جنوری 15, 2025

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

جنت کی زندگی ۔۔۔||گلزار احمد

گلزار احمد سرائیکی وسیب کے تاریخی شہر ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ براڈ کاسٹر ہیں، وہ ایک عرصے سے مقامی اخبارات اور سوشل میڈیا پر تاریخ ، تہذیب و تمدن اور طرز معاشرت پر لکھتے چلے آرہے ہیں ، انکی تحریریں ڈیلی سویل کے قارئین کی نذر

گلزاراحمد

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جنت کی زندگی ۔۔
ایک مصری کہاوت ہے کہ جنت میں جانے سے پہلے آپ سے دو سوال پوچھے جائیں گے۔نمبر ایک کہ تم نے دنیا میں خوشی محسوس کی؟ فرض کر لیتے ہیں آپ کا جواب yes
ہے تو دوسرا سوال پوچھا جاتا ہے کیا تم نے لوگوں میں خوشی تقسیم کی؟ اس کا جواب بھی اگر yes ہو تو دربان کہ دیتا ہے۔۔۔تم تو پہلے ہی جنت میں ہو ۔۔
یہ بات مجھے اس لیے یاد آئ جب ہم بچپن میں گاٶں میں پل بڑھ رہے تھے تو عملی طور پر ہم ایسا ہی کرتے تھے اگرچہ ہمیں اس کہاوت کا پتہ نہیں تھا۔گاٶں وہ ہوتا ہے جہاں سادہ سماج آباد ہو جہاں سچائی اور ایمان داری کا بول بالا ہو ، جہاں لوگ دکھ سکھ میں ایک دوسرے کے کام آتے ہوں اوربوقت ضرورت ایک دوسرے کی دستگیری کرتے ہوں اور جہاں فضائی آلودگی سے محفوظ ایک صاف وستھری آب وہوا میسر ہو اور کھیتوں سے تازہ سبزیاں جسے آجکل organic کہا جاتا ہے دستیاب ہوں ، دیسی مرغ اوردیسی مرغی کےانڈے ، گائے اور بھینس کا تازہ و خالص دودھ مہیا ہو ، شام ہوتے ہی چوپال لگتی ہو جہاں گاؤں بھر کے مسائل پر چرچا ہوتی ہو۔ہمارے گھر گوشت کبھی کبھی پکتا تھا ۔چٹنی۔سلاد۔اچار۔شکر ۔بھاجی ۔پیاز یہ ہمارا سالن تھا ۔تنور کی روٹی پکاتے وقت پیاز کتر کے مکس کر لیتے اور لسی ساتھ ملا کے کھا لیتے۔
اس وقت ہمیں شھری کھانے میسر نہیں تھے اس لیے ہم اپنے آپ کو غریب سمجھتے تھے۔ہمارے ہاں کوئ بلڈ پریشر۔شوگر ۔جوڑوں کے درد ۔ڈیپریشن ۔کرونا کا مریض نہیں تھا۔ ۔گاٶں میں ایک حکیم تھا جو خمیرے۔معجون اور کٹی نباتات کی پڑیاں معمولی دام پر ضروت کے وقت دے دیتا ۔دھشت گردی کا نام نہیں سنا تھا۔ اگر سال میں ایک دفعہ سرخ آندھی آتی تو ہمارے بزرگ کہتے کسی جگہ ناحق قتل ہوا ہو گا۔۔
آج زندگی کے چلن دیکھ کے سوچتا ہوں ہم نے بے زری کے زمانے سے زرخیزی کے زمانے داخل ہو کر کیا پایا؟

About The Author