دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

دو قدم آگے، دو قدم پیچھے۔۔۔۔||عاصمہ شیرازی

پُلوں کے نیچے سے بہت سا پانی بہہ گیا ہے اور اب بند باندھنا ہی اصل امتحان ہے کہ انا بھی برقرار رہے اور ہر بار کی طرح اس بار بھی ناکامی کا ملبہ سیاسی حکومت پر ہی گرے۔

عاصمہ شیرازی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اس وقت آنکھ مچولی کا کھیل جاری ہے۔ مقتدرہ انا کی جنگ میں کبھی ایک قدم پیچھے اور کبھی ایک قدم آگے ہے۔ بظاہر یہ تسلیم کیا جا چُکا ہے کہ تبدیلی پراجیکٹ ناکام ہوا۔ یہ بھی تسلیم ہو چکا کہ اپوزیشن اور خصوصا ن لیگ کے ساتھ بات چیت ضروری مگر اپنی شرائط پر۔

ہر گزرتا دن اور گزرتی گھڑیاں کھیل کی شرائط تبدیل کر رہی ہیں اور ہر حال میں بازی جیتنے والوں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ گذشتہ تین سال کی طاقت ورپالیسیوں نے سیاسی جماعتوں کو ہار اور جیت سے کسی حد تک بالاتر کر دیا ہے۔

پُلوں کے نیچے سے بہت سا پانی بہہ گیا ہے اور اب بند باندھنا ہی اصل امتحان ہے کہ انا بھی برقرار رہے اور ہر بار کی طرح اس بار بھی ناکامی کا ملبہ سیاسی حکومت پر ہی گرے۔

ہر گُزرتے دن کے ساتھ عوام کی سوچ بدل رہی ہے۔

ضروریات زندگی پورے کرتے عوام تھک رہے ہیں۔ بند کمروں میں کی جانے والی باتیں چوک چوراہوں میں ہو رہی ہیں۔ لاکھ موضوع بدلیں تبدیلی کی ناکامی کا ذمہ دار صرف تحریک انصاف کو نہیں ٹھہرایا جا رہا۔

پاکستان

،تصویر کا ذریعہGETTY IMAGES

یوں محسوس ہوتا ہے کہ عوام کے غم اور غصے کا تدارک نہ ہوا تو عوام پھٹ پڑیں گے۔ مایوسی سے نکلنے کی واحد مشق عوام کے ووٹ کا استعمال ہے جس کا مظاہرہ خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات سے لگایا جاسکتا ہے۔ کیا حالات عام انتخابات کی جانب ہی بڑھ رہے ہیں مگر کیسے؟

اپوزیشن ان ہاؤس تبدیلی کی خواہاں اب نہیں دکھائی دیتی۔۔ حکومت خود انتخابات کا اعلان کرے گی؟۔۔۔ نہیں۔۔ تو کیا آخری آپشن احتجاج ہی ہے؟

طاقت ور حلقوں کو اس بات کا پوری طرح سے احساس ہے کہ گذشتہ چار سال یا اس سے قبل کی حکمت عملی نے اس محاذ پر ناکامی سے دوچار کر دیا ہے۔ تحریک انصاف بھی ناکامی کی پوری ذمہ داری لینے کو تیار نہیں لیکن آدھی ناکامی کس کے حصے میں ہے اس پر بھی بات کرنے میں ہچکچا رہی ہے۔

ایک دوسرے سے وابستہ مفادات پس منظر میں جاتے دکھائی دے رہے ہیں تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ آئندہ کا خاکہ بنانے میں طاقت ور حلقے دلچسپی نہیں رکھتے۔۔۔ لیکن کیا اس بار اُن کو وہی کندھے دستیاب ہیں جو ہمیشہ ہوتے تھے تو سر دست جواب نہیں میں ہے۔ سوال اختیار اور انتخاب کے درمیان وقت کے تعین کا ہے اور وقت ہاتھ سے نکلتا جا رہا ہے۔

مقامی حکومتوں کے انتخابات

،تصویر کا ذریعہGETTY IMAGES

تحریک انصاف کی کارکردگی نے جہاں آپشنز کو محدود کیا ہے وہیں پر ’نئے انتخاب‘ کے لیے وقت بھی محدود کر دیا ہے۔

معاشی صورتحال قوم کو نا اُمید کر رہی ہے اور قرضوں کی ریشمی ڈور آہستہ آہستہ قومی مفادات کو جکڑتی جا رہی ہے۔

ایک جانب بین الاقوامی سطح پر دباؤ تو دوسری جانب ایک عالمی کیمپ سے دوسرے میں جانے کی کوشش، افغانستان کے بڑھتے مسائل، آنے والے دنوں میں امن و امان کو لاحق خطرات۔۔۔ خطے میں نئی گیم کے اصول طے ہو رہے ہیں ایسے میں مسائل سے نکلنے کے لئے حالات قومی سطح پر یکجہتی اور صحیح معنوں میں عوامی نمائندگی کے متقاضی ہیں۔

موجودہ قیادت بہر حال اس سے نمٹنے میں کامیاب ہوتی دکھائی نہیں دے رہی۔

نواز شریف کسی صورت اپنے مطالبات سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں تو آصف زرداری بھی موجودہ حکمرانوں کی ’چھٹی‘ تک مفاہمت پر رضامند نہیں۔

مولانا فضل الرحمان جس بیانیے پر کھڑے ہیں عوام نے بلدیاتی انتخابات میں اُس کی حمایت کر دی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ مخالف بیانیے کو دن بہ دن تقویت مل رہی ہے۔

عوامی طاقت کے لیے پی ڈی ایم 23 مارچ کو اسلام آباد کا رُخ کرے گی، بالآخر پیپلز پارٹی اور اے این پی کو بھی عوامی دباؤ کے تحت احتجاج کا ہی آپشن اختیار کرنا پڑ سکتا ہے۔ اگر حزب اختلاف عوامی دباؤ بڑھانے میں کامیاب ہوتی ہے تو عام انتخابات کے سوا کوئی چارہ نہ ہو گا۔

مقتدرہ ایسی صورتحال میں سیاسی جماعتوں کو کس حد تک جگہ دے گی یہ دیکھنا اہم ہو گا۔

طاقت ور حلقوں کو اپنی جگہ سے پیچھے قدم ہٹانا پڑیں گے۔ دو قدم پیچھے ہٹ جانے سے مسائل حل ہوتے ہیں اور دو قدم آگے بڑھنے سے سیاسی نظام کو استحکام ملتا ہے تو کیا بُرا ہے۔ دو قدم آگے دو قدم پیچھے ہوتی مقتدرہ کو فیصلہ تو اب کرنا پڑے گا۔

عاصمہ شیرازی کے دیگر کالم بھی پڑھیے

 بشکریہ بی بی سی اردو ڈاٹ کام

About The Author