نومبر 15, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ایف آئی اے نے صحافی اورتجزیہ کار محسن بیگ کو گرفتار کرلیا

محسن بیگ کے ترجمان نے کہاہے کہ ایف آئی اے سے وارنٹ گرفتاری مانگنے پر تلخ کلامی بھی ہوئی اور ایف آئی اے اور پولیس نے محسن بیگ کو زدو کوب کیا ۔

اسلام آباد ۔۔روزنامہ جناح اور ان لائن نیوز ایجنسی کے ایڈیٹر انچیف محسن بیگ کے گھر ایف آئی اے کی سائبر کرائم ونگ کی ٹیم نے چھاپہ ماراہے، ایف آئی اے اور پولیس کی بھاری نفری نے گھر کا گھیراؤ کرلیا،

محسن بیگ کے ترجمان نے کہاہے کہ ایف آئی اے سے وارنٹ گرفتاری مانگنے پر تلخ کلامی  بھی ہوئی اور ایف آئی اے اور پولیس نے محسن بیگ کو زدو کوب کیا ۔

اس کے بعد پولیس اور ایف آئی اے نے محسن بیگ کو گرفتار کرلیا، ترجمان کے مطابق ایف آئی اے کے پاس محسن بیگ کے وارنٹ گرفتاری تھے نہ ہی کوئی مقدمہ درج تھا۔۔

پولیس کے مطابق محسن بیگ کو غیر قانونی حراست میں نہیں رکھا گیا بلکہ تھانہ مارگلہ پولیس نے بیلف کو رپورٹ مہیا کرتے ہوئے بتایا ہے کہ محسن بیگ کو مقدمہ نمبر 87 میں گرفتار کیا گیا ہے۔

محسن بیگ کو ٹی وی پروگرام میں بولنے پر وفاقی وزیر مراد سعید کی شکایت پر گرفتار کیا گیا.

محسن بیگ کے گھر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے چھاپہ مارا تھا،محسن بیگ حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے تھے

پولیس کے مطابق محسن بیگ کے خلاف دہشتگردی، اقدام قتل، حبس بے جا سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے.

اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اخباری مالک اور تجزیہ کار محسن بیگ کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔

بدھ کو اسلام آباد پولیس کے تھانہ مارگلہ کے اہلکاروں نے محسن بیگ کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا۔

پولیس اہلکاروں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو کمرہ عدالت میں جانے سے روک دیا اور عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے نے ملزم کو رہائش گاہ سے گرفتار کرنے کے لیے چھاپہ مارا تھا۔

محسن بیگ نے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے باہر پولیس حراست میں میڈیا کو بتایا کہ صبح سویا ہوا تھا، یہ ڈاکوؤں کی طرح گھر میں داخل ہوئے۔

محسن بیگ نے بتایا کہ بغیر وردی گھر میں آئے، گھر میں فیملی ہے۔ تھانے میں ایف آئی اے والوں نے تشدد کیا، جبکہ میں پولیس کسٹڈی میں تھا۔

محسن بیگ نے کہا کہ ایف آئی اے والوں نے تشدد سے میری ناک، پسلیاں توڑی ہیں، میرا میڈیکل کرا لیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ محسن بیگ کی گرفتاری سے عمران خان کی طاقت نہیں بلکہ کمزوری ظاہر ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اتنے کمزور ہیں کہ وہ خود پر تنقید سے ڈرتے ہیں کہ کہیں عوام ان کے سچ سے واقف نہ ہو جائیں۔

About The Author