میں مشکلات پیدا کررہے ہیں ،

قانون سے ناواقف ،ذہنی طور پر مفلوج اور کم نظری سے یہ ڈرائیور شہر کی سڑکوں پر چنگ چی رکشے دوڑاتے نظر آتے ہیں جو شہریوں کے لئے مشکلات کا باعث بن رہے ہیں ۔اکثر اوقات سواری اتارنے اور سواری بٹھانے کے لالچ میں یہ چنگ چی رکشے کو عین سڑک کے درمیان میں کھڑا کردیتے ہیں

جس کے باعث پیچھے سے آنے والی گاڑیاں حادثات کا شکار ہوجاتی ہے ۔شہریوں نے ڈی پی او ڈیرہ اور ڈی ایس پی ٹریفک ڈیرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جس طرح کم عمر چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں وموٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف مہم کا آغاز کیاگیا ہے

اسی طرح ادھیڑ عمر اور بزرگ چنگ ڈرائیوروں کے خلاف کریک ڈاﺅن کیا جائے تاکہ شہری حادثات سے بچ سکیں ۔
٭٭٭
پیٹرول پمپس کے پیمانے درست نہ ہونے شہری مزید مہنگا پیٹرول خریدنے پر مجبور

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پیٹرول پمپس کے پیمانے درست نہ ہونے شہری مزید مہنگا پیٹرول خریدنے پر مجبور،

ڈیرہ شہر سمیت چاروں تحصیلوں میں بیشتر پیڑول پمپس کے پیمانوں میں ہیر پھیر کررکھی گئی ہے ،گاڑیوں،موٹرسائیکلوں میں پیٹرول ڈالوانے کے دوران میٹر درست جبکہ پیڑول کم ڈالا جاتاہے لیکن پیڑول کی ٹینک میں پیڑول کی مقدار انتہائی کم ہوتی ہے ،

متعدد پیڑول پمپس کے مالکان نے متعلقہ ذمہ داروں کے ساتھ ساز باز کرکے غلط پیمانوں کے ذریعے مہنگے داموں پیڑول کی فروخت جاری رکھے ہوئے ہیں اور سادہ لوح شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف عمل ہیں ،

شہریوں نے سیکرٹری انڈسٹری خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر کے پیڑول پمپس کے پیمانے چیک کرنے اور درست مقدار میں پیڑول مہیا کروانے کے حوالے سے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں

اور اس حوالے سے غفلت کے مرتکب افسران واہلکاروں سمیت پیٹرول پمپس مالکان کے خلاف فوجداری مقدمات کے ساتھ ساتھ بھاری جرمانے وصول کیے جائیں تاکہ شہریوں سے وصول کی گئی رقوم کے مطابق پیٹرول فراہم ہوسکے ۔
٭٭٭
میٹرک سے پی ایچ ڈی سطح تک تمام تعلیمی پروگرامز کی کتابیں PDFمیں ویب سائٹ پر اپلوڈ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2019ءمیں پیش کئے گئے میٹرک سے پی ایچ ڈی سطح تک تمام تعلیمی پروگرامز کی کتابیں PDFمیں ویب سائٹ پر اپلوڈ کردی ہیںتاکہ طلبہ و طالبات اپنی ہوم اسائنمنٹس بروقت تیار کرسکیں۔طلبہ اپنی کتابیں ویب سائٹ پر Booksوالی آپشن سے ڈاﺅن لوڈ کرسکتے ہیں۔

طلباءطالبات کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے وائس چانسلر نے طلبہ کو بذریعہ ڈاک کتب ارسال کرنے کے ساتھ ہی ساتھ تمام درسی کتب کو ویب سائٹ پر اپلوڈ کرنے کی خصوصی احکامات صادر کئے تھے۔

ملک کے طول و عرض میں موجود یونیورسٹی کے لاکھوں طلبہ کو ویب سائٹ پر کتب دستیاب کرانا یونیورسٹی کا ایک اور بڑا کارنامہ ہے اور اس اقدام سے طلبہ کی جانب سے کتب نہ ملنے کی شکایات کا خاتمہ ہوگا۔وائس چانسلر نے تدریسی امور کو مینول سے آٹومیشن پر منتقلی )ڈیجیٹلائزیشن(کو پہلی ترجیح رکھی ہے

جس کا بنیادی مقصد طلبہ کو تیز رفتار بنیادوں پر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ،امور میں شفافیت اور تعلیمی معیار میں اضافہ کرنا ہے۔ڈیجٹلائزیشن کا زیادہ تر کام مکمل کیا جاچکا ہے ، اب تک داخلے ، کتب کی دستیابی اور اسائنمنٹس جمع کروانا جیسے دیگر امور آن لائن کئے جاچکے ہیں۔
٭٭٭
کاشتکار گندم کا سٹہ نکلتے وقت یوریاکھا د ڈالنے کا خاص خیال رکھیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت نے کہا ہے کہ گندم کی فصل چندروزبعد گوبھ پر آنے والی ہے

لہذاکاشتکار سٹہ نکلتے وقت یوریاکھا د ڈالنے کا خاص خیال رکھیں ‘جب گندم کا پوداسٹہ نکال رہاہوتوکسان بھائیوں کو چاہئیے کہ وہ اس وقت فی ایکڑ گندم کی فصل کو ایک بوری یوریاکھاد لازمی ڈالیں

نیززیادہ فائدہ حاصل کرنے کیلئے بوریاکھاد کی بوری کو جہاں کھال سے پانی کھیت میں جاتاہے وہاں اس جگہ رکھ دیں اس طرح وہ کھاد اس پانی میں حل ہوکر پورے کھیت میں چلی جائے گی اور ساری فصل کو اس سے تقویت ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس کھاد کو دینے کافائدہ یہ ہوگا کہ سٹہ مضبوط نکلے گا اور دانہ موٹا ہوگا اس طرح گندم کی پیداوار زیادہ ہوگی تو کسان خوشحال ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اگرکسان خوشحال ہوگا تو ملک میں بھی نہ صرف خوشحالی آئے گی بلکہ ملک کی غذائی ضروریات کو بھی احسن اندازمیں پورا کیاجائے گا۔
٭٭٭
کاشتکار جامن کے پودوں کیلئے کھادکا بروقت اور متناسب استعمال یقینی بنائیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ترجمان محکمہ زراعت نے کہاہے کہ کاشتکار جامن کے پودوں کیلئے کھادکا بروقت اور متناسب استعمال یقینی بنائیں کیونکہ مناسب افزائش نسل کیلئے ماہرین زراعت کی مشاورت سے کھادوں کا متناسب استعمال اشدضروری ہے۔

انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ کھادوں کے موزوں استعمال سے جامن کے پھل کی اچھی بڑھوتری یقینی ہوجاتی ہے ‘ جامن کے چھوٹے پودوں کو گوبرکی 20سے 30کلوگرام فی پوداگلی سڑی کھادجبکہ بڑے پودے کی صورت میں 50سے 55کلوگرام فی پودا گوبرکی گلی سڑی کھاد ڈالنا اشد ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ باغبان و کاشتکار جامن کے چھوٹے پودو ں کو ایک پاﺅیوریا‘ایک پاﺅ ڈی اے پی‘ آدھاکلوگرام ایس او پی جبکہ بڑے پودوں کو 3پاﺅ یوریا‘ 3پاﺅڈے اے پی‘ 3پاﺅ ایس او پی فی پوداڈالیں تاکہ جامن کا صحتمند اورمعیاری پھل حاصل کرنا ممکن ہوسکے۔
٭٭٭
شہریوں کو ووٹ کے درست اندراج کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ضلعی الیکشن کمیشن ڈیرہ نے شہریوں کو ووٹ کے درست اندراج کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ الیکشن کمیشن کے قائم کردہ ڈسپلے مراکز 15فروری تک فعال رہیں گے۔

انہوں نے صحافیوں کو بتایاکہ ابتدائی غیر حتمی ووٹرز فہرستوں کے ڈسپلے مراکز پر ووٹ کی تصحیح کے فارمز جمع کرانے کی آخری تاریخ 15فروری مقرر ہے۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ اپنے ووٹ کے اندراج کی جانچ پڑتال کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300پر بھیجیں اور اگر اندراج ووٹ کی کسی بھی قسم کی تصحیح درکار ہو تو اپنے قریب ترین ڈسپلے سنٹر سے رابطہ کریں۔

انہوں نے بتایاکہ ضلع ڈیرہ میں مختلف ڈسپلے مراکز فعال ہیں جہاں پرغیر حتمی ابتدائی ووٹر فہرستیں آویزاں ہیں۔ ڈسپلے سنٹرز پرمرد ، خواتین ،خواجہ سراء 15فروری تک اپنے ووٹ کے درست اندراج کی جانچ پڑتال کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو شہری شناختی کارڈ پر درج پتے کے مطابق اپنے ووٹ کا تاحال اندراج نہیں کراسکے وہ ضلعی الیکشن کمیشن کے ڈسپلے سنٹرز پر اپنا ووٹ درج کرائیں۔ انہوں نے مزید بتایاکہ اندراج و منتقلی ووٹ کے لیے فارم 15،

ووٹ پر اعتراض کے لیے فارم16،اندراج ووٹ کے کوائف کی درستگی کے لیے فارم نمبر17،ڈسپلے سنٹرز پر جمع کروائے جا سکتے ہیں۔
٭٭٭
ریت سے لدی ٹرالیوں نے عام شہریوں کا سڑک سے گزرنا محال کر دیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ شہر اور گردونواح میں مٹی ،ریت سے لدی ٹرالیوں نے عام شہریوں کا سڑک سے گزرنا محال کر دیا۔

شہری مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگے تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر اور گردونواح میں سارا دن مٹی اور ریت سے لدی ٹرالیاں عام شہریوں کیلئے وبال جان بن چکی ہیں کیونکہ بغیر ترپال ڈالے تیز رفتار ٹرالیوں سے گرنے والی مٹی ،

ریت کی وجہ سے جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ چکے ہیں اور اس سے ٹریفک بھی متاثر ہورہی ہے اور اکثر حادثات رونما ہوچکے ہیں۔مٹی زمین پر گرنے کے بعد جب دھول بنتی ہے تو گزرنے والے شہریوں کیلئے نئی مصیبت بن جاتی ہے اور وہ مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں

مگر انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں عوامی سماجی حلقوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ ، اور ڈی پی او ڈیرہ سے مطالبہ کیا ہے

کہ شہر میں داخل ہونے والی ترپال کے بغیر مٹی وریت کی ٹرالیوں کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ لوگوں کو بیماریوں سے بچایا جاسکے۔
٭٭٭
مشتبہ افراد کے شناختی کارڈز کی کلیرنس کے حوالے سے انہیں طلب کر لیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)نادرا نے ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے بھر کے 105مشتبہ افراد کے شناختی کارڈز کی کلیرنس کے حوالے سے انہیں طلب کر لیا ہے

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے 04 ،پشاو رکے 75، ضلع باجوڑ کے 5، بنوں کے 1، بٹگرام کے تین ، چارسدہ کے 19، ہنگو کے 9، ہری پور کے 1، ضلع خیبر کے 3، کوہاٹ کے 2، ضلع کرم کے 19، لکی مروت کا 1، لوئر دیر کا ایک ،

مانسہرہ کے 7، مردان کے 17، نوشہرہ کے 5، اورکرزئی کا 1، ساوتھ وزیرستان کے 6، سوات کے 4، ٹانک کے دو شہریوںکو نوٹسز جاری کرد یئے ہیں ان کے شناختی کارڈز کو مشتبہ قرار دیکر بلاک کیا جا چکا ہے

جن میں خواتین کے شناختی کارڈز بھی شامل ہیں اور انہیں دوہفتوں کے اندر اندر نادرا ہیڈ آفس میں طلب کیا گیا ہے اور نوٹس کے جواب نہ دینے پر ان کی فیملیز کے خلاف بھی کاروائی کی جائیگی.۔
٭٭٭
یوٹیلٹی سٹو ر ز پر عوام کو ریلیف ملنا شروع ہو گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)وزیر اعظم پاکستان عمران خاں کے حکم پر یوٹیلٹی سٹو ر ز پر عوام کو ریلیف ملنا شروع ہو گیا ،

منیجر انچارج یوٹیلٹی نے صحافیوں کو بتایا کہ سٹورز میں روز مرہ کے استعمال کی اشیاءکی قیمتوں میں کافی کمی کی گئی ہے گھی پر تقریباً60 روپے فی کلو کی بچت ہے چینی پر فی کلو 12 روپے بچت ہے دیگر اشیاء پر بھی کافی کمی کی گئی تمام اشیاءسٹور پر موجود ہیں ،

آٹا بیس کلو 800 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے ،آٹا کی کوئی کمی نہیں گھی 170 روپے کلو ،آئل 188 فی کلو چینی 68 روپے فی کلو، دال چنا168 روپے فی کلو، اسی طرح دیگر اشیاءکی قیمتوں میں بازار سے کم ریٹ پر دستیاب ہیں
٭٭٭
ماڈل کورٹس میں مقدمات کی تیز ترین سماعت کا سلسلہ جاری ہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ماڈل کورٹس میں مقدمات کی تیز ترین سماعت کا سلسلہ جاری ہے،

پاکستان بھر میں قائم454ماڈل عدالتوںنے گزشتہ روز مجموعی طور پر 440 مقدمات کا فیصلہ کیا جن میں 2مجرمان کو سزائے موت 9کو عمر قید جبکہ دیگر20 مجرموں18سال16ماہ 410 دن قید اور57لاکھ75ہزار166روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی

ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ سیل کے مطابق177 ماڈل کریمینل ٹرائل عدالتوں نے قتل کی38اور منشیات کی60مقدمات یعنی98مقدمات کا فیصلہ سنا کر564گواہوں کے بیانات قلمبند کیے صوبائی تقسیم کے مطابق پنجاب میں قتل کی13اور منشیات کی30اسلام آباد میں منشیات کی2،

سندھ میں قتل کی14اور منشیات کی15، خیبر پختونخواہ میں قتل کے 8اور منشیات کی11بلوچستان میں قتل کے 3 اورمنشیات کے 2 مقدمات کا فیصلہ کیااسی طرح 123سول ایپلٹ ماڈل عدالتوں نے 143دیوانی، فیملی اور رینٹ اپیلوں و درخوست نگرانی کے فیصلے کئے

جبکہ154 ماڈل مجسٹریٹس عدالتوں نی199مقدمات کے فیصلے کئے دریں اثناعدالتوں نی551گواہوںکے بیانات قلمبند کیے اورمجموعی طور پر62مجرمان کو 26سال،6ماہ اور 7 دن قید اور 30لاکھ 2ہزار500روپے جرمانہ کی سزا ئیںسنائی گئیں۔
٭٭٭
بسنت تہوار کی تیاریوں کے لئے پتنگ فروشوں اور پتنگ بازوں میں تیزی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)موسم بہار کی امد کے ساتھ ہی بسنت تہوار کی تیاریوں کے لئے پتنگ فروشوں اور پتنگ بازوں نے تیزی سے سر اٹھاتے ہوئے ایک بار پھر پولیس اور انتظامیہ کی رٹ کو چیلنج کر دیا

پولیس کے تمام تر دعوﺅں کے باوجود شہر میں پتنگ بازی کا سلسلہ شروع ہو گیا پولیس ڈیرہ میں دھاتی ڈور اور پتنگوں کی آمد و تیاری کے عمل کو رکوانے میں ناکام نظر آنے لگی

پولیس کی مبینہ ناکام حکمت عملی کے باعث شہر کے مختلف گنجان علاقوں میں پتنگ بازی سے جمعہ کے روزآسمان پررنگ برنگی پتنگوں کا بسیرا رہا بچے اور نوجوان مختلف مقامات سڑکوں اور گلیوں میں پتنگوں کے پیچھے بھاگتے رہے

ذرائع کے مطابق اس وقت اندرون شہر بڑے کاروباری وتجارتی مراکز کے ساتھ بعض رہائشی علاقوں میں پتنگوں ، ڈور اور آتش بازی کے درجنوں بڑے گودام موجود ہیں جن کے بارے آگاہی کے باوجود پولیس کاروائی سے گریزاں ہے

اسی طرح باہر سے آنے والی دھاتی ڈور کو داخلی راستوں پر روکنے کی بجائے انہیں شہر کے اندر داخل کر دیا جاتا ہے اس طرح بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالنے کی بجائے چھوٹے پتنگ بازوں یا پتنگیں لوٹنے والوں کے خلاف مقدمات درج کر کے کاروائی ظاہر کی جاتی ہے ،

اس حوالے سے شہریوں نے تجویز کیا ہے کہ سب سے پہلے انتظامیہ شہر کی تمام شاہراہوں کے دونوں اطراف لگے بجلی کے گھمبوں کے ساتھ ایسی مضبوط دھاتی تار لگائے تاکہ کٹی پتنگوں کی ڈور سڑکوں پر گر کر موٹر سائیکل سواروں یا پیدال افراد کے لئے خطرناک نہ بنے

پھر بسنت سے قبل شہر میں گرینڈ آپریشن کر کے تمام گوداموں کو سیل کر کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کرے شہریوں نے آر پی او اور ڈی پی او سے مطالبہ کیا ہے کہ پتنگ فروشوں کے خلاف بڑے آپریشن میں متعلقہ ایس ایچ اوز پر انحصار نہ کیا جائے

بلکہ اس مقصد کے لئے پولیس کے سینئر اور دیانتدار افسران پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے شہریوں کے مطابق کسی گلی محلے میں پتنگ بازی اور ہلڑ بازی کے خلاف کی گئی شکایت پر پولیس اہلکار خود شکائیت کنندہ بارے آگاہ کر دیتے ہیں جس سے لڑائی جھگڑے کا خطرہ رہتا ہے ۔
٭٭٭
کرونا وائرس سے حفاظتی تدابیر اختیارکرکے ہی بچا جاسکتا ہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کرونا وائرس سے حفاظتی تدابیر اختیارکرکے ہی بچا جاسکتا ہے شہریوں کو چاہئے کہ اپنے ہاتھوں کو باقاعدگی سے صابن اور پانی سے صاف کریں کھانسی یا چھینک آنے پر ناک اور منہ کو ٹشو یا کہنی سے دھانپیں

اوراستعمال کے بعدٹشو کو مناسب طریقے سے ضائع کردیںسردی یا فلو سے متاثرہ شخص سے قریبی تعلق رکھنے سے پرہیز کریں گوشت اورانڈروں کو صحیح طریقے سے پکائیں جنگلی یا پالتوجانوروں سے غیر محفوظ رابطہ نہ رکھیں۔

یہ بات محکمہ صحت کی جانب سے شہر یوں میں تقسیم کئے جانے والے بروشر اورپمفلٹ میں کہی گئی ہے پمفلٹ میں کہا گیا ہے بخار ،کھانسی اورسانس لینے میں دشواری کی صورت میں احتیاط کریں

اپنے ہاتھوں کو اچھی طرح اورباربار دھوئیں اگر آپ کو نزلہ ،زکام ہے تو اپنے آفس ،سکول یا رش میں جانے کی بجائے گھر پر رہیں اوراگر نزلہ زکام ہے تو دوسرے لوگوں سے کم سے کم ایک میٹر کے فاصلے پر رہیں۔

پمفلٹ میں کہا گیا ہے کہ گندے ہاتھوں سے آنکھ ،ناک یا منہ کو مت چھوئیں اورلوگوں سے گلے ملنے یا ہاتھ ملانے سے بھی اجتناب کریں۔ پمفلٹ میں کہا گیا ہے کوروناوائرس کی ابتدائی علامات میں سانس پھولنا، بخار ہونااور کھانسی ،چھینک شامل ہے

گزشتہ 14دنوں کے اندرچین سے آنے والے کسی بھی شخص میں درجہ بالا علامات پائی جائیں تو انہیں چاہئے کہ متعلقہ اداروں کو فوری اطلاع دیں گھر پر رہیں اوردوسرے لوگوں سے ملنے سے پرہیز کریں اپنا علاج فوراً شروع کرائیں۔

پمفلٹ میں کہا گیا ہے ہوائی جہاز میں سفر کرنے والے مسافرانٹرنیشنل ائیر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن مشتبہ وبائی بیماریوں سے متعلق سفارشات پر عمل کریں
٭٭٭
بہترین پیداوار کے حصول کیلئے کیمیائی کھادوں کے متوازن استعمال کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ماہرین زراعت نے کمزور واوسط ذرخیز زمینوں پر کاشتہ فصلات سے بہترین پیداوار کے حصول کیلئے کیمیائی کھادوں کے متوازن استعمال کی ہدایت کی ہے

اور کہاہے کہ اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے فصل میں کھادوں کا استعمال زمین کی نوعیت کے مطابق ماہرین زراعت کے عملہ کی مشاورت سے کیا جائے۔

کاشتکاروں کے نام پیغا م میں انہوں نے کہا کہ کمزور زمین میں بوائی کے ٓوقت 2 بوری ڈی اے پی ، آدھی بوری یوریا ، 1بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ ، ڈیڑھ بوری یوریا ،

ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ یا 5 بوری سنگل سپر فاسفیٹ ، اڑھائی بوری امونیم نائٹریٹ ، ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ یا 4 بوری نائٹرو فاس، ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ ڈالی جائے۔

انہوں نے مزید بتا یا کہ اوسط ذرخیز زمینوں میں گندم کی بوائی کے وقت ڈیڑھ بوری ڈی اے پی ، ا?دھی بوری یوریا ، ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ یا 4 بوری سنگل سپر فاسفیٹ ، ایک بوری یوریا ، ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ کااستعمال کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ذرخیز زمینوں میں ایک بوری ڈی اے پی ، ا?دھی بوری یوریا ، ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ یا اڑھائی بوری سنگل سپر فاسفیٹ ، پونی بوری یوریا ، ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ یا اڑھائی بوری سنگل سپر فاسفیٹ ، سوا بوری امونیم نائٹریٹ ،

ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ یا دو بوری نائٹرو فاس ، ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ ڈال کر بہترین پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔
٭٭٭٭٭

About The Author