دسمبر 21, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ٹوئٹر ویریفکیشن میں تبدیلی کا امکان، بلیو ٹک اب مفت نہیں ملے گی؟

ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے اس حوالے سے فی الحال حتمی فیصلہ نہیں کیا تاہم ٹوئٹر انتظامیہ کے مطابق ویریفکیشن کا عمل ’ٹوئٹر بلیو‘ کے تحت ہوا کرے گا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے اکاؤنٹس کی تصدیق کے طریقہ کار کو تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے ٹوئٹر خریدنے کے دو روز بعد ہی اعلان کیا کہ ’ویریفکیشن کے تمام عمل کو تبدیل کر رہے ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیں: فیس بک اور ٹوئٹر نے پولیس کی مدد کرنی شروع کردی

تاہم ایلون مسک نے اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں دیں۔
جان کروس نامی ایک فوٹوگرافر نے ایلون مسک کو ٹیگ کرکے شکایت کی کہ بڑی تعداد میں فالوورز ہونے کے باوجود ٹوئٹر چار سے پانچ مرتبہ ان کے اکاؤنٹ کی ویریفکیشن سے انکار کر چکا ہے۔
جان کروس نے ایلون مسک سے پوچھا کہ کیا وہ اکاؤنٹس کی تصدیق میں ان کی کوئی مدد کر سکتے ہیں، جس پر ایلون مسک نے جواب دیا کہ طریقہ کار کو تبدیل کر رہے ہیں۔
ٹیکنالوجی کی ویب سائٹ ’دی ورج‘ نے رپورٹ کیا تھا کہ ٹوئٹر انتظامیہ اکاؤنٹس کی تصدیق اور بلیو ٹک جاری کرنے کے لیے صارفین سے فیس لیا کرے گی۔
رپورٹ کے مطابق بلیو ٹک کے ویریفائیڈ بیجز کے لیے صارفین کو ’ٹوئٹر بلیو‘ کی 4.99 ڈالر کی ماہانہ سبسکریشن فیس ادا کرنا پڑے گی۔
فیس نہ ادا کرنے کی صورت میں متعلقہ صارف کے اکاؤنٹ سے بلیو ٹک ہٹا دیا جائے گا۔
ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے اس حوالے سے فی الحال حتمی فیصلہ نہیں کیا تاہم ٹوئٹر انتظامیہ کے مطابق ویریفکیشن کا عمل ’ٹوئٹر بلیو‘ کے تحت ہوا کرے گا۔
اس سے قبل رپورٹ کیا گیا تھا کہ ٹوئٹر بلیو کی سبسکریشن فیس 4.99 ڈالر سے بڑھا کر 19.99 ڈالر ماہانہ کی جائے گی جس میں اکاؤنٹس کی تصدیق کا عمل بھی شامل ہے۔
ٹوئٹر بلیو کی سروس گزشتہ سال جون میں متعارف کرائی گئی تھی جس کے تحت صارفین کو ٹویٹ ایڈٹ کرنے سمیت مخصوص فیچرز تک رسائی دی جاتی ہے۔
اپریل میں ایلون مسک نے ٹوئٹر صارفین کی ایڈٹ بٹن سے متعلق رائے جاننے کے لیے رائے شماری کروائی تھی۔ 70 فیصد سے زیادہ افراد نے اس کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

About The Author