دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

سری لنکا کے شہری کو مرتے دم اندازہ تو ہو گیا ہو گا|| عمار مسعود

سری لنکا کے شہری ’پریا نتھا کمارا‘  کے جلتے وجود کے ریزے زمیں پر گرتے دیکھ  کر یقیناً یہ سوچ رہے ہوں گے  کہ ان کے قاتلوں کو سزا ملے گی یا نہیں؟ انسانیت کے ان مجرموں کو نشان عبرت بنایا جائے گا یا اگلے الیکشن میں انھیں ٹکٹ دیا جائے گا؟

عمار مسعود

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

سری لنکا کے شہری ’پریا نتھا کمارا‘ دس برس قبل جب پاکستان آئے ہوں گے تو انھوں نے یقیناً پاکستان کے متعلق کچھ تحقیق کی ہو گی، کچھ وکیپیڈیا پر پڑھا ہو گا، کچھ گوگل سرچ کی ہو گی، پانچویں جماعت کے نصاب میں شامل معاشرتی علوم کی کتاب کا مطالعہ کیا ہو گا، آئینِ پاکستان پر نظر دوڑائی ہو گی، پاکستانی قوانین کا جائزہ لیا ہو گا۔
ان تمام معلومات کو یکجا کر کے انھوں نے نتیجہ نکالا ہو گا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، یہاں کے لوگ  امن کے خواہاں اور مہمان نواز ہیں، یہاں کے آئین کے مطابق اقلیتیوں کو ان کے تمام انسانی حقوق حاصل ہیں، یہاں کا قانون کسی  بے گناہ پر ظلم کی اجازت نہیں دیتا، یہاں کی اکثریت اس مذہب سے تعلق رکھتی ہے جسے امن کا مذہب کہا جاتا ہے، جس کے پیغمبر، نبی آخر الزماں، ’رحمت اللعالمین‘ کہلاتے ہیں، یہاں حقوق العباد کا خیال رکھا جاتا ہے، نفرت کے شعار کی ممانعت ہے، یہاں کی حکومت ٹورازم کو فروغ دے کر  اپنی ثقافت اور اقدار سے دنیا کو متعارف کرنا چاہتی ہے۔
سری لنکا کے شہری ’پریا نتھا کمارا‘ نے پنجاب کے بارے میں یہی سنا ہو گا کہ یہاں کے لوگ کھتی باڑی کرتے ہیں، بھنگڑے ڈالتے ہیں، ہیر وارث شاہ پڑھتے اور حقے کا کش لگا کر اپنے دن کو تمام کرتے ہیں، یہ آبادی کے اعتبار سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے، سب صوبوں کا بڑا بھائی ہے۔ طاقت کا سرچشمہ ہے، سیاسی تحریکیں یہیں سے جنم لیتی ہیں، یہیں سے کلچر اور تہذیب کا انشراح ہوتا ہے،  یہ موسیقی کے گھرانوں کا دیس ہے، یہ محبت کرنے والوں کی دھرتی ہے، یہ ساتھ نبھانے کی قسمیں کھانے والوں کا علاقہ ہے، یہ ہیر اور رانجھے کی بستی ہے، یہ سوہنی مہنیوال کا دیس ہے، یہ وارث شاہ، شاہ حسین، سلطان باہو، میاں محمد بخش اور  بلھے شاہ کا وطن ہے، یہ روشن آرا بیگم کا میزبان اور نور جہاں، عنایت حسین بھٹی اور طفیل نیازی  کی تانوں پر گنگناتا  صوبہ ہے۔
سر ی لنکا کا شہری ’پریا نتھا کمارا‘ نے سیالکوٹ کے بارے میں بس اتنا جانا ہو گا کہ یہ صنعت و حرفت کا مرکز ہے۔ یہ کھیلوں کے سامان کے لیے معروف ہے، یہاں کا بنا فٹ بال ’فیفا‘ کی طلب ہے، یہاں کے بنے بیٹ کی دنیا بھر میں مانگ ہے، یہاں کی بنی گیند ہوا میں سرعت سے رخ پلٹتی ہے۔ اس شہر میں شاعر بزرگ علامہ اقبال کا جنم ہوا، یہی  شہر  فیض احمد فیضؔ جیسے تخلیق کار کا مسکن بنا، یہ شہر اپنے کھابوں اور لہجے کے حوالے سے معروف ہے،  یہاں بچہ بچہ بزنس کے امور سے واقف ہے، ایکسپورٹ اور امپورٹ کے بین الاقوامی قوانین سے آگاہ ہے۔ یہ انہی دلیروں کا شہر ہے جو جسم سے بم باندھ کے دشمن کے ٹینکوں سے بھڑ گئے تھے۔
پریا نتھا کمارا کو فیکٹری ورکرز نے توہین مذہب کے الزام میں ہلاک کیا تھا۔ فوٹو اے ایف پی
سری لنکا کے شہری ’پریا نتھا کمارا‘  نے جب پاکستان کا سفر اختیار کیا ہو گا تو ان کی اہلیہ نیروشی دسانیاکے نے انھیں اپنے مذہب اور مسلک کے تحت دعاؤں سے رخصت کیا ہو گا، سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راجا پکاسا سر ی لنکا کے شہری پریا نتھا کمارا کو ذاتی طور پر نہیں جانتے ہوں  گے مگر کسی اکنامک سروے سے انھیں اطلاعات مل گئی ہوں گی کہ ایک سری لنکن شہری ملک کے لیے زرمبادلہ کمانے کی خاطر دوست ملک پاکستان کی جانب عازم سفر ہو چکا ہے، سری لنکن ٹیم پر حملے کی وجہ سے ’پریانتھا کمارا‘ کی حفاظت کی فکر تو ہو گی مگر اس بات سے اطمینان ہو گیا ہو گا کہ اب وہاں ریاست مدینہ بن چکی ہے، اب استحصال اور خوف کا دور بیت گیا اب شیر اور بکری ایک ہی گھاٹ پر پانی پیتے ہیں۔ پھر سری لنکا کے وزیر اعظم نے سوچا ہو گا کہ پریا نتھا کمارا اس ملک میں جا رہے ہیں جہاں کے لوگوں کو سب سے زیادہ آنکھوں کا عطیہ سری لنکا کی جانب سے ملتا ہےلیکن یہ بصارت کی بات ہے بصیرت کا معاملہ کچھ اور ہے۔
سری لنکا کے شہری ’پریا نتھا کمارا‘ کو  اپنے بدن کی ہڈیاں چور چور کرتے ہجوم کو دیکھ کر اندازہ ہو گیا ہوگا کہ یہ وہ ملک نہیں جس کے آئین کی کتاب انھوں نے پڑھی تھی، زندہ جلتے انسان کے ساتھ سیلفیاں لیتے جنونیوں کو دیکھ کراندازہ ہو گیا ہو گا یہ وہ پنجاب نہیں جس کے بارے میں انھوں نے سنا تھا، ان کی لاش کی بے حرمتی کرتے دیوانوں کو دیکھ کر ان کو اندازہ ہو گیا ہو گا کہ یہ وہ شہر نہیں جس کا ذکر انہوں نے سنا تھا۔
پاکستان میں عوامی اور حکومتی سطح پر سیالکوٹ واقعے کی مذمت کی گئی۔ فوٹو اے ایف پی
انھیں اپنے جلتے وجود کے ساتھ یہ سمجھ آ گئی ہو گی کہ اب یہ وہ ملک ہے جہاں ان سے بھی معاہدے کیے جاتے ہیں جنھیں دہشت گرد کہا جاتا ہے، جہاں جنونیوں کے خلاف ججوں  کے فیصلے ردی کی ٹوکری میں ڈال دیے جاتے ہیں، یہ وہ ملک ہے جہاں اے پی ایس میں ذبح کیے جانے والے بچوں کے والدین آج تک انصاف کی تلاش میں در در پھر رہے ہیں جہاں ان جتھوں کے آگے قانون بھی بےبس، آئین بھی سرنگوں اور ریاست بھی خاموش ہے۔
سری لنکا کے شہری ’پریا نتھا کمارا‘  کے جلتے وجود کے ریزے زمیں پر گرتے دیکھ  کر یقیناً یہ سوچ رہے ہوں گے  کہ ان کے قاتلوں کو سزا ملے گی یا نہیں؟ انسانیت کے ان مجرموں کو نشان عبرت بنایا جائے گا یا اگلے الیکشن میں انھیں ٹکٹ دیا جائے گا؟
سری لنکا کے شہری کو مرتے دم اندازہ ہو گیا ہو گا کہ نہ یہ شہر وہ شہر ہے، نہ یہ صوبہ وہ صوبہ ہے،  نہ یہ ملک وہ ملک ہے جس کا ذکر پانچویں جماعت کی معاشرتی علوم کی کتاب میں ملتا ہے۔

بشکریہ اردونیوز

یہ بھی پڑھیے:

بندہ ایماندار ہے ۔۔۔عمار مسعود

حکومت کی عجلت اور غفلت ۔۔۔عمار مسعود

پانچ دن، سات دن یا دس دن؟ ۔۔۔عمار مسعود

نواز شریف کی اگلی تقریر سے بات کہاں جائے گی؟ ۔۔۔ عمار مسعود

عمار مسعود کی مزید تحریریں پڑھیے

About The Author