مئی 15, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

پی ایس ایل 8 اور ملتان۔۔۔||ظہور دھریجہ

ظہور دھریجہ ملتان ، خان پور اور ڈیرہ اسماعیل خان سے نکلنے والے سرائیکی اخبار ڈینہوار جھوک کے چیف ایڈیٹر ہیں، سرائیکی وسیب مسائل اور وسائل سے متعلق انکی تحریریں مختلف اشاعتی اداروں میں بطور خاص شائع کی جاتی ہیں

ظہور دھریجہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان کے سب سے بڑے سپورٹس ایونٹ پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کا افتتاح 13 فروری کو ملتان میں ہوگا۔ اس سلسلے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ میگا ایونٹ میں شریک ٹیموں اور میچ آفیشلز کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا ہے جبکہ غیر ملکی کمنٹیٹرز ، عمائدین و پروڈکشن اسٹاف کو وی آئی پی کا درجہ دیا گیا ہے۔ سخت سکیورٹی انتظامات کے سلسلہ میں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ ملتان کے کچھ علاقے اور روڈز نو گو ایریاز بن کر رہ گئے ، آمد و رفت میں مشکلات ہیں، ابدالی روڈ کے ہوٹل کے ساتھ کارڈیالوجی ہسپتال موجود ہے جہاں پر اکثر اوقات دل کے مریض گھنٹوں پھنسے رہتے ہیں، اس سلسلے میں حکومت کی توجہ مبذول کرانے کے ساتھ اہل ملتان کو اس بات کی خوشی ہے کہ ملتان میں پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب پہلی بار ملتان میں ہو رہی ہے اور پی ایس ایل دوسری مرتبہ ہو رہا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ ملتان میں امن ہے اور وسیب کے لوگ سپورٹس سے دلچسپی رکھتے ہیں، گزشتہ پی ایس ایل کے دوران بھی شائقین کی کثیر تعداد کے میچ دیکھنے کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ کو کروڑوں کی آمدنی ہوئی ۔ کروڑوں کی آمدنی پر خوشی ہوئی ہے مگر اس کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ یہ آمدنی وسیب میں کھیلوں کی سہولیات کیلئے صرف ہونی چاہئے۔ وسیب کے اکثر شہروں میں سپورٹس گرائونڈ نہیں ہیں ، کہا جاتا ہے کہ جس علاقے کے گرائونڈ آباد ہوتے ہیں وہاں ہسپتال ویران ہو جاتے ہیں۔ یہ بھی دیکھئے کہ پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کیلئے ٹرافی کی رونمائی لاہور کے شالا مار باغ میں کی گئی اس پر وسیب کے لوگوں کو دکھ ہوا کہ ایونٹ کا افتتاح ملتان میں ہو رہا ہے جبکہ میگا ایونٹ کی ٹرافی کی رونمائی لاہور میں کی گئی ہے۔ عذر گناہ بد تر از گناہ کے مصداق نجم سیٹھی نے کہا کہ شالا مار باغ میں پی ایس ایل کی ٹرافی کی رونمائی کرانے کا مقصد یہی تھا کہ کچھ تو پتہ چلنا چاہئے کہ تبدیلی آ گئی ۔ جیسا کہ پہلے ذکر ہوا کہ سکیورٹی انتظامات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے یہ اس بناء پر بھی ضروری ہے کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو سکیورٹی کے سلسلہ میں تحفظات رہتے ہیں، سکیورٹی وجوہات کی بناء پر کئی ممالک کی ٹیمیں اپنے دورے منسوخ بھی کر چکی ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے آئی جی پنجاب ، ایڈیشنل آئی جی آپریشن پنجاب ، سی سی پی او لاہور سمیت راولپنڈی ، ملتان کے ریجنل و سٹی پولیس افسران کو مراسلہ میں کہا ہے کہ سکیورٹی حصار تشکیل دے کر سخت ترین حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انٹیلی جنس ایجنسیوں، فوج اور رینجرز کے ساتھ کوارڈینیشن رکھ کر کھلاڑیوں و آفیشلز کو ایئرپورٹ اور اسٹیڈیم کے درمیان قیام اور نقل و حرکت کے دوران بھی فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے۔ راولپنڈی، لاہور اور ملتان میں داخل ہونے والی بسوں اور ٹرکوں سمیت تمام گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کی جائے، پولیس اور سکیورٹی اہلکار ڈیوٹی کے دوران اپنے نام کے ٹیگ و سکیورٹی کارڈ لازمی آویزں رکھیں ورکشاپس، پیٹرول پمپس، بس اسٹاپ، بس اور ٹرک اڈوں پارکنگ اسٹینڈز، پبلک پارکنگ ایریاز، پارکنگ پلازہ اور دیگر ایسی جگہوں کی مکمل اسکریننگ کی جائے۔مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی صورت میں نمٹنے و کرائو ڈ کو کنٹرول کرنے کی خاطر مختلف مقامات پر اینٹی رائٹس فورس تعینات رکھی جائے اور ٹورنامنٹ کے دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات یقینی بنائیں جائیں۔ ملتان پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب سمیت 5میچز کا میزبان ہے۔ ملتان کو میزبانی کا شرف حاصل ہونا اس کے بہتر مستقبل کی دلیل ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کراچی اور لاہور میں 9، 9 اور راولپنڈی میں 11 میچز کھیلے جائیں گے۔ پی ایس ایل 8 میں 21 غیر ملکی اور 15 مقامی کرکٹرز ڈیبیو کریں گے۔مقامی کھلاڑیوں کا امتحان ہے وہ زیادہ سے زیادہ محنت کریں گے تو ملک کا نام روشن ہوگا۔ میگا ایونٹ میں انٹرنیشنل کھلاڑی عادل رشید، عقیل حسین، اینڈریو ٹائی، بھانوکا راجا پکسا، ڈیوین پریٹوریس، فضل الحق فاروقی، گس اٹکنسن، اظہار الحق نوید، جیمز فلر، جمی نیشم، جوش لٹل، کوشل مینڈس، میتھیو ویڈ، نوین الحق، نووان تھشارا، اوڈین اسمتھ، رچرڈ گلیسن، شین ڈیڈسویل، تبریز شمسی، ٹام کرن اور وانندو ہسارنگا پہلی بار پی ایس ایل میں جلوہ گر ہوں گے۔ اس ایونٹ پر پوری دنیا کے شائقین کرکٹ کی نظریں جمی ہوئی ہیں، بتایا گیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوران پہلی بار اے آر اور وی آر ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا جس کی مدد سے شائقین ڈیجیٹل تھری ڈی اینیمیشن سے لطف اندوز ہو سکیں گے ، شائقین کرکٹ کو کم روشنی میں چمکنے والے زولو بینڈ بھی پہنائے جائیں گے ۔ شائقین اور وسیب کے لوگوں کا بھر پور مطالبہ ہے کہ ملتان کی افتتاحی تقریب میں مقامی ثقافت کو بھی اجاگر کیا جائے۔ پاکستان سپر لیگ کی انتظامیہ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ پی ایس ایل 8 کا آفیشنل ترانہ معروف گلوکار عاصم اظہر ، شائے گل اور فارس شفیع نے گایا ہے اور اسے عبداللہ صدیقی نے پروڈیوس کیا ہے۔ یہی بات توجہ کی طالب ہے کہ وسیب کے فنکاروں کو بھی شکوہ ہے کہ بڑے شہروں میں ہونے والی تقریبات میں تو ان کو نظر انداز کیا ہی جاتا ہے مگر ستم یہ ہے کہ سال میں دو چار مرتبہ جو تقریبات وسیب میں ہوتی ہیں اس میں بھی مقامی فنکاروں کو نہیں بلایا جاتا ۔ پہلا موقع ہے کہ وسیب میں دو ایونٹ عالمی سطح کے ہو رہے ہیں ، ایک ایونٹ بہاولپور میں چولستان انٹرنیشنل جیپ ریلی کا ہو رہا ہے ، دوسرا ایونٹ ملتان میں پاکستان سپر لیگ 8 کی افتتاحی کا ہے، بہاولپور کی طرح ملتان میں بھی سرائیکی فنکاروں کو نظر انداز کیا گیا ہے حالانکہ ملتان فن و ثقافت کا قدیم مرکز ہے۔ ملتان میں ثریا ملتانیکرسمیت دیگر نامور فنکار موجود ہیں ، اسی طرح عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی سمیت سارا وسیب شعر و نغمے کی سرزمین ہے ۔ چولستان انٹرنیشنل جیپ ریلی میں چولستانی فنکاروں کی بات کی جائے تو کہا جاتا ہے کہ سارا کچھ پنجاب ٹور ازم کی انتظامیہ لاہور میں بیٹھ کر ترتیب دیتی ہے۔ اگر سب کچھ لاہور میں کرنا ہے تو پھر وسیب میں ایونٹ کرانے کا کیا فائدہ؟۔

 

 

 

 

 

یہ بھی پڑھیے

ذوالفقار علی بھٹو کا بیٹی کے نام خط ۔۔۔ظہور دھریجہ

سندھ پولیس کے ہاتھوں 5 افراد کی ہلاکت۔۔۔ظہور دھریجہ

ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ۔۔۔ظہور دھریجہ

میرشیرباز خان مزاری اور رئیس عدیم کی وفات ۔۔۔ظہور دھریجہ

ظہور دھریجہ کے مزید کالم پڑھیں

%d bloggers like this: