نومبر 25, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ڈیرہ غازی خان اور تونسہ شریف کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ غازی خان اور تونسہ شریف سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے

ڈیرہ غازیخان.:پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے سرگرم عمل ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی خصوصی ہدایت پر32ماڈل بازاروں کے بعد صوبے کے مختلف شہروں کی31سبزی منڈیوں میں بھی کسان پلیٹ فارم قائم کردیئے گئے ہیں. سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے جو کچھ ممکن ہوا وہ کرتی رہے گی۔انہوں نے کہاکہ 32 ماڈل بازاروں کے بعد31سبزی منڈیوں میں کسان پلیٹ فارم کے قیام سے عوام کو ریلیف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ کسان پلیٹ فارم پر کاشتکار اپنی اجناس براہ راست فروخت کررہے ہیں جہاں کاشتکاروں کومنڈیوں میں اپنی اجناس براہ راست فروخت کرنے کیلئے مفت جگہ دی گئی ہے – لاہور کی4 سبزی منڈیوں بادامی باغ،سنگھ پورہ،ملتان روڈ اورکاہنہ کاچھہ میں کسان پلیٹ فارم قائم کئے گئے ہیں – اسی طرح بہاولپور، ساہیوال،گوجرانوالہ، فیصل آباد،ڈیرہ غازی خان، سرگودھا اور ملتان کی سبزی منڈیوں میں بھی کسان پلیٹ فارم کی سہولت فراہم کردی گئی ہے جبکہ شیخو پورہ، قصور، بہاولنگر،صادق آباد،میانوالی،ٹوبہ ٹیک سنگھ،بورے والا،مظفر گڑھ اورسیالکوٹ جہلم،منڈی بہاؤالدین، بھکر،پاکپتن،اوکاڑہ، گجرات،رحیم یار خان،چکوال،راجن پور،چیچہ وطنی اورتلہ گنک کی سبزی منڈیو ں میں بھی کسان پلیٹ فارم قائم کردئیے گئے ہیں۔سردار عثمان بزدارنے کہا کہ کسان پلیٹ فارم ہماری حکومت کا ایسا اقدام ہے جس سے عوام کو سستے داموں سبزیاں مل رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنائیں گے اور سبزیوں، پھلوں اور دالوں کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔


ڈیرہ غازیخان. :ضلع ڈیرہ غازی خان کے 12 سکولوں کو انٹرنیشنل سکول ایوارڈ کیلئے رجسٹرڈ کرکے دنیا بھر کے سکولوں کے تجربات سے استفادہ کیا جائیگا۔ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول سٹی ڈیرہ غازی خان کی نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کو براہ راست دنیا بھر کے رجسٹرڈ سکولوں میں دکھایا گیا۔تقریب کے مہمانان خصوصی ڈپٹی کمشنر وقاص رشید اور مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد حنیف خان پتافی تھے اورانہوں نے آئی ایس اے کے تحت گرلز ہائیر سیکنڈری سکول سٹی ڈیرہ غازی خان تقریب کے دوران طالبات کی پرفامنس اور تیار کردہ ثقافتی نمائش دیکھی۔بہترین کارکردگی کی حامل اساتذہ اور طالبات کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ انٹرنیشنل سکول ایوارڈ بین الاقوامی پلیٹ فارم ہے جس سے کسی بھی ملکی سرحد کی پابندی کے بجائے مثبت اور صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔انٹرنیشنل سکول ایوارڈ کی سرگرمیوں میں کشمیریوں کی آزادی کیلئے بھی آواز بلند کی جاتی ہے۔جنوری میں شروع ہونی والی رجسٹریشن میں ضلع کے مزید سکول شامل کرائیں گے مشیر صحت محمد حنیف خان پتافی نے کہا کہ سخت محنت کامیابی کا زینہ ہے۔اساتذہ اور طالبات انٹرنیشنل سکول ایوارڈ میں سکول،ضلع اور ملک کا نام روشن کریں۔ہم نصابی سرگرمیوں سے طلبہ میں خود اعتمادی پیدا ہونے کے ساتھ ان کی صلاحتیوں میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔تقریب میں سی ای او تعلیم شمشیر احمد،سربراہ قائد سکول فرزانہ سجاد بخاری،ڈی ای او مہر سراج الدین،پرنسپل ادارہ جمیلہ رحمان اور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آئی ایس اے انجم،اساتذہ،طلبات اور دیگر موجود تھے۔اس موقع پر سکول میں شجرکاری بھی کی گئی.


ڈیرہ غازیخان. :وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر تونسہ شہر میں سڑکو ں کا جال بچھایاجا رہاہے. کالج روڈ تا سستی بستی کارپٹڈ روڈ کی تعمیر تکمیل کے آخری مراحل میں ہے. منصوبہ پر چار کروڑ دس لاکھ روپے خرچ کیے جارہے ہیں. ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان وقاص رشید نے کہاکہ وسائل سے محروم اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پر توجہ دی جا رہی ہے. وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر آبادیو ں کو ملانے کیلئے کارپٹڈ روڈز تعمیر کیے جارہے ہیں. منصوبوں میں مٹیریل کا معیار برقرار رکھنے کیلئے مانیٹرنگ کی جارہی ہے. کارپٹڈ روڈ کی تعمیر پر شہریوں نے وزیر اعلی پنجا ب سردار عثمان احمد خان بزدار کا شکریہ ادا کیاہے.


ڈیرہ غازیخان:ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان وقاص رشید نے اراضی ریکارڈ سنٹر ڈیرہ غازیخان کا اچانک دورہ کیا. انہوں نے سائلین سے ملاقات کر کے مسائل دریافت کیے. ڈپٹی کمشنر نے سنٹر میں دفتری امو رکا بھی جائزہ لیا. انہوں نے بتایاکہ اراضی ریکارڈ سنٹر کو فعال کر دیاگیاہے اور سائلین کے مسائل حل کیے جارہے ہیں. ڈپٹی کمشنر آفس سے عملہ اراضی ریکارڈ سنٹر پر متعین کرنے سے ہڑتالی ملازمین نے بھی حاضری شروع کر دی ہے. انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر اراضی ریکارڈ سنٹر میں بلاتعطل سروسز فراہم کی جارہی ہیں.


ڈیرہ غازیخان:اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈیرہ غازیخان محمد اسد چانڈیہ نے چڑیا گھر کا دورہ کیا انہوں نے ملازمین کی حاضری چیک کرنے کے ساتھ صفائی اوردیگر معاملات کا جائزہ لیا. ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان وقاص رشید کی ہدایت پر چڑیا گھر میں عوام کو معیاری تفریح فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن وسائل استعمال میں لائے جائیں گے. سکیورٹی اور دیگر معاملات کو بہتر کیاجائے گا. دریں اثنا اسسٹنٹ کمشنر نے سبزی منڈی کا بھی دورہ کیا. پھل اور سبزیوں کی نیلامی کا جائزہ لینے کے ساتھ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے آڑھتیوں اور زمینداروں سے بات کی.


ڈیرہ غازیخان:وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر تونسہ شریف میں پہلا جنوبی پنجاب لوک میلہ کا شیڈول جاری کر دیاگیاہے ڈائریکٹر آرٹس کونسل و ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن اظفر ضیاء نے بتایا کہ پنجاب آرٹس کونسل محکمہ اطلاعات و ثقافت حکومت پنجاب کی ہدایت پر فوجی پڑاؤ کلمہ چوک تونسہ پر تین روزہ تقریبات کا آغاز 26نومبر سے کیا جائے گا. پہلے روز دس بجے سے بارہ بجے دوپہر تک اصغر بہاولپوری اور پروفیسر علی مرتضی پتلی تماشا او رجادو کے کمالات دکھائیں گے. اسی روز ایک بجے دوپہر سے پانچ بجے تک لوک رقص اور لوک موسیقی شو ہو گا اور ساڑھے چھ بجے محفل مشاعرہ منعقد ہو گی جس کے مہمان خصوصی شاکر شجاع آبادی اور صدارت عزیز شاہد کریں گے. ڈیرہ غازیخان، ملتان اور بہاولپور کے نامو رشعراء کرام اپنا کلام پیش کریں گے. 27نومبر کو پتلی تماشا، جادوکے کمالات، لوک رقص اور موسیقی کے علاوہ سات بجے شب سٹیج ڈرامہ کھٹے مٹھے پیش کیا جائیگا ہدایتکارقیصر جاوید او رمعاون سکندر علی کے ڈرامے میں عرفان کھوسٹ، محسن گیلانی،نواز انجم، پرویز رضا، لبنی بٹ، شاہد اقبال اور دیگر فنکار فن کا مظاہرہ کریں گے. 28نومبر کو پتلی تماشا، جادو کے کمالات، لوک رقص اور موسیقی کے علاوہ ساڑھے چھ بجے کلچرل نائٹ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں احمد نواز چھینہ سمیت نامور گلوکار اپنی آواز کا جادو جگائیں گے.


ڈیرہ غازیخان:ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان وقاص رشید نے کہا ہے کہ ضلع میں غیر قانونی طو رپر قائم میڈیکل سٹور، کلینک او رہسپتال سربمہر کر دیئے جائیں گے. زائد المعیاداورممنوعہ ادویات برآمد ہونے پر مقدمات درج کر نے کے ساتھ گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں. ضلع بھر میں عطائیت کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاون کیاجائے. انسانی جان سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں. انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسنین خالد سنپال، اسسٹنٹ کمشنر تونسہ نوید حسین، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خلیل احمد، ڈرگ انسپکٹر شاہد محمود،فارماسسٹنٹ شاکر صدیقی اوردیگر متعلقہ افسران موجود تھے. اجلاس میں دس کیسز کی سماعت کی گئی. ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ڈرگ انسپکٹرز فیلڈ میں نکلیں اور غیر قانونی طو رپر میڈیکل پریکٹس کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں او راس سلسلے میں باقاعدگی سے رپورٹ پیش کی جائے.


ڈیرہ غازیخان: بڑھتے ہوئے حادثات کی روک تھام اور انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ڈی پی او اسد سرفراز کی طرف سے ڈی ایس پی ٹریفک کو ہدایات جاری کی گئیں ڈی پی او اسد سرفراز نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور عام شاہراؤں پر عوام الناس اور طلباء کو ٹریفک آگاہی لیکچر دیئے جائیں۔ اور طلباء اور عوام کو تاکید کی جائے گی کہ ون ویلنگ، تیز رفتاری اور غلط کراسنگ سے اجتناب کریں۔کیونکہ ذرا سی بے احتیاطی اور جلد بازی کی وجہ سے قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں۔طلباء قوم کا مستقبل ہیں اور والدین کا اثاثہ ہیں۔موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں کیونکہ ہیلمٹ ہیڈ انجری سے محفوظ رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسطرح کے ٹریفک قوانین کے متعلق آگاہی لیکچر ضلع بھر میں سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں منعقد کئے جائیں تاکہ ٹریفک قوانین سے آگاہی دے کر عوام الناس کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔


ڈیرہ غازیخان:حکومت پنجاب نے بہترین کارکردگی پر بار ڈر ملٹری پولیس کے نائب دفعدار راکھی گاج لیاقت عباس لغاری کو ترقی دے کر دفعدار کے عہدہ پر تعینات کر دیا، ان کو ترقی ملنے پر رسالدار وقار عزیز خان قیصرانی،رسالدار سردار خرم خان کھوسہ،رسالدار اعجاز خان لغاری،سینئر جمعدار عبد اللہ خان لغاری،حبیب خان لغاری کے علاوہ اہلیان تمن لغاری و راکھی گاج نے انہیں مبارکباد دیتے ہو ئے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ آئندہ بھی اسی طرح جرائم پیشہ افراد کے خلاف اور سمگلنگ کی روک تھام کے لئے بھر پور کردار ادا کریں گے۔


ڈیرہ غازیخان:مرکزی جمعیت اہل حدیث واہلحدیث یوتھ فورس کے زیراہتمام بسلسلہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس آج 24نومبربروزاتواربعدنماز ظہر مرکزالتوحید چوک چورہٹہ میں منعقد ہو گی جس کی صدارت ناظم اعلی مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کریں گے کانفرنس میں عالمی شہرت یافتہ واعظ مولانا ناصر مدنی، ناظم تبلیغ پاکستان قاری عبدالباسط شیخو پوری، ڈاکٹر حافظ مسعودرشیداظہرخانیوال، قاری یٰسین حیدراورملک بھر کے جیدعلماء کرام اور عظیم دانشور خطاب فرمائیں گے۔


ڈیرہ غازی خان: فو جی فرٹیلائزر کمپنی لمٹیڈ کی جانب سے ربیع کی اہم فصل گندم کی منافع بخش پیداوار کے حصول کے سلسلے میں ڈیرہ غازی خان میں کاشتکاروں کی راہنمائی کے لیے ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔ اس سیمینار کا مقصد کاشتکاروں کو گندم کی نئی اقسام، مختلف کاشتی امور،کھادوں کے متوازن استعمال اور گندم کی بیماریوں کے انسداد کے بارے میں آگاہی دینا تھا۔ ضلع ڈیرہ غازی خان میں گندم کی فصل کی اہمیت کے پیش نظر عبدالغفور غفاری ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈیرہ غازی خان کو خصوصا مدعو کیا گیا جو اس پروگرام کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر مہر عابد حسین ڈپٹی ڈائریکٹر ڈائریکٹر زراعت توسیع، محمد علی جنجوعہ، زونل منیجر ایف ایف سی ملتان، طارق جاوید منیجر ایف ایف سی،ریجنل منیجر محمد مامون الرشید، احمد حسن صاحب، عقبی خان جدون سیلز آفیسرایف ایف سی ڈیرہ غازی خان،نعمان علی طاہر زرعی ماہر ایف ایف سی اورڈاکٹر محمدعنصر جاوید زرعی ماہر ایف ایف سی بھی موجود تھے۔ اس سیمینار میں 90سے زائدکاشتکاروں نے شرکت کی۔عقبی خان جدون سیلز آفیسرایف ایف سی ڈیرہ غازی خان نے میزبانی کے فرائض سر انجام دیے۔ریجنل منیجر جناب محمد مامون الرشید نے کاشتکاروں اور شرکا کو خوش آمدید کہا اورفوجی فرٹیلائزر کمپنی کا تعارف پیش کیا اور ان سے گزارش کی کہ وہ ماہرین کی سفارشات غور سے سنیں اور اس پر عمل کر کے اپنی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کریں۔ طارق جاوید منیجر ایف ایف سی نے کاشتکاروں کو ایف ایف سی کے زرعی شعبے کے تحت دی جانے والے سہولیات کے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ ایف ایف سی کھادوں کے متوازن استعمال کے فروغ کیلیے نہ صرف معیاری کھادیں کاشتکاروں تک پہنچا رہی ہے بلکہ کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کیلیے زرعی توسیع کا ہر طریقہ اپنا رہی ہے۔ یہ پروگرام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ نعمان علی طاہر زرعی ماہر ایف ایف سی نے زمینداروں سے اپنے خطاب میں گندم کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کو اپنانے پر زور دیا۔ انہوں نے گندم کی نئی اقسام کے بارے میں بتایا اور زمیداروں سے گزارش کی کہ بیج کاشت کرنے سے پہلے اس کا شرح اگاؤ معلوم کریں اور کم از کم 75 فیصد اگاؤ والا بیج کاشت کریں۔ انہوں نے کہا کہ بیج کو کاشت سے قبل پھپھوندی کش دوا سے لازما زہر آلود کریں۔مزید یہ کہ ایک ایکڑ میں گندم کے پودوں کی تعداد کم از کم 12 لاکھ سے16 لاکھ ہونی چاہیے تاکہ منافع بخش پیداوار حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی پھپھوند والی بیماریوں سے بچاؤ کیلیے جنوری کے وسط میں ایک اسپرے کریں اور دوسرا اسپرے پہلے اسپرے کے 30 دن بعد کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک زہر کو بار بار استعمال نہ کریں اور نئی کیمیا کی ادویات استعمال کر یں تاکہ بیماری کا دیر پا کنٹرول حاصل ہو سکے۔ڈاکٹر محمدعنصر جاوید زرعی ماہر ایف ایف سی نے کھادوں کے متوازن اور باکفایت استعمال پر لیکچردیتے ہوئے کہا کہ اس علاقے میں فصلوں کی کم پیداوار کی بڑی وجہ کیمیائی کھادوں کا غیرمتوازن اِستعمال ہے۔کھادوں کے متناسب اور بروقت استعمال سے گندم سمیت دیگر تمام فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار کو باآسانی بڑھا یا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو بتایا کی گندم کی فصل کو اپنی بڑھوتری مکمل کرنے کے لئے 64 کلو نا ئٹروجن، 46کلو فاسفورس اور 25کلو پوٹاش درکار ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غذائی اجزاء کی یہ مقدار دو بوری یوریا، دو بوری DAP اور ایک بوری ایس اوپی یا پونی بوری ایم اوپی سے پوری کی جاسکتی ہے۔ مزید یہ کہ یوریا اور ڈی اے پی نائٹروجن اور فاسفورس کا سستہ ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوریا اور ڈی اے پی کے استعمال سے فی ایکڑ3000 – 3500روپے کی بچت کی جا سکتی ہے۔ تجزیہ اراضی کی بنیاد پرزنک اور بوران کی کمی کی صُورت میں زنک سلفیٹ (27فیصد) بحساب 7.5کلو گرام فی ایکڑاور سونا بوران (10.4فیصد) بحساب3 کلو گرام فی ایکڑ دیں۔


About The Author