دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ڈیرہ غازیخان کی خبریں

ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

ڈیرہ غازیخان

کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن محمد عثمان انور نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازیخان او رراجن پور اضلاع میں سیلاب کی وجہ سے ہنگامی صورتحال برقرار ہے.

محکمے ریسکیو کے ساتھ ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں. ڈپٹی کمشنر ز معاملات کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور وہ خود بھی فیلڈ میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں. سیلاب زدہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر نے کہاکہ

وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ریلیف آپریشن جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی تاہم غیر متوقع اور زیادہ بارشوں سے سیلاب کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں

مسلسل سیلابی ریلے کی وجہ سے زمین میں پانی جذب کرنے کی صلاحیت ختم ہونے کے راستے اور آبی گزرگاہیں زیر آب ہیں چھوٹا سا بھی سیلابی ریلا بڑے نقصان کا باعث بن رہا ہے

حکومت پنجاب کی بہتر مینجمنٹ، حساس اور نشیبی علاقوں میں برو قت اعلانات اور ایمرجنسی نافذ کرنے کی وجہ سے کم سے کم نقصان ہوا ہے

تاہم لوگوں کو چاہیئے کہ وہ سیلابی ریلے میں گزرنے اور انتظامیہ کی طرف سے وارننگ کو سنجیدگی سے لیں. محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے کہ سیلابی ریلوں کے تیز بہاؤ کی وجہ سے کسی کو سنبھلنے کا موقع نہیں ملتا

اس لیے عوام احتیاط کے طو رپر اونچے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں. کمشنرنے کہاکہ ریلیف کیمپس اور متاثرہ بستیوں میں تین وقت کی خوراک، خیمے

خشک راشن اوردیگر امدادی سامان کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے سیلابی پانی اترنے اور راستے بحال ہونے پر ہر بستی اور گھر تک پہنچا جائے گا.

سروے کیلئے غیر جانبدار ٹیمیں تشکیل دینے اور شفاف سروے کیلئے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں

علاوہ ازیں کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن محمد عثمان انور نے بین الصوبائی شاہراہ راکھی گاج کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے

پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان محمداکرام ملک کو ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ

این ایچ اے اوردیگر محکموں سے بھاری مشینری طلب کر کے شاہراہ پر موجودلینڈ سلائیڈنگ کا ملبہ ہٹایا جائے اور ٹریفک میں پھنسے مسافروں کی رہنمائی کیلئے بارڈر ملٹری پولیس کی نفری تعینات کی جائے.

کمشنر نے کہاکہ بین الصوبائی شاہراہ پر پھنسے مسافروں کی مشکلات کا احساس ہے

کم سے کم وقت میں روڈ کو کلیئر کرانے کیلئے متعلقہ محکمو ں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں.
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ۔
ڈیرہ غازیخان

ڈیرہ غازی خان میں بارشی پانی اور رود کوہیوں کی طغیانی میں پھنسے لوگوں کے انخلاء کا عمل جاری ہے،

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد انور بریار رات بھر سیلاب متاثرین کی مدد کرتے رہے۔انہوں نے تمام سیلابی علاقوں کا وزٹ کیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طیب خان،پولیٹیکل اسسٹنٹ اکرام ملک اور دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے متاثرہ افراد کوخود محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ترغیب دی اور انکی محفوظ مقامات پر منتقلی کے عمل کی نگرانی بھی کی۔

اس موقع پر رات بھر متاثرین کو ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ لائی گئیں گاڑیوں میں محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاتا رہا۔ڈپٹی کمشنر نے متاثرہ علاقوں میں نکاسی آب کیلئے ہیوی مشینری کے ورک کا بھی معائنہ کیا،

انہوں نے متاثرین کیلئے کھانا، راشن،خیموں،میڈیکل کیمپس اور دیگر انتظامات بھی مکمل کروائے۔

محمد انور بریار لوہار والا،بستی کھوسہ اور دیگر ملحقہ بستیوں میں گئے انہوں نے فوڈ سنٹر چوٹی کا بھی دورہ کیا

اور سنٹر کو محفوظ بنانے بارے احکامات دئیے۔انہوں نے سنٹر پر رات گئے موقع پر مشینری منگوا کر ہنگامی

کام بھی شروع کروایا۔دوسری طرف ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار کی رات بھر کی کاوشوں پر متاثرین نے اظہار اطمینان کیا ہے

،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار سیلاب متاثرین کے صبر و ہمت کو سراہتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں لوگوں کی بروقت مدد کرنا باعث ثواب ہے،حکومت پنجاب کی ہدایت پر

مجھ سمیت تمام افسران ہمہ وقت سیلاب متاثرین کے ساتھ ہیں۔

ڈیرہ غازی خان میں بارشوں اور رود کوہیوں میں طغیانی کے باعث انتظامیہ الرٹ ہے اورڈپٹی کمشنر محمد انور بریار افسران کے ہمراہ فیلڈ میں موجود ہیں۔رات گئے ڈپٹی کمشنر نے بستی لوہار والا کا دورہ کیا

اور امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قدرتی آفت سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے،متاثرین صبر سے کام لیں،سیلابی علاقوں سے لوگوں اور مال مویشی کا انخلاء بہت ضروری ہے

،آزمائش کے دوران صبر و استقامت سے کام لیا جائے،انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کی مشینری نکاسی آب کیلئے مصروف عمل ہے،سیلابی علاقوں میں لوگوں کے انخلاء کیلئے انتظامیہ گاڑیاں بھی فراہم کررہی ہے

جب کہ ہیوی مشینری کی مدد سے راستوں کو ہموار کرکے پانی کی نکاسی کو یقینی بنارہے ہیں،

مساجد اور گاڑیوں پر سپیکر کے ذریعے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہچانے کیلئے اعلانات بھی کروا رہے ہیں،متاثرین کی جان و مال کی حفاظت ہماری زمہ داری ہے،متاثرین گھروں کو چھوڑیں اور فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہوں،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ

پانی کے بہاؤ کی شدت کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا،لوگوں سے التجا ہے کہ وہ فوری طور پر ریلیف کیمپوں میں پناہ لیں جہاں انہیں تمام سہولیات فراہم کریں گے،

میرے ساتھ تمام انتظامی افسران فیلڈ میں متاثرین کو ریلیف دلانے میں مصروف ہیں.
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ڈیرہ غازیخان

ایس پی پٹرولنگ ڈیر ہ غازیخان ریجن چوہدری محمد شریف نے پٹرولنگ پوسٹ لال سوہانرا ضلع بہاولپور کا دورہ کیا.

انہوں نے ملازمین سے کہاکہ فرائض منصبی دیانتداری اور خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہو کر انجام دیں.

ایس پی نے پوسٹ کے ملازمین کے مسائل بھی سنے اور ان کے حل کیلئے احکامات جاری کیے.

پی آر او ممتاز حسین نے بتایا کہ ایس پی چودھری محمد شریف کے لال سوہانرا پوسٹ پہنچنے پر پٹرولنگ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی.

ایس پی نے دورہ کے دوران پٹرولنگ پوسٹ کے ریکارڈ، بلڈنگ اور مال سرکار کے ساتھ ساتھ اسلحہ ایمونیشن کی حالت کا بھی جائزہ لیا، ریکارڈ اور مال سرکار کی حالت تسلی بخش پائے جانے پر انچارج پوسٹ کو شاباش دی

اس موقع پر ایس پی نے پوسٹ پر پودا لگا یا اور جوانوں کو بھی شجر کاری کی ہدایت کی، ایس پی نے پٹرولنگ پارٹی اور پٹرولنگ وہیکل کا معائنہ کیا اور ہدایات جاری کیں.
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ڈیرہ غازیخان

ڈیرہ غازیخان میں بارشوں، رودکوہیوں کی طغیانی کے باعث ریسکیو عمل تیز کردیا گیا ہے،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد انور بریار امدادی سرگرمیوں کی نگرانی میں مصروف ہیں،ڈیرہ غازیخان میں 14تا 18اگست کے4روز کے دوران4300ریسکیو سرگرمیاں عمل میں لائی گئیں۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو 1122 نے

ٹرانسپورٹیشن کی4290 سرگرمیوں پر کام کیا۔سیلاب سے سینکڑوں معمولی زخمیوں کو بھی ابتدائی طبی امداد دی گئی،

ریسکیو ٹیموں نے14شدید زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں شفٹ کیا۔سیلاب سے دو فیز میں مجموعی طور پر 235 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا ہم کہ سیلاب متاثرین کی دن رات خدمت کررہے ہیں،بارشوں کا سلسلہ تھم جانے پر ریلیف سرگرمیاں مزید تیز کردی جائیں گی

،لوہار والا،کوچہ ککری،یارو کھوسہ،حیدر چوک،کوٹ مبارک،بستی بزدار میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں

،تونسہ کی بستیوں منجوتھہ،منگڑوٹھہ،کلاچی،سوکڑ،جلو والی،وہوا،مندرانی،جٹ والا میں سیلابی پانی موجود ہے،چوکی والا سے سیلابی پانی نکل چکا ہے

،انہوں نے کہا کہ کوٹ چھٹہ کی بستیوں کمہار والی،رمدانی،تالپور،سہرانی میں ریسکیو آپریشن جاری ہے،متاثرین صبر سے کام لیں،انہیں تمام سہولیات موقع پر فراہم کریں گے۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ڈیرہ غازیخان

ڈپٹی کنٹرولر امتحانات ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازیخان شیخ امجد حسین نے کہا ہے کہ انٹرمیڈیٹ بارہویں کلاس سالانہ امتحان 2022ء کے رزلٹ کا اعلان بیس

اکتوبر جبکہ پارٹ فسٹ گیارہویں کلاس کے رزلٹ کا اعلان سترہ نومبر کو کیا جائے گا۔ مذکورہ امتحانات کے مرحلہ وار رزلٹ کی تیاری کے سلسلہ میں مروجہ طریقہ کار کے مطابق تمام مراحل کی تکمیل تیزی سے جاری ہے۔

ڈپٹی کنٹرولر نے کہاکہ جن اُمیدواران نے گیارہویں کا امتحان ڈی جی خان بورڈ سے پاس کیا تھااوربارہویں کاامتحان پنجاب/پاکستان کے کسی دوسرے بورڈمیں دیاہے۔

ایسے اُمیدواران کی ڈی جی خان بورڈ سے پاس شدہ/اولڈ پوسٹنگ/  رزلٹ حسبِ ضابطہ دوسرے بورڈز کو بھجوائے جارہے ہیں تاکہ

اُن کے متعلقہ بورڈز میں اُن کے فائنل رزلٹ کی تیاری/تکمیل کی جا سکے۔ تاہم ایسے اُمیدواران جنہوں نے اپنا گیارہویں کا امتحان پنجاب/پاکستان کے کسی بھی بورڈ سے

پاس کرکے اِس سال سالانہ امتحان 2022ء میں حسبِ ضابطہ ڈیرہ بورڈ میں بارہویں کلاس کا امتحان دیاہے تو ایسے اُمیدواران کو ہدایت کی جاتی ہے کہ

وہ اپنے متعلقہ بورڈ سے گیارہویں کے رزلٹ کی سربمہر تصدیق شدہ کاپیاں /دستخط شدہ اولڈ پوسٹنگ فوری بھجوائیں تاکہ اُن کے رزلٹ کی تیاری کے سلسلہ میں مزید کارروائی کی جائے، متعلقہ بورڈز کو بھی اس سلسلہ میں مراسلہ جات بھجوائے گئے ہیں۔ شیخ امجد حسین نے کہاہے کہ

انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات 2022 ء میں جن اُمیدواران کو بورڈ کی طرف سے مشروط طور پر رول نمبر سلپس جاری کی گئی تھیں اورایسے اُمیدواران کو اِس سلسلہ میں اعتراضاتی مراسلہ جات بسلسلہ کمی فیس،عدم تصدیق،فراہمی این او سی،فراہمی

”پی فارم”، تبدیلی گروپس یاکسی بھی قسم کا کوئی اعتراض بھجوایا گیا تھا تو  وہ فوری طور پر بورڈ کی طرف سے بھجوائی گئی

ہدایات /احکامات پر عمل کرتے ہوئے اپنے اعتراضات کے جوابات بمعہ طلب کردہ دستاویزات جمع کرائیں   تاکہ

اُنہیں رزلٹ کی تاخیر کاسامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اُمیدواران جن کو ناجائز ذرائع کے کیسز کے سلسلہ میں بورڈ کی ڈسپلن برانچ کی طرف سے چارج شیٹ کیا گیا ہے/ یا بذریعہ نوٹس مطلع کیاگیا ہے

تو وہ فوری طور پر اپنی ذاتی شنوائی کے سلسلہ میں بورڈ کی طرف سے جاری کردہ ہدایات/نوٹسز کی روشنی میں ڈسپلن کمیٹی /بورڈ کے روبرو پیش ہوں تاکہ بروقت حسبِ ضابطہ کارروائی/فیصلہ جات کو ممکن بنایاجاسکے۔

ڈپٹی کنٹرولر شیخ امجدحسین نے کہا کہ جن اُمیدواران نے دوارنِ انعقاد امتحانات اپنی جوابی کاپیوں پر بھول چُوک میں /لاعلمی میں غلط کوڈ/غلط رول نمبر لکھے ہیں۔

وہ فوری طور پر بورڈ میں حسبِ ضابطہ مجوزہ فیس کے ساتھ تصحیح/درستگی کیلئے رول نمبر سلپ کی کاپی لف کر کے درخواست دیں تاکہ اُن کے معاملات کو باضابطہ بنایا جا سکے۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ڈیرہ غازیخان

حکومت پنجاب کی ہدایت پرکلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام موسم برسات شجر کاری مہم کی تقریب

غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل، ر جسٹرار ڈاکٹر اللہ بخش گلشن،ایڈمن کنسلٹنٹ چودھری محمد حسین اور

دیگر معززین نے پودے لگائے. محکمہ جنگلات کے افسران خالد جاوید بھٹہ اوردیگر بھی موجود تھے۔

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ڈیرہ غازیخان

سول ڈیفنس آفیسر ڈیرہ غازیخان خالد کریم نے کہا ہے کہ ڈائریکٹر سول ڈیفنس شاہد حسن کلیانی کی ہدایات پر ضلع ڈیرہ غازیخان کے سیلاب زدہ علاقوں

لوہار والا، گد پور، معموری، منگڑوٹھہ، بستی احمدانی اورد یگر علاقوں کے فلڈ ریلیف کیمپس میں دو سو سے زائد رضا کار امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں.

انہوں نے کہاکہ ضلع ڈیرہ غازیخان کے رضا کاروں کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی رضا کار طلب کیے گئے

جن کی رہائش خوراک کا بھی انتظام کیاہوا ہے. خالد کریم نے بتایاکہ رودکوہیوں کے سیلابی ریلے سے مصیبت میں پھنسے لوگوں کو ریلیف دلانے کیلئے انتظامیہ کے ساتھ مل کر ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں

متاثرین تک خوراک، خشک راشن کی فراہمی، ملبے تلے دبے سامان کو نکالنے اوردیگر سرگرمیوں میں انسانی جذبہ کے تحت کام کر رہے ہیں
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ڈیرہ غازیخان

حکومت پنجاب کی ہدایت پر گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ملاقائد شاہ جدید ڈیرہ غازیخان میں سٹوڈنٹ کونسل کے انتخابات منعقد ہوئے

جس میں صدر نمرہ نور، نائب صدر مائرہ خان اور جنرل سیکرٹری کیلئے فاطمۃ الزہرا کامیاب ہوئیں.

پرنسپل ادارہ اسماء بتول نے بتایا کہ آٹھ بجے شروع ہونے والی پولنگ میں 450طالبات نے حق رائے دہی استعمال کیا.

اس دوران ڈی ای او سکینڈری ریاض ملغانی اوردیگر نے بھی انتخابی مہم کا جائزہ لیا ڈی ای او سکینڈری نے شفاف انتخابات کے انعقاد پر پرنسپل ادارہ کی کاوشوں کو سراہا.

پرنسپل نے بتایاکہ انتخابات کے دوران سکول میں رنگا رنگ پروگرام بھی ترتیب دیئے گئے طالبات نے ماڈلز اور بینرز بنا کر اپنے امیدواروں کوسپورٹ کیا.
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ڈیرہ غازیخان

ضلع ڈیرہ غازیخان طوفانی بارشوں اور رودکوہیوں کے سیلاب نے جہاں مکینوں کو بے گھر کیا وہاں ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں بھی دن رات متاثرین کی امداد کیلئے مصروف ہے.

سیلابی پانی میں گزرتے ہوئے ہر متاثرہ فرد ا ور بستی میں پہنچا جا رہا ہے ڈپٹی کمشنر محمدا نور بریار کی زیر نگرانی ضلعی فوکل پرسن

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان اور اسسٹنٹ کمشنر محمد اسد چانڈیہ سیلاب زدہ علاقوں میں موجود ہیں

گزشتہ رات آنے والے ریلے سے تحصیل تونسہ کی ناڑی شمالی، ناڑی جنوبی، بستی لالانی، بستی بودو، وہوا شمالی و جنوبی، ترنمن،

بستی قیصرانی، مٹھے والی، جھوک کورو،قاضی والا، بستی بزدار، ٹبی قیصرانی، فتح خان، کوٹلہ سجاول اور دیگر علاقے متاثر ہوئے.

ریسکیو 1122کی چالیس کے قریب کشتیاں سیلابی پانی محصور افراد اور املاک کو نکالنے دن رات مصروف رہیں.

ریسکیورز نے 361ا فراد کو فلڈ ریلیف کیمپس اور محفوظ مقامات پر پہنچایا. فلڈ ریلیف کیمپس اور متاثرہ بستیوں میں تین وقت کا کھانا دینے کیلئے بھی ضلعی انتظامیہ مصروف عمل ہے.

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طیب خا ن بتایاکہ ہر متاثرہ فرد کی بحالی تک اس جذبہ کے تحت کام جاری رکھیں گے.

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ڈیرہ غازیخان

ڈیرہ غازیخان کے ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار نے رودکوہیوں کے پانی کی نکاس کیلئے فیلڈ کا دورہ کیا۔

محمد انور بریار نے پل بستی ہدیانی ڈی جی خان کینال کا جائزہ لیا اور سیلابی پانی کے فوری نکاس بارے محکمہ آبپاشی کے افسران کو ہدایات بھی دیں

۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان کینال نزد ائیر پورٹ چوک پر پانی کے فلو کو تیز کیا جائے،پانی کے بروقت نکاس سے متاثرین کی مشکلات کم ہوسکتی ہیں،

نالوں سے بارشی پانی کے بہاؤ کے عمل کو باقاعدہ مانیٹر کیا جائے،ڈپٹی کمشنر نے سیلاب متاثرین سے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ

مزید بارشیں نہ ہوئیں تو زیر آب علاقوں میں پانی کی سطح نیچے آئیگی،بارشوں کے پیش نظر ہمیں مزید محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ڈیرہ غازیخان

ڈیرہ غازی خان میں حکومت پنجاب کی ہدایت پر سیلاب متاثرین میں تین وقت کے کھانا کی تقسیم جاری ہے،

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان محمد انور بریار کی زیر نگرانی متاثرین کو باقاعدگی کیساتھ کھانا دیا جارہا ہے

جب کہ مہمان سیلاب متاثرین کی مرغ پلاؤ سے تواضع کی گئی،ریلیف سنٹرز کے علاوہ متاثرین کو ان کے گھروں پر پکا پکایا کھانا پہنچایا جارہا ہے۔

تین وقت کا کھانا ملنے پر متاثرین نے ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا ہے۔

دوسری طرف ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار کا کہنا ہے کہ کھانے کے علاوہ متاثرین کو راشن اور خیمے بھی دے رہے ہیں

،متاثرین اکیلے نہیں ہیں،ہم انکی خدمت کرتے رہیں گے۔

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ڈیرہ غازیخان

سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب زاہد اختر زمان کی ہدایت پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے راجن پور کا دورہ کیا،

رودکوہیوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری فلڈ ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ فیلڈ عملہ کو مشکل کی اس گھڑی میں عوام کی رہنمائی کیلئے بھر پور ساتھ دینے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ

عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ رودکوہیوں کے سیلاب سے متاثرین کی مدد کیلئے محکمہ زراعت امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے۔ لوگوں کو مال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فلڈ ریلیف کیمپ قائم کردئیے گئے ہیں جہاں پر سیلاب متاثرین کو کھانا فراہم کیا جارہا ہے

جبکہ طبعی معائنہ کیلئے میڈیکل کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔ متاثرین گھروں کو چھوڑیں اور فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ

حساس اور نشیبی علاقوں سے عوام کے انخلا کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈی جی خان اور راجن پور میں بارشوں اور رودکوہیوں کی وجہ سے سیلابی صورت کا سامنا ہے جس سے کپاس سمیت مختلف فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ امسال ضلع راجن پور میں 2 لاکھ 57 ہزار 67 ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت ہوئی ہے جس میں سے رودکوہیوں کے سیلاب سے 48270 ایکڑ جبکہ دریائی سیلاب سے 178 ایکڑ متاثر ہوئے ہیں۔

روجھان میں 65838 ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت ہے جس میں سے روکوہیوں سے 369 ایکڑ رقبہ پر کپاس کی فصل متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے مزیدبتایا کہ

سیلاب کی وجہ سے ڈی جی خان ڈویژن میں کپاس کے 60784 ایکڑ، تل 9953 ایکڑ، مونگ 18217 ایکڑ، دھان 8153 ایکڑ اور چارہ جات کے 11044 ایکڑ سمیت مختلف کاشتہ سبزیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فصل بیمہ (تکافل) پروگرام کے ذریعے رجسٹرڈ کاشتکاروں کو ناگہانی آفات سے پیداوار میں نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔

اس سکیم کے تحت 5 ایکڑ اراضی کے کاشتکاروں کے لئے بیمہ کے پریمیم پر 100 فیصد سبسڈی جب کہ 5 سے 25 ایکڑ کے کاشتکاروں کو 50 فیصد سبسڈی دی جائے گی۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ڈیرہ غازیخان

پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان محمد اکرام ملک نے سیلاب زدگان کیلئے تمام تھانوں، سکولز اور مراکز صحت کی عمارتیں کھول دیں.

فلڈ ریلیف کیمپس میں تبدیل کرتے ہوئے ہرممکن سہولیات کی فراہمی اور دشوار گزار علاقوں میں اونٹوں کے ذریعے امدادی سامان کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے.

انہوں نے قبائلی علاقوں میں مختلف مقامات کاد ورہ کیا. متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا.

انہوں نے کہاکہ قبائلی علاقوں میں راستے بند ہونے کی وجہ سے اونٹوں اور دیگر مال بردار جانوروں کے ذریعے امدادی سامان متاثرہ علاقوں تک پہنچایا جا رہاہے

انہوں نے بارڈر ملٹری پولیس کو ہدایات جاری کیں کہ

وہ ہر متاثرہ بستی تک پہنچیں اور امداد کی فراہمی یقینی بنائیں.

پولیٹیکل اسسٹنٹ و کمانڈنٹ محمد اکرام ملک نے کہاکہ بارڈر ملٹری پولیس قبائلی لوگوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

About The Author