دسمبر 21, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ڈیرہ غازی خان کی خبریں

ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

تونسہ شریف رپورٹر
سلیم ناصر گورمانی

تحصیل تونسہ اور ٹرائیبل ایریا میں محکمہ جنگلات افسران و ملازمان کی کھلم کھلا چوریاں جاری،ٹمبر مافیا کی ملی بھگت سے سرسبز سرکاری

جنگلات کو کاٹ کر قیمتی لکڑی دوسرے شہروں میں سمگل کی جا رہی ہے،قابلِ کاشت سرکاری اراضی سے قیمتی مٹی اینٹوں کے بھٹوں کو فروخت کی جا رہی ہے

جبکہ جھوک بودو میں سینکڑوں ایکڑ سرکاری رقبے پر فرضی پودوں کے نام پر سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا چونا لگایا گیا

جھوک بودو میں محکمہ جنگلات کے دفتر کی چھتوں سے قیمتی سمان اتار کر اونے پونے فروخت کر دیا گیا سرکاری دفتر بھوت بنگلے کا منظر پیش کرنے لگا محمکہ نے کاروائی کی بجائے چپ سادھ لی

تفصیلات کے مطابق تحصیل تونسہ اور ٹرائیبل ایریا میں جنگلات افسروں اور ٹمبر مافیا کی ملی بھگت سے قیمتی سرسبز سرکاری درختوں کی لکڑی کاٹ کر بیچی جا رہی ہے

علاقہ مکینوں کے مطابق درختوں کی کٹائی میں محکمہ جنگلات کے مقامی اہلکار اپنے افسران کی پشت پناہی پر ٹمبر مافیا سے باہم ساز باز ہو کر دھڑلے سے قیمتی جنگلات کو کاٹ کر دوسرے شہروں میں فروخت کر رہے ہیں

روکنے پر مقامی لوگوں کو مقدمات کی دھمکیاں دیتے ہیں اس کے علاوہ جھوک بودو کے علاقے میں قابلِ کاشت سرکاری زمینوں سے قیمتی مٹی بھی فروخت کی جا رہی ہے

ذرائع کے مطابق سرکاری مٹی ٹریکٹر ٹرالیوں کے ذریعے اینٹوں کے بھٹوں پر فروخت کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے سرکاری زمین بڑے بڑے گڑھوں میں تبدیل ہو رہی ہے حالانکہ ان رقبوں پر فصلات کی کاشت سے سرکار سالانہ کروڑوں روپے کے

محصولات حاصل کر سکتی ہے دوسری جانب جھوک بودو میں مقامی اہلکاروں نے محکمہ جنگلات کے دفتر کی چھتوں سے قیمتی سامان اور دروازے کھڑکیاں اتار کر اونے پونے داموں فروخت کر دیے ہیں دفتر مذکور بھوت بنگلے کا منظر پیش کر رہا ہے تاحال جس پر محکمانہ کاروائی نہیں کی گئی

اور نہ ہی کسی تھانے میں سامان چوری کی کوئی رپٹ وغیرہ درج کرائی گئی ہے علاقہ مکین عقیل قیصرانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ جنگلات کے اہلکار دونوں ہاتھوں سے سرکاری خزانے کو لوٹ رہے ہیں

بغیر ڈیوٹی دیے تنخواہیں وصول کر رہے ہیں اوپر سے درختوں اور سرکاری مٹی کی فروخت میں بھی ملوث ہیں مذکورہ شخص کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال اگست میں جھوک بودو کی غربی جانب سینکڑوں ایکڑ سرکاری رقبے پر فرضی پودوں کے نام پر سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا چونا لگایا گیا

جبکہ حقیقت میں زمین پر ایک پودا نہیں لگایا گیا لیکن قومی خزانے سے کروڑوں روپے کے بل نکلوا لیے گئے

نئے پودوں کی بابت جب بلاک افسر سے بات کی گئی تو انکا کہنا تھا کہ ہم نے پودے لگائے تھے لیکن دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے انکو مال مویشی کھا گئے اب یہاں پر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جنگلات کے نام پر کروڑوں روپے کے پراجیکٹ کی دیکھ بھال اگر

متعلقہ محکمہ کے ذمہ نہیں تھی تو پھر کس کی ذمہ داری تھی۔علاقہ مکین عقیل خان نے محکمہ جنگلات کی مبینہ کرپشن پر انکے خلاف اینٹی کرپشن جانے کا عندیہ بھی دیا ہے اس کے علاوہ عمائدین علاقہ نے روزنامہ بیٹھک کے توسط سے

چیف سیکرٹری پنجاب،سیکرٹری جنگلات اور کمشنر ڈیرہ غازیخان سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ جنگلات کی ہمہ قسمی کرپشن پر ایک جامع تحقیقاتی کمشن مقرر کیا جائے جو دفتروں میں بیٹھ کر انکوائری کی بجائے فیلڈ میں جا کر شواہد اکٹھے کریں اور ذمہ داران کے خلاف سخت سے سخت سزا کا تعین کریں۔جب اس سلسلہ میں محکمہ جنگلات کے زمہ داران سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اہل علاقہ خود ہمارے دفتر کی اینٹیں لےکے گیے ہیں کاروائی کر رہے ہیں۔

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

رپورٹر محمد سلیم ناصر گورمانی

تونسہ شریف:ریجنل پولیس آفیسر ڈی جی خان سید خرم علی کا تحصیل تونسہ شریف کا دورہ ۔

آر پی او سید خرم علی نے ڈی پی او کے ہمراہ بین الصوبائی چیک پوسٹ ترمن کا وزٹ کیا ۔

آر پی او نےچیک پوسٹ پر چیکنگ کے مراحل، گاڑیوں کی سویپنگ اور تلاشی کے طریقہ کار کس جائزہ لیا ۔

چیک پوسٹ سےگزرنے والے تمام شہریوں اور گاڑیوں کی چیکنگ کو یقینی بنانے کا حکم۔ آر پی او کی زیرصدارت ایس ڈی پی او آفس تونسہ میں پریس کانفرنس کا انعقاد

تونسہ پولیس نے دو ماہ میں سرقہ شدہ32 موٹر سائیکل برآمد کرکے مالکان کے حوالے کیئے ۔8085گرام چرس،256لیٹر شراب ،2125گرام افیون ،18 پسٹل،4بندوقیں،2عدد کلاشنکوف برآمد کیں۔2 کروڑ 28 لاکھ سےزائد مالیت کا مال مسروقہ

برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کیا گیا ۔
آر پی او کا تونسہ پولیس شاندار کی کارکردگی پرتعریفی اسناد اور نقدانعام کا اعلان ۔
آر پی او سید خرم علی کی زیرصدارت ایس ڈی پی او آفس تونسہ میں میٹنگ کا انعقاد۔

آر پی او نے سنگین مقدمات کی تفتیش کا جائزہ لے کر مقدمات کے مدعیان کو سماعت کیا۔

سنگین مقدمات کو بروقت میرٹ پر یکسو کراکے چالان عدالتوں میں بھجوانے کاحکم ۔

آر پی او نے ڈی پی او کے ہمراہ تھانہ سٹی اور صدر تونسہ کا ملاحظہ کیا ۔

تھانہ جات کے ریکارڈ ،فرنٹ ڈیسک ،بلڈنگ ،اسلحہ خانہ ، مال خانہ اور صفائی ستھرائی کو چیک کیا ۔

 تھانہ سٹی اور صدر تو نسہ کی زیر تعمیر عمارت کا معائنہ کیا تعمیراتی کام کی رفتار تیز کرنے کاحکم ۔

 تھانہ جات میں آنے والے سائلین کی بروقت داد رسی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔آر پی او
تونسہ شریف :عورتوں اور بچوں کے خلاف جرائم پر بلاتاخیر کارروائی عمل میں لائی جاے ۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ڈیرہ غازیخان

ڈیرہ غازی خان کے چاروں مرکزی بازاروں کو تجاوزات سے پاک کیا جائیگا۔ کارپوریشن اور متعلقہ محکموں کا باوردی عملہ بازاروں میں تعینات ہوگا۔

کمشنر لیاقت علی چٹھہ کی زیر صدارت اجلاس میں ایم این اے زرتاج گل وزیر اور ایم پی اے محمد حنیف پتافی سمیت افسران نے شرکت کی. بتایا گیا کہ ڈیرہ غازی خان شہر میں 1200 سٹریٹ لائٹس کی تنصیب شروع کردی گئی

،ایک ہفتہ کے اندر سٹریٹ اور روڈ لائٹس کی تکمیل کا ٹاسک دے دیا گیا۔ کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ

گولائی کمیٹی کے چاروں طرف بازاروں کو ریڑھی،رکشہ اور تجاوزات سے پاک کردیا جائیگا۔کارپوریشن اور ٹریفک پولیس کا باوردی عملہ تعینات ہوگا۔غلط پارکنگ پر بھی کارروائی ہوگی۔ آگاہی مہم کے بعد کسی کو بھی معاف نہیں کیا جائیگا۔

اراکین اسمبلی زرتاج گل وزیر اور محمد حنیف پتافی نے کہا کہ دکانداروں،ریڑھی بانوں اور رکشہ ڈرائیوروں کو کمشنر آفس مدعو کرکے اعتماد میں لیا جائے۔

کسی کا معاشی قتل نہیں ہونے دینگے تاہم بازاروں کو تجاوزات سے پاک کرایا جائیگا۔عوام کے اجتماعی مفاد کیلئے ملکر کام کریں گے۔

بازاروں میں صفائی اور سہولیات کو بہتر کرایا جائیگا۔ہفتہ وار چھٹی پر عملدرآمد کرایا جائے۔

اجلاس میں اے سی صدر شکیب سرور،سی او کارپوریشن جواد الحسن گوندل،چئیرمین پی ایچ اے یاسر درانی،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ رانا عبید الرشید،

اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد عدیل،ایم او آئی ذیشان فرید،ڈی بی اے شہزاد قدیر اور دیگر افسران موجودتھے.
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ڈیرہ غازیخان

جنوبی پنجاب کے مری فورٹ منرو میں سیاحت کے فروغ، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور رواں ماہ کے آخر میں سیاحوں کے لئے شاندار پروگرام کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے مری طرز پر فورٹ منرو کو جاذب نظر بنانے اور سہولیات کی فراہمی کے لیے فورٹ منرو کا دورہ کیا۔

پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان محمد اسد چانڈیہ سمیت دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔ کمشنر نے پیدل فورٹ منرو میں پارک، ڈیمس جھیل، کلمہ چوک، جرگہ ہال، اناری اور دیگر مقامات کا دورہ کیا

اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ کمشنر نے سیاحوں کے لئے سہولیات فراہمی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔

انہوں نے کہا کہ دسمبر کے آخر یا جنوری میں ممکنہ برف کے پیش نظر انتظامات مکمل کر لیے جائیں گے۔

ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ،کوہ سلیمان ڈویلپمنٹ اتھارٹی انتظامیہ سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ڈیرہ غازیخان

وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی ہدایت مشیر وزیر اعلیٰ چوہدری طارق زمان گجر نے ڈیرہ غازی خان میں سلاٹر ہاؤس،مارکیٹوں اور فلور ملز کا اچانک دورہ کیا۔

باسی اور جعلی مہر والا گوشت فروخت کرنے پر قصاب شیخ راشد کو گرفتار کرادیا۔گوشت ضبط کرنے کے ساتھ مقدمہ درج کرانے کے احکامات بھی جاری کردئیے۔

کارپوریشن آفس میں سی او جواد الحسن گوندل اور دیگر عملہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بہتری کیلئے ہدایات جاری کیں۔

مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری طارق زمان گجر نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں باسی اور مضر صحت گوشت کی اطلاع پر کارروائی کی ہے۔

سلاٹر ہاؤس کے بغیر کسی بھی جگہ پر مویشی ذبح کرنے کی اجازت نہیں دی جائے

گی۔مذبحہ خانہ میں ویٹرنری ڈاکٹر کی موجودگی میں مویشی ذبح کرایا جائیگا۔ذبح ہونے سے پہلے مویشی کا مکمل معائنہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ

گوشت مارکیٹ کے معائنہ کے دوران انکشاف ہوا کہ مافیا نے جعلی مہریں بنائی ہوئی ہیں اور شہر کی گلی محلوں میں مویشی ذبح کرکے گوشت پر مہریں لگاکر فروخت کیا جاتا ہے۔

مشیر وزیر اعلی نے کہا کہ صحت مند مویشی کے گوشت کی دستیابی کیلئے ہرممکن اقدامات کریں گے۔

مشیر وزیر اعلی نے کمشنر لیاقت علی چٹھہ سے بھی ان کے آفس میں ملاقات کی۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ڈیرہ غازیخان

ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازی خان میں مہنگے داموں کھاد فروخت کرنے والے ڈیلروں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے

،اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر صدر شکیب سرور نے پل ڈاٹ جام پور روڈ پر کھاد ڈیلروں کی شاپس پر کھادوں کی قیمتیں چیک کیں،انہوں نے سرکاری نرخوں سے زائد پر کھادیں فروخت کرنے والے تین ڈیلروں کی دکانوں کو اپنی نگرانی میں سیل کروادیا ہے۔

اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر صدر شکیب سرور کا کہنا ہے کہ کھاد ڈیلر کاشت کاروں کی مجبوریوں کا فائدہ اٹھا کر مہنگی کھاد فروخت کرتے ہیں

جس کی انہیں ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی،ہر کوئی حکومتی نرخوں پر کھاد فروخت کرنے کا پابند ہے،انہوں نے کہا کہ

فصلوں کو پروان چڑھانے اور بہتر پیداوار کیلئے زمینوں کو کھادوں کی ضرورت ہوتی ہیں مگر منافع خور کھاد کو جان بوجھ کر مہنگی فروخت کرتے ہیں

،ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار کی ہدایت پر ڈیلرز شاپس کو چیک کیا جائے گا اور قیمتوں کو اعتدال میں ضرور لایا جائے گا

،اس ضمن میں کسی پریشر کو بھی خاطر میں نہیں  لایا جائیگا۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ڈیرہ غازیخان

حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازی خان میں غذائیت کے حوالے سے خصوصی ہفتہ کا آغاز کردیا گیا ہے۔

دس دسمبر تک گھر گھر جاکر متوازن غذا کی اہمیت کے حوالے سے مہم چلائی جائے گی جس کیلئے 1075 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اطہر سکھانی،ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ پروگرام ڈاکٹر تحسین احمد،نوشین زہراء اور دیگر ماہرین طب نے ایم این سی ایچ پروگرام کے

تحت آر ایچ سی سرور والی میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہفتہ غذائیت کے دوران 2389726 آبادی کو فوکس کرتے ہوئے

بچوں میں غذائیت کی کمی اور حاملہ خواتین کو صحت سے متعلق بھرپور آگاہی دی جائے گی۔

دو سال سے پانچ سال کی کم عمر کے بچوں کی سیکریننگ کی جائے گی۔پیٹ کے کیڑوں کے خاتمہ،او آر ایس اور زنک سیرپ حاملہ خواتین کو آئرن،فولک ایسڈ کی

کی گولیاں مفت دی جائیں گی۔نوشین زہراء نے بتایا کہ خصوصی ہفتہ کے دوران ضلع کے مراکز صحت اور اہم مقامات پر آگاہی سیمینار بھی کرائے جائیں گے۔

اس موقع پر آگاہی واک کا بھی انعقاد کیا گیا
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ڈیرہ غازیخان

ڈپٹی کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازیخان شیخ امجد حسین نے کہا ہے کہ بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک دوسرے سالانہ امتحان 2022 کے رزلٹ کا اعلان منگل تیرہ دسمبر کو صبح دس بجے کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں کوئی باضابطہ تقریب منعقد نہ ہو گی۔ تاہم رزلٹ فوری طور پر بورڈ ویب سائٹ www.bisedgkhan.edu.pk پر اپ لوڈ کر دیاجائے گا۔ علاوہ

ازیں اُمیدواران 800295 پر اپنا رول نمبر ایس ایم ایس کرکے بھی رزلٹ معلوم کر سکیں گے۔ رزلٹ کارڈز کی ترسیل بھی جلد از جلد ممکن بنائی جائے گی۔

بورڈ کی طرف سے جن امیدواران کو مشروط طور پر رولنمبر سلپس جاری کی گئی تھیں وہ اپنے اعتراضات کے جوابات بمعہ طلب کردہ دستاویزات، کمی فیس/ادائیگی بینک چالان فوری طورپر جمع کروائیں تاکہ

انہیں رزلٹ کی تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈپٹی کنٹرولر نے کہا کہ میٹرک دوسرے سالانہ امتحان کی رزلٹ کی ری چیکنگ کروانے کے خواہش مند اُمیدواران اٹھائیس دسمبر تک اپنی درخواست آن لائن و ہارڈ کاپی کی صورت میں جمع کرا سکیں گے۔

تاہم مذکورہ میٹرک سیکنڈ اینول امتحان میں پاس شدہ امیدواران حکومتی پالیسی کے تحت بحیثیت ریگولر طالب علم بورڈ کی حدود میں کسی بھی گورنمنٹ یا نجی الحاق شدہ کالج/ہائر سیکنڈری سکول/ ادارہ جات کی میرٹ پالیسی کے مطابق

فوری طورپر گیارہویں کلاس میں داخلہ لے سکیں گے۔ تاہم ”امپرومنٹ آف مارکس” کی نئی پالیسی کے مطابق امیدواران کو اگلی ہائیر کلاس میں داخلہ نہ لینے کی صورت میں

نمبر بہتر بنانے کی غرض سے دوبارہ امتحان میں شریک ہونے کے لامحدود مواقع دستیاب ہوں گے۔

شیخ امجد حسین نے بتایا کہ میٹرک سالانہ امتحان 2023، کا انعقاد اپریل کے پہلے ہفتہ میں متوقع ہے پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیرمین کی حتمی منظوری کے بعد داخلہ فارمز جمع کروانے کا باظابطہ شیڈول جلد جاری کر  دیا  جائیگا
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ڈیرہ غازیخان

غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازیخان کے زیر اہتمام خوشحالی مائیکرو فنانس بینک کے اشتراک سے طلباء کی کیریئر کونسلنگ اور ملازمت کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا

جس میں وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، عابدہ بزدار، ڈاکٹر صفدر بشیر،کیئریئر کونسلر واحد بخش، ڈاکٹر ثنا ء اللہ یاسین اوردیگر مقررین نے خطاب کیا

اور موضوع کی مناسبت سے آگاہی دی. سیمینار میں طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی.
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ڈیرہ غازیخان

کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ

مذبحہ خانہ کے بغیر مویشی ذبح کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرائیں گے۔

شاہراہوں اور مصروف چوکوں پر عمارتی میٹریل ڈالنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔

کمشنر نے کہا کہ شہر میں مویشی رکھنے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی ہے۔

قانون کے تحت بلا امتیاز کارروائی جار ی رکھی جائے۔

About The Author